Category Archives: دنیا کی خبریں

بھارت کا بیلسٹک میزائل کو مار گرانے کی صلاحیت رکھنے والے میزائل کا تجربہ

نئی دہلی ۔ 26 جولائی(اے پی پی ، نیوز اردو ڈاٹ نیٹ)بھارت نے پیر کو بیلسٹک میزائل کو مار گرانے کی صلاحیت رکھنے والے میزائل کا تجربہ کیا۔ بھارتی ٹی وی چینل کی رپورٹ کے مطابق میزائل ریاست اڑیسہ کے ساحلی علاقہ سے فائر کیا گیا۔ رپورٹ کے مطابق ہدف میزائل زمین سے زمین پر مار کرنے والے پرتھوی کو ایک موبائل لانچر سے صبح 10 بجکر 5 منٹ پر فائر کیا گیا۔ اس مقام سے 70 کلومیٹر دور نصب اے اے ڈی نامی انٹر سپیئر میزائل کو چند منٹ بعد ریڈار اطلاع ملتے ہی فائر کر دیا گیا۔ مقامی طور پر تیار کئے جانے والے اور آواز سے کہیں زیادہ تیز رفتار اس میزائل نے پرتھوی میزائل کو راستے میں نشانہ بنایا۔ رپورٹ کے مطابق انٹر سپیئر میزائل زمین سے فراہم کئے جانے والے ڈیٹا اور کمانڈ کے تحت کام کرتا ہے۔

Share

برطانیہ میں ہر چوتھا بچہ پاکستانی یا بھارتی گھرانے میں جنم لیتا ہے۔ سروے رپورٹ

لندن ۔ 26 جولائی (اے پی پی ، نیوز اردو ڈاٹ نیٹ) برطانیہ میں ہر چوتھا بچہ پاکستانی یا بھارتی گھرانے میں جنم لیتا ہے۔ بھارتی اخبار ساؤتھ ایشیاء میں شائع ہونے والی سروے رپورٹ کے مطابق برطانیہ میں پیدا ہونے والے ایک چوتھائی بچے تارکین وطن کے خاندانوں میں جنم لیتے ہیں جن میں زیادہ تعداد پاکستانی اور بھارتی خاندانوں کی ہے۔ رپورٹ کے مطابق دس سال میں تارکین وطن ماؤں کے ہاں بچوں کی پیدائش کی شرح 13.6 سے بڑھ کر 24.7 ہو گئی ہے۔ سال 2009ء میں گذشتہ برسوں کی نسبت بھارت، پاکستان اور پولینڈ میں 3500 زیادہ بچوں کی پیدائش کے ساتھ یہ تعداد 170.834 سے بڑھ کر 174.400 ہو چکی ہے۔ برطانیہ میں شرح آبادی میں اضافہ کا بڑا عنصر تارکین وطن کے ہاں پیدائش ہے۔

Share

شادی کی تقریب میں فائرنگ سے کمسن بچی جاں بحق

چیچہ وطنی۔26 جولائی(اے پی پی ، نیوز اردو ڈاٹ نیٹ)شادی کی تقریب میں باراتی کی فائرنگ سے کمسن بچی جاں بحق جبکہ اسکی بڑی بہن شدید زخمی ہوگئی۔ پولیس کے مطابق گاؤں21،چودہ ایل میں مشتاق احمد وہنیوال کی شادی تھی کہ بارات کی روانگی کے موقع پر ایک مہمان ذوالفقار ولد صالح محمد ساکن255گ ب (ماموں کانجن) نے اظہار مسرت کے طور پر اسلحہ سے فائرنگ شروع کردی جس سے بارات کو دیکھنے والی دو کمسن بہنیں 8سالہ پٹھانہ بی بی اور10سالہ زاہد ہ بی بی دخترلال محمد گولیاں لگنے سے شدید زخمی ہوگئیں۔ دونوں کو فوری طور پر تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں پٹھانہ بی بی زخموں کی تاب نہ لاکر چل بسی،مضروبہ زاہد ہ کا علاج معالجہ جاری ہے،ملزم جائے واردات سے فرار ہوگیا،پولیس شاہکوٹ نے مقتول بچی کی نعش پوسٹمارٹم کے بعد تدفین کیلئے ورثا کے حوالے کردی ہے،ملزم کیخلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔

Share

لیبیا نے جنوبی کوریا میں اپنا سفارتی مشن بند کردیا

سیؤل۔ 26 جولائی (اے پی پی ، نیوز اردو ڈاٹ نیٹ) لیبیا نے جنوبی کوریا میں اپنا سفارتی مشن بند کردیا۔ جنوبی کوریا کی وزارت خارجہ نے ایک بیان مین اس بات کی تصدیق کی ہے کہ لیبیا نے سیؤل میں اپنا ڈی فیکٹو سفارتخانہ اور اقتصادی تعاون کا مرکز بند کردیا ہے تاہم اس اقدام کی کوئی وجہ نہیں بتائی۔ بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ لیبیا کی حکومت نے سفارتی مشن بند کرنے سے قبل جنوبی کوریا کی حکومت کو باضابطہ طورپر مطلع نہیں کیا۔ دونوں ممالک کے درمیان 1980ء میں سفارتی تعلقات قائم ہونے کے بعد اقتصادی اور تجارتی تعاون میں تیزی سے اضافہ ہوا تاہم حال ہی میں لیبیا کی طرف سے جنوبی کوریا کے تعلیمی اداروں میں پڑھائے جانے والے نصاب میں لیبیا کے خلاف تعصب پر مبنی مواد کی شکایت کے بعد دونوں ممالک میں کشیدگی کا سبب بن گئی ہے۔

Share

قندھار میں بس حادثہ میں 26 افراد جاں بحق ، 22 زخمی

قندھار ۔ 26 جولائی(اے پی پی ، نیوز اردو ڈاٹ نیٹ) افغانستان کے جنوبی صوبہ قندھار میں ایک بس کے حادثہ میں 26 افراد جاں بحق اور 22 زخمی ہوگئے۔ قندھار ٹریفک ڈائریکٹر کرنل محمد اللہ خان کے مطابق بدقسمت بس پیر کی صبح قندھار سے کابل کیلئے روانہ ہوئی۔ قندھار شہر سے باہر دامن ضلع میں تیز رفتار بس ایک سپیڈ بریکر پر رفتار آہستہ نہ ہونے کے بعد حادثہ کا شکار ہوگئی۔ عینی شاہدین کے مطابق حادثے کے دوران بس ہوا میں اڑتی ہوئی دور جاگری جس کے بعد اس نے کئی قلابازیاں کھائیں۔

Share

کولمبیا کے حملے کی صورت میں امریکہ کو تیل کی سپلائی معطل کردیں گے۔ وینزویلا

کراکس ۔ 26 جولائی (اے پی پی ، نیوز اردو ڈاٹ نیٹ)وینزویلا کے صدر ہوگو شاویز نے کہا ہے کہ کولمبیا کے حملے کی صورت میں امریکہ کو تیل کی سپلائی معطل کردیں گے۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق دارالحکومت کراکس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وینزویلا کے صدر نے کہا کہ وینزویلا پر کولمبیا کی جانب سے فوجی کارروائی کی جا سکتی ہے اور حملہ کی صورت میں امریکہ کو تیل کی سپلائی بند کردی جائے گی۔ دوسری جانب امریکی حلیف ملک کولمبیا نے ایسی تصاویر نقشے اورویڈیو فلمیں پیش کی ہیں جن میں وینزویلا کے علاقے میں کولمبیا کے باغی گروپوں کے تربیتی کیمپ دکھائے گئے ہیں ۔ واضح رہے کہ دونوں ملکوں کے درمیان سفارتی تعلقات جمعرات کے روز سے کشیدہ ہیں۔

Share

گرمیوں میں افغان جنگ خوفناک صورت اختیار کر سکتی ہے۔ ایڈمرل مائیک مولن کا انتباہ

افغان طالبان کا مشرقی صوبہ نورستان کے ضلع برگ متل پر قبضہ

کابل ۔ 26 جولائی (اے پی پی ، نیوز اردو ڈاٹ نیٹ)طالبان جنگجوؤں نے صوبہ نورستان کے ضلع برگ متل پر قبضہ کر لیا جبکہ دوسری جانب اعلیٰ امریکی عہدیدار نے خبردار کیا ہے کہ گرمیوں میں افغان جنگ خوفناک صورت اختیار کر سکتی ہے۔ غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق افغان وزارت داخلہ کے ترجمان نے بتایاکہ طالبان جنگجوؤں نے مشرقی صوبہ نورستان کے ضلع برگ متل پر شدید جھڑپ کے بعد قبضہ کر لیا ہے۔ ترجمان نے بتایا کہ برگ متل سے طالبان کو بے دخل کرنے کیلئے سیکورٹی فورسز کی تازہ کمک بھیج دی گئی ہے۔ دریں اثناء کابل میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے امریکی فوج کے چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف ایڈمرل مائیک مولن نے امریکی فوجیوں کے لاپتہ ہونے کو غیر معمولی صورتحال قرار دیا۔ انہوں نے خبردار کیا کہ مستقبل میں مزید سنگین واقعات رونما ہو سکتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ لاپتہ امریکی فوجیوں کی تلاش کیلئے ہرممکن کوششیں کی جا رہی ہیں۔نیٹو کے ترجمان نے طالبان کی جانب سے دو امریکی فوجیوں کو زندہ پکڑنے کے دعویٰ پر تبصرہ سے گریز کیا۔ ترجمان نے صوبہ ہلمند کے ضلع سنگین میں نیٹو کے حملہ سے عام شہریوں کی ہلاکت کے سوال پر کہا کہ انہیں اس امر کی اطلاع ملی ہے، تصدیق کے بعد ہی ردعمل ظاہر کریں گے۔ سنگین سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق نیٹو کے حملہ میں درجنوں عام شہری ہلاک و زخمی ہوئے ہیں۔ مائیک مولن نے مزید کہاکہ افغانستان میں اگلے ماہ انتہائی مشکل ہوں گے، وہ کامیابی کا دعویٰ نہیں کر رہے لیکن اس جانب متواتر پیشرفت جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسے یقین ہے کہ منزل اب بھی قابل حصول ہے اور اس کا ثبوت اگلے ماہ کی کارروائیاں ہوں گی کہ ان میں کیا واقعات رونما ہوتے ہیں۔

Share

افغانستان میں طالبان نے لاپتہ 2 امریکی فوجیوں میں سے ایک کی ہلاکت کی تصدیق کر دی

کابل ۔ 25 جولائی (اے پی پی) افغانستان میں طالبان نے لاپتہ ہونے والے دو امریکی فوجیوں میں سے ایک کی ہلاکت کی تصدیق کر دی جبکہ دوسرے کو گرفتار کر لیا۔ افغانستان کے صوبہ لوگر میں طالبان کے ترجمان زبیح اﷲ مجاہد نے بتایا کہ یہ لاپتہ امریکی فوجی گذشتہ روز عسکریت پسندوں کے ساتھ فائرنگ کے تبادلہ میں مارا گیا جبکہ دوسرے کو گرفتار کرنے کے بعد محفوظ مقام پر منتقل کر دیا گیا۔ اس سے قبل دونوں امریکی فوجی گذشتہ کئی روز سے لاپتہ تھے۔

Share

مرکزی جاپان میں ریسکیو ہیلی کاپٹر گر کر تباہ، پائلٹ سمیت 5 افراد ہلاک

ٹوکیو ۔ 25 جولائی(اے پی پی ، نیوز اردو ڈاٹ نیٹ)جاپان کے دارالحکومت ٹوکیو کے شمال مغرب میں ریسکیو ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہو گیا جس کے نتیجہ میں پائلٹ سمیت 5 افراد ہلاک ہو گئے۔ مقامی خبر رساں ادارہ کے مطابق اتوار کو ٹوکیو سے 75 کلومیٹر شمال مغرب کے پہاڑی علاقہ میں ریسکیو ہیلی کاپٹر کوہ پیما گروپ کے ایک رکن کی جان بچانے کے آپریشن میں مصروف تھا کہ اچانک گر کر تباہ ہو گیا۔ ہیلی کاپٹر کا ملبہ کاری ساکاٹنل کے قریب آ گرا۔ حادثہ کے نتیجہ میں پائلٹ سمیت 5 افراد ہلاک ہوئے۔ مقامی حکام کا کہنا ہے کہ حادثہ کی وجوہات کا فوری طور پر عمل نہیں ہو سکا۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق کوہ پیماؤں کا ایک گروپ مرکزی جاپان کی سب سے بلند ترین چوٹی سر کرنے کی کوشش کر رہا تھا کہ ان کے ایک ساتھی کے ساتھ حادثہ پیش آیا۔ کوہ پیما کی زندگی بچانے کی کوشش میں ریسکیکو ہیلی کاپٹر توازن برقرار نہ رکھ سکا اور نیشنل ہائی وے کے قریب گر کر تباہ ہو گیا۔

Share

تھائی لینڈ میں بم دھماکے سے کم از کم 9 افراد زخمی ہوگئے

بنکاک ۔ 25 جولائی (اے پی پی) تھائی لینڈ میں بم دھماکے سے کم از کم 9 افراد زخمی ہوگئے۔ تھائی پولیس کے مطابق یہ بم دھماکہ دارالحکومت بنکاک کے وسطی علاقے میں ایک بس سٹینڈ پر ہوا۔ دھماکہ اتنا زور دار تھا کہ بس سٹینڈ پر کھڑی کئی گاڑیوں کو شدید نقصان پہنچا جبکہ 9 افراد زخمی ہوگئے جنہیں قریبی ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ پولیس حکام کے مطابق دھماکے میں زخمی ہونے والوں میں دو افراد کی حالت تشویش ناک بتائی گئی ہے تاہم کسی گروپ نے اس دھماکے کی ذمہ داری قبول نہیںکی ہے۔ واضح رہے کہ تھائی لینڈ میں پچھلے ماہ ریڈ شرٹس کے مظاہروں کے دوران متعدد افراد ہلاک و زخمی ہوگئے تھے۔

Share