Urdu News-Online Urdu Newspaper

Urdu news Online Urdu Newspaper

Urdu News-Online Urdu Newspaper header image 4

باجوڑ ایجنسی ‘ سیکیورٹی فورسز نے قبائلی علاقوں سے جماعت اسلامی کے نائب امیر کا گھر بارود سے اڑا دیا‘ گھر میں موجود والدہ اور بھتیجی جاں بحق ‘ جماعت اسلامی نے احتجاج کی اپیل کر دی

February 15th, 2010 · 1 Comment

باجوڑ(ثناء نیوز ) سیکیورٹی فورسز نے باجوڑ ایجنسی میں جماعت اسلامی صوبہ سرحد کے قبائلی علاقوں کے لئے نائب امیر اور سابق ایم این اے صاحبزادہ ہارون الرشید کے گھر کو بارود سے اڑا دیا گھر میں موجود والدہ اور بھتیجی جاں بحق ۔ اطلاعات کے مطابق سیکیورٹی فورسز کے اہلکار صاحبزادہ ہارون الرشید کے گھر گئے اور ان کے بارے میں پوچھا وہ گھر پر موجود نہیں تھے سیکیورٹی فورسز نے گھر کے چاروں اطراف بارود رکھ کر اڑا دیا جس سے گھر میں موجود ان کی والدہ اور بھتیجی شہید ہو گئیں۔ سیکیورٹی فورسز کی اس کارروائی کی وجوہات معلوم نہیں ہو سکیں ادھر جماعت اسلامی نے اس واقعے کی شدید الفاظ میں مِِِِِذمت کرتے ہوئے عوام سے احتجاج کی اپیل کی ہے واقعے کی مِذمت کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی پاکستان سید منور حسن نے جماعت اسلامی صوبہ سرحد کے نائب امیر اور سابق رکن قومی اسمبلی صاحبزادہ ہارون الرشید کے گھر کو بمباری کے ذریعے تباہ کرنے اور ان کی والدہ اور بھتیجی کو شہیدکرنے کے خلاف 16 فروری بروز منگل ملک بھر میں یوم احتجاج کی اپیل کی ہے ۔ عوام کے نام اپنے پیغام میں سید منور حسن نے کہاکہ وہ یوم احتجاج میں بھر پور شرکت کر کے عوام کے خلاف فوجی آپریشن کی مذمت اور فاٹا کے مظلوم بھائیوں سے اظہار یکجہتی کریں۔یوم احتجاج کے سلسلے میں لاہور ، اسلام آباد ، راولپنڈی ، پشاور ، کراچی ، کوئٹہ سمیت ضلعی ہیڈ کوارٹرز میں احتجاجی مظاہرے کیے جائیں گے ۔ اس حوالے سے جماعت اسلامی کی صوبائی و ضلعی قیادت کو ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔

Tags: بریکنگ نیوز , پاکستان

باجوڑ ایجنسی ‘ خار بازار میں خودکش حملہ،12 افراد جاں بحق ، 20سے زیادہ افراد زخمی

January 30th, 2010 · No Comments

خار‘ باجوڑ ایجنسی کے ہیڈ کوارٹر خار بازار میں ایف سی قلعے کے قریب چیک پوسٹ پر خودکش حملے میں 2 سیکیورٹی اہلکاروں سمیت 12 افراد جاں بحق اور 20 سے زائد زخمی ہو گئے ہیں جن میں سے پانچ افراد کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے جبکہ ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ بھی ظاہر کیا جارہا ہے۔اطلاعات کے مطابق خودکش حملے کے بعد خار بازار بند کردیا گیا ، اور فورسز نے علاقے کا محاصرہ کرلیا،ذرائع کے مطابق خودکش حملہ آور پیدل تھا ، جس نے ایف سی قلعے کے قریب واقع چیک پوسٹ پر پہنچ کر خود کو دھماکے سے اڑالیا ۔

Tags: بریکنگ نیوز , پاکستان

شمالی وزیرستان میں امریکا کے لیے جاسوسی کے الزام میں 6 افراد کو قتل کر دیا گیا

January 24th, 2010 · No Comments

باجوڑ ایجنسی ‘ مکانات پر مارٹر گولے گرنے سے دو خواتین سمیت 3افراد جاں بحق
خار+میرانشاہ ‘ باجوڑ ایجنسی کی تحصیل سالار زئی کے علاقوں تنگی اور چنگئی میں دو مکانات پر مارٹر گولے گرنے سے دو خواتین سمیت 3 افراد جاں بحق ہوگئے جبکہ شمالی وزیرستان میں 6 افرادکو امریکا کے لیے جاسوسی کرنے کے الزام میں فائرنگ کر کے قتل کردیا گیا، ان افراد کی لاشیں سڑک کنارے پھینک دی گئی۔ ذرائع کے مطابق باجوڑ ایجنسی کے علاقوںتنگی اور چنگئی میں رات گئے سیکیورٹی فورسز نے طالبان کے مشتبہ ٹھکانوں کو نشانہ بنایا اور ان پر متعدد گولے برسائے اسی دوران دو گولے مقامی افراد کے مکانات پر جاگرے جس کے نتیجے میں دو خواتین سمیت 3 افراد جاں بحق ہوگئے۔سیکیورٹی فورسز کی کارروائی تاحال جاری ہے۔ دوسری جانب چھوٹا ماموند میں کرفیو بدستور جاری ہے۔ جس کے باعث مقامی لوگوں کو اشیائے خورد ونوش کی کمی کا سامناکرنا پڑ رہاہے۔ادھر شمالی وزیرستان میں 6 افرادکو امریکا کے لیے جاسوسی کرنے کے الزام میں قتل کردیا گیا، ان افراد کو فائرنگ کرکے ہلاک کیا گیا اور لاشیں سڑک کنارے پھینک دی گئی۔ اطلاعات کے مطابق قطب خیل کے علاقے سے ملنے والی لاشوں کو پولیس نے اپنی تحویل میں لیکر اسپتال منتقل کر دیا جبکہ لاشوں کے ساتھ ایک خط بھی ملا جس میں واضح کیا گیا کہ یہ افراد امریکی جاسوس تھے ۔نامعلوم افراد کے خط میں مزید لکھا گیا کہ اگر آئندہ بھی کسی نے امریکی جاسوسی کرنے کی کوشش کی تو اس کے ساتھ بھی ایسا ہی سلوک کیا جائے گا ۔

Tags: بریکنگ نیوز , پاکستان

اورکزئی اور مہمند ایجنسی میں سیکورٹی فورسز کے ساتھ جھڑپوں میں 8 شدت پسند ہلاک

January 23rd, 2010 · No Comments

باجوڑ ایجنسی میں ویگن پر سڑک کے کنارے بم دھماکے میں خاتون جاں بحق 23 مسافر زخمی
سوات اور فاٹا کے مختلف علاقوں سے کمانڈر ابو فراج کے بھائی اور خود کش بمباروں سمیت 16 شدت پسند گرفتار
سوات کے مختلف علاقوں میں قائم سیکورٹی فورسز کی بعض چیک پوسٹیں ختم ، بعض پر پولیس تعینات کر دی گئی

ہنگو + سوات + غلنئی ‘ اورکزئی اور مہمند ایجنسی میں سیکورٹی فورسز کے ساتھ جھڑپوں میں 8 شدت پسند ہلاک جبکہ باجوڑ ایجنسی میں ویگن پر سڑک کے کنارے بم دھماکے میں ایک خاتون جاں بحق اور 23 مسافر زخمی ہو گئے۔ سوات اور فاٹا کے مختلف علاقوں سے طالبان کمانڈر ابو فراج کے بھائی اور خود کش بمباروں سمیت 16 شدت پسند گرفتار کر لیے گئے۔ سوات کے مختلف علاقو ںمیں قائم سیکورٹی فورسز کی بعض چیک پوسٹوں کو مکمل طور پر ختم کردیا گیا جبکہ بعض پر پولیس تعینات کر دی گئی ۔اورکزئی ایجنسی کے علاقے چھپری فیروز خیل میں علی الصبح سیکورٹی فورسز کی چوکی پر شدت پسندوں نے حملہ کر دیا ۔ جوابی کارروائی میں 7 شدت پسند مارے گئے ۔ شدت پسندوں کی 2 گاڑیاں بھی تباہ کر دی گئیں ۔ آخری اطلاعات تک کارروائی جاری تھی اور سیکورٹی فورسز کے جانی نقصان کا کوئی علم نہیں ادھر سوات میں طالبان کمانڈر ابو فراج کے بھائی نے خود کو سیکورٹی فورسز کے حوالے کر دیا ہے ۔ ذرائع کے مطابق تحصیل کبل کے علاقے برابانڈی میں دہشت گرد کمانڈر ابو فراج کے بھائی عبد البصیر عرف پوک خان نے خود کو سیکورٹی فورسز کے حوالے کر دیا ہے ۔ کمانڈر ابو فراج بھی چند روز قبل فورسز کے ساتھ جھڑپ میں ہلاک ہو گیا تھا ۔ دوسری جانب سوات کے مختلف علاقوں میں قائم سیکورٹی فورسز کی بعض چیک پوسٹوں کو مکمل طور پر ختم کر دیا گیا جبکہ بعض پر پولیس کو تعینات کر دیا گیا ہے دوسری جانب گزشتہ 24 گھنٹوں میں فاٹا کے مختلف علاقوں سے خود کش بمباروں سمیت 15 شدت پسندوں کو گرفتار کر لیا گیا ۔بم دھماکے سے ویگن میں سوار خاتون جاں بحق جبکہ 23 افراد زخمی ہو گئے ۔ ایف سی ترجمان کے مطابق غلنئی چیک پوسٹ پر شدت پسندوں کا حملہ پسپا کر کے ایک شدت پسند کو ہلاک کر دیا گیا ۔ مہمندایجنسی سے 3 شدت پسند گرفتار کر لیے گئے ۔ مرجان اور علم شاہ پوسٹ پر شدت پسندوں کے حملے پسپا کر دئیے گئے ۔ باجوڑ ایجنسی میں سڑک کنارے نصب بم پھٹنے سے مسافر ویگن میں سوار خاتون جاں بحق اور 23 مسافر زخمی ہوگئے ہنگو سے خود کش بمبار کو گرفتار کیا گیا جبکہ خود کش حملے کے لیے تیار جیکٹ اور اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کر لیا گیا

Tags: بریکنگ نیوز , پاکستان

باجوڑ ایجنسی میں ریموٹ کنٹرول بم دھماکہ ، ایک خاتون جاں بحق ، 22 افراد زخمی

January 21st, 2010 · No Comments

باجور + باڑہ ۔ باجوڑ ایجنسی کی تحصیل سالارزئی میں ریموٹ کنٹرول بم دھماکے میں ایک خاتون جاں بحق اور 22 افراد زخمی ہو گئے ۔دوسری جانب خیبر ایجنسی کی تحصیل باڑہ میں سرچ آپریشن کے دوران سیکورٹی فورسز نے کئی مشتبہ افراد کو گرفتار کرلیا ۔ ذرائع کے مطابق تحصیل سالار زئی کے علاقے کنڈاؤ میں سڑک کے کنارے بم دھماکے میں خاتون جاں بحق اور 22 افراد زخمی ہو گئے ۔ زخمیوں کو ایجنسی ہیڈ کوارٹرز خار منتقل کر دیا گیا ۔ دوسری جانب خیبر ایجنسی میں فورسز نے سرچ آپریشن کے دوران متعدد افراد کو گرفتار کرلیا ۔ تحصیل باڑہ کے علاقے مالم غذر میں بم ڈسپوزل سکواڈ نے ریموٹ کنٹرول بم ناکارہ بنا دیا

Tags: بریکنگ نیوز , پاکستان

باجوڑ ایجنسی میں حکومت کے حامی قبائلی راہنما حاجی عبدالقیوم قتل

January 17th, 2010 · No Comments

باجوڑ ایجنسی ۔ باجوڑ ایجنسی میں نامعلوم افراد نے فائرنگ کر کے حکومت کے حامی قبائلی راہنما حاجی عبدالقیوم آف کوثر کو قتل کر دیا ۔ سرکاری ذرائع کے مطابق سابق ایجنسی کونسلر حاجی عبدالقیوم آف کوثر اپنی گاڑی میں صبح 9 بجے خار روانہ ہوئے جب وہ صدیق آباد پہنچے تو نامعلوم افراد نے ان پر شدید فائرنگ کی ۔ جس سے وہ موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے ۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی سیکورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا ۔ پولیٹیکل انتظامیہ نے واقعہ کی تحقیقات شروع کر دی ہیں ۔ یاد رہے کہ باجوڑ ایجنسی میں حکومت کے حامی قبائلیوں کے قتل کا سلسلہ دو سال سے جاری ہے جس میں اب شدت آ گئی ہے ۔

Tags: پاکستان