Urdu News-Online Urdu Newspaper

Urdu news Online Urdu Newspaper

Urdu News-Online Urdu Newspaper header image 2
Print This Post Print This Post

انڈر 19ورلڈ کپ: پاکستان ویسٹ انڈیز کو ہرا کر فائنل میں پہنچ گیا

January 25th, 2010 by awais · No Comments;  

حماد اعظم 92رنز کیساتھ بدستور ناقابل شکست ر ہے،مین آف دی میچ کے اعزاز سے نوازاگیا
ویسٹ انڈیز نے مقررہ 50اوور ز میں 8وکٹوں کے نقصان پر 212رنز بنائے اور جیت کیلئے 213رنز کاہدف دیا
پاکستا نی ٹیم نے مقررہ ہدف49ویں اوور کی تیسری گیندپر حاصل کرکے جیت کی خوشیاں قوم کی جھولی میں ڈال دیں

آکلینڈ ‘ انڈر 19ورلڈ کپ میں پاکستان نے حماد اعظم کی ناقابل شکست بیٹنگ کی بدولت سیمی فائنل میں ویسٹ انڈیز کو چار وکٹ سے شکست دے کر فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا۔آکلینڈ سے ملحقہ علاقے لنکن میں پاکستان نے ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا ، پاکستانی بولرز نے چوتھے اوور میں سات رنز پر ویسٹ انڈین کے 2بیٹسمینوں کو پویلین واپس بھیج دیا تھا۔پاکستان کیلئے دونوں وکٹیں صمد بھٹی نے حاصل کی۔ جنہوں نے ٹی گرفتھ کو صفر اور جے کیمبل کو ایک رن پر پویلین واپس بھیجا۔ لیکن دوسری وکٹ کی شراکت میں ویسٹ انڈین اوپنر براتھ ویٹ اور کپتان اے کریری نے101رنز بنا کر کسی حد تک اپنی ٹیم کومحفوظ مقام پر لے جانے میں کامیاب رہے، پاکستان نے تیسری وکٹ ویسٹ انڈین ٹیم کے کپتان کی حاصل کی جو41 رنز بنا کر عثمان قادر کا شکار بنے۔ ویسٹ انڈین اوپنر براتھ ویٹ نے85 اور ایس ڈاؤرچ نے55 رنز بنائے۔ویسٹ انڈیز نے مقررہ 50اوور ز میں 8وکٹوں کے نقصان پر 212رنز بنائے اور جیت کیلئے 213رنز کاہدف دیا۔پاکستان کے سرمد بھٹی نے 37 اور رضا حسان نے40 رنز دے کر دو دو وکٹیں حاصل کیں۔پاکستان کی اننگز کا آغاز بھی تباہ کن انداز میں ہوا، 9رنز پر دونوں اوپنر احمد شہزاد اور بابر اعظم آؤٹ ہوگئے۔ ون ڈاؤن پوزیشن پر آنے والے احسن علی نے کپتان عظیم گھمن کے ساتھ مل کر اسکور 35رنز تک پہنچادیا۔ 12ویں اوور میں عظیم گھمن9رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔ 49کے مجموعی اسکور پر احسن علی کے آؤٹ ہونے پر رمیز عزیز اور ٹورنامنٹ میں اب تک ناقابل شکست رہنے والے پاکستانی آل راؤنڈر حماد اعظم نے ویسٹ انڈیز کے بولروں کے جیت کی جانب بڑھتے قدم روک دیئے اور دونوں نے مل کر اسکور کو 135رنز تک پہنچادیا۔ یہاں بدقسمتی سے رمیز عزیز 39رنز بناکر رن آؤٹ ہوگئے۔ تاہم دوسرے اینڈ رپر حماد اعظم کا بلا رنز اگلتارہا، اور انہوں نے وکٹ کیپر محمد وقاص کے ساتھ جیت کی جانب سفر جاری رکھا، میچ کے اختتامی لمحات میں فتح سے 9رنز قبل وقاص اونچا شاٹ کھیلتے ہوئے کیچ آؤٹ ہوگئے۔ حماد اعظم نے بدستور ناقابل شکست رہتے ہوئے 92رنز بنائے اور مقررہ ہدف49ویں اوور کی تیسری گیند پر حاصل کرکے جیت کی خوشیاں قوم کی جھولی میں ڈال دیں۔ویسٹ انڈیز کی جانب سے ہولڈر دو وکٹ کے ساتھ سب سے نمایاں بولر رہے۔ حماد اعظم کو بہترین بیٹنگ پر مین آف دی میچ کے اعزاز سے نوازاگیا۔ کپتان عظیم گھمن میچ کے بعد گفتگو میں کہا کہ پاکستانی ٹیم بہترین کھیلی لیکن ہمارا ہدف ورلڈ کپ جیتنا ہے اور ہم یہ کپ جیت کر ہی واپس لوٹیں گے۔ دوسری فائنلسٹ ٹیم کا فیصلہ 27جنوری کو سری لنکا اور آسٹریلیا کے درمیان کھیلے جانے والے سیمی فائنل میں ہوگا۔

اس خبر سے ملتی جلتی خبریں دیکھیں

اس خبر پر آپ کچھ کہنا چاہتے ہوں تو نیچے دئے گئے تبصرہ کے خانہ میں لکھ دیجیے اور اگر آپ ہماری اردو نیوز کو مستقل یا غیر مستقل بنیاد پر خبریں ، مضامین ( ان پیج میں ) تصاویر ، آڈیو ، ویڈیو بھیجنا چاہتے ہوں تو ہمیں نیچے دئے گئے ای میل ایڈریس پر بھیجیے۔

urduhome@gmail.com | newsurdu@gmail.com

0 responses so far ↓

  • تبصرہ کریں

You must log in to post a comment.