کراچی ۔ عوامی نیشنل پارٹی سندھ کے صدر شاہی سید نے کہا ہے کہ اگر کراچی میں ٹارگٹ کلنگ کو نہ روکا گیا تو اے این پی کا صوبائی حکومت میں رہنے کا جواز نہیں ہے۔ اس لئے ہم نے صوبائی حکومت سے علیحدگی کا فیصلہ کرلیا ہے تاہم اس سلسلے میں حتمی فیصلہ اعلیٰ قیادت کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ کراچی میں ٹارگٹ کلنگ میں بے قصور افراد کو شہید کئے جانے کے خلاف پُر امن احتجاج کرتے ہوئے عوام جمعرات کو یوم سیاہ منائیں اور گھروں پر سیاہ پرچم لہرائیں ۔کراچی میں ٹارگٹ کلنگ کے واقعات کو روکنے کے لئے حکومت شہر میں بلا امتیاز کارروائی کرے۔ رینجرز کو اختیارات دینے کے بعد اب ان اختیارات کا عملی مظاہرہ کیا جائے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو مردان ہاؤس میں منعقدہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر اے این پی کے رہنما امین خٹک ودیگر بھی موجود تھے ۔ انہوں نے کہا کہ کراچی میںٹارگٹ کلنگ میں لینڈمافیا اور ڈرگ مافیا ملوث نہیں کیونکہ لینڈ مافیا ،ڈرگ مافیا دہشت گردی سے اپنے مقاصد میں کامیاب نہیں ہوسکتی۔ انہوں نے کہا کہ کراچی میں اردو اور پشتو بولنے والی آبادیوں میں بے قصور افراد کو قتل کیا جارہا ہے ۔کراچی کے عوام اب اتنے مایوس اور بے بس ہوچکے ہیں کہ وہ نہ تو اپنے شہداء کی ایف آئی آر درج کراتے ہیں اور نہ ہی اپنے شہداء کا نام بتاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کراچی میں قتل ہونے والا ہر سیاسی کارکن اور عام فرد کا بھائی ہے ہم ان کے ناحق قتل کے خلاف ہیں اور اپنا احتجاج ریکارڈ کراتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی وزیر داخلہ سے ان کی ابھی ملاقات نہیں ہوئی ہماری ان سے فون پر بات ہوئی ہے اور ملاقات بھی ہوگی۔
اس خبر سے ملتی جلتی خبریں دیکھیں





0 responses so far ↓
تبصرہ کریں
You must log in to post a comment.