کراچی‘صدر مملکت آصف علی زرداری نے دفاتر اور دیگر کام کی جگہوںپر خواتین کو ہراساں کرنے کے خلاف بل پر دستخط کرکے اسے قانون کی شکل دے دی ہے۔ ویمن ہراسمنٹ بل 2009ء اور کرمنل لاء کا ترمیمی بل 2009ء پاکستان پینل کوڈ اور کوڈآف کرمنل پروسیجر میں ترمیم کرے گا جس کے بعد خواتین کوہراساں کرنے پر سزا کی زیادہ سے زیادہ حد3سال اور 5لاکھ روپے جرمانہ عائد کیا جاسکے گا جبکہ دونوں سزائیں ایک ساتھ بھی دی جاسکیں گی۔جمعہ کو صدر مملکت نے وزیراعلیٰ ہاؤس کراچی میں مختلف طبقہ فکر سے تعلق رکھنے والی خواتین کی موجودگی میں بل پر دستخط کئے ۔اس موقع پر موجود خواتین کا کہنا تھا کہ یہ قانون موجودہ حکومت کا اہم کارنامہ اور خواتین کی عزت اور وقار کے تحفظ کا بل ہے۔قانون کے مطابق خواتین کے خلاف غیر شائستہ جملے کسنے، نا زیبا حرکات یا انہیں جنسی ہراساں کرنے پر سزا دی جاسکے گی۔ یہ بل قومی اسمبلی میں 21جنوری کو منظور کیا گیا تھا جبکہ سینٹ میںاس کی منظوری اس سے قبل ہوگئی تھی۔قانون کے تحت خواتین کو ہراساں کرنے پر محکمہ کے اہلکار کی نچلے گریڈ پر تنزلی،ریٹائرمنٹ یا ملازمت سے برخاستگی بھی ہوسکے گی۔



0 responses so far ↓
تبصرہ کریں
Leave a Comment