Urdu News

Urdu News…The 3rd Largest Online Urdu Newspaper

Urdu News header image 2

گوجرانوالہ میں سیکورٹی اداروں کے دفاتر پر یکے بعد دیگرے 3دھماکے،4افراد زخمی

February 9th, 2011 · No Comments · بریکنگ نیوز, شہر شہر کی خبریں, پاکستان

ایک بم کو ناکارہ بنا دیا گیا،پولیس نے تمام علاقوں کو سیل کر کے سرچ آپریشن شروع کر دیا
سی آئی اے ہیڈ کواٹر، اسپیشل برانچ دفاتر کے باہر اور پولیس ریسٹ ہاؤس میں دھماکوں کے بعد سیکیورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی
گوجرانوالہ ‘گوجرانوالہ میں سی آئی اے ہیڈ کواٹر، اسپیشل برانچ دفاتر کے باہر اور پولیس ریسٹ ہاؤس میں ہلکی نوعیت کے تین دھماکے ہوئے جس سے4 افراد زخمی ہو گئے جبکہ ایک بم کو ناکارہ بنا دیا گیا،پولیس نے دھماکوں کے بعد تمام علاقوں کو سیل کر کے سرچ آپریشن شروع کر دیا ۔پولیس کے مطابق گوجرانوالہ کے علاقے پیپلز کالونی میں سی آئی اے ہیڈکواٹر کے باہر صبح سات بجے کے قریب پہلا دھماکا ہوا ۔،دھماکے سے سی آئی اے سینٹر کی بیرونی دیوار گر گئی اور اْس جگہ پر گڑھا پڑ گیا۔چند ہی منٹ بعد ڈی سی روڈ پر واقع آر پی او آفس میں اسپیشل برانچ کے دفتر کے باہر بھی دھماکہ ہوا جس سے قریبی عمارتوں کے شیشے ٹوٹ گئے۔ایس پی سول لائن مبشر میکن کے مطابق دونوں دفاتر کی عقبی دیواروں کے باہر پلاسٹک کینز میں دھماکا خیز مواد نصب کیا گیا جس کے پھٹنے سے عمارتوں کو جزوی نقصان پہنچا ہے۔ جبکہ سی آئی اے کی بلڈنگ کے باہر نصب ایک اور بم کو بم ڈسپوزل اسکواڈ نے ناکارہ بنا دیا۔ ریسکیو ٹیمیں اور قانون نافذ کرنے والے ادارے امدادی کارروائیوں کے لئے موقع پر پہنچ گئے۔پولیس کا کہنا ہے کہ دھماکوں میں یامین نامی ایک شہری گردن پر شیشہ لگنے سے شدید زخمی ہوا ہے۔تیسرا دھماکا منیر چوک میں پولیس ریسٹ ہاؤس کی چھت پر ہوا جس سے وہاں سوراخ ہو گیا۔دھماکے کی شدت سے قریبی میڈیکل کمپلیکس میں شیشے ٹوٹنے سے تین افراد معمولی زخمی ہو گئے۔دھماکوں کی اطلاع ملتے ہی پولیس،بم ڈسپوزل اسکواڈ اور ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں۔ پولیس نے علاقوں کو سیل کر کے شواہد اکٹھے کرنا شروع کر دئیے ہیں۔دھماکوں کی آواز پورے شہر میں سنی گئی جس سے خوف و ہراس پھیل گیا اور لوگ گھروں سے باہر نکل آئے۔سی پی او غلام محمد ڈوگر نے جائے دھماکا کا معائنہ کرنے کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ دھماکے معمولی نوعیت کے تھے جن کا مقصد خوف و ہراس پھیلانا تھا۔دھماکوں کے بعد تمام سرکاری عمارتوں میں ریڈ الرٹ کردیا گیا ہے اور تعلیمی اداروں اور شاپنگ پلازہ کے باہر سیکورٹی تعینات کی گئی۔ سیکورٹی کے پیش نظر سی پی او آفس کو خالی کرا دیا گیا۔

Tags: ·

No Comments so far ↓

There are no comments yet...Kick things off by filling out the form below.

Leave a Comment