لاہور۔ وزیرِ اعلیٰ پنجا ب میاں محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ عوام کو آمد و رفت کی بہتر سہولتیں فراہم کرنے کیلئے صوبہ بھر میں ترقیاتی منصوبے جاری ہیں اور ان منصوبوں کی معیاری اور بروقت تکمیل کو یقینی بنایا جائے گا۔ اُنہوں نے کہا کہ وہ ان ترقیاتی منصوبوں پر کام کی رفتار کا جائزہ لینے کیلئے ہر ماہ خود اجلاس کی صدارت کریں گے ۔ اُنہوں نے چیئرمین پی اینڈ ڈی کی سربراہی میں ایک ٹیم تشکیل دینے کی بھی ہدایت کی جو ہفتہ وار ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لے گی اور اُن میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے کیلئے فوری اقدامات کرے گی۔ اس امر کا اظہار اُنہوں نے گذشتہ روز ایوانِ وزیرِ اعلیٰ میں ترقیاتی منصوبوں پر عمل درآمد کا جائزہ لینے کیلئے منعقدہ اعلیٰ سطحی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اجلاس میں چیئر مین ٹاسک فورس خواجہ احمد حسان، ممبر صوبائی اسمبلی اللہ رکھا، ڈائریکٹر جنرل فرنٹیئر ورکس آرگنائزیشن میجر جنر ل توفیق رفیق ،چیئر مین پی اینڈ ڈی، ڈی جی ایل ڈی اے، ڈی سی او لاہور، ایم ڈی نیسپاک، چیئرمین ٹاسک فورس برائے ہارٹی کلچر مصطفی کمال، ایم ڈی واسااور چیف ٹریفک آفیسر کے علاوہ متعلقہ سینئر افسران نے شرکت کی۔وزیرِ اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ گذشتہ آٹھ سالوں کے دوران انفراسٹرکچر کی بہتری اور عوام کو سہولتوں کی فراہمی کو مکمل طور پر نظر انداز کیا گیا اور ترقیاتی منصوبے کرپشن و تاخیر کی نذر ہوگئے اور اس دور میں منصوبوں کو شفاف بنانے اور فنڈز کے صحیح استعمال کیلئے کوئی بھی ٹھوس اقدامات نہیں کئے گئے۔ اُنہوں نے کہا کہ عوام کا معیارِ زندگی بلند کرنا اور اُنہیں بنیادی سہولتوں کی فراہمی ہماری ذمہ داری ہے اور اس ضمن میں ہم نے جامع حکمتِ عملی اپنائی ہے جس کے تحت صوبہ بھر میں ترقیاتی سرگرمیوں کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ اُنہوں نے مختلف ترقیاتی منصوبوں پر عمل درآمد کی رفتار کا جائزہ لیتے ہوئے متعلقہ محکموں کے مابین قریبی رابطے کی بھی ہدایت کی تاکہ منصوبوں میں حائل مسائل کو بہتر طریقے سے دور کیا جاسکے۔ اُنہوں نے کہا کہ راولپنڈی میں ایکسپریس وے کا افتتاح کر دیا گیا ہے جبکہ لاہور میں بھی ایکسپریس وے تعمیر کی جائے گی۔ اُنہوں نے کہا کہ ملتان روڈ کو تین رویہ بنایا جائے گا اور اس پر دو انڈرپاسز بھی تعمیر کئے جائیں گے۔اُنہوں نے کہا کہ ہماری حکومت نے اپنی سابقہ روایات کو برقرار رکھتے ہوئے منصوبوں کی شفاف اور معیاری تکمیل کیلئے جامع حکمتِ عملی اپنائی ہے اور کوئی بھی منصوبہ تھرڈ پارٹی آڈٹ سسٹم کے بغیر مکمل نہیں کیا جاسکے گا اور اس ضمن میں باقاعدہ قانون سازی کی جارہی ہے۔ وزیرِ اعلیٰ نے کہا کہ شہریوں کو صاف شفاف پانی کی فراہمی کیلئے 69ٹیوب ویل بھی نصب کیئے جارہے ہیں۔ اُنہوں نے متعلقہ محکمے کو اس کام کو جلد از جلد مکمل کر نے کی ہدایت کی۔ اُنہوں نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں میں حائل ناجائز تجاوزات کو بھی بلا امتیاز ختم کیا جائے اور تعمیراتی کام سے پہلے سیوریج و دیگر منصوبے مکمل کر لیئے جائیں۔ اُنہوں نے چیئرمین ٹاسک فورس برائے ہارٹی کلچر کو ہدایت کی کہ وہ ترقیاتی منصوبوں کو خوبصورت بنانے کیلئے اُن پر زیادہ سے زیادہ درخت لگائیں۔ اُنہوں نے کہا کہ فرنٹیئر ورکس آرگنائزیشن نے ہمارے گذشتہ دور میں معیاری تعمیراتی کام کیا تھا جن کی اب تک مرمت کی ضرورت بھی پیش نہیں آئی اور اس ضمن میں مین بلیووارڈ کی مثال ہم سب کے سامنے ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ ایف ڈبلیو او کی اسی کارکردگی کو مدِ نظر رکھتے ہوئے تمام بڑے ترقیاتی منصوبے اُسی کے سپرد کئے جارہے ہیں اس لئے وہ ان ترقیاتی منصوبوں میں اپنے سابقہ معیار کو نہ صرف برقرار رکھے بلکہ اسے مزید بہتر بنائے۔اُنہوں نے ترقیاتی منصوبوں کی ڈیزائننگ میں نیسپاک کے کردار کی بھی تعریف کی ۔ ایف ڈبلیو او کے نمائندے نے اجلاس کے دوران لاہور میں مختلف سڑکوں و ترقیاتی منصوبوں کے بارے میں تفصیلات سے آگاہ کیا جس میں مغلپورہ فلائی اوور، قائدِ اعظم روڈ، سرکلر روڈ، ملتان روڈاور جوہر ٹاؤن روڈ کے علاوہ سٹی ڈسٹرکٹ گورنمنٹ و محکمہ مواصلات کے منصوبے بھی شامل تھے
عوام کا معیارِ زندگی بلند کرنا اور اُنہیں بنیادی سہولتوں کی فراہمی ہماری ذمہ داری ہے۔ میاں شہبازشریف
November 10th, 2008 · No Comments; last year, mid-November
Tags: Pakistan , Urdu , Urdu News | punjab, shahbaz sharif













































0 responses so far ↓
تبصرہ کریں
Leave a Comment