آبی ریلا سجاول میں داخل ہو گیا ‘ سڑکیں اور دیہات زیر آب

ٹھٹہ‘ ٹھٹہ کے قریب دو نہروں میں شگاف اب تک پر نہیں کئے جا سکے۔ آبی ریلا سجاول میں داخل ہو گیا ہے۔ جس سے کئی اہم سڑکیں اور پچیس کے قریب دیہات زیر آب آگئے ہیں۔ کوٹری بیراج میں پانی کی آمد میں بتدریج کمی ہو رہی ہے۔ سجاول کے قریبی گاوٴں امن سومرو، تیلانڑ اور تیمانی میں پانی داخل ہوگیا ہے۔ تیمانی میں تین سو اور دیگر دیہات میں تقریباً دو سو افراد محصور ہیں۔ درجنوں دیہات میں مکینوں نے چھتوں پر پناہ لے رکھی ہے۔ سجاول گرڈ اسٹیشن زیر آب آنے سے میرپور بٹھورو، جاتی، دڑو میں بجلی رات سے معطل ہے۔ٹھٹہ، سجاول، کراچی قومی شاہراہ اور سجاول میرپور بٹھورو حیدرآباد شاہراہ زیرآب آنے سے نیشنل ہائی وے پر ٹریفک معطل ہوگیا ہے۔ دوسری جانب کوٹری بیراج میں چوبیس گھنٹے کے دوران پانی کی سطح میں چون ہزار کیوسک کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ پانی کی آمد نو لاکھ دس ہزار تیرہ کیوسک اور اخراج آٹھ لاکھ ستاسی ہزار پانچ سو اٹھ کیوسک ہوگیا ہے۔ شکارپور کے قریب گوٹھ دڑو کے علاقے زیر آب آنے سے دس دیہات میں سیکڑوں افراد محصور ہوگئے۔ علاقے میں کھانے پینے کی چیزوں اور دیگر ضروریات زندگی کی شدید قلت پیدا ہے۔

Share

Leave a Reply