نیٹو کی سپلائی لائن نہ کاٹی گئی تو عوام کو نیٹو کے کنٹینروں کا راستہ روکنے کیلئے کال دیں گے
٭۔ ۔ ۔ پاک افغان سرحد پر مشترکہ آپریشن پارلیمنٹ کی مشترکہ قرار دا دکی خلاف ورزی اور پاکستان کی سلامتی و داخلی خود مختاری سے دستبردار ہونے کے مترادف ہے
٭۔ ۔ ۔ کراچی کا امن ایم کیو ایم اور اے این پی نے تباہ کیا، آئی ایم ایف سے قرضہ لینے سے مالی بحران ختم نہیں ہو گا سیاستدان اپنے اکاؤنٹس پاکستان منتقل کریں ۔
لاہور ۔ جماعت اسلامی پاکستان کے امیر قاضی حسین احمد نے مطالبہ کیا ہے کہ وزیر اعظم سید یوسف رضا گیلانی فی الفور مستعفی ہوں اور صدر کو پارلیمنٹ توڑنے کا مشورہ دیں اور ملک میں نئے انتخابات کروائے جائیں ۔ انہوں نے کہا کہ امریکی ترجمان کا یہ بیان کہ پاک افغان سرحد پر پاکستانی اور امریکی افواج نے مشترکہ آپریشن شروع کردیا ہے ۔ پارلیمنٹ میں پاس کی جانے والی متفقہ قرار داد کی کھلی خلاف ورزی ہے جس میں کہا گیا تھا کہ قبائلی علاقوں میں فوجی آپریشن بند کر کے معاملات مذاکرات کے ذریعے طے کئے جائیں گے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منصورہ میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ قاضی حسین امد نے کہا کہ پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں پاس کی جانے والی قرار داد میں طے پایا تھا کہ وزیرستان سوات اور دیگر قبائلی علاقوں میں فوجی آپریشن روک دیا جائے گا اور ان علاقوں کے مسائل کو مذاکرات کے ذریعے حل کیا جائے گا لیکن کل امریکی ترجمان نے جو کام کیا ہے کہ پاک افغان سرحد پر امریکیوں نے پاکستان کے ساتھ مل کر آپریشن شروع کردیا ہے ۔ پاکستان کی خود مختاری اور سلامتی کے منافی ہے اور یہ کھلی امریکی جنگ لڑی جارہی ہے جس نے پاکستان کی داخلی خود مختاری کو ختم کردیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس کے علاوہ پاکستانی فوج نے وزیرستان، باجوڑ سوات اور مہمند ایجنسی میں جو گن شپ ہیلی کاپٹروں اور توپوں کے ذریعے گولہ باری شروع کر رکھی ہے اس سے لاکھوں لوگ نقل مکانی کر چکے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ اس شدید بم باری سے بے گناہ لوگ شہید ہو رہے ہیں اور شدید سردی میں نقل مکانی کرنے والے لوگوں کیلئے رہائش کے مسائل پیدا ہو رہے ہیں ۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ قبائلی علاقوں میں آپریشن فوری طور پر بند کیا جائے اور پاکستان دہشت گردی کی جنگ میں عالمی اتحاد سے نکلنے کا اعلان کرے اور نیٹو افواج کی ہر طرح کی سپلائی لائن بند کی جائے ۔ انہوں نے کہا کہ اگر یہ مطالبہ تسلیم نہ کیا گیا تو پھر ہم کراچی سے افغانستان کے بارڈر تک کے عوام کو کال دیں گے کہ عوام احتجاجی مظاہرے کریں اور نیٹو کے کنٹینروں کا راستہ روکیں ۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی خود اپنی ناکامی کا اعتراف کرتے ہوئے کہہ چکے ہیں کہ اگر کوئی ملکی حالات کو ٹھیک کر سکتا ہے تو اقتدار سنبھال لے وہ استعفیٰ دینے کیلئے تیار ہیں ۔ اس کے بعد موجودہ حکومت قائم رہنے کا کوئی جواز نہیں ہے وزیر اعظم فوری طور پر استعفیٰ دیں اور صدر سے پارلیمنٹ کو توڑنے کا مشورہ دیں جس کے بعد ملک میں نئے انتخابات کروائے جائیں ۔ انہوں نے کہا کہ پورے ملک میں بحران پیدا کئے جارہے ہیں ۔ کراچی میں ایم کیو ایم اور اے این پی نے مل کر امن تباہ کر رکھا ہے، ہماری اسٹیبلشمنٹ امریکی غلام بن چکی ہے اور صدر کا یہ بیان کہ امریکہ پاکستان میں حملوں کی پیشگی اطلاع دے ظاہر کرتا ہے کہ پاکستان کو امریکی رعایا بنادیا گیا ہے اور وائس رائے سے کہا جارہا ہے کہ وہ حملے سے پہلے آگاہ کریں ۔ انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف سے امداد لینے سے مسائل حل نہیں ہوں گے بلکہ اس کیلئے سیاستدانوں کو اپنے اکاؤنٹس باہر سے پاکستان منتقل کرنے ہوں گے ۔ گورنر پنجاب کی تصویروں کے حوالے سے سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی کشمکش کا شکار ہیں اور دونوں ایک دوسرے کے خلاف بیان بازی میں مصروف ہیں جس سے عوام کی مایوسی میں مزید ا ضافہ ہو رہا ہے ۔













































0 responses so far ↓
تبصرہ کریں
Leave a Comment