Urdu News - Online Urdu News Paper

Urdu News, Online Urdu Latest News Pakistan & World Newspaper

Urdu News - Online Urdu News Paper header image 4

Entries Tagged as 'Middle East'

Pages: 1 2 3 4 5 6 7 8 ...233 234 235 Next

اسرائیل اور حماس نے قرار داد مسترد کر دیا ، قرار داد کے باوجود فوجی کارروائی جاری رہے گی، اسرائیل

January 9th, 2009 · No Comments

قراردادمیں فلسطینیوں کے مفادکا خیال نہیں رکھا گیا،حماس

اجلاس میں امریکہ کی عدم شرکت سے اسرائیل پر صحیح دباؤ نہیں ڈالا جا سکا، عرب سفارکاروں کاموقف

نیویارک+غزہ ۔ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے ایک قرار داد کے ذریعے غزہ میں فوری اسرائیلی جارحیت بند کرنے کا مطالبہ کیا ہے تاہم اسرائیل نے قرار داد کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اس کے باوجود اپنے مفاد میں فوجی کارروائی جاری رکھے گا،جبکہ حماس نے بھی قراردادکوفلسطینیوں کے مفاد کے منافی قراردے کر مسترد کردیا ہے۔گزشتہ روز اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے اتفاق رائے سے غزہ میں اسرائیلی حارحیت فوری طور پر جنگ بندکرنے کی منظوری دی ہے جس کے نتیجے میں غزہ کی پٹی سے اسرائیلی فوجوں کا مکمل انخلاء ہونے کی توقع تھی۔قرارداد کے مسودے میں غزہ میں بلارکاوٹ انسانی امداد بشمول خوراک،ایندھن اور طبی سہولیات مہیا کرنے پر زوردیا گیا ہے اورانسانی امداد کی بلاتعطل اورمسلسل فراہمی کے لئے محفوظ راستہ کھولنے اور کوئی دوسرا طریقہ کار اختیارکرنے کا بھی خیر مقدم کیا گیا ہے.تاہم امریکہ جو صہیونی ریاست اسرائیل کا پشتی بان اوربڑا اتحادی ہے قرارداد پر رائے شماری کے وقت اجلاس سے غیر حاضر رہا، تاہم اس نے اس قرارداد کو ویٹوبھی نہیں کیا۔ اس سے پہلے عرب اور مغربی ممالک کے وزرائے خارجہ کے درمیان طویل بحث ومباحثے کے بعد قرارداد کے مسودے پر اتفاق رائے ہواتھا. قرارداد کے حق میں ووٹ نہ ڈال کر امریکا نے ایک مرتبہ پھر اپنے اتحادی اسرائیل کا بھرپورساتھ دیا ہے جس پر بعض عرب سفارتکاروں نے اس خدشے کا اظہار کیا ہے کہ اس سے صہیونی ریاست پرقرارداد کی پابندی کے لئے دباؤ میں کمی ہوسکتی ہے اور وہ امریکا کی پشت پناہی سے فلسطینیوں پر حملے جاری رکھ سکتا ہے۔سفارتکاروں کے مطابق امریکی وزیرخارجہ کنڈولیزارائس نے قرارداد پررائے شماری سے قبل اسرائیلی وزیراعظم ایہود اولمرت اور صدر جارج ڈبلیو بش سے ٹیلی فون پر بات چیت کی تھی۔کنڈولیزارائس نے سلامتی کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امریکا قرارداد کی حمایت کرتا ہے لیکن وہ اس وجہ سے رائے شماری کے وقت اجلاس سے غیر حاضر رہا ہے کہ وہ مصر کی جانب سے ثالثی کی کوششوں کے نتائج دیکھنا چاہتا ہے۔وہ مصر کے صدر حسنی مبارک کی جانب سے اس ہفتے پیش کئے گئے جنگ بندی کے منصوبہ کا حوالہ دے رہی تھیں۔عرب ممالک کے نمائندوں کا اصرار تھا کہ سلامتی کونسل ایک لازمی پابندی کی حامل قرار داد منظور کرے جس کے تحت اسرائیل کو اس بات پرمجبور کیا جائے کہ وہ غزہ میں اپنی جارحانہ فوجی مہم فوری طور پر ختم کردے ۔قراردا د کی منظوری کے بعد اسرائیل نے اسے مسترد کر دیا اور کہا کہ وہ غزہ میں فوجی مشن جاری رکھے گا ۔ اسرائیلی وزیر اعظم ایہود اولمرٹ کے دفتر کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ فوج اسرائیلی شہریوں کے تحفظ کے لئے کارروائی جاری رکھے گی اور اسے جو مشن سونپا گیا ہے ،وہ پوراکرے گی۔اسرائیلی وزیراعظم کا کہنا تھا کہ فلسطینیوں نے جمعہ کو بھی راکٹ فائر کئے ہیں جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ جنگ بندی مطالبہ قابل عمل نہیں ہے.اسرائیلی وزیر خارجہ زیپی لیفینی نے بھی قرار داد کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیل اپنے مفاد میں عمل کرے گا۔زیپی لیفینی نے ایک بیان میں کہا کہ اسرائیل نے ہمیشہ اپنے مفاد میں اقدامات کئے ہیں ۔اب بھی وہ اپنے مفاد میں ایسا کررہا ہے اور مستقبل میں بھی ایسا کرتا رہے گا،اسے اپنے شہریوں کے لئے سکیورٹی کی ضرورت ہے اور اسے اپنا دفاع کرنے کا حق حاصل ہے۔اسلامی تحریک مزاحمت حماس کے ایک ترجمان رافت مورا نے قرار داد پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ قرارداد فلسطینیوں کے بہترین مفاد میں نہیں ہے اس لئے یہ ہمارے بھی مفاد میں نہیں ہے۔ان کا کہنا ہے کہ قرارداد میں فلسطینیوں کی امنگوں اور خواہشات کو ملحوظ خاطر نہیں رکھا گیا

Tags: Middle East , Urdu , Urdu News , World News

غزہ میں اسرائیل اور حماس کے درمیان فائر بندی سے متعلق اقوام متحدہ کی سیکیورٹی کونسل کی قرارد اد کا متن

January 9th, 2009 · No Comments

نیو یارک ۔ غزہ میں اسرائیل اور حماس کے درمیان فائربندی سے متعلق اقوام متحدہ کی سکیورٹی کونسل کی قرارداد نمبر 1860 کا متن حسب ذیل ہے:سلامتی کونسل صورتحال کی نزاکت پر زور دیتے ہوئے فوری اور پائیدار فائربندی کا مطالبہ کرتی ہے جس کا پورا احترام کیا جائے تاکہ غزہ سے اسرائیلی افواج کا مکمل انخلاء ہوسکے۔ سلامتی کونسل پورے غزہ میں انسانی امداد بشمول غذاء ، تیل اور طبی امداد کی بغیر کسی رکاوٹ کے ترسیل اور تقسیم کا مطالبہ کرتی ہے۔ سلامتی کونسل انسانی امداد کی بلا رکاوٹ تقسیم کے لیے انسانی امدادی راہداری اور دیگر طریقہ کار کے قیام اور شروعات کے لیے کی جانے والی کوششوں کا خیرمقدم کرتی ہے۔ سلامتی کونسل رکن ممالک سے اپیل کرتی ہے کہ وہ بین الاقوامی کوششوں کی حمایت کریں جو غزہ میں انسانی اور اقتصادی صورتحال کی بہتری کے لیے کی جارہی ہیں، اور (فلسطینیوں کے لیے اقوام متحدہ کے امدادی ادارے) یو این ڈبلیو آر اے اور ایڈ ہاک رابطہ کمیٹی کو بھی مزید امداد فراہم کریں۔ سلامتی کونسل تمام دہشت گرد کارروائیوں اور شہریوں کے خلاف تمام تشدد اور لڑائیوں کی مذمت کرتی ہے۔ سلامتی کونسل رکن ممالک سے اپیل کرتی ہے کہ پائیدار فائربندی اور امن کی کامیابی کے لیے غزہ میں انتظامات اور گارنٹیوں کی فراہمی کے لیے کوششوں میں تیزی کریں، ہتھیاروں اور بارود کی غیرقانونی منتقلی کو روکنے اور نقل و حرکت اور رسائی سے متعلق سن 2005 کے معاہدے کے تحت فلسطینی انتظامیہ (کے علاقوں) کے درمیان کراسِنگ پوائنٹوں کے مستقل کھولے جانے کو یقینی بنائیںاور اس بارے میں (سکیورٹی کونسل) مصر کے اقدامات اور علاقائی اور عالمی سطح پر اس طرح کے دیگر اقدامات کا خیرمقدم کرتی ہے۔سلامتی کونسل باہمی مفاہمت کی جانب فلسطینیوں کے ٹھوس اقدامات کی حوصلہ افزائی کرتی ہے، (اور) مصر اور عرب لیگ کی مفاہمتی کوششوں کی بھی جن کا ذکر چھبیس نومبر دو ہزار آٹھ کی قرارداد میں ہے، اور جو کہ سن دو ہزار آٹھ کی سکیورٹی کونسل کی قرارداد نمبر 1850 اور اس سے متعلق دیگر قراردادوں سے مطابقت رکھتی ہیں۔ سلامتی کونسل بین الاقوامی برادری اور فریقین سے تازہ اور فوری کوششوں کی اپیل کرتی ہے تاکہ اس علاقے سے متعلق اس وِڑن پر مبنی وسیع تر امن قائم ہوسکے جس کے تحت اسرائیل اور فسلطین دو جمہوری ریاستیں پرامن طور پر تسلیم شدہ سرحدوں کے اندر ساتھ ساتھ رہ سکیں، جن کے بارے میں سن دو ہزار آٹھ کی سکیورٹی کونسل قرارداد نمبر 1850 میں بات کی گئی ہے، (اور سکیورٹی کونسل) عرب امن مہم کو اہم سمجھتی ہے۔ سلامتی کونسل ماسکو میں سن 2009 میں ایک عالمی امن کانفرنس کی فریقین سے مشاورت کے بعد کوارٹیٹ (امریکہ، روس، یورپی یونین اور اقوام متحدہ) کی تجویز کا خیرمقدم کرتی ہے

Tags: Middle East , Urdu , Urdu News , World News

اسرائیلی فوج کی درندگی جاری، مزید 30 فلسطینی شہید ، حماس نے سلامتی کونسل کی جانب سے منظور کئے گئے جنگ بندی کے مسودے کی قرار داد کو مسترد کر دیا

January 9th, 2009 · No Comments

غزہ ۔ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی جانب سے جنگ بندی کی قرار داد کی منظوری کے باوجود غزہ میں اسرائیلی فوج نے درندگی کا ایک مظاہرہ کرتے ہوئے ایک گھر میں پناہ لینے والے 30 افراد کو بمباری کر کے شہید کر دیا۔ ان افراد کو اسرائیل نے اس گھر میں خود پناہ کے لیے رکھا ہوا تھا۔ اقوام متحدہ کے ترجمان کے مطابق اسرائیلی فوج نے 110فلسطینوں کو ایک گھر میں پناہ دی تھی۔ ان افراد کو سیکورٹی کے پیش نظر محفوظ مقامات پر بھیجا جا رہا تھا تاہم چوبیس گھنٹے بعد اسرائیلی فضائیہ نے اسی گھر پر بمباری کر دی جس کے نتیجے میں 30 افراد شہید ہو گئے ۔ عالمی ادارے کا کہنا ہے کہ جاں بحق ہونے والوں میں زیادہ تر بچے تھے ۔ اقوام متحدہ کا کہنا ہے کہ 27 دسمبر سے شروع ہونے والے حملوں میں اسرائیل کی جانب سے یہ بدترین کارروائی تھی۔ ادھر حماس نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی جانب سے منظور کئے گئے جنگ بندی کے مسودے کی قرار داد کو مسترد کر دیا ہے۔ حماس کا کہنا ہے کہ یہ قرار داد فلسطینیوں کے مفاد میں نہیں ہے۔

Tags: Middle East , Urdu , Urdu News

غزہ میں جنگ بندی کی قرار داد منظور ہونے کے بعد اسرائیل کا ایک اور فضائی حملہ ‘ 9 فلسطینی شہید

January 9th, 2009 · No Comments

غزہ ۔ غزہ میں جنگ بندی کی قرار داد منظور ہونے کے بعد اسرائیل نے غزہ میں ایک اور فضائی حملہ کیا ۔ حملے میں شہید فلسطینیوں کی تعداد 9 ہو گئی ۔ اسرائیلی حملوں میں اب تک 800 سے زائد فلسطینی جاں بحق ہو چکے ہیں ۔ شمال غزہ میں اسرائیلی طیاروں نے 5 منزلہ عمارت کو نشانہ بنایا جس سے عمارت میں موجود ایک بچے سمیت 9 افراد جاں بحق ہوئے ۔ ہسپتال ذرائع کے مطابق عمارت کے ملبے سے 7 لاشیں نکال لی گئیں ۔ جمعہ کی صبح اسرائیلی طیاروں نے غزہ میں 20 سے زائد مقامات کو نشانہ بنایا ۔ یہ کارروائی سلامتی کونسل کے اجلاس میں جنگ بندی کی قرار داد منظور ہونے کے بعد کی گئی ۔

Tags: Middle East , Urdu , Urdu News , World News

سلامتی کونسل میں غزہ میں فوری جنگ بندی کی قرار داد منظور ‘ تازہ حملوں میں مزید 20فلسطینی شہید

January 9th, 2009 · No Comments

غزہ میں اسرائیل کے تازہ حملوں میں خواتین اور بچوں سمیت مزید 20فلسطینی شہید ہوگئے

سلامتی کونسل کے 14 اراکین نے قرارداد کے حق میں ووٹ دیا جبکہ امریکہ نے ووٹ نہیں ڈالا

کونسل کے اراکین دونوں طرف کے متاثرین کی حالتِ زار دیکھ کر پریشان ہیں‘ فرا نسیسی وزیرِ خارجہ

لڑائی میں اب تک 765 فلسطینی شہید اور 14 اسرائیلی ہلاک ہو چکے ہیں

ایک گھر میں 12لاشیں پڑی تھیں جن میں 4 زندہ بچے اپنی مردہ ماؤں کے پاس پڑے تھے‘ آئی سی آر سی

نیو یارک۔اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے غزہ میں فوری جنگ بندی کی قرار داد کو منظور کر لیا ہے۔ سلامتی کونسل کے 14 اراکین نے قرارداد کے حق میں ووٹ دیا جبکہ امریکہ نے ووٹ نہیں ڈالا۔ فرانس کے وزیرِ خارجہ بیئرنار کوشنیئر نے کہا کہ کونسل کے اراکین دونوں طرف کے متاثرین کی حالتِ زار دیکھ کر پریشان ہیں۔ادھر غزہ میں اسرائیل کے تازہ حملوں میں مزید 20فلسطینی شہید ہوگئے ہیں جن میں زیادہ تر خواتین اور بچے شامل ہیں ۔قرارداد میں غزہ میں روک ٹوک کے بغیر امدادی سامان کی ترسیل یقینی بنانے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ قرارداد میں ممبر ممالک سے کہا گیا ہے کہ وہ ایسے حالات پیدا کرنے کی کوشش کریں کہ فائربندی کو مستقل بنایا جا سکے۔ ان میں، قرارداد کے مطابق، غزہ میں غیر قانونی طریقے سے اسلحے کی سپلائی کو روکنا بھی شامل ہے۔ تیرہ روز سے جاری اس لڑائی میں اب تک 765 فلسطینی شہید اور 14 اسرائیلی ہلاک ہو چکے ہیں۔ امریکہ کی وزیرِ خارجہ کنڈولیزارائس نے کہا ہے کہ امریکہ نے ووٹ اس لیے نہیں ڈالا کہ وہ پہلے مصر کی طرف سے کی گئی مصالحت کی کوششوں کا نتیجہ دیکھنا چاہتا ہے۔ تاہم انہوں نے کہا کہ ووٹ ڈالے بغیر بھی امریکہ قرارداد کے متن کی حمایت کرتا ہے۔ مغربی اور عرب ممالک کے وزرائے خارجہ تمام دن مذاکرات کرتے رہے ۔دریں اثناء ریڈ کراس کی بین الاقوامی کمیٹی نے اسرائیل پر الزام لگایا ہے کہ وہ غزہ میں فوجی کارروائی سے زخمی ہونے والوں کو وہاں سے نکالنے اور ان کا علاج کرنے کے بین الاقوامی قوانین کے تحت اپنی ذمہ داری پوری کرنے میں ناکام رہا ہے۔ جینیوا کنوینش کی پاسداری کی ذمہ دار تنظیم آئی سی آر سی نے جینیوا میں اپنے صدر دفتر سے جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا ہے کہ اْن کی امدادی جماعتیں کئی دن تک غزہ میں داخل نہیں ہوسکیں اور جب آخر کار وہ وہاں گئیں انہوں نے وہاں بڑی تعداد میں لاشیں، زخمی اور صدمے کا شکار افراد دیکھے جن میں بچے بھی شامل تھے۔’’ بی بی سی‘‘ کے مطابق روائیتی طور پر غیر جانبدار بین الاقوامی ریڈ کراس کی طبی ٹیموں نے جو غزہ میں دیکھا اسے انہوں نے دل ہلا دینے والے مناظر قرار دیا۔ چار دن کی تاخیر کے بعد اسرائیلی فوج نے ریڈ کراس کو غزہ کے جنگ سے متاثرہ علاقوں میں جانے کی اجاز ت گزشتہ روز دی۔ آئی سی آر سی کے ڈپٹی ڈائیریکٹر آپریشنز ڈومینک سٹل ہارٹ نے یہ مناظر بیان کرتے ہوئے کہا کہ ایک گھر میں 12لاشیں پڑی تھیں جبکہ چار بمشکل زندہ بچے اپنی مردہ ماؤں کے پاس پڑے تھے۔ یہ گھر ایک اسرائیلی فوجی چوکی سے محض اسی میٹر کی دوری پر تھا۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ وہاں موجود اسرائیلی فوجیوں کو واضع طور پر علم تھا کہ اِن گھروں میں کیا ہو رہا ہے۔ اسرائیلی فوج نے فلسطینیوں کی ریڈ کراس آئی سی آر سی کو اِس علاقے میں جانے کی درخواست رد کر کے زخمی ہونے والوں کی مدد کرنے کی اپنی ذمہ داری پوری نہیں کی۔ اسرائیلی کارروائی میں اب تک 765 فلسطینی شہید ہو چکے ہیں ۔عام طور پر غیر جانبدار رہنے والی ایک تنظیم کی جانب سے یہ خاصے سخت الفاظ ہیں۔ شاید ریڈ کراس نے اس سے پہلے کبھی بھی اتنا قریب ترین اور واضح اشارہ نہیں دیا کہ اسرائیل غزہ میں جینیوا کنوینشن کی خلاف ورزی کر رہا ہے۔ بین الاقوامی قانون کے تحت حالت جنگ میں مخالفین کی ذمہ داری ہے کہ وہ زخمیوں کا علاج کریں یا ان کا آزاد طبی ٹیموں کے ذریعے علاقے سے انخلاء ممکن بنائیں۔ آئی آر سی کا کہنا ہے کہ یہ واضح ہے کہ اسرائیل اپنی یہ ذمہ داری پوری کرنے میں کم از کم ایک موقع پر ناکام رہا ہے۔ اس سے قبل اقوام متحدہ نے غزہ میں امداد کی فراہمی کا کام روکنے کا اعلان کیا تھا۔ اقوام متحدہ کے مطابق اس کے ایک قافلے پر اسرائیلی ٹینک سے گولہ داغا گیا جس سے دو افراد ہلاک ہوگئے۔ ایک ترجمان نے کہا کہ یو این کی تنصیبات پر کئی حملے کیے گئے ہیں اور اب امداد کی فراہمی اس وقت تک معطل رہے گی جب تک عملے کی حفاظت کی یقین دہانی نہیں مل جاتی۔ اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ وہ اس واقعہ کی تفتیش کر رہی ہے

Tags: Middle East , Urdu , Urdu News , World News