قبائلی عوام کی محب الوطنی پر فخر ہے آڑے وقت میں فوج کے شانہ بشانہ لڑے
پاکستان کو محفوظ بنانا ہم سب کا فرض ہے اس فرض کو خوب نبھائیں گے
چیف آف آرمی سٹاف کا وانا ٹانک روڈ کی افتتاحی تقریب اور قبائلی عمائدین کے جرگے سے خطاب
وانا ‘ چیف آف آرمی سٹاف جنرل اشفاق پرویز کیانی نے کہاہے کہ پاکستان کی مغربی سرحدیں 1947ء سے آج تک قبائلی عوام کی وجہ سے محفوظ ہیں قبائلی عوام کی محب الوطنی پر فخر ہے آڑے وقت میں ہمیشہ قبائلیوں نے فوج کے شانہ بشانہ کام کیا قبائلی عوام پاکستان کے بلا معاوضہ سپاہی ہیں۔ پاکستان کومحفوظ بنانا ہم سب کا فرض ہے اس فرض کو خوب نبھائیں گے ۔جنوبی وزیر وزیر ستان میں فوجی آپریشن ختم ہو چکا ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو وانا ٹانک روڈ براستہ گومل زام ڈیم کی افتتاحی تقریب اور قبائلی عمائدین کے جرگے سے خطاب کرتے ہوئے کیا افتتاحی تقریب سادہ مگر پروقار انداز میں ہوئی تقریب میں احمدزمئی وزیر ، دوتانی اور سلیمان خیل قبائل کے تین سو عمائدین کے علاوہ علماء کرام اور زندگی سے تعلق رکھنے والے تمام مکتبہ فکر کے لوگوں نے شرکت کی تقریب کا افتتاح باقاعدہ طورپر قرآن پاک کی تلاوت سے ہوا ۔ تلاوت کے بعد چیف آف آرمی سٹاف کو احمد زئی وزیر ملک بسم اللہ نے روایتی پگڑی اور ملک محمد علی توجی خیل نے تلوار پیش کی۔ تقریب کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے چیف آف آرمی سٹاف جنرل پرویز کیانی نے کہاکہ مجھے آج یہاں آنے پر بڑی خوشی ہوئی اور یہاں موجود عمائدین اور علماء کرام کا تہ دل سے شکریہ گزار ہوں ۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنے قبائلیوں پر بڑا فخر ہے کہ انہوں نے ہر آڑے وقت میں پاک فوج کا ساتھ دیا اور دشمن کے ساتھ جنگ کے دوران پاک فوج کے شانہ بشانہ لڑے انہوں نے اپنے خطاب میں مزید کہاکہ پاکستان کی مغربی سرحدیں قبائلیوں کی وجہ سے 1947ء سے محفوظ ہیں اور آئندہ بھی محفوظ رہیں گی اس موقع پر جنرل کیانی نے احمد زئی وزیر قبائل کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہاکہ احمد زئی وزیر قبائل پٹی میں وہ واحد قبیلہ ہے جنہوں نے عظیم قربانیاں دے کر اپنے علاقوں کو پر امن بنایا اور فوج کے ساتھ مکمل تعاون کیا یہ ہم سب کا فرض ہے کہ پاکستان کو محفوظ اور مضبوط بنانے کی حتی الوسیع کوشش کریں گے اور انشاء اللہ انہوں نے مزید کہا کہ قبائل نے راہ نجات آپریشن کے دوران ملک بچانے کیلئے حکومت کا ساتھ دیا اور اپنے علاقے کو محفوظ بنانے کیلئے امن قائم کرنے کا اعلان کیا ۔ انہوں نے کہا کہ یہ پاکستانی فوج آپ کی فوج ہے ہر وقت آپ کو محفوظ اور خوشحال دیکھنا چاہتی ہے قبائل پاکستان کے دست و بازو ہیں ۔ چیف آف آرمی سٹاف جنرل پرویز کیانی نے مزید کہاکہ قبائلی علاقوں میں اتنی ترقی نہیں ہوئی ہے جتنی ملک کے دوسرے حصوںمیں ہوئی ہے ہم قبائلی علاقوں کو ملک کے دیگر علاقوں کے برابر لانا چاہتے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ یہ سڑک ایک سال کے اندر اندرمکمل ہو گئی اور قبائل کیلئے ایک الگ سڑک کی اشد ضرورت تھی اور یہ ان کا دیرینہ مطالبہ بھی تھا اور اس سڑک کی تکمیل کے بعد سب ڈویژن وانا کی سبزیوں اور پھلوں کو ملک کے دوسرے حصوں کو پہنچانے کیلئے شارٹ کٹ راستہ مل جائے گا یہ روڈ ترقی کی جانب شروعات ہیں اس کے بعد یہاں دیرپا ترقی و خوشحالی لانے کیلئے انقلابی اقدامات اٹھانا ہوں گے اس کے بعد وانا ،مکین روڈ پر جلد کام شروع کیا جائے گا انہوں نے کہاکہ مجھے معلوم ہے کہ سب ڈویژن کی زمینیں بہت زرخیز ہیں لیکن پانی کی قلت ہے ۔قلت دور کرنے کیلئے دانہ سمال ڈیم پر دو ماہ کے اندر اندر کام شروع کیاجائیگا گومل زام ڈیم سے ملنے والی بجلی کا فائدہ صرف ساؤتھ وزیرستان کو ہو گا اور ڈیم ایک الگ مین ٹرانسمیشن لائن وانا آئے گی اور موجودہ گریڈ سٹیشن کو عنقریب اپ گریڈ کیا جائے گا اور یہاں دو سو جرنیٹرز لگانے کا پروگرام ہے جس سے یہاں لوڈ شیڈنگ میں کافی کمی آئے گی آخر میں انہوں نے کہا کہ وانا کیڈٹ کالج کی پہلی کلاس آئندہ سال شروع ہو گی۔ انہوں نے بتایا کہ جنوبی وزیرستان سے آپریشن ختم ہو چکا ہے لوگ یہاں امن کے ساتھ رہیں اور پاکستانی فوج کا ساتھ دیں



1 response so far ↓
1 شاہد مسعود احمد // Feb 15, 2010 at 7:36 am
قبائلی عوام کو تعلیم کی سہولتیں دی جائیں اور ترقیاتی کا م کئے جائیں تو یہ ملک و قوم کی بہتر ی میں اھم کام کر سکتے ہیں ھم تو ان کو دھشت گر د ثابت کرنے میں امریکہ سے بھی دو ھاتھ آگئے ہیں آگ اور بارود کے اس کھیل میں نہ پاکستان کے ھاتھ کچھ آئے گا اور نہ قبائلیوں کے پاس کچھ بچے گا۔ چند قبائلی ہیں جو سب کو بدنام کر رہے ہیں اسی طرح چند نام نہاد پاکستانی ہیں جو پاکستان کو تباہ و برباد کرنے پر تلے ھوئے ہیں ورنہ ھم سب کا پاکستان ہے اور ھم سب مسلمان بھائی بھائی ہیں ۔
Leave a Comment