پنجاب میں راولپنڈی ، بہاولنگر میں بھی ہلکی بارش سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا
کراچی میں پیر کو ہلکی بارش سے موسم خوشگوار ہو گیا ، تربت کے دریائے کیچ میں طغیانی سے متعدد افراد پھنس گئے
بارش اور برف باری(آج ) منگل کی شب تک جاری رہے گی ، بارانی علاقوں میں بعض مقامات پر موسلادھار بارش کی توقع ہے‘محکمہ موسمیات
اسلام آباد+کراچی+کوئٹہ‘ ملک کے بیشتر علاقوں میں بارش اور پہاڑوں پر برف باری وقفے وقفے سے جاری ہے۔ کراچی میں پیر کو ہلکی بارش سے موسم خوشگوار ہو گیا ، تربت کے دریائے کیچ میں طغیانی سے متعدد افراد پھنس گئے ۔محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ( آج) منگل کو بھی کشمیر، مری اور گلیات میں شدید برف باری ہوگی۔ مغربی ہواؤں کا کم دباؤ اپنی پوری شدت کے ساتھ ملک کے بالائی اور وسطی علاقوں پر موجود ہے جس کے باعث بالائی پنجاب، سرحد، کشمیر اور شمالی علاقوں میں بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا سلسلہ جاری ہے۔محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بارش اور برف باری کا سلسلہ (آج ) منگل کی شب تک جاری رہے گا اور اس دوران بارانی علاقوں میں بعض مقامات پر موسلادھار بارش کی توقع ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق کشمیر، مری، گلیات، ہزارہ اور مالاکنڈ ڈویژن میں رواں موسم سرما کی شدید برف باری کا امکان ہے۔ پنجاب کے میدانی علاقوں میں دوپہر کے وقت شروع ہونے والی بارش کا سلسلہ وقفے وقفے کے ساتھ جاری ہے۔لاہور، سیالکوٹ، جہلم، بہاولپور، رحیم یار خان، ملتان، گجرات، کھاریاں، مظفر آباد، کوٹلی، دیر، چترال، دروش، پشاور میں دو سے چھ ملی میٹر تک بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔پنجاب میں راولپنڈی ، بہاولنگر میں بھی ہلکی بارش سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا۔ چترال، ہنزہ، کوہاٹ، کالام میں ہلکی برفباری کا سلسلہ جاری ہے جس سے بعض مقامات میں سردی ایک بار پھر بڑھ گئی ہے۔صوبہ سرحد کے شہروں لکی مروت، بنوں اور دیگر شہروں میں بارش ہوئی۔محکمہ موسمیات کے ترجمان کے مطابق آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کراچی سمیت سندھ کے ساحلی علاقوں میں ہلکی بارش کا امکان ہے۔ اندرون سندھ نوشہرو فیروز، سکھر اور دیگر شہروں میں بارش ریکارڈ کی گئی۔ ادھر کوئٹہ سمیت بلوچستان کے اکثر علاقوں میں بارش اور پہاڑوں پر برف باری کا سلسلہ جاری ہے۔ سب سے زیادہ بارش کوئٹہ میں گیارہ ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔ تربت میں شدید بارش کے باعث دریائے کیچ میں طغیانی کے باعث متعدد افراد پھنس گئے جبکہ زلزلے سے متاثرہ افراد کے خیموں میں پانی داخل ہوگیا جس سے لوگوں کی مشکلات میں اضافہ ہوگیا۔محکمہ موسمیات کے مطابق نوکنڈی میں پانچ، دالبندین اورژڑوب میں دو ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی جبکہ زیارت، کان مہترزئی،کوئٹہ اور قلات کے پہاڑوں پر برف باری کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے۔ زرعی ماہرین نے حالیہ بارشوں کو زراعت کے لئے مفید قرار دیا ہے۔ بارش سے گندم کی فصل بہت اچھی ہو جائے گی۔
اس خبر سے ملتی جلتی خبریں دیکھیں





0 responses so far ↓
تبصرہ کریں
You must log in to post a comment.