Urdu News-Online Urdu Newspaper

The 3rd Largest Online Urdu Newspaper

Urdu News-Online Urdu Newspaper header image 2
Print This Post Print This Post

اتحادی حکمران عوامی مسائل حل کرنے میں ناکام ہوگئے شیخ رشید کی حمایت کرینگے: چودھری شجاعت حسین/ پرویزالٰہی

January 12th, 2010 by awais · 1 Comment;  

٭۔ ۔ ۔ پنجاب میں کرپشن لوٹ ماراور بدنظمی کے تمام ریکارڈ توڑ دےئے گئے، لاہور کھنڈرات کا منظر بنادیا، جاتی امراء کی سڑک پر اربوں خرچ ہو رہے ہیں، مہنگائی بیروزگاری عروج پرہے
٭۔ ۔ ۔ سپریم کورٹ پر حملہ کے ملزم پنجاب حکومت میں لاکھوں روپے تنخواہ پر بھرتی کئے گئے: شیخ رشید، ن لیگ الیکشن سے بھاگ رہی تھی الیکشن سپریم کورٹ کے حکم پر ہو رہے ہیں: مشاہد حسین
اسلام آباد ۔ پاکستان مسلم لیگ کے صدر سینیٹر چودھری شجاعت حسین اور سینئر مرکزی رہنما چودھری پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ اتحادی حکمران عوامی مسائل حل کرنے میں ناکام ہو چکے ہیں۔ انکے ذاتی مفادات قومی ایجنڈے پر حاوی ہو چکے ہیں جسکی وجہ سے ملک گونا گوں مسائل اور مشکلات میں گھر رہا ہے۔ وہ منگل کو عوامی مسلم لیگ کے صدر شیخ رشید احمد کے ہمراہ صحافیوں سے بات چیت کر رہے تھے۔ شیخ رشید احمد نے جوNA-55سے امیدوار بھی ہیںچودھری شجاعت حسین اور چودھری پرویز الٰہی سے اپنی انتخابی حمایت کے سلسلے میں ملاقات کی۔ مسلم لیگ کے سیکرٹری جنرل مشاہد حسین سید، ضلع ناظم راولپنڈی راجہ جاوید اخلاص، تحصیل ناظم راجہ حامد نواز، پارٹی کے ضلعی صدر راجہ محمد ناصر، غلام سرور خان، ٹیکسلا کے ناظم صدیق خان، سابق پارلیمانی سیکرٹری راجہ راشد حفیظ اور دیگر رہنما بھی اس موقع پر موجود تھے۔ چودھری شجاعت حسین اور چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ مہنگائی بیروزگاری، بدامنی اور دیگر قومی مسائل نے عوام کا جینا حرام کر رکھا ہے جبکہ حکمران بلدیاتی اداروں کے خلاف جھوٹا پروپیگنڈا کر کے عوامی مسائل سے منہ موڑے ہوئے ہیں۔ چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ پنجاب میں حکمرانوں کی کرپشن لوٹ مار اور بدنظمی نے تمام سابقہ ریکارڈ توڑ دےئے ہیں۔ لاہور کا خوبصورت شہر کھنڈرات کا منظر پیش کر رہا ہے جبکہ جاتی امراء جانے والی سڑک پر اربوں روپے خرچ ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ عوام کے حقوق کا تحفظ کرے گی اور ہم مسلم لیگ کے ایجنڈے کی حمایت کرنے والوں کا ساتھ دیں گے۔ چودھری شجاعت حسین اور چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ روالپنڈی کے حلقہ NA-55سے ضمنی انتخاب میں ہم نے ناظمین اور پارٹی کے مقامی رہنماؤں کی مشاورت سے شیخ رشید احمد کی حمایت کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے تمام ورکر شیخ رشید احمد کی کامیابی کیلئے سرگرمی سے ان کی انتخابی مہم میں شریک ہونگے۔ شیخ رشید احمد نے اس موقع پر کہا کہ چودھری خاندان سے میرا بہت پرانا تعلق ہے۔ انہوں نے ہمیشہ میری سرپرستی کی۔ الگ پارٹی بنانے کے باوجود ان سے برادرانہ تعلق کبھی بھی فراموش نہیں کر سکا۔ انہوں نے کہا کہ میں چودھری شجاعت حسین، چودھری پرویز الٰہی اور مشاہد حسین سید کا ممنون ہوں کہ انہوں نے میرے حوالے سے فیصلہ کرنے میں ایک منٹ کی تاخیر نہیں کی۔ شیخ رشید احمد نے الزام لگایا کہ پنجاب حکومت اور پولیس ان کے حلقے میںبڑے پیمانے پر مداخلت کر رہی ہے۔ اگر میرے حلقے میں دھاندلی کی کوشش کی گئی تو میں اسے ن لیگ کی سیاست کا قبرستان بنا دوں گا۔ انہوں نے کہا سپریم کورٹ حملے میں ملوث ملزموں کو لاکھوں روپے کی نوکریوں پر پنجاب میں بھرتی کیا گیا ہے۔ میں غیر جانبدارانہ انتخاب کیلئے فوج اور ایف سی کو بھی طلب کروں گا۔ میں نے صدر زرداری سے کوئی ملاقات نہیں کی۔ ملاقات انہوں نے کی ہے جنہوں نے میثاق جمہوریت پر دستخط کئے تھے۔ میں مولانا فضل الرحمن سے ملا ہوں جبکہ دیگر جماعتوں کے رہنماؤں سے بھی ملاقات کر کے انکی حمایت حاصل کروں گا۔ مشاہد حسین سید نے اس موقع پر کہا کہ ن لیگ بلدیاتی، قومی اور صوبائی انتخابات سے فرار ہو گئی تھی یہ الیکشن سپریم کورٹ کے حکم پر ہو رہا ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ انتظامیہ ضمنی انتخاب میں مکمل غیر جانبدار رہے۔ اس موقع پر ثمینہ جدون، امین بٹ، نصراللہ جرال، شہباز گوشی، مصطفی نواز کھوکھر اور دیگر رہنماؤں کی کثیر تعداد موجود تھی

اس خبر سے ملتی جلتی خبریں دیکھیں

اس خبر پر آپ کچھ کہنا چاہتے ہوں تو نیچے دئے گئے تبصرہ کے خانہ میں لکھ دیجیے اور اگر آپ ہماری اردو نیوز کو مستقل یا غیر مستقل بنیاد پر خبریں ، مضامین ( ان پیج میں ) تصاویر ، آڈیو ، ویڈیو بھیجنا چاہتے ہوں تو ہمیں نیچے دئے گئے ای میل ایڈریس پر بھیجیے۔

urduhome@gmail.com | newsurdu@gmail.com

1 response so far ↓

Leave a Comment

Englishاردو