Urdu News

Urdu News…The 3rd Largest Online Urdu Newspaper

Urdu News header image 4

Entries from June 22nd, 2007

چیف جسٹس آف پاکستان افتخار محمد چوہدری لاہور پہنچ گئے

June 22nd, 2007 · No Comments · پاکستان

لاہور۔ چیف جسٹس آف پاکستان افتخار محمد چوہدری لاہور پہنچ گئے۔ علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر بڑی تعداد میں وکلاء اور سیاسی کارکنوں نے ان کا پرتپاک استقبال کیا اور شدید نعرے بازی کی۔ ایک نجی ٹی وی چینل کے مطابق چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس افتخار محمد چوہدری جمعہ کی شام پی آئی اے کی فلائٹ پی کے ٣٨١ کے ذریعے لاہور پہنچے۔ اس موقع پر لاہور ایئر پورٹ پر چیف جسٹس کا استقبال کرنے کیلئے وکلاء کی بڑی تعداد موجود تھی۔ جبکہ پیپلز پارٹی کے رہنما اور سابق وزیر اطلاعات خالد کھر بھی موجود تھے۔ اس موقع پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے۔ چیف جسٹس رات لاہور میں قیام کے بعد آج ہفتے کی صبح ٦ بجے ملتان روانہ ہوں گے اور اوکاڑہ، ساہیوال اور خانیوال میں ان کا استقبال کیا جائیگا۔

—————–
اپ ڈیٹ

چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس افتخار محمد چوہدری لاہور ایئر پورٹ سے جی ۔ او ۔ آر ون کا 15منٹ کا سفر سوا تین گھنٹوں میں 300سے زائد گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کے قافلے میں طے کر کے ججز ہاؤس پہنچے ۔ ایئر پورٹ سے لیکر تمام راستے وکلاء ،سیاسی کارکن ،سماجی تنظیموں اور عوام کی بڑی تعداد نے انکا بھر پور استقبال کیا ۔چیف جسٹس کی گاڑی پاکستان بار کونسل کے ممبر کاظم خاں چلا رہے تھے ۔جب چیف جسٹس کا قافلہ ایئر پورٹ کے قریبی علاقہ آدھا پنڈکے قریب پہنچا تو وہاں کے رہائشی رات کے اندھیرے میں سڑک پر آگئے اور چیف جسٹس کی گاڑی کے آگے بھنگڑے ڈالتے اور چیف جسٹس زندہ باد کے نعرے لگاتے رہے ۔ کینٹ کے علاقہ میں شہریوں کی بڑی تعداد نے چیف جسٹس کا استقبال کیا ۔ گزشتہ روز چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری جب 8بجکر 30منٹ پر ایئر پورٹ سے جی ۔ او ۔ آر کیلئے روانہ ہوئے تو 300 کے قریب گاڑیاں اور موٹر سائیکلیں بھی چیف جسٹس کے قافلے میں شریک ہوگئیں ۔ آدھا پنڈ کے رہائشیوں کو جب معلوم ہوا کہ چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری کا قافلہ آرہا ہے تو وہ رات کے اندھیرے کے باوجود گاؤں کی بڑی تعداد جن میں مرد خواتین شامل تھے استقبال کیلئے سڑک پر آگئے اور چیف جسٹس کی گاڑی کی آگے بھنگڑا ڈالتے اور زندہ باد کے نعرلے لگاتے رہے ۔ چیف جسٹس کے قافلے نے ایئر پورٹ سے برکی سٹاپ کا پانچ منٹ کا فاصلہ ایک گھنٹے میں طے کیا ۔ کینٹ کے علاقہ میں پہنچنے پر برکت مارکیٹ اور فوٹریس اسٹیڈیم کے باہر عوام اور سیاسی کارکنوں کی بڑی تعداد نے انکا استقبال کیا اور چیف جسٹس کی گاڑی کے آگے چلتے رہے اور انکے حق میں نعرے بازی کرتے رہے ۔ وکلاء نے سارے راستے حکومت کے خلاف بھی شدید نعرے بازی کی ۔ چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری 11بجکر 15منٹ پر جی ۔ او ۔ آر ون میں واقع ججز ریسٹ ہاؤس میں پہنچے جہاں پر پولیس نے سیکورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کئے ہوئے تھے وکلاء کے علاوہ کسی کو بھی ججز ہاؤس کے اندر جانے کی اجازت نہیں تھی ۔ اس موقع پر بھی وکلاء نے ججز ہاؤس کے باہر سڑک پر چیف جسٹس کے حق اور حکومت کے خلاف شدید نعرے بازی بھی کی ۔

Tags:

بینظیر بھٹو ملعون سلمان رشدی کے بارے میں اپنے بیان کی فوری تردید کریں۔ مولانا فضل الرحمن

June 22nd, 2007 · No Comments · پاکستان

اسلام آباد ۔ قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف اور متحدہ مجلس عمل کے سیکرٹری جنرل مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ پی پی پی پی کی رہنما بینظیر بھٹو ملعون سلمان رشدی کے بارے میں اپنے بیان کی فوری تردید کریں۔ جمعہ کو یہاں جی نائن مرکز میں برطانیہ کی طرف سے سلمان رشدی کو خطاب دیئے جانے پر احتجاجی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ برطانوی حکومت کی طرف سے سرکا خطاب اور میڈلز واپس کرنے والوں کو چاہئے کہ وہ انعام میں ملی ہوئی جائیدادیں بھی واپس کریں۔ انہوں نے کہا کہ ملکہ برطانیہ نے ملعون سلمان رشدی کو ’’سر‘‘ کا خطاب دے کر کروڑوں مسلمانوں کے جذبات کی توہین کی ہے جسے عالم اسلام کبھی فراموش نہیں کرسکتا جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے رکن قومی اسمبلی میاں محمد اسلم نے کہا کہ برطانیہ اسلام دشمن عناصر کا محافظ ہے۔ اس لئے حکومت پاکستان کو چاہئے کہ وہ فوری طورپر برطانیہ سے ہر قسم کے تعلقات ختم کردے۔ جلسہ سے جماعت اسلامی اسلام آباد کے امیر سید بلال، مولانا نذیر فاروقی مولانا عبدالحکیم قاسمی اور پاکستان عوامی تحریک اسلام آباد کے صدر صداقت بنوری نے بھی خطاب کیا۔ انہوں نے اپنے خطاب میں برطانوی حکومت کی طرف سے ملعون سلمان رشدی کو دیئے جانے والے اعزاز کو اسلام دشمنی قرار دیتے ہوئے مطالبہ کیا کہ وہ فوری طور پر اعزاز واپس لے اور مسلمانوں سے معافی مانگے۔

Tags: ·

میں نے آٹھ جولائی کو اسمبلیوں کو توڑے جانے کے بارے میں کوئی بات نہیں کی ۔چوہدری شجاعت حسین

June 22nd, 2007 · No Comments · پاکستان

اسلام آباد ۔ پاکستان مسلم لیگ کے صدر سابق وزیراعظم چوہدری شجاعت حسین نے اسمبلیاں ٹوٹنے کی افواہوں کی سختی سے تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ جب سے یہ اسمبلیاں وجود میں آئی ہیں اس وقت سے ہی بعض عناصر اس طرح کی افواہیں اڑا رہے ہیں، لیکن یہ اسمبلیاں اپنی مدت پوری کریں گی اور الیکشن وقت مقررہ پر ہوں گے۔ جمعہ کی رات ایک خصوصی انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ اس طرح کی افواہیں تو کافی عرصہ سے گردش کررہی ہیں وزیراعظم شوکت عزیز نے اس بارے میں قومی اسمبلی میں واضح اور دو ٹوک بیان دیا ہے اور اس کے بعد اس طرح کی افواہوں اور قیاس آرائیوں کو ختم ہوجانا چاہئے۔ انہوں نے واضح طورپر کہا کہ یہ اسمبلی اپنی مدت پوری کرے گی اور ملک کی اپنی آئینی معیاد پورا کرنے والی پہلی اسمبلی کا اعزاز حاصل کرے گی۔ چوہدری شجاعت حسین نے کہا کہ بعض عناصر جب سے یہ اسمبلی وجود میں آئی ہے اسے توڑ رہے ہیں اور اپنے مقاصد کیلئے وہ بے بنیاد قیاس آرائیاں اور افواہیں چھوڑتے رہتے ہیں لیکن ان کے مذموم مقاصد پورے نہیں ہوں گے۔ چوہدری شجاعت حسین نے اپنے حوالے سے اس بیان کی سختی سے تردید کی کہ اسمبلیاں آٹھ جولائی کو تحلیل ہورہی ہیں۔ انہوں نے اس بارے میں سوال پر کہا کہ آخر آٹھ جولائی کو ایسی کیا بات ہے کہ اس دن اسمبلیاں توڑی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ یہ تمام افواہیں ہیں اور میں یہ بات کیسے کرسکتا ہوں کیونکہ ہم تو جمہوریت اور جمہوری اداروں پر یقین رکھتے ہیں اور مسلم لیگ کی حکومت اسمبلیوں کی آئینی معیاد کی تکمیل کو یقینی بنائے گی۔

Tags:

دفتر خارجہ نے خوشاب ایٹمی تنصیبات کے متعلق رپورٹ کو قیاس آرائی قرار دیدیا، خوشاب میں ایٹمی تنصیبات کے بارے میں سب کو معلوم ہے، تسنیم اسلم

June 22nd, 2007 · No Comments · پاکستان

اسلام آباد ۔ دفتر خارجہ کی ترجمان تسنیم اسلم نے خوشاب ایٹمی ری ایکٹر کے حوالے سے ایک میڈیا رپورٹ کو قیاس آرائی قرار دیا ہے۔ جمعہ کو ایک انٹرویو میں ایک امریکی ادارے کی رپورٹ پر تبصرہ کرتے ہوئے ترجمان نے کہا کہ اس طرح کی ایک رپورٹ گزشتہ سال جولائی میں بھی خوشاب سیکنڈ نیو کلیئر پاور پلانٹ کے عنوان سے میڈیا میں آئی تھی اور حالیہ رپورٹ درحقیقت پرانی رپورٹ کو دہرایا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک ایٹمی قوت ہے اور سب کو معلوم ہے کہ خوشاب میں ایٹمی تنصیبات ہیں، رپورٹ میں کوئی نئی بات نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ 1988ء کے ایک معاہدے کے تحت ہر سال یکم جنوری کو بھارت کے ساتھ ایٹمی تنصیبات کی فہرست کا تبادلہ کیا جاتا ہے، خوشاب کی ایٹمی تنصیبات فہرست میں شامل ہیں۔

Tags:

نائیجیریا میں باغیوں کے ساتھ جھڑپ میں ١٥ فوجی ہلاک ہو گئے

June 22nd, 2007 · No Comments · پاکستان

نیامی ۔ شمالی نائیجیریا میں باغیوں نے جھڑپ کے دوران 15 فوجیوں کو ہلاک کر دیا۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق باغیوں اور فوج میں جھڑپ شمالی نائیجیریا کے صحرائے صحارا میں ایک فوجی چوکی پر ہوئی۔ جھڑپ کے دوران باغیوں کی فائرنگ سے 15فوجی ہلاک ہو گئے تاہم جھڑپ میں باغیوں کے جانی نقصان کی تفصیلات معلوم نہیں ہوسکیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ 15 فوجیوں کی ہلاکت کے واقعہ میں حکومت نے ہنگامی اجلاس طلب کر لیا ہے۔

Tags:

دفترخارجہ کا خوشاب میں تیسرے ایٹمی ری ایکٹرکی تعمیر کی رپورٹ پر محتاط ردعمل ،تصدیق یاتردید کرنے سے انکار

June 22nd, 2007 · No Comments · پاکستان

اسلام آباد (ایف اے آئی) دفترخارجہ نے خوشاب میں تیسرے ایٹمی ری ایکٹرکی تعمیر کی رپورٹ پر محتاط ردعمل کا اظہارکرتے ہوئے اس کی تصدیق یاتردید کرنے سے انکارکردیاہے۔دفترخارجہ کی ترجمان تسنیم اسلم نے جمعہ کو ایک نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ نئے ری ایکٹرکی تعمیر سے متعلق امریکی تھنک ٹینک کی رپورٹ کوئی نئی بات نہیں ہے۔اس قسم کی خبریں آتی رہتی ہیں۔ پچھلے سال جولائی میں بھی ایسی خبریں آئی تھیں۔ پاکستان کا ایٹمی ہتھیاروں کا پروگرام کام کررہاہے اور خوشاب میں ایٹمی تنصیبات موجود ہیں۔ یہ کوئی نئی خبر نہیں اور کسی کو اس معاملے سے غرض نہیں ہونی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ جہاں تک اس منصوبے کی تفصیلات کا تعلق ہے تو ہم اپنے ایٹمی ہتھیاروں کے پروگرام پر کوئی تبصرہ نہیں کرتے جس میں کوئی بھی ہونی والی نئی پیشرفت بھی شامل ہے۔انہوں نے کہاکہ خوشاب ایک مشہور ایٹمی سائٹ ہے اور پاکستان 1988 ء کے معاہدے کے تحت ہر سال2 جنوری کو اپنے ایٹمی پروگرام کی تفصیلات کا بھارت کے ساتھ تبادلہ کرتا ہے۔

Tags:

برطانیہ کی جانب سے ’سر‘ کا خطاب واپس لیا جائے تو بہتر ہوگا،اوآئی سی

June 22nd, 2007 · No Comments · پاکستان

برسلز (ایف اے آئی) او آئی سی کے مبصر اور عالم اسلام کے سینئر مذاکرات کار محمد فیصل نے پاکستان کی سابقہ وزیر اعظم بینظیر بھٹو کے حالیہ بیان پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے سلمان رشدی کی حمایت میں بیان جاری کرکے سوا ارب سے زائد مسلمانوں کی دلآزاری کی ہے۔ یوا ین این کے مطابق عرب نیوزکو ایک انٹرویو دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کئی اسلامی ممالک اس بیان کا بغورر جائزہ لے رہے ہیں اگر ان کی جانب سے اس بیان کی وضاحت نہ ہوئی تو ہو سکتا ہے کہ مسلم ممالک انہیں ناپسندیدہ قرار دے دیں۔ برطانیہ کی جانب سے سلمان رشدی کو ’سر‘ کا خطاب دینے کے سوال پر انہوں نے کہاکہ برطانیہ نے مسلمانوں سے اپنے اس اقدام پر معذرت طلب کی ہے تاہم بہتر یہ ہو گا کہ وہ اس خطاب کو واپس لے لے۔

Tags:

کمپلیکس ہسپتال سے بیمار لڑکی ڈاکٹروں کو چکمہ دیکر نوجوان کے ساتھ فرار

June 22nd, 2007 · No Comments · پاکستان

اسلام آباد (ایف اے آئی) وفاقی دارالحکومت کے کمپلیکس ہسپتال سے بیمار لڑکی ڈاکٹروں کو چکمہ دیکر نوجوان کے ساتھ فرار۔ پولیس ذرائع کے مطابق لڑکی کے والد چن زیب نے تھانہ مارگلہ میں بتایا کہ ان کی بیٹی شیریں بی بی جو بوجہ بیماری کمپلیکس ہسپتال میں داخل تھی‘ گزشتہ روز ملزم تنویر احمد شیریں کی عیادت کیلئے آیا اور لڑکی کو اغواء کرکے لے گیا۔ پولیس نے لڑکی کے والد کی درخواست پر ملزم تنویر احمد کے نام دفعہ365 بی کے تحت مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی۔

Tags:

رشدی کی وکیل بے نظیر بے نظیر‘‘،پی پی چیئرپرسن کے خلاف راولپنڈی ،اسلام آباد میں بینرزآویزاں

June 22nd, 2007 · No Comments · پاکستان

اسلام آباد (ایف اے آئی) بے نظیر بھٹو کے خلاف راولپنڈی اور اسلام آباد کے مختلف مقامات پر بینرزآویزاں۔تفصیلات کے مطابق پیپلزپارٹی کی چیئرمین محترمہ بے نظیر بھٹو کے اس بیان کہ ’’سلمان رشدی پر خودکش حملہ جائزقراردینے پر حکومت اعجازالحق کو برطرف کرے‘‘،پرجمعہ کو راولپنڈی میں مری روڈ پر فیض آباد ،شمس آبادجبکہ اسلام آباد میں آبپارہ چوک اوربعض ذرائع کے مطابق پارلیمنٹ لاجزکے سامنے بینرز آویزاں کیے گئے جن پر بے نظیر بھٹو کے خلاف ’’رشدی کی وکیل بے نظیر بے نظیر،رشدی سے بے نظیر کی ہمدردی امت مسلمہ کیلئے لمحہ فکریہ ہے !‘‘جیسے نعرے درج تھے۔ذرائع نے بتایاکہ پارلیمنٹ لاجز کے سامنے لگے بینرزکچھ دیر بعد ہٹادیے گئے ۔

Tags:

امریکی محکمہ دفاع کے ای میل نظام پر ہیکرز کا حملہ

June 22nd, 2007 · No Comments · پاکستان

واشنگٹن(ایف اے آئی)امریکی محکمہ دفاع کے حکام نے پنٹاگون کے ای میل نظام تک ہیکرز کی رسائی کے بعد پندرہ سو ای میل اکاؤنٹ آف لائن کر دیے ہیں۔محکمہ دفاع کے ترجمان کے مطابق جن اکاؤنٹس تک ہیکرز کی رسائی ہوئی ان میں کسی فوجی آپریشن سے متعلقہ خفیہ معلومات موجود نہیں تھیں۔پنٹاگون حکام کے مطابق سینکڑوں ہیکر روزانہ ان کے کمپیوٹر نظام کو ہیک کرنے کی کوشش کر تے ہیں اور امریکی وزیرِ دفاع رابرٹ گیٹس کا کہنا ہے کہ اس حوالے سے ’متعدد حفاظتی اقدامات‘ کیے گئے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ’ اس ان کلاسفائیڈ ای میل نظام کے کچھ حصے ہیکنگ کی کارروائی کا پتہ چلنے کے بعدگزشتہ دوپہر کو آف لائن کر دییگئے گئے۔ اس سوال پر کہ کیا خود ان کا ای میل اکاؤنٹ بھی ہیک ہوا ہے، وزیرِ دفاع نے کہا’ میں ای میل نہیں کرتا‘۔ اس ہیکر حملے کی نوعیت کے بارے میں زیادہ تفصیل معلوم نہیں کی جا سکی ہے اور حکام نے یہ بھی نہیں بتایا کہ آیا ہیکرز ای میل پیغامات پڑھنے میں کامیاب ہو سکے یا نہیں۔تاہم پنٹاگون کے ترجمان کا کہنا ہے ’ممکن ہے کہ یہ حملہ تفریحی ہیکرز، خود ساختہ سائبر نگرانوں یا، مختلف نظریاتی ایجنڈے کے مالک گروپوں کی جانب سے کیا گیا ہو‘۔

Tags: