ملک میں اپوزیشن نام کی کوئی چیز نظرنہیں آرہی۔عمران خان

چیئرمین تحریک انصاف کی کراچی میں تقریب سے خطاب و بات چیت

کراچی۔تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ ملک میں اس وقت اپوزیشن نام کی کوئی چیز نظر نہیں آرہی، کسی نے پنجاب، کسی نے سرحد، کسی نے بلوچستان ،کسی نے کراچی تو کسی نے سندھ اور وفاق سنبھال رکھا ہے۔ کراچی میں شوکت خانم ڈائیگنوسٹک سینٹر اور کلینک کی افتتاحی تقریب سے خطاب اور صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ مولانا فضل الرحمن کو وزارتیں مل گئی ہیں ایسے میں عوام کا کوئی پرسان حال نہیں۔ جمہوری نظام سب کو بچانا چاہئے لیکن یہاں تو جمہوریت کے نام پر اپنے مفادات کا تحفظ کیا جارہا ہے۔ انکا کہنا تھا کہ ڈرون حملے حکومت کی مرضی سے ہورہے ہیں اگر حکومت کو بلیک واٹر کا پتہ اور مزید معلومات چاہئے تو وہ بل گیٹس سے رابطہ کریں۔عمران خان نے کہا کہ کراچی میں قتل و غارت گری اور ٹارگیٹ کلنگ اس وقت تک نہیں رک سکتی جب تک پولیس اور انتظامیہ سے سیاست ختم نہیں کی جاتی۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ بلدیاتی نظام پرویز مشرف اپنے تحفظ کیلئے لائے تھے تاہم اس میں ترامیم کرکے اگر اختیارات نچلی سطح پر منتقل کئے جائیں تو بہتر فوائد حاصل کئے جاسکتے ہیں۔ شوکت خانم ڈائیگنوسٹک سینٹر اور کلینک کے افتتاح کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بہت جلد کراچی میں مکمل کینسر علاج سینٹرکی تعمیر کا کام شروع کردیا جائے گا فی الحال فنڈز کی کمی کا سامنا ہے ۔

Share

1 Comment to "ملک میں اپوزیشن نام کی کوئی چیز نظرنہیں آرہی۔عمران خان"

  1. شاہد مسعود احمد's Gravatar شاہد مسعود احمد
    January 31, 2010 - 12:18 pm | Permalink

    عمران خان کی کیا بات ہے؟؟؟؟؟ اپوزیشن کا کردار خود کرلیں۔

Leave a Reply