آج آئین کی دھجیاں بکھیری جا رہی ہیں ‘ خدارا اس میں خود ساختہ ترامیم نہ کی جائیں ‘ کیپٹن ( ر ) صفدر
پرویز مشرف نے تمام صوبوں کے حقوق دبائے کسی نے آواز نہیں اٹھائی آج ہمیں آئین کی باتیں سنائی جا رہی ہیں ‘ رضا ربانی
اسلام آباد ۔ صوبہ سرحد کا نام پختونخواہ پکارنے پر مسلم لیگ ( ن ) نے ایوان میں ہنگامہ کھڑا کر دیا ۔ مسلم لیگ ( ن ) کے رکن قومی اسمبلی کیپٹن ( ر ) صفدر نے نکتہ اعتراض پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج آئین کی دھجیاں بکھیری جا رہی ہیں جب آئین میں کسی صوبے کا ایسا کوئی نام موجود نہیں ہے تو کیوں بار بار یہ نام پکارا جاتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ 1973 ء کا آئین ایک مقدس آئین ہے جس نے عقیدہ ختم نبوت کو تحفظ دیا ہے اس کو علماء اولیاء اور تمام سیاسی جماعتوں نے متفقہ طور پر بنایا ہے اس میں خدارا خود ساختہ ترامیم نہ کی جائیں اگر آئین میں کوئی ترمیم کرتی ہے تو اس کو سینٹ قومی اسمبلی سے منظور کروا لیں اس کے بعد اس کا جو چاہیں نام استعمال کیا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ 40 فیصد آبادی کو 60 فیصد آبادی پر مسلط نہ کیا جائے ۔ اس حوالے سے مردان ‘ ہری پور اور دوسرے تمام علاقوں سے بھی پوچھا جائے یا پھر ریفرنڈم کروالیا جائے ۔ نکتہ اعتراض کا جواب دیتے ہوئے وفاقی وزیر بین الصوبائی رابطہ رضا ربانی نے کہا کہ آج تک پرویز مشرف نے تمام صوبوں کے حقوق دبائے کسی نے آواز نہیں اٹھائی لیکن ہمیں آئین کی باتیں سنائی جا رہی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ جب فوجی آمریت آئین کی دھجیاں بکھیر رہی تھی ہم میں سے اکثریت اس پر خاموش تھی آج ہمیں آئین میں یہ نام نہ ہونے پر اس کو لینے سے روکا جا رہا ہے تاریخ کے باب میں صوبائی اسمبلی نے دو دفعہ صوبے کا نام پختونخواہ رکھنے کی قرار داد پاس کی ۔ قرار داد کے خلاف ایک بھی ووٹ نہیں پڑا ۔ انہوں نے کہا کہ جب صوبے کی اسمبلی متفقہ قرار داد قانون سازی کے لئے بھیجے تو لازم ہو جاتا ہے مرکز پر کہ وہ اس کو کرے ۔ انہوں نے کہ اکہ آج تک صوبوں کی آواز کو دبایا جاتا رہا ہے آج تک جنرل مشرف نے صوبہ سرحد کی آواز اور حقوق کو دبایا ۔ ہم تمام دوستوں کو ساتھ لے کر چلیں گے اور صوبوں کا احساس محرومی دور کریں گے ۔ کیونکہ مضبوط صوبے ہی وفاق کو مضبوط کر سکتے ہیں ۔













































0 responses so far ↓
تبصرہ کریں
Leave a Comment