Urdu News-Online Urdu Newspaper

The 3rd Largest Online Urdu Newspaper

Urdu News-Online Urdu Newspaper header image 2
Print This Post Print This Post

جوہری میدان میں ترقی ملکی دفاع ، معاشی ترقی اور قومی خوشحالی کے لیے اہم کردار ادا کرتی ہے ۔ ۔ ۔ سید یوسف رضا گیلانی

February 20th, 2010 by awais · No Comments;  

پاکستان اٹامک انرجی ملک کے دفاع کو ناقابل تسخیر بنانے کے لیے سر گرم ہے ، جوہری پروگرام مکمل حمایت جاری رکھیں گے

خطے کے حالات اور وقت کے تقاضوں کو مد نظر رکھتے ہوئے پاکستان اٹامک انرجی مناسب منصوبہ بندی کے ذریعے دفاعی ضروریات پوری کرے گی

وزیر اعظم کا خوشاب نیوکلیئر کمپلیکس کے دورے کے موقع پر پاکستان کے ایٹمی سائنس دانوں اور انجینئرز سے خطاب

خوشاب۔وزیر اعظم سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ جوہری میدان میں ترقی ملکی دفاع ، معاشی ترقی اور قومی خوشحالی کے لیے اہم کردار ادا کرتی ہے ۔پاکستان اٹامک انرجی ملک کے دفاع کو ناقابل تسخیر بنانے کے لیے سر گرم ہے ، جوہری پروگرام مکمل حمایت جاری رکھیں گے ۔ خطے کے حالات اور وقت کے تقاضوں کو مد نظر رکھتے ہوئے پاکستان اٹامک انرجی مناسب منصوبہ بندی کے ذریعے دفاعی ضروریات پوری کرے گی ۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے گزشتہ روزخوشاب نیوکلیئر کمپلیکس کے دورے کے دوران پاکستان کے ایٹمی سائنس دانوں اور انجینئرز سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر چیئر مین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل طارق مجید، اسٹریٹجک پلانز ڈویژن کے ڈائریکٹر جنرل لیفٹیننٹ جنرل (ر) خالد احمد قدوائی اور پاکستان ایٹمی توانائی کمیشن کے چیئر مین ڈاکٹر انصر پرویز بھی موجود تھے ۔ وزیر اعظم نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میرے لئے یہ امر باعث مسرت ہے کہ میں اس اہم کمپلیکس کا دورہ کر رہا ہوں۔ خوشاب نیوکلیئر کمپلیکس میں ہونے والی ترقی یہاں پر کام کرنے والے سائنس دانوں، انجینئرز ،انتظامیہ اور کارکنوں کی محنت، عزم اور ولولے کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ پاکستان اٹامک انرجی کمیشن نے محنت، جانفشانی اور عمدہ منصوبہ بندی کے ساتھ بغیر کسی بیرونی امداد کے اس منصوبے کو پایہ تکمیل تک پہنچایا جو کہ ایک قابل فخر کامیابی ہے ۔مجھے یقین ہے کہ آپ مستقبل کے منصوبوں کو بھی بھر پور محنت اور بہترین صلاحیتوں سے مقررہ مدت میں بین الاقوامی معیار کے مطابق مکمل کر لیں گے۔ آپ کی بے پناہ لگن، قابل تعریف محنت اور بے مثال صلاحیتوں کی بدولت نہ صرف ملکی دفاع ناقابل تسخیر بن چکا ہے بلکہ جوہری توانائی کے پر امن استعمال کے فروغ کی وجہ سے ملکی معیشت کی ترقی اور توانائی کے مسئلے کے حل میں بھی مدد ملی ہے ۔ انھوں نے کہا کہ جوہری میدان میں ترقی نہ صرف پاکستان کے دفاع او سالمیت کے لئے اہم ہے بلکہ اس کے مثبت اثرات معاشی ترقی اور قومی خوشحالی کے لئے بھی اہم کردار اد کر سکتی ہے۔دفاع پاکستان ایک مقدس فریقہ ہے اور ملکی سالمیت ایک کٹھن ذمہ داری۔ یہ وہ ذمہ داری ہے کہ جسے پاک فوج تن تنہا انجام نہیں دے سکتی۔ اس کو تسلی بخش طریقہ سے انجام دینے کے لئے پاکستانی عوامی اور بالخصوص سائنس دان برادری کی مدد اور بھرپور شمولیت انتہائی ضروری ہے۔ اگرچہ پاکستان کی دفاعی پالیسی کم سے کم قابل اعتماد دفاعی صلاحیت کم سے کم دفاعی صلاحیت کے بنیادی اصول پر منحصر ہے۔ مجھے امید ہے کہ خطے کے حالات اور آنے والے وقت کے تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے پاکستان اٹامک انرجی کمیشن مناسب منصوبہ بندی کے ذریعے اس دفاعی پالیسی کی ضروریات پوری کرتی رہے گی۔ وزیر اعظم نے کہا کہ یہ امر بھی قابل مسرت ہے کہ پاکستان اٹامک انرجی کمیشن نہ صرف دفاع پاکستان کو ناقابل تسخیر بنانے کے لئے سرگرم بلکہ پاکستان معیشت کے دیگر شعبوں مثلاً توانائی، زراعت ، بائیو ٹیکنالوجی اور صحت کے شعبوں میں بھی اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ انھوں نے کہا کہ ہم سب جانتے ہیں کہ پاکستان ایک ترقی پذیر ملک ہے اس ملک کی کثیر آبادی بنیادی سہولتوں سے محروم ہے لیکن اس کے باوجود ہماری قوم نے دفاع اور ایٹمی پروگرام پر آنے والے اخراجات کے لئے ہر طرح کی قربانی دی ہے ۔ میں امید کرتا ہوں کہ آپ لوگ کمیاب وسائل کا بہترین استعمال کرتے رہیں گے اور ملکی دفاع کو مضبوط بنانے کے ساتھ ساتھ ایسے منصوبوں کا بھی آغاز کریں گے جس سے زراعت،توانائی اور صحت کے شعبوں میں پاکستان اٹامک انرجی کمیشن کی صلاحیت اور استعداد سے نمایاں ترقی ممکن ہوسکے اور ملک معاشی طور پر بھی مضبوط و مستحکم ہو۔ انھوں نے کہا کہ پاکستان کی تمام سابقہ حکومتوں نے مسلسل قومی جوہری پروگرام کی سرپرستی کی ہے اور اس میں گرانقدر سرمایہ کاری کی ہے۔ ہماری حکومت بھی اس پروگرام کی مکمل حمایت کرتی ہے اور اس امر پر یقین رکھتی ہے کہ پروگرام ملکی دفاع کا اہم ترین جزو ہے ۔ میرا یہاں یہ کہنا بے جا نہ ہوگا کہ یہ پاکستان پیپلز پارٹی کی حکومت ہی تھی جس نے شہید ذوالفقار علی بھٹو کے زیر سایہ پاکستان کے جوہری پروگرام کا آغاز1972ء میں کیا تھا ۔ ہماری پارٹی نے ہمیشہ اس پروگرام کی آبیاری کے لئے ہر دور میں بھر پور کردار ادا کیا ۔ میں فخر کے ساتھ اپنی حکومت کے اس عزم کو دہرانا چاہتا ہوں کہ ہم اس جوہری پروگرام اور دفاع پاکستان کو اولین ترجیح دیتے ہیں۔ وزیر اعظم نے کہا کہ میں اپنی حکومت کی جانب سے آپ تمام لوگوں کو متواتر کامیابیوں پر مبارکباد پیش کرتا ہوں ۔ خاص کر آپ کی قیادت اور سرکردہ ملازمین کو کہ جن کی بدولت پاکستان کو اپنی سالمیت اور دفاع کی قابل اعتماد صلاحیت ملی ہے۔ میں اس منصوبے پر تمام کام کرنے والے ملازمین کے لئے ایک ماہ کی اضافی تنخواہ کا اعلان کرتا ہوں۔مجھے یقین ہے کہ ا ٹامک انرجی کمیشن کے ملازمین اپنے تمام اہداف کو اپنی جانثاری ، کام سے وابستگی اور حد درجہ مستقل مزاجی کے ذریعے حاصل کر لیں گے اور پاکستان کے لئے کامیابیوں اور کامرانیوں کی نئی تاریخ رقم کریں گے۔قبل ازیں وزیر اعظم سید یوسف رضا گیلانی کو کمپلیکس کے مختلف منصوبوں پر جامع بریفنگ دی گئی ۔ اس موقع پر وزیر اعظم سید یوسف رضا گیلانی نے اسٹریٹجک پروگرام مزید مضبوط بنانے کے حوالے سے مختلف منصوبوں کی منظوری دی ۔ بریفنگ کے بعد وزیر اعظم سید یوسف رضا گیلانی نے کمپلیکس میں جاری منصوبوں کا دورہ کیا۔وزیر اعظم نے خوشاب نیوکلیئر کمپلیکس کے ملازمین کے لیے ایک ماہ کے بونس کا بھی اعلان کیا۔

اس خبر سے ملتی جلتی خبریں دیکھیں

اس خبر پر آپ کچھ کہنا چاہتے ہوں تو نیچے دئے گئے تبصرہ کے خانہ میں لکھ دیجیے اور اگر آپ ہماری اردو نیوز کو مستقل یا غیر مستقل بنیاد پر خبریں ، مضامین ( ان پیج میں ) تصاویر ، آڈیو ، ویڈیو بھیجنا چاہتے ہوں تو ہمیں نیچے دئے گئے ای میل ایڈریس پر بھیجیے۔

urduhome@gmail.com | newsurdu@gmail.com

0 responses so far ↓

  • تبصرہ کریں

Leave a Comment

Englishاردو