بینظیر بھٹو ملعون سلمان رشدی کے بارے میں اپنے بیان کی فوری تردید کریں۔ مولانا فضل الرحمن

اسلام آباد ۔ قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف اور متحدہ مجلس عمل کے سیکرٹری جنرل مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ پی پی پی پی کی رہنما بینظیر بھٹو ملعون سلمان رشدی کے بارے میں اپنے بیان کی فوری تردید کریں۔ جمعہ کو یہاں جی نائن مرکز میں برطانیہ کی طرف سے سلمان رشدی کو خطاب دیئے جانے پر احتجاجی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ برطانوی حکومت کی طرف سے سرکا خطاب اور میڈلز واپس کرنے والوں کو چاہئے کہ وہ انعام میں ملی ہوئی جائیدادیں بھی واپس کریں۔ انہوں نے کہا کہ ملکہ برطانیہ نے ملعون سلمان رشدی کو ’’سر‘‘ کا خطاب دے کر کروڑوں مسلمانوں کے جذبات کی توہین کی ہے جسے عالم اسلام کبھی فراموش نہیں کرسکتا جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے رکن قومی اسمبلی میاں محمد اسلم نے کہا کہ برطانیہ اسلام دشمن عناصر کا محافظ ہے۔ اس لئے حکومت پاکستان کو چاہئے کہ وہ فوری طورپر برطانیہ سے ہر قسم کے تعلقات ختم کردے۔ جلسہ سے جماعت اسلامی اسلام آباد کے امیر سید بلال، مولانا نذیر فاروقی مولانا عبدالحکیم قاسمی اور پاکستان عوامی تحریک اسلام آباد کے صدر صداقت بنوری نے بھی خطاب کیا۔ انہوں نے اپنے خطاب میں برطانوی حکومت کی طرف سے ملعون سلمان رشدی کو دیئے جانے والے اعزاز کو اسلام دشمنی قرار دیتے ہوئے مطالبہ کیا کہ وہ فوری طور پر اعزاز واپس لے اور مسلمانوں سے معافی مانگے۔

Share

Leave a Reply