اوباما کے انتخاب سے امریکا اور چین کے باہمی تعلقات نئی سطح پر پہنچیں گے‘ ہوجن تاؤ
جاپان تعلقات کی مضبوطی کے لئے نئے امریکی صدر کے ساتھ مل کر کام کر ے گا‘ تارو آسو
من موہن سنگھ کی اوباما کو دورہ بھارت کی دعوت ‘ دنیا کو براک اوباما سے بہت زیادہ امیدیں وابستہ ہیں‘ ویٹی کن
نیویارک۔ عالمی رہنماؤں نے براک اوباما کو امریکہ کے صدر منتخب ہونے پر مبارک باد دیتے ہوئے توقع ظاہر کی ہے کہ امریکی خارجہ پالیسی میں مثبت تبدیلی آئے گی۔ افغان صدر حامد کرزئی نے براک اوباما کو صدر منتخب ہونے پر مبارکباد دی۔ انہوں نے اوباما سے مطالبہ کیا کہ افغانستان میں حملوں میں شہریوں کی ہلاکتوں کا خاتمہ یقینی بنائیں۔ عراقی وزیر خارجہ ہوشیار زیباری نے اوباما کی کامیابی کا خیرمقدم کیا۔ انہوں نے کہا کہ امریکی پالیسی میں تبدیلی راتوں رات ممکن نہیں ہے۔ایراینی وزیر خارجہ منوچہر متقی کا کہنا ہے کہ اوباما کا انتخاب اس بات کا ثبوت ہے کہ امریکی عوام پالیسیوں میں بنیادی تبدیلی چاہتے ہیں۔ شام کے وزیر اطلاعات محسن بلال نے امید ظاہر کی ہے کہ براک اوباما کے انتخاب سے امریکی خارجہ پالیسی میں تبدیلی آئے گی۔ برطانوی وزیر اعظم گورڈن براؤن نے اپنے پیغام میں براک اوباما کی توانائی سے بھرپور سیاست اور مستقبل سے متعلق ان کے نظریات کو سراہا۔ چینی صدر ہوجن تاؤ نے اپنے پیغام میں امید ظاہر کی کہ اوباما کے انتخاب سے امریکا اور چین کے باہمی تعلقات نئی سطح پر پہنچیں گے۔ یورپی کمیشن کے صدر جوز مینول بروسو نے کہا کہ امریکا اور یورپ کے درمیان معاہدوں پر نظر ثانی کا وقت آگیا ہے۔ جرمن چانسلر انجیلا مرکل نے اوباما کی کامیابی کو تاریخی قرار دیتے ہوئے مکمل حمایت کا یقین دلایا۔ فرانس کے صدر نکولس سرکوزی نے اپنے پیغام میں کہا کہ اوباما کی فتح سے ثابت ہوگیا کہ امریکی عوام تبدیلی چاہتے ہیں۔جاپانی وزیر اعظم تارو آسو نے کہا کہ وہ تعلقات کی مضبوطی کے لئے نئے صدر کے ساتھ مل کر کام کریں گے۔ آسٹریلوی وزیر اعظم کیون رڈ نے کہا ہے کہ امریکی عوام نے مارٹن لوتھر کنگ کا یہ خواب سچ ثابت کردیا ہے کہ امریکا کا حکمران نسل یارنگ کی بنیاد پر نہیں بلکہ کردار کی بنیاد پر منتخب ہونا چاہئے۔ بھارتی وزیر اعظم من موہن سنگھ نے اوباما کی کامیابی کو غیر معمولی قرار دیتے ہوئے انہیں دورہ بھارت کی دعوت دی ہے۔کینیا کے صدر نے اوباما کی کامیابی کو نہ صر ف امریکا بلکہ کینیا کے لئے بھی تاریخی موقع قرار دیا۔ پوپ بینڈیکٹ نے براک اوباما کو مبارکباد دیتے ہوئے اسے تاریخی موقع قرار دیا۔ ویٹی کن کا کہنا ہے کہ دنیا کو براک اوباما سے بہت زیادہ امیدیں وابستہ ہیں۔ انڈونیشیا، ملائیشیا، فلپائن، جنوبی کوریا، جنوبی افریقا سمیت مختلف ممالک کے سربراہان نے براک اوباما کو امریکا کا صدر منتخب ہونے پر مبارکباد کے پیغامات بھیجے ہیں۔













































0 responses so far ↓
تبصرہ کریں
Leave a Comment