Urdu News-Online Urdu Newspaper

Urdu news Online Urdu Newspaper

Urdu News-Online Urdu Newspaper header image 2
Print This Post Print This Post

چوروں اور لٹیروں کا اتحاد ناکام، پانی کی بندش، بھارتی فائرنگ اور بلوچستان میں مداخلت پر کچھ نہیں کر رہے: پرویزالٰہی

January 25th, 2010 by awais · No Comments;  

بھارت بڑی جنگ کی ریہرسل کر رہا ہے، پنجاب کو کنگال کرنیوالے حکمران ہر جرم میں برابر کے شریک ہیں، 17 ویں ترمیم آٹے اور چینی کا متبادل نہیں عوام کو دھوکہ دے رہے ہیں

ہم نے سانحہ لال مسجد روکنے کی بہت کوشش اور زلزلہ زدگان کی ہر ممکن مدد کی، مخالفین اقتدار لے کر دونوں جگہ نہیں گئے، یہ اپنے ذاتی مفاد کیلئے پریشان ہیں

ضمنی الیکشن میں کرپشن اور کارکردگی کا مقابلہ ہے، مانسہرہ کے عوام دونوں جماعتوں کا جھوٹ، چالاکیاں اور ہماری خدمات جانتے ہیں: بہت بڑے جلسہ سے خطاب

ن لیگ اور پیپلزپارٹی کا شجرہ نسب ایک ہے اسی تنخواہ پر کام کریں گے، مشاہد حسین: حکمرانوں کیخلاف سوات اور

مانسہرہ میں الیکشن لڑنے والی ہماری واحد جماعت ہے: امیر مقام

اسلام آباد۔ پاکستان مسلم لیگ کے سینئر مرکزی رہنما چودھری پرویزالٰہی نے کہا ہے کہ مفاہمت کے نام پر چوروں اور لٹیروں کا اتحاد مسترد کرتے ہیں جو پاکستان اور عوام کے مسائل حل کرنے میں ناکام ہو چکا ہے۔ اتحادی حکمران سرحدوں پر بھارتی فائرنگ اور بلوچستان میں ملکی یکجہتی کے خلاف غیر ملکیوں کی مداخلت پر بھی خاموش ہیں۔ لال مسجد کا پروپیگنڈہ کرنے والوں کو اقتدار لے کر لال مسجد یا زلزلہ سے متاثرہ علاقوں کا دورہ تک کرنے کی توفیق نہیں ہوئی۔ پی پی پی اور ن لیگ کی نورا کشتی بے نقاب ہو چکی ہے۔ پنجاب کو کنگال کرنے والے صوبائی حکمران ہر جرم میں برابر کے شریک ہیں۔ 17 ویں ترمیم آٹے اور چینی کا متبادل نہیں یہ عوام کو دھوکہ دے رہے ہیں۔ پاکستان مسلم لیگ ہی ملک و قوم کو درپیش موجودہ خطرات و مشکلات سے نکال سکتی ہے۔ ضمنی انتخابات میں کارکردگی اور کرپشن کا مقابلہ ہے اور انشاء اللہ ہمارے امیدوار ہی کامیاب ہوں گے۔ وہ پیر کو مانسہرہ میں مسلم لیگ کے امیدوار حاجی زرگل خان کی انتخابی مہم کے سلسلے میں بہت بڑے عوامی اجتماع سے خطاب کر رہے تھے۔ مشاہد حسین سید، انجینئر امیر مقام، ضلع ناظم سردار محمد یوسف، ہم خیال گروپ کے صوبائی صدر وجیہہ الزماں اور دیگر مقررین نے بھی جلسے سے خطاب کیا۔ خواتین سمیت علاقے بھر سے لوگوں کی بہت بڑی تعداد نے اس جلسے میں شرکت کی اور چودھری پرویزالٰہی کے حق میں پرجوش نعرے لگاتے رہے۔چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ اتحادی حکمرانوں کی توجہ صرف اپنے مسائل پر ہے جو ذاتی مفادات کے بارے میں پریشان ہیں اور قومی اداروں کا تصادم چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت سرکار پاکستان کے خلاف ایک بڑی جنگ کی ریہرسل کر رہی ہے۔ اس نے ہمارے دریاؤں کا پانی بند کر دیا ہے۔ بارڈر پر آئے روز اندھا دھند فائرنگ سے ہمارے فوجی شہید کیے جا رہے ہیں لیکن حکومت خاموش ہے۔ یہ مسئلہ عالمی سطح پر نہیں اٹھایا جا رہا۔ بلوچستان میں ایک نہیں کئی ملک مداخلت کر رہے ہیں۔ ثبوت ہونے کے باوجود حکومت کسی سے احتجاج تک نہیں کر رہی۔ اتحادی حکمرانوں کو صرف اپنے مفاد کی فکر ہے اور وہ قومی اداروں کا تصادم چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب کے حکمرانوں نے صوبے کو کنگال کر دیا ہے۔ ہم نے اقتدار چھوڑا تو خزانے میں 150 ارب روپے تھے دو سال میں ہی ان کی عیاشیوں نے پنجاب کو 80 ارب روپے کا مقروض کر دیا۔ انہوں نے زلزلے کی مصیبتوں کا دلیری سے مقابلہ کرنے پر مانسہرہ کے عوام کو شاندار خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ چودھری شجاعت حسین کی قیادت میں ہماری پارٹی اور اس وقت کی پنجاب حکومت نے مانسہرہ کے مصیبت زدہ عوام کی مشکلات کم کرنے کیلئے دن دیکھا نہ رات۔ ہم نے حتی المقدور یہاں کے عوام کی خدمت کی ہے لیکن ان سے ہمدردی جتانے اور کارروائی ڈالنے والوں کو پاکستان واپس آ کر متاثرہ علاقوں کا دورہ تک نہیں کیا۔ مانسہرہ کے عوام بہادر ہیں کہ انہوں نے پانچ سال کے مختصر عرصہ میں زلزلے کے مصائب پر قابو پا لیا۔ چودھری پرویزالٰہی نے سانحہ لال مسجد کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ لال مسجد کا پروپیگنڈہ کرنے والوں کو اقتدار میں آنے کے بعد لال مسجد میں جانے کی توفیق تک نہیں ہوئی۔ جبکہ مولانا عبد العزیز نے خود کہا تھا کہ چودھری شجاعت حسین نے لال مسجد آپریشن رکوانے کی بہت کوشش کی تھی اور مولانا عبد الرشید غازی نے آخری وقت میں اپنے زیر کفالت دو بچیاں چودھری شجاعت حسین کی کفالت میں دی تھیں جو آج بھی ہماری کفالت میں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مانسہرہ کے عوام کو ایک بار پھر اپنے دلیرانہ جذبے کا اظہار کرنا ہو گا اور قوم کو مشکلات سے نکالنے کیلئے راہنمائی دینا ہو گی اور یہ راہنمائی مسلم لیگ کے امیدوار کی کامیابی سے ہی ممکن ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ اتحادی حکمرانوں کی نا اہلی سے ضروری اشیاء کی قیمتوں میں ہمارے دور کے مقابلے میں 300 گنا اضافہ ہو گیا ہے۔ ملکی سلامتی، وقار، خودمختاری خطرے میں ہے عوام مہنگائی، بیروزگاری، بدامنی اور دیگر مسائل پر بے بس ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان میں تمام سرکاری وسائل استعمال کرنے کے باوجود ن لیگ صرف 2 نشستیں حاصل کر سکی جبکہ ہم نے یہاں 3 نشستیں جیتیں۔ کہ پیپلزپارٹی اور ن لیگ اپنے امیدواروں کی کامیابی کیلئے جھوٹے وعدے اور دعوے کر رہی ہیں۔ عوام کو گمراہ کرنے کیلئے یہاں گیس کے پائپ اور بجلی کے کھمبے دھڑا دھڑ پہنچائے جا رہے ہیں لیکن عوام با شعور ہیں وہ ان کی چالبازیوں اور چالاکیوں کو سمجھتے ہیں۔ عوام گیس کے پائپ اور بجلی کے کھمبے پر نہیں کارکردگی کی بنیاد پر فیصلہ کریں گے۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ مانسہرہ کسی کی خاندانی جاگیر نہیں ہے۔ مانسہرہ کے عوام کا ووٹ پاکستان مسلم لیگ اور سائیکل کیلئے ہے۔ اس ووٹ کے ذریعے مانسہرہ کے عوام ن لیگ اور پیپلزپارٹی دونوں پر عدم اعتماد کا اظہار کریں گے اور ووٹ کی طاقت سے ملک میں آزادی اور انصاف کی نوید دیں گے۔ پاکستان مسلم لیگ کے سیکرٹری جنرل مشاہد حسین سید نے اپنے خطاب میں ن لیگ اور پیپلزپارٹی کے کردار اور کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیتے ہوئے کہا کہ دونوں کا شجرہ نسب ایک ہے۔ یہ دونوں اسی تنخواہ پر کام کریں گی کیونکہ یہ صرف فون کالز کی سیاست کرتی ہیں۔ ایک کا قبلہ و کعبہ لندن تو دوسرے کا واشنگٹن ہے جہاں سے ایک فون کال ان کیلئے حکم کا درجہ رکھتی ہے۔ پاکستان مسلم لیگ صوبہ سرحد کے صدر امیر مقام ایم این اے نے کہا کہ اپنی شاندار کارکردگی کی بناء پر ہم فخر سے سربلند کر کے عوام کے پاس آئے ہیں۔ انہوں نے کہا ہماری واحد جماعت ہے جو حکمرانوں کے خلاف سوات اور مانسہرہ میں الیکشن لڑ رہی ہے اور انشاء اللہ عوام اسے ووٹوں کی طاقت سے کامیاب بنائیں گے۔

اس خبر سے ملتی جلتی خبریں دیکھیں

اس خبر پر آپ کچھ کہنا چاہتے ہوں تو نیچے دئے گئے تبصرہ کے خانہ میں لکھ دیجیے اور اگر آپ ہماری اردو نیوز کو مستقل یا غیر مستقل بنیاد پر خبریں ، مضامین ( ان پیج میں ) تصاویر ، آڈیو ، ویڈیو بھیجنا چاہتے ہوں تو ہمیں نیچے دئے گئے ای میل ایڈریس پر بھیجیے۔

urduhome@gmail.com | newsurdu@gmail.com

0 responses so far ↓

  • تبصرہ کریں

You must log in to post a comment.