Entries Tagged as 'بریکنگ نیوز'
حکومتی وکلاء کو آئین کے تحت باقاعدہ سماعت کیلئے جواب دعویٰ داخل کرنے کی ہدایت
۔18 ویں ترمیم کے حوالے سے پارلیمانی آئینی اصلاحاتی کمیٹی اور پارلیمنٹ میںا س پر کی جانے والی بحث کا ریکارڈ بھی طلب
اسلام آباد ‘ سپریم کورٹ آف پاکستان نے پارلیمنٹ سے متفقہ طور پر منظور کی جانے والی 18 ویں ترمیم کے خلاف دائر کی گئی درخواستوں کی سماعت 31 مئی تک ملتوی کرتے ہوئے حکومتی و کلاء کو ہدایت کی ہے کہ وہ آئین کے آرٹیکل 184(3) کے تحت دائر درخواستوں کی باقاعدہ سماعت کے لیے جواب دعوی داخل کرائیں ۔ 18 ویں ترمیم کے خلاف دائر کی گئی درخواستوں کی سماعت چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری کی سربراہی سپریم کورٹ کے 17 رکنی لارجر بینچ نے پیر کے روز کی ۔ چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری کی سربراہی میں لارجر بینچ کے اراکین میں جسٹس جاوید اقبال ، جسٹس میاں شاکر اللہ جان ، جسٹس سید تصدق حسین جیلانی ، جسٹس ناصر الملک ، جسٹس راجہ فیاض احمد ، جسٹس میاں سائر علی ، جسٹس محمود اختر ، شاہد صدیقی ، جسٹس جواد ایس خواجہ ، جسٹس انور ظہیر جمالی ، جسٹس خلجی عارف حسین ،جسٹس رحمت جعفری ، جسٹس طارق پرویز ، جسٹس میاں ثاقب نثار ، جسٹس آصف سعید کھوسہ ، جسٹس غلام ربانی اور جسٹس خلیل الرحمان رمدے شامل تھے۔سپریم کورٹ آف پاکستان کے سترہ رکنی لارجر بینچ نے 18 ویں ترمیم کے خلاف دائر درخواستوں کے خلاف حکومتی وکلاء کے جواب دعوی دائر نہ ہونے کی وجہ سے تمام درخواستوںکی سماعت 31 مئی تک کے لیے ملتوی کردی ہے اور تمام فریقین کو آگاہ کیا ہے کہ آئین کے آرٹیکل 184-3 کے تحت دائر درخواستوں کی سماعت کے لیے جب فریقین کو نوٹس جاری کردئیے جائیں تو ان کے لیے سماعت سے قبل جواب دعوی دائر کرنا ضروری ہے ۔ عدالت نے 18 ویں ترمیم کے حوالے سے پارلیمانی آئینی اصلاحاتی کمیٹی اور پارلیمنٹ میں اس پر کی جانے والی بحث کا ریکارڈ طلب کیا ہے علاوہ ازیں عدالت نے اٹارنی جنرل کو ہدایت کی ہے کہ وہ عوام الناس اور دیگر حلقوں کی جانب سے پارلیمانی آئینی اصلاحاتی کمیٹی کمیٹی کو بھیجی جانے والی 960 تجاویز کی کاپی بھی عدالت کو دی جائے ۔ یہ ہدایت چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری کی سربراہی میں سترہ رکنی لارجر بینچ نے پیر کے رو ز اس وقت جاری کی ہے کہ جب ندیم احمد ملک ایڈووکیٹ کی جانب سے دائر درخواست کے خلاف وفاق کے وکیل ڈاکٹر عبدالباسط سے عدالت نے پوچھا کہ انہوں نے ندیم احمد کی درخواست کے جواب میں جواب دعویٰ داخل کیا ہے یا نہیںجو کہ دائر کیا جانا ضروری تھا اس پر باسط نے عدالت کو بتایا کہ انہوں نے ابھی تک جواب دعویٰ داخل نہیں کیا ہے صرف وکالت نامہ داخل کیا ہے عدالت کو عام نوعیت کی تکنیکی خرابیوں کی بجائے حقائق پر سماعت کرنی ہے اس پر چیف جسٹس نے کہا کہ آپ عجیب بات کررہے ہیں آپ ایک وکیل ہیں آپ کو پتہ ہونا چاہیئے کہ جب کوئی شخص آرٹیکل 184-3 کے تحت درخواست دیتا ہے تو اس کی سماعت کے لیے نوٹس جاری ہونے کے ساتھ ہی مخالف وکیل یا فریق کے لیے یہ ضروری ہو جاتا ہے کہ وہ پہلے جواب دعویٰ داخل کریں بصورت دیگر سماعت ہونے پر درخواست گزار کو جواب دعویٰ کیے بغیر دلائل دینا پڑتے ہیں جو ان کے لیے ایک معذوری سے کم نہیں ہوتا اور بعد میں مخالف وکیل جواب دعویٰ داخل کرنے کا اختیار بھی ختم کرلیتا ہے ا گر انہوں نے جواب دعویٰ داخل کرنا ہے تو بتائیں نہیں تو بھی عدالت کو بتائیں اس پر ڈاکٹر باسط نے کہا کہ وہ جواب دعویٰ داخل کرنا چاہتے ہیں اس کے لیے وقت دے دیں لیکن سماعت جاری رکھیں اس پر عدالت نے مزید سماعت سے انکار کردیا اور کہا کہ پہلے جواب دعویٰ داخل کریں اس پر انہوں نے عدالت سے استدعا کی کہ انہیں کچھ وقت دیا جائے جس پر عدالت نے انہیں 31 مئی تک کے لیے وقت دے دیا علاوہ ازیں عدالت نے ابراہیم ستی ، اٹارنی جنرل مولوی انوار الحق، اوردیگر وکلاء سے بھی کہا کہ وہ اپنے جواب دعویٰ داخل کریں بصورت دیگر وہ بھی بعد میں جواب دعویٰ داخل کرنے کے حق سے محروم ہو جائیںگے عدالت نے مزید سماعت 31 مئی تک کے لیے ملتوی کردی ۔
سپریم کورٹ میں این آر او کے فیصلے کے خلاف وفاق کی جانب سے دائر نظر ثانی کی درخواست کی سماعت
عدالت نے حکومت کو دو ہفتوں کا وقت دیتے ہوئے سماعت 7 جون تک ملتوی کردی
اسلام آباد ‘ سپریم کورٹ آف پاکستان نے این آر او کے فیصلے کے خلاف وفاق کی جانب سے دائر نظر ثانی کی اپیل کا دوبارہ جائزہ لینے کے لیے حکومت کو دو ہفتوں کا وقت دیتے ہوئے مزید سماعت 7 جون تک کے لیے ملتوی کردی ہے۔ چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری کی سربراہی میں قائم سترہ رکنی لارجر بینچ نے نظر ثانی کی درخواست کی سماعت پیر کے روز کی ۔ چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری کی سربراہی میں لارجر بینچ کے اراکین میں جسٹس جاوید اقبال ، جسٹس میاں شاکر اللہ جان ، جسٹس سید تصدق حسین جیلانی ، جسٹس ناصر الملک ، جسٹس راجہ فیاض احمد ، جسٹس میاں سائر علی ، جسٹس محمود اختر ، شاہد صدیقی ، جسٹس جواد ایس خواجہ ، جسٹس انور ظہیر جمالی ، جسٹس خلجی عارف حسین ،جسٹس رحمت جعفری ، جسٹس طارق پرویز ، جسٹس میاں ثاقب نثار ، جسٹس آصف سعید کھوسہ ، جسٹس غلام ربانی اور جسٹس خلیل الرحمان رمدے شامل تھے۔اس دوران ایڈووکیٹ آن ریکارڈ راجہ عبدالغفور پیش ہوئے اور انہوں نے عدالت کو بتایا کہ حکومت نے جس وقت نظر ثانی کی درخواست کی تھی اس وقت اصل آئینی درخواست میں پیش ہونے والے وفاق کے و کیل بیرسٹر کمال اظفر ملک سے باہر تھے اس لیے انہوں نے مسعود چشتی کو دلائل کی اجازت دینے کے لیے درخواست بھی دائر کی تھی اب جبکہ کمال اظفر واپس آچکے ہیں اس لیے حکومت چاہتی ہے کہ مسعود چشتی کی بجائے وہی دلائل دیں اس لیے وہ مسعود چشتی کے حوالے سے دی گئی درخواست واپس لینا چاہتے ہیں اس پر جسٹس خلیل الرحمان رمدے نے کہا کہ وہ پہلے اس بات کا جائزہ لے لیں کیونکہ بعد میں وہ عدالت کو پریشان کرنے کی اجازت نہیں دیںگے کیونکہ جو وکیل ریویو ڈرافٹ کرتا ہے وہی بطور وکیل پیش ہو سکتا ہے ۔ اب جبکہ نظر ثانی کی اپیل مسعود چشتی نے دائر کی ہے تو اس کے لیے دلائل بھی وہی دے سکیں گے اس لیے وہ پہلے اس بات کا جائزہ لے لیں بعد میں درخواست واپس لیں اس دوران کمال اظفر بھی پیش ہوئے عدالت نے انہیں کہا کہ ان کی درخواست پر آفس نے اعتراضات لگائے تھے اور آج وہ اعتراضات کے خلاف دائر حکومتی اپیل بھی سماعت کے لیے لگائی گئی ہے اگر وہ تیار ہیں تو دلائل دے سکتے ہیں بصورت دیگر عدالت ان کی سماعت ملتوی کردے گی اس پر کمال اظفر نے کہا کہ جو اعتراضات کے حامل دو پیرا گراف تھے وہ ا نہوں نے ختم کردئیے تھے اب کوئی اعتراض باقی نہیں رہا ہے تاہم این آر او کے حوالے سے انہیں سوئس حکام کی جانب سے تمام ریکارڈ موصول ہو چکا ہے جس کے صفحات کی تعداد 2300 ہے اور وہ سب فرنچ زبان میں ہیں وہ کسی ماہر کی خدمات حاصل کرنا چاہتے ہیں اور اس کا مطالعہ کرنا چاہتے ہیں اس کے لیے انہیں دو ہفتوں کا وقت دیا جائے انہوں نے عدالت سے مزید کہا کہ ان کے کندھے پر رکھ کر بندوق نہ چلائی جائے وہ عدالت کی عزت کرتے ہیں اور آج عدالت میں پیش ہونے پر فخر محسوس کررہے ہیں تاہم عدالت نے سماعت 7 جون تک کے لیے ملتوی کر دی ۔
Tags: بریکنگ نیوز , پاکستان
بیجنگ۔13 سالہ امریکی شہری نے دنیا کی سب سے اونچی چوٹی ماؤنٹ ایورسٹ سر کرکے سب سے چھوٹے کوہ پیما کا اعزاز حاصل کرلیا۔جورڈن رومیو ماؤنٹ ایورسٹ سر کر سولہ سالہ نیپالی شہری کا ریکارڈ توڑ دیا۔رومیو نے ماؤنٹ ایورسٹ کی چوٹی پر پہنچنے کے بعد سیٹیلائٹ فون کے ذریعے اپنی والدہ سے بات کی۔رومیو کاکہناتھا کہ ماؤنٹ ایورسٹ سر کرنا اس کا خواب تھا۔رومیو نے دنیا کی سات بلند ترین چوٹیاں سر کرنے کا فیصلہ کیا تھا ۔رومیو نے کہا کہ یہ فیصلہ اس نے اپنے اسکول میں لگی بلند چوٹیوں کی پینٹنگز سے متاثر ہوکر کیاتھا۔رومیوچھ بلند چوٹیاں عبور کرچکا ہے اور اب وہ ساتویں اور آخری بلند ترین چوٹی سر کر کے اپنے خواب کو شرمندہ تعبیر کرنے کے لئے پرعزم ہے۔
Tags: بریکنگ نیوز , دنیا کی خبریں , سپورٹس
دبئی سے کرناٹک جانے والا ائر انڈیا کاجہاز لینڈنگ کے وقت تباہ ہوگیا
نئی دہلی ‘ بھارت میں مسافر طیارے کے حادثے میں کم از کم 160 افراد ہلاک ہو گئے ۔ بھارتی میڈیا کے مطابق ائر انڈیا کی پرواز نمبر 892 دوبئی سے کرناٹک کے شہر مینگلور آرہی تھی کہ ہفتہ کی صبح ساڑھے 6 بجے ائرپورٹ پر لینڈنگ کے دوران طیارہ رن سے ہٹ کر کھائی میں جا گرا جس کے بعد اس میں آگ لگ گئی ۔ ایک عینی شاہد کے مطابق لینڈنگ سے پہلے ہی طیارے میں آگ لگ گئی تھی ۔ بھارتی میڈیا کے مطابق واقعہ میں کم از کم 160 افراد ہلاک ہوئے ہیں ۔ طیارے میں عملے کے ارکان سمیت 173 افراد سوار تھے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق 6 سے 7 مسافروں کو بچا لیا گیا ہے ۔ تاہم پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ طیارے میں سوار افراد میں سے کوئی بھی زندہ نہیں بچا
Tags: بریکنگ نیوز , ہندوستان
لاہور۔ لاہور کے علاقے تھانہ ٹبی کے پاس یکے بعد دیگرے پانچ دھماکے ہوئے ہیں ۔ دھماکوں سے قریبی گھروں اور دکانوں کے شیشے ٹوٹ گئے۔زرائع کے مطابق ان دھماکوں میں کسی شخص کے ہلاک ہونے کی اطلاع نہیں مل سکی ہے ۔پولیس کے مطا بق دو د ھما کے سڑک پر جبکہ تین ہیرا منڈی با زار میں ہو ئے ہیں۔دھماکو ں کا مقصد لوگو ں میں دہشت پھیلا نا تھا۔د ھما کے ہلکی نو عیت کے تھے۔
۔۔۔تفصیلی خبر۔۔۔۔
لاہور میں معمولی نوعیت کے 5دھماکے ۔ ۔ ۔ کوئی جانی و مالی نقصان نہیں ہوا
لاہور ‘ لاہور کے مصروف ترین علاقے ٹیکسالی گیٹ کے اندر تھانہ ٹبی میں یکے بعد معمولی نوعیت کے 5دھماکے ہوئے ہیں جس سے علاقے میں شدید و خوف و ہراس پیدا ہو گیا۔ پولیس کے مطابق یہ کریکر دھماکے تھے۔عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ دو موٹر سائیکل سوار آئے تھے جو شاپر میں دھماکہ خیز مواد رکھ کر چلے گئے ۔عینی شاہدین کا کہنا تھا کہ جیسے جیسے یہ موٹر سائیکل سوار آگے بڑھتے گئے اس کے تھوڑی تھوڑی دیر بعد ان علاقوں میں دھماکے ہوتے گئے ۔عینی شاہدین کے مطابق دن کے وقت پولیس کو اطلاع ملی تھی کہ تھانہ ٹبی کے علاقے میں کچھ دہشت گرد چھپے ہوئے ہیں جس کے بعد پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کیا تھا اور شام سے قبل علاقے کو کلیئر کر دیا تھا کہ اس علاقے میں کوئی دہشت گرد نہیں تاہم شام کے فوری بعد رات ساڑھے آٹھ بجے کے قریب علاقے میں یکے بعددیگرے پانچ دھماکے ہوئے دھماکوں سے علاقے میں خوف وہراس پیدا ہو گیا اور اس سے قریبی گھروں اور دکانوں کے شیشے ٹوٹ گئے جس سے چند لوگ زخمی ہوئے ہیں۔ دھماکوں کے فوری بعد بم ڈسپوزل سکواڈ،1122 اور دیگر امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں ایس ایس پی آپریشن شفیق گجر نے میڈیا کو بتایا کہ یہ معمولی نوعیت کے کریکر تھے جس سے کوئی زخمی نہیں ہوا دھماکے کرنے والوں کا مقصد لوگوں میں خوف و ہراس پیدا کرنا تھا انہوں نے کہاکہ دھماکوں کے بعد پولیس نے علاقہ کی ناکہ بندی کر دی ہے اور سرچ آپریشن بھی شروع کر دیا تاکہ دھماکے کرنے والوں کو گرفتار کیا جاسکتے تاہم ابھی تک کوئی گرفتاری عمل میں نہیں لائی جا سکی انہوں نے کہاکہ علاقے کو دوبارہ کلیئر قرار دے دیا گیا ہے تاہم سیکیورٹی کو ہائی الرٹ کردیا گیاہے۔واضح رہے کہ لاہور شہر میں توانائی کی بچت کی مہم کے تحت دکانیں رات آٹھ بجے بند کر دی جاتی ہیں اس لئے جب دھماکہ ہوا تو اس وقت اکثر دکوکانیں بند تھیںجس کی وجہ سے نقصان کم ہواہے ۔اس سے قبل گزشتہ ماہ بھی اسی نوعیت کے دھماکے لاہور کے اقبال ٹاؤن میں ہوئے تھے جس سے کوئی زخمی یا ہلاک نہیں ہوا تھا تاہم اس سے علاقے میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا تھا
Tags: بریکنگ نیوز , پاکستان
قابل اعتراض مواد کے تناظر میں ویب سائٹ یوٹیوب کو بلاک کیا گیا
گستاخانہ خاکوں کے تناظر میں اب تک450 سے زائد انٹرنیٹ رابطے بلاک کئے جاچکے ہیں‘ حکام
اسلام آباد ‘ پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے )نے فیس بک کے بعد جمعرات کو یوٹیوب کو بھی پاکستان میں بلاک کردیا ہے۔ پی ٹی اے کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق قابل اعتراض مواد کے تناظر میں ویب سائٹ یوٹیوب کو بلاک کیا گیا،حکام کے مطابق گستاخانہ خاکوں کے تناظر میں اب تک450 سے زائد انٹرنیٹ رابطے بلاک کئے جاچکے ہیں۔ان ویب سائٹس کی بندش ، آئین پاکستان اور عوام کی خواہشات کے عین مطابق اور ہائی کورٹ احکامات کے تحت ہے۔اعلامیہ کے مطابق فیس بک اور یوٹیوب کے منتظمین کا رویہ ان کی اپنی جاری کردہ پالیسیوں کے برخلاف ہے، اگرمذہبی احترام کی یقین دہانی کرائی جائے تو فیس بک اور یوٹیوب کی انتظامیہ کو رابطوں کے لئے سراہا جائے گا۔
Tags: بریکنگ نیوز , دنیا کی خبریں , پاکستان
مولانا معراج الدین کو جمعرات کی صبح ٹانک میں گولی مار دی گئی
ٹانک ‘ جمعیت العلمائے اسلام فضل الرحمان کے مرکزی راہنما اور سابق ایم این اے مولانا معراج الدین کو نا معلوم مسلح افراد نے فائرنگ کر کے قتل کردیا ۔ جے یو آئی ( ف ) جنوبی وزیرستان کے پریس سیکرٹری مولانا سیف الرحمان کے مطابق مولانا معراج الدین کو نا معلوم مسلح افراد نے جمعرات کی صبح 6 بجے ضلع ٹانک کے علاقے گومل مرتضی میں فائرنگ کرکے قتل کردیا ۔ مولانا معراج الدین جنوبی وزیرستان کے محسود قبائل سے تعلق رکھنے والے 50 رکنی امن کمیٹی کے اہم رکن تھے
Tags: بریکنگ نیوز , پاکستان
کراچی کا امن تباہ کرنے کی سازش کو سختی سے کچل دیا جائے گا
امن و امان کی صورت حال پر وفاقی خفیہ اداروں کوکڑی نظر رکھنے کی ہدایت
وفاقی وزیر داخلہ رحمان ملک کا کراچی کی مخدوش صورت حال پر سندھ حکومت اور اے این پی کے صوبائی صدر سے ٹیلی فونک رابطہ
اسلام آباد ‘ کراچی میں ٹارگٹنگ کلنگ کے مختلف واقعات میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد 25 ہو گئی ہے ۔ وفاقی وزیر داخلہ رحمان ملک نے کراچی میں امن و امان کی مخدوش صورت حال پر گورنر سندھ، وزیراعلیٰ سندھ اوراے این پی کے صوبائی صدر شاہی سید سے فون پررابطہ کیا ہے اور کہا ہے کہ کراچی کا امن تباہ کرنے کی سازش کو سختی سے کچل دیا جائے گا۔کراچی میں فائرنگ کے مختلف واقعات میں 22 افراد کی جانوں کے ضیاع پر وزیر داخلہ نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ معصوم شہریوں کے قاتلوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ وزیر داخلہ نے شہریوں کو پر امن رہنے کی اپیل کرتے ہوئے وفاقی خفیہ اداروں کو کراچی کی صورت حال پر کڑی نظر رکھنے کی ہدایت جاری کر دیں۔ امن و امان کی خراب صورتحال کے باعث رینجرز کے گشت میں بھی اضافہ کر دیا گیا ہے۔ کراچی میں ٹارگٹ کلنگ کے نتیجے میں 25 افراد کی ہلاکت اور21سے زائدزخمی ہونے کے بعد جمعرات کو تعلیمی ادارے بند اور سڑکوں پر ٹریفک معمول سے کم رہی ۔ کراچی کے مختلف علاقوں میں فائرنگ سے25 افراد کی ہلاکت کے باعث شہر بھر کے تمام تعلیمی ادارے بند رہے لیکن اسکول اور کالجز بند رکھنے کا اعلان تاخیر سے کیے جانے کی وجہ سے طلباکی بڑی تعداد اسکول پہنچ گئی۔ طلبا کے مطابق انھیں اسکول بند ہونے کا کوئی علم ہی نھیں تھا۔شہر کی خراب صورتحال کے باعث سڑکوں پر سے ٹریفک معمول سے کم رہی ۔ پبلک ٹرانسپورٹ بھی عام دنوں کے مقابلے میں کم ہے۔ اس صورتحال سے فائدہ اٹھاتے ہوئے رکشہ اور ٹیکسی ڈرائیور منہ مانگے کرائے وصول کررہے ہیں۔
کراچی :شہر میں فائرنگ کا سلسلہ جاری، مزید 2 افراد ہلاک، باپ بیٹے سمیت 5 زخمی
کراچی۔شہر میں جمعرات کو بھی فائرنگ کا سلسلہ جاری رہا جس کے نتیجے میں مزید 2 افراد ہلاک جبکہ باپ بیٹے سمیت 3 افراد زخمی ہوگئے ہیں۔تفصیلات کے مطابق صدر کے علاقے لکی اسٹار کے قریب نامعلوم ملزمان فائرنگ کر کے فرار ہو گئے فائرنگ کی زد میں آکر ایک شخص موقع پر ہی ہلاک ہو گیا۔ نیو کراچی کے علاقے گودھرا میں فائرنگ نتیجے میں ایک شخص ہلاک اور ایک زخمی ہو گیا ہے۔ پاپوش نگر میں فائرنگ کے واقع میں ایک شخص کے زخمی ہوگیا۔ لانڈھی کے علاقے خرم آباد بچہ ہلاک ہوگیا۔ قائد آباد مرغی خانہ کے قریب ایک شخص ہلاک ہوگیا۔ ناظم آباد قلندریہ چوک پر 1 شخص ہلاک جبکہ 2 زخمی ہوگئے۔ شاہ فیصل کالونی میں وائرلیس گیٹ کے قریب نامعلوم افراد کی فائرنگ کی زد میں آکر باپ بیٹا زخمی ہو گئے۔
Tags: بریکنگ نیوز , پاکستان
لاہور‘ فیس بک پر نبی اکرم صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم کے خاکوں کے مقابلے کے خلاف درخواست پرسماعت کے دوران عدالت نے پاکستان میں فیس بک اکتیس مئی تک بند رکھنے کے احکامات جاری کر دئے ہیں۔اطلاعات کے مطابق لاہور ہائی کورٹ میں اظہر صدیق ایڈووکیٹ نے فیس بک کے خلاف درخواست دائر کی تھی جس میں موقف اختیار کیا گیا تھا کہ فیس بک پر نبی اکرم صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم کے گستاخانہ خاکوں کا مقابلہ منعقد کیا جا رہا ہے جس سے عالم اسلام میں تشویش پائی جاتی ہے لہذا اسے فوری طور پر بند کیا جائے ۔اس حوالے سے آج لاہور ہائی کورٹ نے پاکستان ٹیلی کمیونیکشن اور وکلاءکو مشاورت کے لئے ایک گھنٹے کا وقت دیا جس کے بعد مشترکہ طور پر فیصلہ کیا گیا کہ ملک میں فیس بک ویب سائٹ کو بند کر دیا جائے ۔سماعت کے آغاز میں سیکریٹری مواصلات نے اپنے تحریری جواب میں کہا کہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم کے خاکوں والا حصہ فیس پر بلاک کردیا گیا ہے۔ تاہم تکنیکی طور پرپورے فیس بک کوبلاک نہیں کیاجا سکتا۔ عدالت نے درخواست پر فیصلہ سناتے ہوئے کہا کہ اکتیس مئی کو گستاخانہ خاکوں سے متعلق اٹھائے گئے حکومتی اقدامات سے عدالت کو آگاہ کیا جائے۔
۔۔تفصیلی خبر۔۔۔۔
لاہور ہائی کورٹ کا فیس بک ویب سائٹ عارضی طور پر31 مئی تک بند کرنے کا حکم
فیس بک پر نبی اکرم صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم کے گستاخانہ خاکوں کا مقابلہ منعقد کیا جا رہا ہے جس سے عالم اسلام میں تشویش پائی جاتی ہے
مسلم ممالک نے فیس بک پر پابندی لگا دی ہے لیکن پاکستان میں ابھی تک ویب سائٹ کو بند نہیں کیا گیا ‘ درخواست گزار اظہر صدیق
لاہور ‘ لاہور ہائی کورٹ نے فیس بک ویب سائٹ عارضی طور پر31 مئی تک بند کرنے کا حکم دے دیا۔لاہور ہائی کورٹ میں فیس بک پر گستاخانہ خاکوں کے مقابلوں کے خلاف اسلامک لائرز مومنٹ کی جانب سے اظہر صدیق ایڈووکیٹ نے پٹیشن دائر کی گئی تھی۔درخواست میں موقف اختیار کیا گیا تھا کہ فیس بک پر نبی اکرم صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم کے گستاخانہ خاکوں کا مقابلہ منعقد کیا جا رہا ہے جس سے عالم اسلام میں تشویش پائی جاتی ہے لہذا اسے فوری طور پر بند کیا جائے ۔مسلم ممالک نے فیس بک پر پابندی لگا دی ہے لیکن پاکستان میں ابھی تک ویب سائٹ کو بند نہیں کیا گیا جس پر عدالت نے آج نوٹس جاری کرتے ہوئے وزارت مواصلات سے جواب طلب کیا تھا۔ وزارت مواصلات نے بدھ کو عدالت کو بتایا کہ فیس بک پر گستاخانہ خاکوں سے متعلق لنک بلاک کردیئے گئے ہیں تاہم فیس بک کو مکمل طور پر بند نہیں کیا جاسکتا۔مگر لاہور ہائی کورٹ نے فیس بک کو عارضی طور پر بند کرنے کا حکم دے دیا۔عدالت نے درخواست پر فیصلہ سناتے ہوئے کہا کہ31 مئی کو گستاخانہ خاکوں سے متعلق اٹھائے گئے حکومتی اقدامات سے عدالت کو آگاہ کیا جائے۔ دوسری جانب فیس بک پر گستاخانہ خاکوں کے مقابلے کے خلاف ملک بھر میں مختلف تنظیموں نے مظاہرے کئے۔ جماعت اسلامی نےآج 20 مئی کو ملک گیر احتجاج کا اعلان کردیا۔کراچی میں اسلامی جمعیت طلباء نے نمائش چورنگی اورمختار اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن نے کراچی پریس کلب پر احتجاجی مظاہرے کئے۔ مظاہرین نے دھمکی دی کہ مغرب نے شان رسالت میں توہین کا سلسلہ بند نہ کیا تو امریکی سفارتخانے تک مارچ کیا جائے گا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ مسلم ہیکروں کے گروپس نے بھی اس احتجاج میں حصہ لینے کا اعلان کردیا ہے۔
Tags: بریکنگ نیوز , پاکستان
طالبان نے خود کش حملے کی ذمہ داری قبول کرلی،دھماکہ کا ہدف امریکی فو جی قافلہ تھا ‘ ذبیح اللہ مجاہد
کابل ‘ افغانستان کے دارالحکومت کابل میں پارلیمنٹ کے باہر نیٹو کے فوجی قافلہ پرخود کش کار حملے میں کم از کم40 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے جبکہ 4گاڑیاں بھی تباہ ہو گئیں ۔ زخمیوں میں سے بعض کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے ۔طالبان نے خود کش حملے کی ذمہ داری قبول کرلی ہے ،دھماکہ کا ہدف امریکی فو جی قافلہ تھا۔ایک عرب ٹی وی کے مطا بق افغانستان کے دارلحکومت کابل میں منگل کو علی الصبح نیٹو کے فوجی قافلہ پرخود کش کار حملہ کیا گیا، کرمنل انوسٹی گیشن پولیس کے سربراہ عبد الغفور سید زادہ کا کہنا ہے کہ دھماکہ خیز مواد سے بھری گاڑی کا ہدف امریکی فوج تھا تاہم جہاں دھماکہ ہوا وہاں پر افغان سرکاری عمارتیں بھی ہیں جبکہ افغان وزارت داخلہ کے ترجمان زمرے بشرے کا کہنا ہے کہ جہاں پر یہ زوردار دھماکہ ہوا وہاں پر افغان وزارت پانی و بجلی قائم ہے۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق 40 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے ہیں ، اسپتال ذرائع کے مطا بق12 شدید زخمی بھی اسپتال لائے گئے ، پولیس کا کہنا ہے کہ یہ خودکش حملہ امریکی فوج کی گاڑیوں کو نشانہ بنانے کے لیے کیا گیا تھا۔ افغان وزارت داخلہ نے حملے کی تصدیق کرتے ہوئے ہلاکتوں کی تصدیق کی ہے۔ حکام کے مطابق ہلاک ہونے والے افغان شہری ہیں ۔ ادھر دھماکے کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد کا کہنا ہے کہ طالبان نے ہی دھماکہ کروایا اور اس حملے میں 8 بجکر 15 منٹ پرامریکی فوج کی گاڑیوں کو نشانہ بنایا گیا جس سے امریکی فوج کا جانی نقصان ہوا اور گاڑیاں تباہ ہوئیں ۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ امریکی فوجی گاڑیوں کے ساتھ دیگر 13 گاڑیوںکو بھی نقصان پہنچا جو افغان شہریوںکی تھیں
کابل میں خود کش کار بم حملے میں 6ایساف فوجی ہلاک
ایساف کی جانب سے ہلاکتوں پر تشویش، اور حملے کی سخت الفاظ میں مذمت
کابل۔افغانستان کے دارلحکومت کابل میں ایساف پر خودکش کار بم حملے میںایساف کے 6 فوجی اہلکاروں کی ہلاکتوں کی تصدیق ہوگئی ہے۔ایساف نے اپنے فوجیوں پر حملے کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے اور کہا ہے کہ انتہا پسند اسطرح کے اقدامات سے فوج کے حوصلے پست نہیں کرسکتے۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ایساف فوج کی جانب سے ایک بیان جاری ہوا جس میں طالبان نے کابل میں ایساف پر خودکش کار بم حملے میں 6 فوجیوں کی ہلاکتوں کی تصدیق کی ہے۔ ایساف نے مزید تفصیلات بتانے سے انکار اور ایساف فوج پر انتہا پسندوںکی جانب سے حملے کی سخت الفاظ میں مذمت کی اور کہا کہ انتہا پسند افغانستان میں ترقی نہیں چاہتے اور نہ ہی وہ اس طرح کے اقدام سے فوج کے حوصلے پست کرسکتے ہیں ۔
Tags: افغانستان , بریکنگ نیوز
جاں بحق ہونے والوں میں 2 بچے،خاتون اور 4 پولیس اہلکار جبکہ زخمیوں میں ڈی ایس پی کلاچی کا بیٹا بھی شامل ہے
ڈیرہ اسماعیل خان ‘ ڈیرہ اسماعیل خان کے مضافاتی علاقے کچی پائند خان میں پولیس وین پر ریموٹ کنٹرول بم حملے کے نتیجے میں ڈی ایس پی کلاچی اقبال خان مروت سمیت 13 افراد جاں بحق اور ڈی ایس پی کلاچی کے بیٹے سمیت 15 زخمی ہو گئے ۔ ذرائع کے مطابق دھماکہ منگل کی صبح ساڑھے 8 بجے کے قریب ڈیرہ اسماعیل خان سے ڈیڑھ کلو میٹر کے فاصلے پر سڑک پر نصب ریموٹ کنٹرول بم سے اس وقت کیا گیا جب ڈی ایس پی کلاچی کی گاڑی وہاں سے گزر رہی تھی ۔ذرائع کے مطابق ڈی ایس پی کلاچی اقبال خان اپنے دفتر جا رہے تھے کہ بنوں روڈ پر کچی پائند خان کے علاقے میں ان کی گاڑی کے قریب ریموٹ کنٹرول دھماکا کیا گیا جس کے نتیجے میں ڈی ایس پی کلاچی، 2بچوں ،خاتون اور 4 پولیس اہلکاروں سمیت13 افراد جاں بحق اور 15زخمی ہو گئے ۔ امدادی ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر زخمیوں کو ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹراسپتال منتقل کیا ۔ واقعہ کے بعد ہسپتال میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔ بم ڈسپوزل اسکواڈ ذرائع کے مطابق دھماکے میں چار کلو وزنی بارودی مواد استعمال کیا گیا اور بم ایک رکشے میں نصب کیا گیا تھا۔ واقعہ کے بعد پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اورعلاقے کا محاصرہ کر کے ابتدائی تحقیقات کا آغاز کر دیا ۔ واضح رہے کہ چار روز قبل بھی فقیرنی گیٹ پر پولیس ناکے پردستی بم کا دھماکہ ہو اتھا جس میں پولیس اہلکار سمیت دو افراد معمولی زخمی ہوئے تھے۔ڈیرہ اسماعیل خان میں کئی ماہ کے امن کے بعد تخریب کاری کا یہ دوسرا واقعہ ہے۔
ڈیرہ اسماعیل خان ، ریموٹ کنٹرول بم دھماکے میں حاجی مورہ کے رہائشی ایک خاندان کے چار افراد بھی جاں بحق ہوئے
ڈیرہ اسماعیل خان ۔نجف آباد میں ریمورٹ کنٹرول بم دھماکے میں حاجی مورہ کے رہائشی ایک خاندان کے چار افراد بھی جاں بحق ہوئے ۔ تفصیلات کے مطابق ریمورٹ کنٹرول بم دھماکے میں حاجی مورہ کے رہائشی خاندان کے چار بدقسمت افراد بھی جاں بحق ہوئے ۔ان میں محمد یونس‘اسکی بیوی ارشاد بی بی ‘بیٹا ارسلان اور بیٹی ارم شامل ہیں ۔محمد یونس ایکسپریس نیوز چینل پروآ کے نمائندے خرم رضا کے ماموں تھے ۔
ڈیرہ اسماعیل خان ، بم دھماکے کی رپورٹ زخمی کانسٹیبل کی طرف سے نامعلوم ملزمان کے خلاف قتل‘اقدام قتل اور دہشتگردی کی دفعات کے تحت درج کر لی گئی
ڈیرہ اسماعیل خان۔نجف آباد ریمورٹ کنٹرول بم دھماکے کی رپورٹ زخمی کانسٹیبل کی طرف سے نامعلوم ملزمان کے خلاف قتل‘اقدام قتل اور دہشتگردی کی دفعات کے تحت درج کر لی گئی ۔تفصیلات کے مطابقتھانہ کینٹ میں ریمورٹ کنٹرول بم دھماکے کے واقعہ کی رپورٹ ایف آئی آرنمبر 274میں نامعلوم افراد کے خلاف درج کر لی گئی ۔زخمی کانسٹیبل ڈی ایس پی کلاچی ملازم حسین کی رپورٹ پر 302-324-7ATA-3/4EXPppcکے تحت درج کر لی گئی ۔ پولیس ذرائع کے مطابق دھماکے میں گیارہ افراد جاں بحق جبکہ بارہ زخمی ہوئے ہیں ۔ 6سالہ ارم ‘ چار سالہ لائبہ‘ چار سالہ ارسلان اور خاتون ارشاد بی بی بھی جاں بحق ہوئی جبکہ زخمیوں میں ایک خاتون اور دو بچیاں شامل ہیں ۔
بم دھماکے کے بعد پولیس نے داخلی وخارجی راستوں اور ہسپتال کی سیکورٹی سخت کر دی‘ شہر میں سوگ کا عالم
ڈیرہ اسماعیل خان۔پولیس گاڑی کے ریمورٹ کنٹرول بم دھماکے کے بعد پولیس نے داخلی وخارجی راستوں اور ہسپتال کی سیکورٹی سخت کر دی‘ شہر میں سوگ کا عالم۔ تفصیلات کے مطابق تھانہ کینٹ کی حدود میں علاقہ نجف آباد میں ڈی ایس پی کلاچی محمد اقبال مروت کی گاڑی کو ریمورٹ کنٹرول بم دھماکے سے تباہ کرنے کے واقعہ کے بعد ضلع بھر کے داخلی وخارجی راستوں اور ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ٹیچنگ ہسپتال ڈیرہ کی سیکورٹی کو ہائی الرٹ کر دیا ۔پولیس مشکوک افراد کی تلاشیاں لیتی رہی ۔شہر میں واقعہ کے بعد سوگ کا عالم رہا ۔
Tags: بریکنگ نیوز , پاکستان