Urdu News - Online Urdu News Paper

Urdu News, Online Urdu Latest News Pakistan & World Newspaper

Urdu News - Online Urdu News Paper header image 2

سپریم کورٹ بار کی اپیل پر ملک بھر میں وکلاء کے دھرنے، سیاسی جماعتوں اور سول سوسائٹی کے کارکنوں کی بڑی تعداد میں شرکت

August 28th, 2008 · No Comments;  3 months ago

٭۔ ۔ ۔ عدلیہ کی آزادی اور معزول ججوں کی بحالی کی جنگ جاری رہے گی، وکلاء 4ستمبر کو پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر احتجاج کریں گے

٭۔ ۔ ۔ پورے ملک کے کرپٹ افراد کی کرپشن پر اکیلے آصف علی زرداری کی کرپشن بھاری ہے، الیکشن کمیشن غیر جانبدارانہ اس کی اہلیت کا جائزہ لے

۔۔۔۔۔ احتجاجی دھرنوں سے اعتزاز احسن، انور کمال، منظور قادر ودیگر کا خطاب

لاہور۔ عدلیہ کی آزادی اور ججوں کی بحالی کیلئے ملک بھر میں وکلاء برادری نے سپریم کورٹ بار کی اپیل پر احتجاجا عدالتوں کا بائیکاٹ کیا اور دھرنے دیئے۔ صوبائی دارالحکومت لاہور میں پانچ مقامات پر دھرنے دیئے گئے جس میں کثیر تعداد میں وکلاء برادری کے ساتھ سیاسی جماعتوں تحریک انصاف، مسلم لیگ (ن)، جماعت اسلامی، لیبر پارٹی،پختونخواہ ملی پارٹی، خاکسار تحریک اور سول سوسائٹی کے کارکنوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ دھرنوں کے موقع پر پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کے خلاف زبردست نعرے بازی کی گئی۔ ایوان عدل سے ملحقہ پی ایم جی چوک میں دھرنے کے موقع پر وکلاء نے کثیر تعداد میں شرکت کی جس کی قیادت لاہور بار کے صدر منظور قادری نے کی ۔ فیصل چوک پر ہونے والے دھرنے کی قیادت سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر اعتزاز احسن ، سیکرٹری چودھری امین جاوید، پاکستان بار کے نمائندہ حافظ عبدالرحمن انصاری، میاں اسلم، لاہور ہائی کورٹ بار کے صدر انور کمال نے کی۔ اعتزاز احسن نے دھرنے کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے اس امر پر افسوس کا اظہار کیا کہ وکلاء برادری ججوں کی بحالی کیلئے جنگ لڑرہی ہے جب کہ بعض معزول جج ہمت ہار کر حلف اٹھا رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ تمامم معزول ججوں کی عدم بحالی پر 4ستمبر کو پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ آج کا دھرنا ٹرائل ہے ضرورت محسوس ہوئی تو اس کا دورانیہ بڑھایا بھی جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ پیپلز پارٹی کے رہنما عدلیہ کی بحالی کی تحریک میں شامل نہیں تاہم اس کے کارکن ضرور موجود ہیں۔ لاہور ہائی کورٹ بار کے صدر انور کمال نے کہا کہ قوم جلد افتخار محمد چودھری اور دیگر ججوں کی بحالی کی خوشخبری سنے گی۔ اسلام آباد کیلئے ہمارا پیغام ہے کہ تمام سیاسی جماعتیں اور سول سوسائٹی ہمارے ساتھ ہے۔ دھرنے کے اختتام پر قومی ترانہ بجایا گیا۔ قبل ازیں لاہور بار کے صدر منظور قادر نے بار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عدلیہ کی بحالی کیلئے جنرل ۔(ر) پرویز مشرف اور آصف علی زرداری کا کردار یکساں ہے۔ مشرف کا جانا اور زرداری کا آنا سب کچھ ڈیل کے تحت ہوا ہے۔ آصف علی زرداری کو این آر او سے فائدہ پہنچا ہے۔ سپریم کورٹ میں اس کا کیس زیر التواء ہے۔ پورے ملک کے کرپٹ افراد کی کرپشن پر اکیلے آصف علی زرداری کی کرپشن بھاری ہے۔ الیکشن کمیشن کو غیر جانبدار رہ کر صدارتی انتخابات میں آصف علی زرداری سے متعلق فیصلہ کرنا چاہئے۔ وعدہ خلاف جھوٹا شخص وفاق کی علامت نہیں بن سکتا۔ انہوں نے سندھ ہائی کورٹ کا نیا حلف اٹھانے والے آٹھ ججوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہاکہ ان کا حال بھی پی سی زو زدہ ججوں جیسا ہوگا۔

۔۔۔تفصیلی خبر ۔۔۔

عدلیہ کی بحالی کیلئے وکلا ء کا ملک بھر میں احتجاجی دھرنا

عدلیہ کی بحالی اور افتخار محمد چوہدری کی بحالی کے فلک شگاف نعرے

ججز کی بحالی کے حوالے سے حکومتی رویے پر شدید تنقید

اسلام آباد+ لاہور+ پشاور + کوئٹہ+ کراچی ۔ عدلیہ کی بحالی کے لئے ملک بھر میں وکلاء نے دھرنے دیئے۔ ملتان میں آصف علی زرداری کے خلاف شدید نعرے بازی کی گئی۔ دھرنا دینے کا فیصلہ ملک کے نمائندہ وکلاء پر مشتمل قومی رابطہ کونسل کے اجلاس میں کیا گیا تھا۔ اسلام آباد میں وکلاء اور سیاسی جماعتوں کے کارکنوں نے زیرو پوائنٹ پر احتجاج کیا اور دھرنا دیا۔ فیض آباد سے زیرو پوائنٹ اور زیرو پوائنٹ سے آبپارہ تک ٹریفک بند کر دیا گیا۔ راولپنڈی میں وکلاء نے کچہری چوک میں دھرنا دیا۔ اٹک، گوجر خان، ٹیکسلا، چکوال، تلہ گنگ، جہلم میں بھی وکلاء نے احتجاجی دھرنے دیئے اور جی ٹی روڈ کو مختلف جگہوں پر ٹریفککے لئے بند کر دیا دھرنوں کے باعث پنجاب اور سرحد کا زمینی راستہ بند ہو گیا۔ گلگت میں وکلاء نے احتجاجی مظاہرہ کیا اور ججوں کی بحالی کے لئے نعرے بازی کی۔ عدلیہ کی آزادی کے لئے وکلاء نے پنجاب کی اہم شاہراہوں پر بھی دھرنے دیئے۔ لاہور ہائی کورٹ سے نکلنے والی ریلی میں سیاسی جماعتوں اور سول سوسائٹی کے نمائندے اور طلباء بھی شامل تھے۔ جنہوں نے اعتزاز احسن کی قیادت میں پنجاب اسمبلی کے سامنے فیصل چوک پر احتجاجی مظاہرہ کیا۔ ایوان عدل سے نکلنے والے جلوس نے پی ایم جی چوک کے باہر دھرنا دیا۔ ماڈل ٹاؤن کچہری کے وکلاء نے فیروز پور روڈ پر دھرنا دے کر ٹریفک روک دی۔ وکلاء نے کینٹ کچہری میں احتجاجی دھرنا دیا جبکہ فیروز والا بار کے وکلاء نے جلوس نکالا۔ جس نے جی ٹی روڈ پر دھرنا دیکر لاہور آنے جانے والی ٹریفک بند کر دی۔ملتان میں وکلاء نے ججز بحال نہ کرنے پر آصف زرداری کے خلاف شدید نعرے بازی کی اور ججز کی فوری بحالی کا مطالبہ کیا۔ اوکاڑہ میں وکلاء نے ریلوے لائن پر دھرنا دے کر ٹریوں کی آمد و رفت معطل کر دی۔ سیالکوٹ، ڈسکہ، سرگودھا، ساہیوال، فیصل آباد، گوجرانوالہ، وزیر آباد، جڑانوالہ، بھلوال، شیخوپورہ، لیہ، راجن پور، ڈیرہ غازی خان، بھکر، خانیوال، قصور اور میانولی میں وکلا نے جلوس نکالے اور دھرنا دیا۔ شہروں اور جی ٹی روڈ کی اہم شاہراہوں پر دھرنوں سے ٹریفک کی طویل قطاریں لگ گئیں اور مسافر پریشانی کا شکار رہے۔ کراچی کے وکلاء نے شہر کی اہم شاہراہ ایم اے جناح روڈ پر دھرنا دیا۔ انتظامیہ دھرنے کی پیشگی اطلاع کے باوجود ٹریفک کں ٹرول کرنے میں ناکام رہی ۔ دھرنے کے باعث ایم اے جناح روڈ آئی آئی چندریگر روڈ اور دیگر ملحقہ سڑکیں بدترین ٹریفک جام ہو گیا۔ علاقے کی دکانیں بند ہو گئیں جبکہ ٹاور بولٹن مارکیٹ اور جونا مارکیٹ میں خریداری کے لئے آنے والوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ سکھر میں وکلا نے ججز کی بحالی کے لئے منارا روڈ پر احتجاجی دھرنا دیا۔ جس کے باعث ڈسٹرکٹ جیل چوک پر ٹریفک بلاک ہو گئی۔ حیدرآباد میں سول کورٹ سے وکلا نے ریلی نکالی اور فاطمہ جناح روڈ پر دھرنا دیا پیپلز پارٹی کے چند وکلا نے دھرنے میں شرکت نہیں کی۔ لاڑکانہ کے وکلا نے بھی دھرنا دیا اور شہر کی اہم سڑک بلاک کر دی۔ میرپورخاص سمیت سندھ کے مختلف شہروں میں بھی وکلا نے دو گھنٹے تک احتجاجی دھرنے دیئے۔ پشاور میں وکلا کے احتجاج کے دوران ٹریفک کا نظام بری طرح متاثر ہوا۔ وکلا نے سوری پل پر دھرنا دے کر رحمان بابا روڈ سے منسلک سڑک ٹریفک کے لئے بند کر دی۔ لیڈی ریڈنگ اسپتال کے آس پاس شدید رش کے باعث مریضوں کو اسپتال پہنچنے میں مشکلات پیش آئیں۔ نوشہرہ میں ڈسٹرکٹ بار کے وکلا نے کچہری چوک میں ریلوے پھاٹک بند کر کے پشاور راولپنڈی جی ٹی روڈ بلاک کر دی۔ کوئٹہ میں وکلا نے میزان چوک پر دھرنا دیا اور ٹریفک کی آمد و رفت بلاک کر دی۔ پشین، گوادر اور خاران میں وکلاء نے دھرنے دیئے اور ریلیاں نکالیں۔ وکلا کے دھرنوں کے موقع پر اہم شاہراہوں پر پولیس اور سیکورٹی فورسز کے اہلکاروں کو تعینات کر دیا گیا تھا اور کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کے لئے سخت حفاظتی انتظامات کئے گئے تھے۔

Tags: Pakistan , Urdu , Urdu News | , ,

اوپر والی خبر سے ملتی جلتی خبریں دیکھیں

  • وکلاء کی تحریک کے نتیجہ میں آمر تو رخصت ہوگیا لیکن لاقانونیت باقی ہے جسے برداشت نہیں کیا جائیگا ۔وکلاء ریلی سے وکلاء وسیاسی رہنماؤں کا خطاب (0)
  • پیپلز پارٹی کا حصہ ہوں ، کسی بھی صورت استعفی نہیں دوں گا ، اعتزاز احسن (0)
  • پاکستان میں چیف جسٹس کو معزول یا سابق کہہ کر تذلیل کی جارہی ہے ، اعتزاز احسن (0)
  • معزول ججزکی بحالی تک وکلاء کی جدوجہد جاری رہے گی،علی احمدکرد (0)
  • پرویز مشرف قومی مجرم ہیں ، زرداری، گیلانی اور کیانی نے کالے کوٹ والوں سے ٹکرانے کی کوشش کی تو پاش پاش کردیں گے ۔وکلاء رہنماؤں کا احتجاجی ریلی سے خطاب (0)
  • معاشی ترقی کے لئے آزاد عدلیہ ضروری ہے ‘ وکلاء تحریک مقاصد کے حصول تک جاری رہے گی ‘ اعتزاز احسن (0)
  • معزول ججوں کی بحالی کی آخری ڈیڈ لائن دینے کی ابھی کوئی جلدی نہیں ۔علی احمد کرد (0)
  • علامہ اقبال اور قائداعظم کا خواب پورا کیا جائے، جسٹس افتخارچوہدری (0)
  • گورنر پنجاب وکلاء کے خلاف نازیبا بیان بازی سے باز رہیں ورنہ ایک لاکھ وکلاء کم از کم دو لاکھ جوتوں کے مالک ہیں (0)
  • عدالت عالیہ نے ماتحت عدالتوں کی تالہ بندی کیس کی سماعت غیر معینہ مدت کیلئے ملتوی کردی (0)


  • اس خبر پر آپ کچھ کہنا چاہتے ہوں تو نیچے دئے گئے تبصرہ کے خانہ میں لکھ دیجیے اور اگر آپ ہماری اردو نیوز کو مستقل یا غیر مستقل بنیاد پر خبریں ، مضامین ( ان پیج میں ) تصاویر ، آڈیو ، ویڈیو بھیجنا چاہتے ہوں تو ہمیں نیچے دئے گئے ای میل ایڈریس پر بھیجیے۔

    urduhome@gmail.com | newsurdu@gmail.com

    0 responses so far ↓

    • تبصرہ کریں

    Leave a Comment

    Englishاردو