Urdu News-Online Urdu Newspaper

Urdu news Online Urdu Newspaper

Urdu News-Online Urdu Newspaper header image 4

Entries Tagged as 'دنیا کی خبریں'

Pages: Prev 1 2 3 4 5 6 7 8 9 10 ...30 31 32 Next

سعودی عرب ایران کیخلاف پابندیوں کی حمایت کرے ‘رابرٹ گیٹس

March 11th, 2010 · No Comments

پابندیوں کے معاملے پرسعودی عرب کا رویہ خاصا حوصلہ افزا ہے‘ اہلکار پنٹاگون
ریاض ‘ امریکی وزیر دفاع رابرٹ گیٹس نے سعودی عرب سے اپیل کی ہے کہ وہ ایران پر سخت پابندیاں عائد کرنے لیے امریکی مہم کی حمایت کرے۔انہوں نے امید ظاہر کی ہے کہ اس اہم معاملے پرامریکا سعودی حمایت حاصل کرلے گا۔امریکی وزیر دفاع رابرٹ گیٹس کے پریس سیکریٹری نے ریاض میں صحافیوں کو بتایا کہ گیٹس نے اپنے دورے میں شاہ عبداللہ بن عبدالعزیز اور سعودی ولی عہد شہزادہ سلطان بن عبدالعزیز سے ملاقات کی اور ایران کے خلاف پابندیاں عائد کرنے کے لیے حمایت کی درخواست کی۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ سعودی حکومت اس سلسلے میں اپنا اثرورسوخ استعمال کرے گی۔ ملاقات میں شرکت کرنے والے امریکی محکمہ دفاع کے ایک افسر کا کہنا ہے کہ پابندیوں کے معاملے پرسعودی عرب کا رویہ خاصا حوصلہ افزا ہے۔ذرائع کے مطابق سعودی حکمرانوں کے ساتھ ملاقات میں امریکی وزیردفاع نے ایران کے علاوہ یمن اور عراق سے منسلک معاملات پربھی بات چیت کی۔

Tags: دنیا کی خبریں , مڈل ایسٹ

آئرلینڈ ‘ شاتم رسول کارٹونسٹ کے قتل کا منصوبہ بنانے پر 3 خواتین سمیت 7 مسلمان گرفتار

March 11th, 2010 · No Comments

بیونس آئرس ‘ آئرش پولیس نے سات مسلمانوں کو پیغمبراسلام صلی اللہ علیہ وسلم کے توہین آمیز خاکے بنانے والے کارٹونسٹ کو قتل کرنے کی منصوبہ بندی کے الزام میں گرفتارکرلیا ہے.آئرلینڈ کی نیشنل پولیس سروس نے ایک بیان میں کہا ہے کہ چارمردوں اور تین خواتین کو کسی دوسرے علاقے سے تعلق رکھنے والے ایک اور شخص کو قتل کرنے کی سازش کے الزام میں تحقیقات کے بعد گرفتار کیا گیا ہے”.پولیس نے گرفتار کیے گیے افراد کے بارے میں مکمل تفصیل بتانے سے گریزکیا ہے اور صرف یہ کہا ہے کہ ان کی عمریں بیس سے پچاس سال کے درمیان ہیں.آئرلینڈ کے ا یک قومی نشریاتی ادارے آرٹی ای نے ایک رپورٹ میں بتایا ہے کہ گرفتار افراد کا بنیادی تعلق مراکش اور یمن سے ہے.پولیس کے ایک ذریعے نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ مسلمانوں کو سویڈش کارٹونسٹ لارس ویلکس کو قتل کرنے کی مبینہ سازش کے الزام میں گرفتار کیا گیا ہے.واضح رہے کہ القاعدہ سے وابستہ ایک گروپ نے اس شاتم رسول کارٹونسٹ کے سرکی قیمت ایک لاکھ ڈالرز مقرر کررکھی ہے.آئرش پولیس کا کہنا ہے کہ ان افراد کی گرفتاری کے لیے کارروائی میں امریکا اورمتعدد یورپی ممالک کے قانون نافذ کرنے والے اداروں نے بھی حصہ لیا ہے

Tags: دنیا کی خبریں

روسی وزیر اعظم ولادی میر پیوٹن دو روزہ دورے پر بھارت پہنچ گئے

March 11th, 2010 · No Comments

نئی دہلی ‘بھارت اور روس کے درمیان 10 ارب ڈالر کے فوجی اور جوہری تعاون کے دو معاہدوں پر دستخط کرنے پر اتفاق ہوگیا ہے ۔ روسی وزیر اعظم ولادی میر پیوٹن دو روزہ سرکاری دورے پر بھارت پہنچ گئے ہیں ۔ روسی وزیر اعظم کے مشیر یوری اشکا وو نے نئی دہلی میں صحافیوں کو بتایا کہ توقع ہے کہ دورے میں دونوں ممالک کے درمیان 14 سے 15 معاہدے طے پائیں گے ۔ جس میں بھارت کے زیر استعمال روسی طیارہ بردار بحری جہاز کو بہتر بنانے ، بھارت کو 29 جنگی جہازوں کی فراہمی ، مشترکہ ٹرانسپورٹ اور ائرکرافٹ بنانے کے معاہدے پر دستخط شامل ہیں ۔ انہوںنے بتایا کہ دونوں ممالک سویلین جوہری توانائی ہتھیاروں اور ٹیلی کمیونیکیشن آلات کی مشترکہ تیاری پر بھی بات چیت کریں گے ۔

Tags: دنیا کی خبریں , ہندوستان

امریکہ اور نیٹو افغانستان میں بد امنی کی بڑی جڑ ہیں۔ ۔ ۔ ایرانی صدر

March 10th, 2010 · No Comments

کابل۔ایران کے صدر محمود احمدی نژاد نے امریکی اور نیٹو فورسز کو خطے میں موجودگی کو افغانستان میں قیام امن کی راہ میں بڑی رکاوٹ قرار دیا ہے گزشتہ روز اپنے دورہ کا افغانستان کے موقع پر افغان صدر حامد کرزئی کے ہمراہ کابل میں مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ایران کے صدر نے کہا کہ غیر ملکی فوجی دستوں کی افغانستان میں موجودگی افغانستان کے امن کے لیے ہم کسی صورت معاون تصور نہیں کرتے ۔ انھوں نے کہا کہ ایران کی پالیسی بالکل واضح ہے کہ ہم افغان عوام افغان حکومت اور افغانستان کی تعمیر نو میں مکمل حمایت کرتے ہیں اور یہ مدد ہم مستقبل میں بھی جاری رکھیں گے ۔ ایران صدر نے ایک بار پھر مطالبہ کیا کہ امریکی اور نیٹو فوجی دستے افغانستان فوری طور پر چھوڑ دیں تاکہ یہاں پر قیام امن کے لیے راہ ہموار ہو سکے ۔ امریکی وزیر دفاع کے اس بیان پر کہ ایران دہشت گردی سے متاثرہ مالک میں دوہرا معیار اختیار کیے ہوئے ہیں کے حوالے سے پوچھے گئے سوال کے جواب میں ایرانی صدر نے کہا کہ یہ سوال امریکی وزیر دفاع اور فوجی دستوں سے پوچھا جائے کہ وہ یہاں پر کیا کرنے آئے ہوئے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ امریکہ تو یہاں سے 12 ہزار کلو میٹر دور فاصلے پر واقع ہے وہ دنیا کے اس خطے میں کیا کر رہا ہے ۔ یہ ایک سنجیدہ اور نازک سوال ہے جس کا جواب بھی آنا چاہیے ۔ ایران صدر کا کہنا تھا کہ امریکہ اور اس کے اتحادی دراصل دوہرا کھیل کھیل رہے ہیں۔ انھوں نے خود دہشت گرد پیدا کیے اور اب یہ کہہ رہے ہیں کہ وہ دہشت گردی کے خلاف جنگ لڑ رہے ہیں۔ ایرانی صدر نے کہا کہ ان کا ملک ایک مستحکم اور خوشحال افغانستان چاہتا ہے اور وہ ایسی کسی کوشش کا حصہ نہیں ہے جس کے تحت افغانستان کو غیر مستحکم کیا جا رہا ہو بلکہ ہم افغانستان کے تحفظ کے لیے افغان عوام اور حکومت کے ساتھ کھڑے ہیں۔

Tags: دنیا کی خبریں

امریکہ میں خیالات کی تبدیلی تک اپنا سفیر واپس واشنگٹن بھجوانے کیلئے تیار نہیں ہیں‘ ترکی

March 10th, 2010 · No Comments

ریاض ‘ ترکی نے کہا ہے کہ وہ اپنا سفیر واپس واشنگٹن بھجوانے کیلئے تیار نہیں ہے۔ ترکی نے امریکی کانگریسی پینل کی جانب سے پہلی جنگ عظیم میں آرمینائی باشندوں کی ہلاکت کو قتل عام قرار دیئے جانے کے بعد احتجاجاً واشنگٹن سے اپنے سفارتی تعلقات منقطع کر لئے تھے۔ ترکی کے وزیراعظم طیب اردوان نے، جو ان دنوں شاہ فیصل انٹرنیشنل پرائز فار سروس ٹو اسلام کی وصولی کیلئے ریاض میں موجود ہیں اپنی ایک بات چیت میں امریکی کانگریس کے اقدام کو ’پرمذاق شعبدہ‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس تمام کارروائی کے پیچھے یہودی لابی کار فرما ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب تک امریکا میں آرمینائی باشندوں کی ہلاکت کے بارے میں خیالات میں تبدیلی نہیں لائی جاتی تب تک ترکی اپنا سفیر امریکا واپس بھجوانے کو تیار نہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ کو اپنے اتحادی ممالک کے ساتھ اس طرح کے معاملات میں نہیں الجھنا چاہیے۔ ایران کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں ترک وزیراعظم نے کہا کہ ایران پر مزید پابندی لگانے سے کوئی خاطر خواہ نتائج نہیں نکلیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ایران پر پہلے اور دوسرے مرحلے کی پابندیاں عائد کرنے سے کوئی فوائد حاصل نہیں ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انہیں امید ہے کہ اسرائیل اور شام آپس میں مذاکرات کیلئے ترکی کی ثالثی پر آمادہ ہو جائیں گے جس سے دونوں کے درمیان مذاکرات کا پندرہ ماہ سے جاری جمود ٹوٹ سکتا ہے۔

Tags: دنیا کی خبریں

پاکستان میں 6 سالوں کے دوران 114 ڈرون حملوں سے 1210 ہلاکتیں ہوئیں‘ نیو امریکن فاؤنڈیشن

March 10th, 2010 · No Comments

ہلاک ہونے والوں میں 850 عسکریت پسند اور ایک تہائی تعداد سویلین باشندوں پر مشتمل تھی
ڈرون مہم کی وجہ سے القاعدہ نئے لوگوں کو کھلے میدانوں کے بجائے عمارتوں کے اندر تربیت دے رہی ہے‘ امریکی ادارے کی رپورٹ

واشنگٹن‘ ایک امریکی ادارے’’ نیو امریکن فاؤنڈیشن‘‘ نے اپنی رپورٹ میں بتایا ہے کہ پاکستان میں 6 سالوں کے دوران ڈرون حملوں سے1210 افراد مارے گئے جبکہ امریکہ کی طرف سے ہونے والے ڈرون حملوں میں اضافہ سے شدت پسندوں میں کمی ہوئی ہے۔ واشنگٹن میں قائم نیو امریکن فاؤنڈیشن کی ایک تجزیاتی رپورٹ کے مطابق پاکستان میں امریکی ڈرون طیاروں میں اضافے سے شدت پسندوں میں کمی ہوئی ہے۔ لیکن تجزیہ کار کے نزدیک ان حملوں سے باغیوں کو بم بنانے والوں کو تربیت دینے یا مغربی ملکو ں کے اہداف پر حملوں کی منصوبہ بندی کرنے سے روکنا ممکن نہیں ہے۔ گذشتہ سال کے شروع میں صدر باراک اوباما کے عہدہ سنبھالنے کے بعد سے بغیر پائلٹ کے جہازوں کے حملوں میں ،جنھیں ڈرون کہا جاتا ہے ڈرامائی اضافہ ہوا ہے۔ رپورٹ کے مطابق 2009ء میں افغانستان کی سرحد کے ساتھ پاکستان کے قبائلی علاقوں میں ڈرون کے 51 حملے ہوئے جب کہ جارج ڈبلیو بش کی انتظامیہ کے پورے آٹھ برسوں میں کل 45 حملے ہوئے تھے۔ اس تحقیقی مطالعے میں 6 برس کے عرصے میں بغیر پائلٹ کے جہازوں سے کیے جانے والے 114 حملوں کا تجزیہ کیا گیا ہے۔ ان حملوں میں 1210 افراد ہلاک ہوئے جن میں سے 850 عسکریت پسند تھے۔ رپورٹ کے مطابق، ہلاک ہونے والوں کی ایک تہائی تعداد سویلین باشندوں پر مشتمل تھی۔ سی آئی اے کے ڈرون پروگرام میں تمامتر توجہ پاکستانی کے قبائلی علاقے پر ہے جہاں حکومت پاکستان کا قانون نہیں چلتا۔ رپورٹ کے مطابق تقریباً 18 مہینوں سے جاری ڈرون حملوں کی مہم کے بعد پاکستان کے بہت سے عسکریت پسند افغانستان کی سرحد کے نزدیک اپنے محفوظ ٹھکانوں سے نکل کر ملک کے کم خطرناک علاقوں میں منتقل ہو گئے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق ڈرون مہم کی وجہ سے القاعدہ نے اپنے آپریشن کی مرکزیت ختم کر دی ہے اور نئے لوگوں کو کھلے میدانوں کے بجائے عمارتوں کے اندر تربیت دی جا رہی ہے۔ اپنے پیغامات کی ترسیل کے لیے اب یہ دہشت گرد گروپ الیکٹرانک ذریعے استعمال نہیں کرتا کیوں کہ انٹیلی جنس ایجنسیاں ان کا سراغ لگا سکتی ہیں۔

Tags: دنیا کی خبریں , پاکستان

جاپان نے امریکا سے خفیہ جوہری معاہدے کا انکشاف کردیا

March 10th, 2010 · No Comments

معاہدے کے تحت امریکی فورسز کو ملک میں ایٹمی ہتھیار لانے کی اجازت حاصل ہے
ٹوکیو ‘ امریکا اور جاپان کے درمیان خفیہ جوہری معاہدے کا انکشاف ہوگیا ۔ غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق جاپان نے امریکا سے خفیہ جوہری معاہدے کا انکشاف کردیا ۔معاہدے کے تحت امریکی فورسز کو ملک میں ایٹمی ہتھیار لانے کی اجازت حاصل ہے ۔وزیر خارجہ کتسویا اوکاڈ ا کا کہنا ہے کہ ماہرین گزشہ ماہ کے دوران متعدد دستاویزات کی چھان بین کی ہے جس سے جاپان امریکا جوہری معاہدے کا انکشاف ہوا ہے۔ماہرین کے مطابق1960ء کی دہائی سے ٹوکیو نے واشنگٹن کو یہ اجازت دے رکھی ہے کہ وہ اپنے جوہری ہتھیار جنوبی جزیرے اوکی ناوا پر نصب کرسکتا ہے ۔واضح رہے کہ پہلے گزشتہ حکومتیں اس حوالے سے امریکا جاپان معاہدے کی تردید کرتی رہی ہیں

Tags: دنیا کی خبریں

نیویارک میں اسرائیل مخالف مظاہرہ ‘ مظاہرے میں مسلمانوں ، عسیائیوں اورفلسطینیوں نے شرکت کی

March 10th, 2010 · No Comments

نیویارک ‘ امریکی شہر نیویارک میں اسرائیلی ڈیفنیس فورس کے لئے فنڈ جمع کرنے کی تقریب کے باہر اسرائیل مخالف مظاہرہ کیا گیا۔ نیویارک میں مقامی ہوٹل کے باہر ہونے والے مظاہرے میں مسلمانوں ، عسیائیوں اور امریکہ میں رہنے والے فلسطینیوں نے شرکت کی ۔ اس موقع پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے ۔ پولیس نے ہوٹل کو چاروں طرف ہوٹل سے گھیرے میں لیا ہوا تھا۔ نیویارک میں اسرائیلی ڈیفنس فورس کے لئے فنڈریزنگ کی تقریب ہرسال منعقد کی جاتی ہے

Tags: دنیا کی خبریں

امریکی فوجی ایک سخت جنگ کے لیے تیار ہو جائیں۔ ۔ ۔ رابرٹ گیٹس

March 9th, 2010 · No Comments

آپ ایک ایسے علاقے میں تعینات ہیں جو ایک مرتبہ پھر اہم بن جائے گا

امریکی وزیر دفاع کا کابل کے دورے کے دوران امریکی فوجیوں سے خطاب

کابل۔امریکی وزیرِ دفاع رابرٹ گیٹس نے افغانستان کے جنوبی صوبے قندھار کے دورے کے دوران امریکی فوجیوں کو ایک سخت جنگ کے لیے تیار رہنے کو کہا ہے۔ اپنے دورۂ افغانستان کے دوسرے دن رابرٹ گیٹس قندھار سے پچاس کلومیٹر دور واقع ایک چوکی پر گئے، جہاں انہوں نے اس امریکی یونٹ کے جوانوں سے ملاقات کی جسے بڑے پیمانے پر جانی نقصان کا سامنا کرنا پڑا ہے۔امریکی صدر براک اوباما کی جانب سے افغانستان میں مزید چھتیس ہزار فوجی بھیجنے کے اعلان اور ان فوجیوں کی آمد کے آغاز کے بعد امریکی وزیرِ دفاع کا یہ پہلا دورۂ افغانستان ہے۔فرانسیسی خبر رساں ادارے کے مطابق ملاقات کے دوران رابرٹ گیٹس نے امریکی فوجیوں سے کہا کہ وہ ایک سخت جنگ کے لیے تیار رہیں۔ انہوں نے کہا کہ ’آپ ایک ایسے علاقے میں تعینات ہیں جو ایک مرتبہ پھر اہم بن جائے گا‘۔اس سے قبل رابرٹ گیٹس نے پیر کو کہا تھا کہ آپریشن مشترک کے دوران مرجہ کے علاقے میں ہونے والی کامیابی حوصلہ افزاء ہے تاہم ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ بین الاقوامی اور افغان افواج کو اس آپریشن کے دوران مستقبل میں سخت مزاحمت کا سامنا ہو سکتا ہے۔نیٹو افواج کے کمانڈر جنرل سٹینلے میک کرسٹل پہلے ہی واضح کر چکے ہیں کہ ہلمند میں کارروائی کے بعد جب مزید کمک آ جائے گی تو ان کا اگلا ہدف قندھار ہوگا۔ ان کا کہنا تھا ’ اگرچہ یہ ضلع طالبان کے کنٹرول میں نہیں ہے لیکن وہاں طالبان موجود ضرور ہیں خصوصاً اس کے اردگرد کے اضلاع میں‘۔برطانوی خبر رساں ادار ے کے مطابق مرجہ کے معاملے میں بھی یہی ہوا تھا اور بین الاقوامی کمانڈر اس بات کو خفیہ رکھنے کی کوشش نہیں کر رہے کہ وہ طالبان سے اگلے کس محاذ پر لڑنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔نامہ نگاروں کے مطابق اتحادی افواج جنوبی قندھار اور ہلمند صوبوں میں ایک کارگر شہری انفراسٹرکچر کے دوبارہ قیام سے قبل وہاں سے طالبان کو باہر نکال دینا چاہتے ہیں۔ تاہم ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ ان علاقوں میں فوجی آپریشن کے حامی موجود نہیں اور فوجی کمانڈر توازن قائم رکھنے کی ضرورت کے بارے میں جانتے ہیں

Tags: دنیا کی خبریں

اسپین میں شدید ترین برفباری کا25سالہ رکارڈ ٹوٹ گیا

March 9th, 2010 · No Comments

سڑکیں برف سے ڈھک گئیں ،معمولات زندگی شدید متاثر

ٹریفک کانظام درہم برہم، درجنوں پروازیں منسوخ، اسکول بند کردیئے،دو لاکھ صارفین بجلی سے محروم

بارسلونا۔اسپین میں شدید ترین برفباری کا25سالہ رکارڈ ٹوٹ گیا،سڑکیں برف سے ڈھک گئیں۔ٹریفک کانظام درہم برہم ہوگیا۔ درجنوں پروازیں منسوخ، اسکول بند کردئیے گئے۔ کئی علاقوں میں بجلی غائب ہوگئی۔ جنوبی ساحلی پٹی میں طوفانی بارشوں کے بعد سیلاب سے کئی علاقے متاثر ہوئے۔ بارسلونا سمیت شمال مشرقی کیٹے لونیا کے مختلف شہروں میں بیس انچ تک برف پڑی۔ جس کے بعد مقامی انتظامیہ نے 476 اسکول بند کردئیے۔ دو لاکھ کے قریب صارفین بجلی سے بھی محروم ہوگئے ۔ ریلوے کا نظام بری طرح متاثر ہوگیا ہے۔سینکڑوں مسافر برفباری اور بجلی معطل ہونے کی وجہ سے مختلف مقامات پر پھنسے ہوئے ہیں۔ سڑکیں بند ہونے سے بس کا سفر کرنے والے افراد کو شدید پریشانی کا سامنا ہے جبکہ اسپین فرانس سرحد پر ہزاروں ٹرک پھنس گئے ہیں۔ برفباری اور تیز ہواؤں کے بعدگیرونہ ایئرپورٹ پر 21 پروازیں منسوخ کردی گئیں جبکہ 9 فلائٹس کو دیگر شہروں کی طرف موڑ دیا گیا۔ ادھر جنوبی ساحلی پٹی میں شدید بارشوں کے بعد سیلاب سے کئی علاقے زیر آب آگئے۔ ایمرجنسی کارکنوں نے امدادی کاروائیاں شروع کردی ہیں۔

Tags: دنیا کی خبریں