زرعی ماہرین نے حالیہ مون سون بارشوں کو فصلوں کیلئے فائدہ مند قرار دیدیا

اسلام آباد ۔ 26 جولائی(اے پی پی ، نیوز اردو ڈاٹ نیٹ) زرعی ماہرین نے حالیہ مون سون بارشوں کو ملک میں پیدا ہونے والی مختلف فصلوں کیلئے فائدہ مند قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان بارشوں کے باعث کپاس، چاول اور گنے کے پیداواری ہدف کو حاصل کرنے میں کامیابی ہو گی۔ پیر کو زرعی ماہرین نے ایک انٹرویو میں کہا کہ جن علاقوں میں مون سون بارشیں معتدل رہیں گی وہاں پر ان بارشوں کا بہت زیادہ مثبت اثر مرتب ہو گا لیکن جہاں پر موسلا دھار بارشوں کی وجہ سے کھیتوں میں پانی کھڑا ہونے کا امکان ہے وہاں پر منفی اثرات بھی مرتب ہو سکتے ہیں۔ زرعی ماہرین نے کہا کہ ملک میں عموماً 20 جولائی تک دھان کی پنیری کاشت کر لی جاتی ہے جن علاقوں میں یہ عمل مکمل ہو چکا ہے وہاں پر ان بارشوں کا بہت زیادہ مثبت اثر مرتب ہونے کا امکان ہے۔ اسی طرح گنے کی فصل پر بھی بارشوں کی وجہ سے مثبت اثر ہو گا کیونکہ گنے کو بھی اس وقت پانی کی زیادہ ضرورت ہے البتہ کپاس کے علاقوں میں زیادہ بارشوں سے فصل کو نقصان پہنچنے کا امکان موجود ہے۔ زرعی ماہرین نے مزید کہا کہ کاشت کاروں کو چاہئے کہ وہ کھیتوں میں پانی کھڑا ہونے کے عمل کا بروقت تدارک کر لیں تو بارشوں کے نقصانات سے محفوظ رہا جا سکتا ہے۔

Share

Leave a Reply