پاکستان کے سابق صدر پرویز مشرف کو اسکاٹ لینڈ یارڈ کی جانب سے سیکورٹی فراہم کرنے پر برطانوی دارالامراء میں نئی بحث چھڑ گئی۔برطانوی ہاؤس آف لارڈز کے رکن لارڈ نذیر احمد نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ برطانوی پارلیمنٹ نے سابق پاکستانی صدر کی سیکورٹی کے لئے اسکاٹ لینڈ یارڈ کے پانچ سے چھ افسران فراہم کرنے کی تصدیق کی ہے جو ہر وقت ان کے ساتھ رہیں گے۔ لارڈ نذیر احمد کا کہنا تھا کہ انہوں نے پرویز مشرف کو سیکورٹی فراہم کرنے کے حوالے سے دارالامراء کے سامنے کچھ سوال رکھے ہیں تاکہ وہ ملکہ سے استفسار کرسکیں کہ کیا انہوں نے مشرف کو سیکورٹی فراہم کرنے کی اجازت دی ہے۔ لارڈ نذیر نے یہ سوال بھی اٹھایا کہ کیا اس قسم کی سیکورٹی تمام ممالک کے سابق صدور کو فراہم کی جائے گی یا پرویز مشرف کے سلسلے میں پاکستانی حکومت نے اپنے طور پر دلچسپی لی ہے۔ لارڈ نذیر کا کہنا تھا کہ ہوسکتا ہے سابق صدر نے ذاتی طور پر سیکورٹی فراہم کرنے کی درخواست کی ہو۔ لارڈ نذیر نے کہا کہ یہ سوال بھی جواب طلب ہے کہ مشرف کو خدمات فراہم کرنے کی اجرت کون دے گا۔ لارڈ نذیر نے کہا کہ پرویز مشرف نے برطانیہ میں چودہ لاکھ پاؤنڈز کے کئی فلیٹس خریدے ہیں اور اپنے ساتھ چھ باڈی گارڈ رکھ رہے ہیں اس بات کو بھی زیر بحث آنا چاہئے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ صورتحال معمولی نہیں ہے اور انہیں اس پر تشویش ہے۔
Tags: musharraf, Scotland Yard









0 responses so far ↓
تبصرہ کریں
Leave a Comment