Category Archives: پاکستان

چینی کی قیمتوں میں اضافہ لاہور ہائی کورٹ میں چیلنج کر دیا گیا


لاہور ‘ چینی کی قیمتوں میں اضافے کولاہور ہائی کورٹ میں چیلنج کر دیا گیا۔لاہور ہائی کورٹ میں درخواست گزار اظہر صدیق کی جانب سے دائر کی جانے والی پٹیشن میں کہا گیا ہے کہ چینی کی قیمتوں میں اضافہ کے ذمہ دار وزیر اعظم اوروزیر اعلی پنجاب ہیں۔ انہیں عدالت میں طلب کرکے وضاحت پوچھی جائے۔جبکہ اشیا ضرورت کی قیمتوں کی نگرانی کے لیے مانیٹرنگ اتھارٹی قائم کی جائے۔دوسری جانب وزیرخوراک پنجاب چوہدری عبدالغفور اور چیئرمین ٹی سی پی کے درمیان ملاقات کے بعد پنجاب کو ایک لاکھ میٹرک ٹن چینی سپلائی کرنے کی باضابطہ منظوری دے دی گئی ہے ۔ٹی سی پی روزانہ کی بنیاد پر پنجا ب کو دس ہزار میٹرک ٹن چینی فراہم کریگا۔ صوبائی وزیر خوراک چوہدری عبدالغفور نے کراچی میں میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ ایک لاکھ میٹرک ٹن چینی کی فراہمی کے بعد پنجاب میں چینی کا بحران ختم ہوجائےگا۔

Share

مہنگائی نے عوام کی کمر توڑ دی ، وفاقی حکومت کوئی اقدامات نہیں کر رہی۔نواز شریف


خیر پور ‘ مسلم لیگ (ن) کےقائد میاں نواز شریف نے کہا ہے کہ مہنگائی نے عوام کی کمر توڑ دی ہے اور وفاقی حکومت کوئی اقدامات نہیں کر رہی ۔آج یہاں صوبائی کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم عوام کی خدمت کررہے تھے کہ ایک ڈکٹیٹرنے حکومت کاتختہ الٹ دیا۔انہوں نے کہا کہ ان کی جماعت نظریاتی جدوجہد کررہی ہے اور ہم اصولوں پر کبھی بھی سمجھوتہ نہیں کریں گے ۔میاں نواز شریف کا کہنا تھا کہ حکومت ہمیں امریکا اور آئی ایم ایف سے مذاکرات کے ساتھ ساتھ کسی بھی اہم ایشو پر اعتماد میں نہیں لیتی ۔

Share

چینی کی قیمت کنٹرول کرنا حکومت کاکام نہیں ہے ‘ وفاقی وزیرتجارت امین فہیم


کراچی ‘ وفاقی وزیرتجارت امین فہیم نے کہا کہ چینی کی قیمتین کنٹرول کرنا ان کی وزارت یا ٹریڈنگ کارپوریشن آف پاکستان کا کام نہیں ہے۔ایک نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا ہے کہ ٹی سی پی اقتصادی رابطہ کمیٹی کے احکامات پر عمل کرتی ہے۔ مخدوم امین فہیم نے بتایا کہ پچاس ہزار ٹن چینی مارکیٹ میں پہنچادی گئی ہے جبکہ مزید دو لاکھ ٹن چینی جلد مارکیٹ میں لائی جائے گی۔ دوسری جانب پنجاب کے وزیراعلیٰ شہباز شریف کا کہنا ہے کہ چینی کی درآمد میں تاخیر اضافے کا باعث بن رہی ہے۔یاد رہے کہ پاکستان میں زیادہ تر شوگر ملیں ایم این اے اور ایم پی اے کی ملکیت ہیں جو عوام کو ریلیف دینے کا وعدہ بڑے شدومد سے کرتے ہیں ۔اطلاعات کے مطابق ملک بھر میں شوگر مافیا نے لاکھوں ٹن چینی کا ذخیرہ کر رکھا ہے۔جو اپنی مرضی سے کے ریٹ پر چینی فروخت کر رہے ہیں

Share

عالمی مالیاتی اداروں کو بجلی قیمتوں میں مزید 21فیصد اضافے کی یقین دہانی کرا دی گئی


ملتان(ثناء نیوز)وزارت خزانہ نے رواں مالی سال 2010-11 کے اختتام تک قرضوں کے حصول کے لئے ورلڈ بینک ،ایشیائی ترقیاتی بینک اور آئی ایم ایف کو بجلی کی قیمتوں میں مزید 21فیصد اضافے کی یقین دہانی کرادی ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ یکم اکتوبر کو بجلی کی قیمتوں میں 2فیصد اضافے سے ملک بھرسے 7ارب روپے کی اضافی آمدنی حاصل ہوئی ہے ۔ ذرائع نے بتایا کہ یکم جنوری 2011ء کو بجلی کے یونٹ قیمت میں14فیصد اضافہ کیا جائیگا جس سے 38ارب روپے آمدن ہوگی جبکہ مجموعی طورپر اضافے سے حکومت کو 12ارب70کروڑ روپے کی اضافی آمدن حاصل ہوگی۔

Share

پاکستان میں چینی کا بحران سنگین صورت اختیار کر گیا

بعض شہروں میں چینی کی قیمت 130 روپے کلو ہوگئی

اسلام آباد(ثناء نیوز ) پاکستان میں چینی کا بحران سنگین صورت اختیار کر گیا ہے ۔بعض شہروں میں چینی کی قیمت 130 روپے کلو ہوگئی ہے ۔تفصیلات کے مطابق۔خیبر ایجنسی میں چینی130 جبکہ بنوں میں125 روپے فی کلو فروخت کی جارہی ہے۔اوکاڑہ میں قیمت ایک سو پچیس روپے، جہلم ایک سو دس اور پشاور میں ایک سو پانچ روپے کلو گرام ہو گئی ہے جس سے خریداروں کے منہ کڑوے ہوگئے ہیں۔ مختلف شہروں میں صارفین نے شکایت کی ہے کہ دکاندارمنہ مانگے داموں چینی فروخت کر رہے ہیں۔ مردان اور پشاور میں چینی ایک سو پانچ روپے فی کلو کے حساب سیفروخت کی جارہی ہے۔ بیشتر شہروں کے اتوار بازاروں سے چینی غائب ہے۔ یوٹیلیٹی اسٹورز پر چینی یا تودستیاب نہیں یا رش ہونے کی وجہ سے اس کا حصول ناممکن نظرآتاہے۔ شوگر ڈیلرز کا کہنا ہیکہ چند افراد کو مالی فائدہ پہنچانے کیلئے چینی کی قیمت جان بوجھ کر بڑھائی جارہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ چینی کی ممکنہ قلت کی نشاندہی کرنے کے باوجود متعلقہ وزارت نے چینی درآمد نہیں کی۔ انہوں نے کہا چیف جسٹس چینی کی قیمت میں اضافہ کا نوٹس لیں جبکہ ماہرین معاشیات کا کہنا ہے کہ جب عالمی مارکیٹ میں چینی سستی تھی تو حکومت پاکستان کو درآمدی ٹینڈر جاری کرنے چاہیں تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ چھ ماہ پہلے ہی چینی کے بحران کا خدشہ ظاہر کیا گیا تھا۔ مگر متعلقہ حکام خاموش رہے۔ ۔لاہور اور کراچی میں چینی105،خوشاب میں115راولپنڈی، اسلام آباد اورپشاورمیں 110روپے جبکہ ٹوبہ ٹیک سنگھ میں120روپے میں فروخت ہوئی۔نوشہرہ میں بلیک مارکیٹ میں چینی کی پرچون قیمت120روپے فی کلو تک پہنچ گئی۔ ملک کے بڑے شہروں کی طرح چھوٹے شہروں میں بھی چینی کی قیمتوں میں ہوش ربا اضافے سے عوام سخت پریشان ہیں۔خیبر ایجنسی میں چینی130 جبکہ بنوں میں125 روپے فی کلو فروخت کی جارہی ہے۔نواب شاہ میں چینی کی قیمت15 روپے کے اضافے کے بعد100 روپے کلو تک پہنچ گئی ہے۔میرپور خاص میں بھی قیمتیں دو روز میں بڑھ کر100 روپے تک ہوگئی۔سکھر میں چینی105 سے لے کر107 روپے فی کلو فروخت کی جار ہی ہے۔ملتان میں چینی کی قیمت80 روپے فی کلو سے بڑھ کر ایک سو پانچ روپے تک پہنچ گئی ہے۔فیصل آباد کے شہری علاقوں میں قیمتیں گزشتہ ایک ہفتے کے دوران85 سے بڑھ کر110 روپے تک جا پہنچی ہیں، جبکہ دیہی علاقوں میں115 روپے فی کلو فروخت کی جارہی ہے۔گوجرانوالہ چینی کی قیمتیں 100 روپے سے بڑھ کر ایک سو پانچ روپے ہوگئی ہیں۔ایبٹ آباد اور مانسہرہ میں چینی کی قیمتوں میں اضافے کے بعد چینی کی قیمت83روپے سے بڑھ کر105روپے فی کلو تک پہنچ گئی ہے۔ چارسدہ میں چینی کی نئی قیمت90روپے فی کلو ہے۔

Share

گلگت و بلتستان کے لیے سبسڈائز گندم ملک کے دیگر علاقوں میں فروخت کا انکشاف


گلگت(ثناء نیوز) گلگت و بلتستان کے لیے گندم کی پندرہ لاکھ بوریوں کو ملک کے مختلف علاقوں سے اسلام آباد محکمہ خوراک گلگت و بلتستان کے گوداموں تک پہنچانے اور وہاں سے گلگت و بلتستان کے دیگر علاقوں کی ترسیل میں متعلقہ حکام کی ملی بھگت سے سرکاری خزانے کو ایک ارب دس کروڑ کا نقصان پہنچانے کے علاوہ سبسڈی ریٹ پر گلگت و بلتستان کے لیے 825 روپے فی 100 کلو گرام بوری جعلی کاغذات کے ذریعے پاکستان کے دیگر شہروں میں فلور ملوں کو فروخت کرنے کا انکشاف ہوا ہے ۔’’ثناء نیوز‘‘ کو ملنے والی اہم فائل کے مطابق اوپن ٹینڈر 2 روپے 85 پیسے فی کلو گرام کے حساب سے گلگت و بلتستان تک پہنچانے کے لیے پرائیویٹ کمپنی کے ٹینڈر منسوخ کر کے 5 روپے فی کلو گرام کے حساب سے نیٹکو کو دیا گیا جس کے بعد طے شدہ منصوبے کے مطابق پنجاب سے تعلق رکھنے والے پاکستان پیپلز پارٹی کے ایک اہم رہنما کی پرائیویٹ کمپنی کو تین لاکھ بوری، پنجاب سے تعلق رکھنے والے ملک پرویز نامی شخص کو ضلع غذر کے کوٹے سے تین لاکھ بوری، سابق چیف سیکرٹری کے عزیز کو ڈیڑھ لاکھ بوری اور دیامر سے تعلق رکھنے والے سیف الدین کو دو لاکھ بوری لے جانے کا ٹھیکہ دیا گیا ہے ۔ پرائیویٹ ٹرانسپورٹ کمپنیوں اور منظور نظر لوگوں کو نوازنے کے لیے 15 لاکھ بوریاں تقسیم کی گئیں۔ پرائیویٹ ٹرانسپورٹ کمپنیوں کے مالکان اور دیگر کنٹریکٹرز نے محکمہ خوراک کے اسسٹنٹ سول سپلائی آفیسر کے ساتھ ملی بھگت کرکے جعلی کاغذات تیار کروائے۔ ان کاغذات میں اسسٹنٹ سول سپلائی آفیسر نے گندم کی بوریوں کو گلگت و بلتستان کے مختلف گوداموں میں وصول کی رسیدیں نیٹکو کے سب کنٹریکٹرز کو تھما دی تھیں جبکہ گلگت وبلتستان کے لیے 825 روپے سبسڈی ریٹ پر لنے والی گندم جو کہ سوات ، سپلائی کے اعلیٰ نظام ،اسسٹنٹ سول سپلائی آفیسر اور نیٹکو کے سب کنٹریکٹرز کی ملی بھگت سے 2500 روپے فی بوری کے حساب سے ملک کے دیگر حصوں میں فروخت ہو رہی ہیں یوں تقریباً 1800 روپے فی بوری کے حساب سے اس دھندے میں ملوث مافیا منافع کما رہا ہے

Share

افغان پشتون قبائل حکومت کے ساتھ مذاکرات نہ کریں ورنہ قتل کر دیئے جائیں گے ، طالبان کی دھمکی


کابل (ثناء نیوز ) طالبان نے افغانستان کے پشتون قبائل کو دھمکی دی ہے کہ وہ افغان حکومت کی جانب سے امن مذاکرات کی دعوت کو قبول نہ کریں اگر انہوں نے مذاکرات میں شمولیت اختیار کی یا دعوت قبول کی تو انہیں قتل کر دیا جائے گا ۔ طالبان کے رہنما نے نام نہ بتانے کی شرط پر بتایا کہ کرزئی حکومت اور طالبان کے درمیان مذاکرات کی خبریں انہوں نے ریڈیو پر سنی ۔ ان کا کہنا تھا کہ طالبان کا کوئی گروہ بھی افغان حکومت کے ساتھ مذاکرات میں ملوث نہیں ۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ کوئٹہ شوریٰ سے مل کر آئے ہیں وہاں بھی کوئی افغان حکومت کے ساتھ امن مذاکرات کا حصہ نہیں لیکن انہوں نے کہا کہ اگر کوئی افغان پشتون قبائل حکومت کے ساتھ مذاکرات میں شمولیت اختیار کرتا ہے تو انہیں خطرناک نتائج بھگتنا پڑیں گے اور انہیں قتل کا نشانہ بنایا جائے گا ۔

Share

وزیر اعظم کا اسلام آباد یکساں نظام تعلیم کے نفاذ کا اعلان


وفاقی دارالحکومت میں فیڈریشن پبلک سکول اور ماڈل یونیورسٹی قائم کی جائے گی
اساتذہ کی پوسٹوں کو اپ گریڈ ، چارج الاونسز میں اضافہ اور طلبا و اساتذہ کو ٹرانسپورٹ کی سہولت فراہم کرنے کے اعلانات
اٹھارویں ترمیم کے تحت نصاب کی تیاری کے حوالے سے وزارت تعلیم اپنی تجاویز سے مشترکہ مفادات کونسل کو آگاہ کر سکتی ہے
اسلام آباد میں تعلیمی کانفرنس سے خطاب

اسلام آباد (ثناء نیوز ) وزیر اعظم سید یوسف رضا گیلانی نے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں فیڈریشن پبلک سکول اور ماڈل یونیورسٹی کے قیام کا اعلان کر دیا ۔اسلام آباد میں یکساں نظام تعلیم رائج کرنے کا اعلان ۔ وزیر اعظم نے وزارت تعلیم کو وزارت خزانہ کی معاونت سے اسلام آباد میں اساتذہ کی پوسٹوں کو اپ گریڈ کرنے اور چارج الاؤنسز میں اضافے سے متعلق سفارشات تیار کرنے کی بھی ہدایات کیں ۔ وزیر اعظم نے اسلام آباد کے تمام سکولوں و کالجز کو ماڈل اداروں کا درجہ دے دیا ان کو ماڈل تعلیمی اداروں کا نام دیا گیا ہے ۔ ان خیالات کا اظہار وزیر اعظم نے پیر کو کنونشن سنٹر اسلام آباد میں تعلیمی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ وزیر اعظم نے کہا کہ تعلیمی نصاب کو قومی امنگوں سے ہم آہنگ کیا جائے گا ۔ انہوںنے کہا کہ 18 ویں ترمیم کے حوالے سے یہ ذمہ داری صوبوں پر عائد ہوگئی ہے ۔ اس ضمن میں وفاقی وزارت تعلیم اپنی تجاویز کے حوالے سے مشترکہ مفادات کو نسل اور وزارت صوبائی کی رابطہ سے رجوع کیا جا سکتا ہے ۔ حکومت آئین پر عملدرآمد کرے گی ۔ وزیر اعظم سید یوسف رضا گیلانی نے حکومت ، امراء اور غرباء میں مختلف شعبوں بالخصوص تعلیمی شعبے کے حوالے سے فرق کو ختم کرنا چاہتی ہے ۔ ہماری پالیسیوں کا محور عام آدمی کی ضروریات کو پورا کرنا ہے ۔ ہم ہر سطح پر امتیازات کا خاتمہ چاہتے ہیں ۔ انہوںنے اسلام آباد میں تمام سکولوں و کالجز کو ماڈل اداروں کا درجہ دینے کا اعلان کیا ۔وزیر اعظم نے کہا کہ تعلیم کے فروغ میں اساتذہ کا کلیدی کردار ہے ۔ وزیر اعظم نے اساتذہ کی پوسٹ کو اپ گریڈ کرنے اسلام آباد کے تعلیمی اداروں کے سربراہوں اور پرنسپلز کے چارج الاونسز میں اضافہ کی تجاویز سے اصولی طور پر اتفاق کیا۔ وزیر اعظم نے کہا کہ وزارت خزانہ کے ذریعے اس ضمن میں تفصیلات کو حتمی شکل دی جائے گی ۔ وزیر اعظم نے وزارت تعلیم کو سی ڈی اے کے تعاون سے اسلام آباد کے تعلیمی اداروں بالخصوص اسلام آباد کے دیہی علاقوں سے تعلق رکھنے والے اساتذہ اور طلبا کو ٹرانسپورٹ کی سہولت کی فراہم کرنے کی ہدایت کی ۔وزیر اعظم نے وزارت کو اسلام آباد میں فیڈریشن پبلک سکول اور ماڈل یونیورسٹی کے قیام کا جائزہ لینے کی بھی ہدایت کی ۔ ماڈل یونیورسٹی سے اسلام آباد کے گریجویٹ و پوسٹ گریجویٹ کالجز کا الحاق ہو سکے گا ۔ وزیر اعظم نے اساتذہ برادری کو یقین دہانی کرائی کہ حکومت اساتذہ کی باوقار سماجی حیثیت پر یقین رکھتی ہے۔انہیں ملازمتوں کے حوالے سے بہتر سے بہتر سہولیات فراہم کی جائیں گی ۔اسلام آباد میں یکساں نظام تعلیم کا اعلان کیا گیا ہے اور شام کی کلاسیں ختم کر دی گئیں ہیں ۔

Share

پاکستانی وکٹ کیپر ذوالقرنین حیدر لاپتہ ہوگئے


دبئی ‘ پاکستانی کرکٹ ٹیم کے وکٹ کیپر ذوالقرنین حیدر دبئی میں آخری ون ڈے میچ سے پہلے ہی پراسرار طور پر لا پتہ ہو گئے ہیں ۔اطلاعات کے مطابق دبئی میں اسٹیڈیم پہنچنے پر وکٹ کیپر ذوالقرنین حیدر ٹیم کے ساتھ نہیں تھے۔اور سکیورٹی آفیسر کرنل(ر)نجم وکٹ کیپر ذوالقرنین کوتلاش کرتے رہے ۔جبکہ ایک نجی ٹی وی کے زرائع کا کہنا ہے کہ ذوالقرنین حیدر صبح ساڑھے چھ بجے سے ہو ٹل کے کمرے میں نہیں تھے اور انہیں آخری بار ساڑھے چھ بجے ہوٹل سے باہر نکلتے دیکھاگیا تھا جس کے بعد وہ پرسرار طور پر غائب ہوگئے ہیں

Share

پاکستان میں ذوالحج کا چاند نظر آ گیا


اسلام آباد ‘ پاکستان میں ذوالحج کا چاند نظر آگیا ہے لہذا عیدالضحیٰ سترہ نومبر بروز بدھ کو منائی جائے گی ۔ آج یہاں چاند دیکھنے کیلئے رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس چیئرمین مفتی منیب الرحمان کی زیر صدارت منعقد ہوا ۔ رویت ہلال کمیٹی کے چیئرمین مفتی منیب الرحمان نے پاکستان کے مختلف علاقوں میں چاند نظر آنے کا باقاعدہ اعلان کر دیا ہے۔لہذا عیدالضحیٰ سترہ نومبر بروز بدھ کو منائی جائے گی

Share