Urdu News

Urdu News…The 3rd Largest Online Urdu Newspaper

Urdu News header image 4

Entries from November 15th, 2010

مسلم امہ کو درپیش چیلنجز کا مقابلہ صرف اسلام کے اصولوں پر عمل پیرا ہو کر ہی کیا جا سکتا ہے‘ خطبہ حج

November 15th, 2010 · No Comments · مڈل ایسٹ


مکہ مکرمہ ‘ خطبہ حج میں مفتی اعظم الشیخ عبدالعزیز بن عبداللہ نے فرمایا کہ اسلام صرف نظریاتی دین نہیں بلکہ عملی دین ہے، اسلام کا عقیدہ توحید،مسلمانوں کے درمیان تفریق کے خاتمے پر زور دیتا ہے۔میدان عرفا ت میں مسجد نمرہ کے مقام پر حجا ج کرام کو خطبہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے ہمیں بے شمار نعمتوں سے نوازا،ان نعمتوں میں اسلام کی ہدایت ہے ۔انہوں نے کہا کہ مسلم امہ کو درپیش چیلنجز کا مقابلہ صرف اسلام کے اصولوں پر عمل پیرا ہو کر ہی کیا جا سکتا ہے ۔آج دیگر قومیں مسلمانوں کو آپس میں لڑانا چاہتی ہیں لہذا قوموں کے مال ، جان اور عزت کی ذمہ داری حکمرانوں کی ہے ،اسلام دہشت گردی کے خلاف ہے ،آج مسلمانوں کو ظلم اور جبر کا نشانہ بنایا جاتا ہے لیکن انسانیت کے علمبردار امریکا اور یورپ کیوں خاموش ہیں ؟ ان کا کہنا تھا کہ اسلام اعتدال کا دین ہے ،ایک مسلمان کا دل رحمت ، ہمدردی اور تقویٰ سے بھرا ہوا ہوتا ہے ، ایک مسلمان کی عزت اور مال دوسرے پر حرام کر دیا گیا ہے ، جھوٹ ، غیبت اور تمام برائیوں سے منع کیا گیا ہے ۔ حضور صلی اللہ علیہ وسلم نے آخری خطبہ حج میں فرمایا تھا کہ کسی کالے کو گورے پر اور کسی گورے کو کالے پر کوئی برتری حاصل نہیں ۔ تمام مسلمان بھائی بھائی ہیں اور انہیں ایک دوسرے پر رحم کا حکم دیا گیا ہے ۔ قبائل صرف تعارف کیلئے ہیں ،اللہ کے نزدیک ہاتھ سے محنت کر کے کمانے والا اور زیادہ تقویٰ والا بہتر ہیں۔انہوں نے فرمایا کہ آج مسلمانوں کے نوجوانوں کو گمراہ کیا جا رہاہے ،غربت و افلاس سے تنگ نوجوان گمراہی کی جانب گامزن ہیں تاہم حکمرانوں اور عوام کو متحد ہو کر ان مسائل کا مقابلہ کرنا چاہیے ۔ انہوں نے فرمایا کہ ناشکری کرنے والی قوموں پر اللہ عذاب نازل کرتا ہے لہذا مسلمانوں کو شکر ادا کرنا چاہیے ۔ اللہ نے اپنی آخری نبی کی امت کیلئے ہر وقت توبہ کے دروازے کھول رکھے ہیں ۔مفتی اعظم نے کہا کہ کہ آسمانی کتابوں کا نزول، نبیوں کا بھیجنا اللہ کی وحدانیت کو بتانے کیلئے تھا،صدیوں سے انسان کی ہدایت کا سلسلہ جاری ہے۔نبی آخر الزمان کو اللہ نے مکمل شریعت کیساتھ تمام کائنات کیلیے بھیجا، حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم کی لائی گئی شریعت انسانی فطرت کے عین مطابق ہے، انسان کا نفس اسے شر کی طرف مائل کرتا ہے۔ شریعت محمدی صلی اللہ علیہ وسلم میں انسان کی فطری اور مادی ضرورتوں کا خیال رکھا گیا ہے۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے عبادت کا جامع تصور دیا،آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا جس طرح میں نے نماز ادا کی،اسطرح نماز ادا کرو۔،مفتی اعظم شیخ عبدالعزیز آل الشیخ نے مزید کہا کہ اسلام صرف ایک نظریاتی دین نہیں، عملی دین ہے،اسلام کی نظری اہمیت بھی اتنی ہی اہم ہے جتنی عملی اہمیت،اللہ نے جن وانس کوعقل وشعور سے نوازا تاکہ اچھائی،برائی میں تفریق ہو،ہمیں چاہیے کہ ہم ایک دوسرے کا احترام کریں۔

Tags:

مکہ المکرمہ ، خانہ کعبہ کا غلاف تبدیل کردیا گیا

November 15th, 2010 · No Comments · مڈل ایسٹ

غلاف کعبہ ہر سال9 ذی الحج کو تبدیل کیا جاتا ہے، غلاف کعبہ ایک کروڑ ستر لاکھ سعودی ریال کی لاگت سے تیار کیاگیا

مکہ المکرمہ میں خانہ کعبہ کا غلاف تبدیل کردیا گیا ہے ۔غلاف کعبہ ہر سال نو ذی الحج کو تبدیل کیا جاتا ہے جب عازمین حج میدان عرفات میں جمع ہوتے ہیں۔غلاف کعبہ کوکسوت کہا جاتا ہے ۔ آج نو ذی الحجہ کو بعد نماز فجر غلاف کعبہ تبدیل کیاگیا۔ غلاف کعبہ کی تبدیلی میں انتظامیہ اورغلاف کعبہ بنانے والی فیکٹری کے ملازمین نے حصہ لیا۔ غلاف کعبہ ایک کروڑ ستر لاکھ سعودی ریال کی لاگت سے تیار کیاگیا ہے ۔ غلاف کعبہ کی تیاری میں چھ سو ستر کلو گرام خالص سلک استعمال کیا جاتا ہے اور اس پرپندرہ سوکلوگرام سونے کی تاروں سے قرآنی آیات لکھی جاتی ہیں۔ غلاف کعبہ سینتالیس حصوں پر مشتمل ہوتا ہے ۔ ہر حصے کی لمبائی چودہ میٹر ہوتی ہے جبکہ چوڑائی ایک سوایک سینٹی میٹر ہوتی ہے

Tags:

عالمی برادری دہشتگردی کے خلاف جنگ میں ‘‘ ڈومور‘‘ کا مطالبہ نہ کرے

November 14th, 2010 · No Comments · پاکستان


اسلام آباد ۔ وزیر داخلہ رحمن ملک نے کہا ہے کہ پاکستان دہشتگردی کے خلاف جنگ عالمی امن کیلئے لڑ رہا ہے۔ عالمی برادری دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی مدد نہیں کرسکتی تو ‘‘ڈومور‘‘ کا مطالبہ بھی نہ کرے، پاکستان تنہا دہشتگردی سے نبردآزما نہیں ہوسکتا۔ اتوار کو پاکستان ڈویلپمنٹ فورم کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر داخلہ رحمن ملک نے کہا کہ پاکستان نے دہشتگردی کے خاتمے کا پختہ عزم کر رکھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشتگردی کےخلاف جنگ میں پاکستان کو سب سے زیادہ نقصان اٹھانا پڑاہے، عالمی برداری پاکستان کے پچاس ارب ڈالرز کے قرضے معاف کرے ۔رحمان ملک کا کہنا تھا کہ عالمی امن کے لئے پاکستان اور افغانستان کو محفوظ بنانا ضروری ہے۔انہوں نے کہا کہ عالمی برادری جان لے افغانستان اور پاکستان میں امن عالمی امن سے منسلک ہے۔ پاکستان اور افغانستان میں امن ہوگا تو دنیا بھر میں امن ہوگا۔

Tags:

جسٹس اعجاز چودھری لاہور ہائی کورٹ کے نئے چیف جسٹس نامزد

November 13th, 2010 · No Comments · بریکنگ نیوز, پاکستان

اسلام آباد ‘جوڈیشل کمیشن نے لاہور ہائی کورٹ کے سینئر ترین جج جسٹس اعجاز احمد چودھری کو عدالت عالیہ کا نیا چیف جسٹس نامزد کردیا ہے اور اب ان کی توثیق کے لئے یہ معاملہ پارلیمانی کمیٹی کو بھجوایا جائے گا جس کی منظوری کے بعد صدر آصف علی زرداری باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کریں گے انہیں جسٹس خواجہ محمد شریف کی 8 دسمبر کو ریٹائرمنٹ کے بعد نیا چیف جسٹس مقرر کیا جا رہا ہے۔ اعلیٰ عدلیہ میں ججوں کے تقرر کیلئے بنائے گئے جوڈیشل کمیشن کا ان کیمرہ اجلاس آج ہفتہ کے روز یہاں چیف جسٹس اور کمیشن کے چیئرمین جسٹس افتخار محمد چودھری کی صدارت میں ہوا جس میں کمیشن کے دیگر دس ارکان بھی شریک ہوئے

Tags:

پرویز مشرف نے میرظفراللہ جمالی کی طرف سے لگائے الزامات کی سختی سے تردید کر دی

November 12th, 2010 · No Comments · پاکستان


کراچی ‘ سابق صدر پرویز مشرف نے سابق وزیراعظم میرظفراللہ جمالی کی طرف سے لگائے الزامات سختی سے تردید کی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ میرظفراللہ جمالی انھیں غلطیوں سے کیا روکتے وہ خود ان کے حکم پر سب کچھ کرنے کو تیار تھے۔ میر ظفراللہ جمالی نے نجی ٹی وی انٹرویو میں کہا تھا کہ انھوں نے صدر پرویز مشرف کو کئی غلطیوں سے روکا اور۔ صدر مشرف نوٹ پر اپنی تصویر لگانا چاہتے تھے ۔ وائس آف امریکا کو انٹرویو میں سابق صدر نے کہا کہ وہ ایسی حرکت کیسے کر سکتے ہیں۔ جب پرویز مشرف سے پوچھا گیا کہ جمالی پہلے تو ان کی ساری باتیں مانتے تھے اور اب ان کے خلاف بول رہے ہیں تو ان کا جواب تھا کہ شاید میر ظفراللہ جمالی پر نواز شریف کا دباؤ ہے۔

Tags:

سی آئی ڈی دھماکہ ‘ ایف آئی اے نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کر لئے، ملبہ ہٹانے کا کام جاری

November 12th, 2010 · No Comments · پاکستان


کراچی ‘ ایف آئی اے نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کر لئے، ملبہ ہٹانے کا کام جاری ہے۔گزشتہ روزکراچی میں وزیراعلی ہاؤس کے قریب ریڈ زون میں سی آئی ڈی سول لائنز کی عمارت پر دہشت گردوں کے حملے نے شہریوں کو ایک بار پھر خوف اور عدم تحفظ کا شکار کر دیا۔کراچی میں وزیراعلیٰ ہاؤس سے چند گز کے فاصلے پر دہشت گردوں نے بارود سے بھرا ٹرک سول لائنز تھانے میں دھماکے سے اڑا دیاگیا جس سے بیس افراد جاں بحق اور ڈیڑھ سو سے زائد زخمی ہو گئے۔ دھماکے سے پہلے دہشت گردوں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں میں پندرہ منٹ تک دو بدو فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس کے بعد حملہ آوروں نے بارود سے بھرا شہزور ٹرک پولیس اسٹیشن میں دھماکے سے اڑا دیا۔ تھانے کی عمارت دھماکے سے مکمل طور پر زمین بوس ہوگئی اور جائے دھماکا پر پندرہ سے بیس فٹ گہرا گڑھا پڑ گیا۔ سو گز کے اندر مکانات بھی ملبے کا ڈھیر ہو گئے۔ علاقے میں دھول اورمٹی کے بادل چھا گئے۔ دھماکے کی آواز دور دور تک سنی گئی جس سے عوام میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ عینی شاہدین کے مطابق دہشت گردوں نے عمارت میں داخل ہونے سے پہلے گیٹ پر موجود پولیس اہلکاروں سے مقابلہ کیا اور گیٹ توڑ کر سول لائنز کے رہائشی علاقے میں داخل ہوگئے جہاں انہوں نے گاڑی دھماکے سے اڑا دی۔قانون نافذ کرنے والے اداروں نے رات گئے اطراف کی عمارتوں، رہائشی کمپاؤنڈز اور دفاتر کی تلاشی لی اور شواہد اکھٹے کئے اور دھماکے کیلئے استعمال ہونے والے ٹرک کے پرزے بھی اپنے قبضے میں لے لئے۔ وزیر داخلہ سندھ ذوالفقار مرزا، آئی جی سندھ اور سی سی پی او کراچی نے سول لائنز دھماکے کی نوعیت میریٹ ہوٹل اسلام آباد دھماکے جیسی قرار دی۔ پولیس حکام کے مطابق دھماکے میں ایک ہزار کلو گرام بارودی مواد استعمال کیا گیا۔ دھماکے سے جاں بحق ہونے والے بیس افراد کی لاشیں اور ایک سو دس زخمیوں کو جناح اسپتال منتقل کردیا گیا۔ زخمیوں میں بیس خواتین شامل ہیں۔ اٹھائیس زخمی سول اسپتال میں متعدد شدید زخمی آغاخان اسپتال اور پی این ایس شفا میں زیر علاج ہیں۔ جاں بحق ہونے والوں میں انسپکٹر سی آئی ڈی عبدالقادر، سپاہی محمد اکبر اور امجد علی، ایف سی اہلکار سید ساجد حسین اور ساجد علی شامل ہیں۔ صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر صغیر نے گیارہ افراد کی ہلاکت کی تصدیق کر دی ہے۔کراچی میں پہلی بار دہشت گردوں نے ریڈ زون میں قانون نافذ کرنے والے اداروں سے پندرہ منٹ تک دو بدو لڑائی کی، تھانے پر دستی بم پھینکے، راکٹ فائر کئے اور ایک ہزار کلو گرام بارود سے بھرا ٹرک دھماکے سے اڑادیا جس سے شہر میں سیکورٹی کی قلعی کھل گئی۔

Tags:

عراقی پارلیمنٹ نے جلال طالبانی کو دوبارہ ملک کا صدر منتخب کرلیا

November 12th, 2010 · No Comments · مڈل ایسٹ


بغداد ‘ عراقی پارلیمنٹ نے جلال طالبانی کو دوبارہ ملک کا صدر منتخب کرلیاگیا ہے۔عراقی پارلیمنٹ میں ایاد علاوی کی العراقیہ پارٹی کے اسامہ النجیفی کو اسپیکر، اور جلال طالبانی کو صدر منتخب کرلیا گیاہے،اس طرح پارلیمنٹ میں جاری بحران ختم ہوگیا۔منتخب ہونے کے بعد صدر طالبانی نے اپنے خطاب میں پارلے منٹ اراکین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے وزیر اعظم نوری المالکی کودوبارہ وزارت عظمیٰ کے لیئے نامزد کردیا ہے۔

Tags:

جنوبی کوریا میں جی ٹوینٹی کانفرنس ،امریکی صدر براک اوباما بھی پہنچ گئے

November 12th, 2010 · No Comments · دنیا کی خبریں


سیؤل ‘ جنوبی کوریا میں جی ٹوینٹی کانفرنس آج ہورہی ہے۔ امریکی صدر براک اوباما بھی پہنچ گئے۔ دارالحکومت سیول میں ہورہی یہ کانفرنس دو دن جاری رہے گی۔ کانفرنس کا مقصد امیر اور غریب ممالک کے درمیان فرق کو ممکنہ حد تک کم کرنا ہے تاکہ دنیا کو درپیش معاشی بحران سے نجات دلائی جاسکے۔ امریکی صدر براک اوباما نے امید ظاہر کی ہے کہ دنیا بھر کے سربراہان اس مسئلے کا ضرور کوئی حل ڈھونڈ نکالیں گے۔ تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ کانفرنس شاید ہی کسی حل پر پہنچ پائے کیوں کہ تمام ممالک اپنی اپنی وزارت خزانہ کے کیے گئے معاہدوں سے آگے بڑھنے کی کوشش نہیں کریں گے۔

Tags:

سولہویں ایشین گیمز آج سے چین کے شہرگوانگزو میں شروع ہو گئیں

November 12th, 2010 · No Comments · سپورٹس


گوانگزو‘ سولہویں ایشین گیمز آج سے چین کے شہرگوانگزومیں شروع ہورہے ہیں۔ گیمزمیں پینتالیس ممالک کے بارہ ہزارسے زائد ایتھلیٹس اورآفیشلزشرکت کریں گے۔ کئی سال کی محنت اورکروڑں ڈالرزکی انویسمنٹ کے بعد گوانگزوسولہویں ایشین گیمزکی میزبانی کیلئے پوری طرح تیارہے۔ ایشین گیمزچین میں دوہزارآٹھ کے بیجنگ اولمپکس کے بعد کھیلوں کا سب سے بڑا ایونٹ ہے۔ ایک کروڑآبادی والے شہرگوانگزو میں گیمزکیلئے بارہ نئے وینیوزتعمیرکئے گئے ہیں جبکہ اٹھاون وینیوزکی تزئین وآرائش کی گئی ہے۔ ستائیس نومبرتک جاری رہنے والے ایونٹ میں پینتالیس ممالک کے بارہ ہزارسے زائد ایتھلیٹس شرکت کررہے ہیں جوبیالیس کھیلوں میں میڈلزکیلئے قسمت آزمائی کریں گے۔ کرکٹ، ڈانس اسپورت، ڈریگن بوٹ، رولراسپورٹس اورشطرنج کوپہلی مرتبہ ایشین گیمزمیں شامل کیا گیا ہے۔ ایشین گیمزمیں میزبان ملک چین کا چودہ سوچوون رکنی دستہ حصہ لے گا جس میں پینتیس اولمپک گولڈ میڈلسٹ شامل ہیں۔ چین نے دوہزارچھ میں دوحہ میں ہونے والے ایشین گیمزمیں ایک سوچھیاسٹھ طلائی تمغوں سمیت تین سوسولہ میڈلز جیتے تھے۔ گوانگزوایشین گیمزمیں پاکستان کا دوسوبتیس رکنی دستہ سترہ ایونٹس میں حصہ لے گا۔ پاکستان کے کرکٹ، ہاکی، باکسنگ، اسکواش اورریسلنگ میں گولڈ میڈلزجیتنے کے امکانات ہیں۔پاکستان نے گزشتہ ایشین گیمزمیں صرف ایک چاندی اورتین کانسی کے تمغے جیتے تھے۔ ایشین گیمزکی افتتاحی تقریب جمعے کو Xaixinsha Square پرہوگی جس میں صدرپاکستان آصف علی زرداری بھی شرکت کریں گے۔ منتظمین نے گیمزکے دوران ایتھلیٹس کی حفاظت کیلئے سیکورٹی کے سخت انتظامات کئے ہیں

Tags:

جنوبی افریقہ کا پہلے ٹیسٹ میچ میں پاکستان کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ

November 12th, 2010 · No Comments · سپورٹس


دبئی ‘ جنوبی افریقہ نے پہلے ٹیسٹ میچ میں پاکستان کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا ہے۔دبئی میں ہونے والے پہلے ٹیسٹ میچ میں کپتان مصباح الحق جیت کے عزم کے ساتھ میدان میں اترے ہیں۔ جنوبی افریقہ کے خلاف ون ڈے سیریز میں تین دو سے شکست کے بعد قومی ٹیم اب ٹیسٹ سیریز میں پروٹیز کا مقابلہ کررہی ہے۔ٹیم کو چھوڑ کر لندن بھاگ جانے والے وکٹ کیپر ذوالقرنین حیدر کی جگہ کامران اکمل کے چھوٹے بھائی عدنان اکمل کو فائنل الیون میں شامل کرلیا گیا ہے جبکہ ٹیم میں توفیق عمر،اظہر علی، محمد حفیظ، یونس ان، محمد یوسف ،عمر اکمل،وہاب ریاض،عبدالرحمان اور سعید اجمل شامل ہیں۔ ایک سال میں چوتھے ٹیسٹ کپتان بننے والے مصباح الحق کا کہنا ہے کہ اگرچہ پاکستان ٹیم ان دنوں آن اور آف دی فیلڈ مسائل کا شکار ہے لیکن وہ تمام مسائل کو پس پشت ڈال کرپوری قوت کے ساتھ جنوبی افریقہ کا مقابلہ کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ ٹیم کی قیادت کرنے پرفخر محسوس کررہے ہیں اور کوشش کریں گے کہ بہترین کھیل پیش کرکے ٹیم کی کامیابی میں اہم کردار ادا کرسکیں

Tags: