بے نظیر بھٹو کی طرف سے عمران خان کی کراچی بدری کی شدید مذمت

اسلام آباد (ثناء نیوز)پاکستان پیپلز پارٹی کی چیئرپرسن سابق وزیراعظم محترمہ بینظیر بھٹو نے تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کو کراچی ایئرپورٹ سے زبردستی اسلام آباد بھیجنے کی مذمت کی ہے۔ ایک بیان میں محترمہ بینظیر بھٹو نے کہا کہ ہمارے بزرگوں نے پاکستان ایک آزاد قوم کے لئے بنایا تھا جہاں ہر شہری کو ایک جگہ سے دوسری جگہ جانے کی آزدی، کسی بھی تنظیم سے وابستگی اور آزادی تحری و تقریر ہوگی۔ انہیں حقوق کے لئے قائد عوام نے اپنی جان کا نذرانہ پیش کیا تھا اور پیپلز پارٹی ان حقوق کی پاسداری کا عہد کرتی ہے۔ قائد عوام نے ملک کو متفقہ آئین دیا جس میں بنیادی انسانی حقوق متعارف کروائے اور حسبِ بے جا کے خلاف پہلی مرتبہ قانون سازی کی۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی حکومت نے حزبِ مخالف کے اختلاف کرنے کے حق کا احترام کیا اور کبھی بھی آزادی کو سلب نہیں کیا۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ عمران خان کے کراچی میں داخلے کی بندش کے حکم کو واپس لیا جائے، تمام سیاسی کارکنوں کو رہا کیا جائے اور انسانی حقوق کا احترام کرے۔ محترمہ بینظیر بھٹو نے ملک کے عوام سے کہا کہ وہ ایک محفوظ، پرامن، خوشحال پاکستان جو دہشت گردی سے پاک پاکستان کے قیام جہاں عوام کے معاشی اور سماجی حقوق کا تحفظ اور احترام کیا جائے کے لئے پیپلز پارٹی کے ہاتھ مضبوط کریں۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی عوام کو تعلیم، انرجی، روزگار اور بہتر ماحول مہیا کرے گی تاکہ ہر شہری کو روٹی، کپڑا اور مکان کی ضمانت دی جا سکے۔

Share

Leave a Reply