میں نے آٹھ جولائی کو اسمبلیوں کو توڑے جانے کے بارے میں کوئی بات نہیں کی ۔چوہدری شجاعت حسین

اسلام آباد ۔ پاکستان مسلم لیگ کے صدر سابق وزیراعظم چوہدری شجاعت حسین نے اسمبلیاں ٹوٹنے کی افواہوں کی سختی سے تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ جب سے یہ اسمبلیاں وجود میں آئی ہیں اس وقت سے ہی بعض عناصر اس طرح کی افواہیں اڑا رہے ہیں، لیکن یہ اسمبلیاں اپنی مدت پوری کریں گی اور الیکشن وقت مقررہ پر ہوں گے۔ جمعہ کی رات ایک خصوصی انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ اس طرح کی افواہیں تو کافی عرصہ سے گردش کررہی ہیں وزیراعظم شوکت عزیز نے اس بارے میں قومی اسمبلی میں واضح اور دو ٹوک بیان دیا ہے اور اس کے بعد اس طرح کی افواہوں اور قیاس آرائیوں کو ختم ہوجانا چاہئے۔ انہوں نے واضح طورپر کہا کہ یہ اسمبلی اپنی مدت پوری کرے گی اور ملک کی اپنی آئینی معیاد پورا کرنے والی پہلی اسمبلی کا اعزاز حاصل کرے گی۔ چوہدری شجاعت حسین نے کہا کہ بعض عناصر جب سے یہ اسمبلی وجود میں آئی ہے اسے توڑ رہے ہیں اور اپنے مقاصد کیلئے وہ بے بنیاد قیاس آرائیاں اور افواہیں چھوڑتے رہتے ہیں لیکن ان کے مذموم مقاصد پورے نہیں ہوں گے۔ چوہدری شجاعت حسین نے اپنے حوالے سے اس بیان کی سختی سے تردید کی کہ اسمبلیاں آٹھ جولائی کو تحلیل ہورہی ہیں۔ انہوں نے اس بارے میں سوال پر کہا کہ آخر آٹھ جولائی کو ایسی کیا بات ہے کہ اس دن اسمبلیاں توڑی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ یہ تمام افواہیں ہیں اور میں یہ بات کیسے کرسکتا ہوں کیونکہ ہم تو جمہوریت اور جمہوری اداروں پر یقین رکھتے ہیں اور مسلم لیگ کی حکومت اسمبلیوں کی آئینی معیاد کی تکمیل کو یقینی بنائے گی۔

Share

Leave a Reply