Urdu News-Online Urdu Newspaper

Urdu news Online Urdu Newspaper

Urdu News-Online Urdu Newspaper header image 4

کشمیر اور ارونا چل پردیش پر چین کے موقف میں کوئی تبدیلی نہیں آئی۔ ینگ زچی

March 8th, 2010 · No Comments

پاک چین دوستی محض مفادات کی پیداوار نہیں ، جنوبی ایشیاء میں پائیدار امن کیلئے اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے
پاکستان دہشت گردی کے خلاف اہم کردار ادا کررہا ہے ، چین اس حوالے سے اپنی حمایت جاری رکھے گا ۔ چینی وزیر خارجہ کی گفتگو

بیجنگ ‘ چین نے اعلان کیا کہ کشمیر اور اروناچل پردیش کے معاملہ پر اس کے موقف میں کوئی تبدیلی نہیں آئی ہے بلکہ چین ان مسائل کا فوری حل چاہتا ہے ۔چین کے وزیر خارجہ یینگ زچی نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دنیا میں چین ایک بڑی جمہوریت کے بطور ابھررہا ہے اور بڑی طاقت ہونے کے ناطے چین اپنے گردوپیش کے واقعات سے غافل نہیں رہ سکتا۔ پاکستان کے دہشت گردی کے خلاف کردار کو سراہتے ہوئے چینی وزیر خارجہ ینگ زچی نے کہا کہ چین کی حکومت خطہ میں کشیدگی کی حامی نہیں اور نہ ہی وہ طاقت کے بل پر کسی بھی ملک پر جارحیت کا ارادہ رکھتی ہے۔ تاہم انہوںنے کہا کہ خطہ میں بھارت اور پاکستان کے درمیان تصادم کی صورتحال چین کیلئے کوئی مثبت پیغام نہیں ا س لئے دونوں ممالک کے درمیان رشتوں کو استوار کرنے اور حل طلب مسائل سلجھانے کیلئے چین بھی اپنا کردار ادا کرنے کے حق میں ہے اور اس سلسلے میں کافی حد تک بے تاب بھی ہے۔ کشمیر کا ذکر کرتے ہوئے چینی وزیرخارجہ نے کہا کہ چینی حکومت نے پہلے ہی کشمیر مسئلہ پر اپنی پالیسی واضح کردی ہے اور اس میں کسی بھی قسم کی تبدیلی کی گنجائش موجود نہیں۔ انہوںنے کہا کہ چین ایسا واحد ملک ہے جو مفادات کے بجائے دوستی کو ترجیح دے رہا ہے اور پاکستان کیساتھ چین کی دوستی دیرینہ ہے اور اس سلسلے میں کسی کو یہ گماں پیدا نہیں ہونا چاہئے کہ یہ دوستی محض مفادات کی پیداوار ہے۔ چینی وزیر خارجہ نے دوٹوک الفاظ میں واضح کردیا کہ اروناچل پردیش کے حوالے سے بھی چین نے جو موقف اختیار کرلیا ہے اس میں بھی کوئی تبدیلی نہیں آئی ہے اور بھارت کیساتھ تعلقات کو فروغ دینے میں یہ حل طلب معاملات رکاوٹ بن رہے ہیں۔ بھارت وزیر خارجہ کی طرف سے اروناچل پردیش معاملہ پر چین کے ساتھ بات کرنے کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ بھارت کے کسی بھی لیڈر کا چین میں استقبال کیا جائیگا لیکن جو سرحدی تنازعہ ہے اس پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا تاہم افہام و تفہیم کے ذریعہ کوئی راستہ نکالا جاسکتا ہے لیکن ہم یہ بات واضح کرنا چاہتے ہیں کہ چین اپنے مفادات پر کسی بھی طرح کی سودابازی نہیں کرسکتا۔ چینی وزیر خارجہ ینگ زچی نے واضح طور پر کہا کہ کشمیر اور اروناچل پردیش معاملات پر چینی پالیسی میں کوئی تبدیلی نہیں آئی ہے اور نہ ہی مستقبل میں اس کی کوئی امید کی جاسکتی ہے۔ پاکستان کے دہشت گردی مخالف جنگ میں رول کو سراہتے ہوئے چینی وزیر خارجہ نے کہا کہ اس وقت پاکستان نازک صورتحال سے گزررہا ہے اور چین پاکستان کے ساتھ ہے۔ انہوںنے کہا کہ پاکستان کیساتھ چین کی دوستی پائیدار بنیادوں پر ہے اور یہ محض فوجی تعاون ہتھیاروں کی خریداری کا معاملہ نہیں۔ تاہم چینی وزیر خارجہ نے کہا کہ بھارت کو چاہئے کہ وہ اس نازک مرحلہ پر پاکستان کی مدد کرے کیونکہ دہشت گردی کا جو سامنا آج پاکستان کررہا ہے وہ کل بھارت کو بھی ہوسکتا ہے کیونکہ دہشت گردی عالمی مسئلہ ہونے کے نتیجے میں اس کا سامنا کسی بھی ملک کو کرنا پڑسکتا ہے۔تاہم ان کا کہنا تھا کہ اس وقت پاکستان پر زبردست عالمی دباؤ ہے لیکن چین عالمی برادری کو یہ مشورہ دیتا ہے کہ وہ دہشت گردی مخالف جنگ صرف ایک ملک پر اپنی نظریں نہ جمالیں بلکہ آہستہ آہستہ دہشت گردی کایہ وائرس کسی نہ کسی ملک کو اپنی لپیٹ میں لیتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ چین برصغیر میں ایک پائیدار امن کے قیام کیلئے اپنا رول ادا کررہا ہے اور اس ضمن میں بھارت اور پاکستان چاہئیں تو کشمیر سمیت دیگر حل طلب مسائل پر بھی اس کی مدد لے سکتے ہیں۔ واضح رہے کہ چینی وزیرخارجہ کی طرف سے بھارت کے حوالے سے یہ بیان اس وقت آیا ہے جب بھارتی وزیر خارجہ مستقبل میں چین کے دورے پر روانہ ہورہے ہیں۔

Tags: دنیا کی خبریں

ایران کیخلاف پابندیاں اسکے جوہری پروگرام کے مسئلے کا حل نہیں، چین

March 7th, 2010 · No Comments

بیجنگ ‘چین نے ایک بار پھر کہاہے کہ ایران کے خلاف پابندیاں اس کے جوہری پروگرام کے مسئلے کا حل نہیں۔ چین کے وزیر خارجہ ژانگ ژائے چی نے بیجنگ میں پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ چین بات چیت کے ذریعے ایران کے مسئلے کا پرامن حل چاہتا ہے ۔ چینی وزیر خارجہ نے کہا کہ ایران کے جوہری مسئلے کو حل کرنے کے لیے سفارتی کوششیں تیز کی جائیں گی ۔ چین مسلسل ایران کے خلاف سلامتی کونسل کی نئی ممکنہ پابندیوں کی مخالفت کررہا ہے جبکہ امریکہ اور دیگر یورپی ممالک اسے تہران پر پابندیاں عائد کرنے کے لیے آمادہ کرنے کی کوششیں کررہے ہیں

Tags: دنیا کی خبریں , مڈل ایسٹ

دولت مند بننے کی کوشس ‘ چینی اس سال شادی نہیں کریں گے

February 16th, 2010 · No Comments

توہمات کی وجہ سے 2010 ء کے دوران شادی نہ کرنے کا فیصلہ
بیجنگ ‘ چین کے بے شمار شہریوں نے قمری سال نو کے موقع پر یہ عہد کیا کہ وہ اس سال کے دوران زیادہ سے زیادہ آمدنی حاصل کرنے پر خصوصی توجہ دیں گے ۔ بہت سارے چینی جوڑوں نے اس موقع پر شادی کے بندھن میں نہ بندھ جانے کا فیصلہ کیا اور طے کیا کہ وہ شادی کے لئے 2011 ء تک انتظار کریں گے ۔ چین میں توہم پرستی ایک عام بات ہے اور اکثر لوگ توہمات پر یقین رکھتے ہیں ۔ یونیورسٹی کے گریجویٹ جوائس لین نے کہا کہ ’’ اگر آپ اس سال کے دوران جو 13 فروری کو شروع ہوا ہے شادی کریں گے ۔ آپ کے شوہر کا جلد ہی انتقال ہو جائے گا ‘‘ ۔ میرے والدین توہم پرست نہیں ہیں لہذا میں بھی توہمات پر یقین نہیں رکھتا ہوں لیکن ہمارا خیال ہے کہ یہ شادی کے لئے بہتر وقت نہیں ہے ‘‘۔ چین کے مشرق میں واقع صوبہ انہوئی میں رہنے والے بعض افراد کا خیال ہے کہ اس سال کے دوران جو بچے دوپہر کے وقت پیدا ہوں گے وہ ’’ بھوکے شیروں ‘‘ جیسے دکھائی دیں گے ۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ انہیں بعد میں زندگی گزارنے کے دوران غذا کے حصول میں مشکلات پیش آئیں گی ۔ بعض چینی شہریوں نے بتایا کہ وہ اس سال کے دوران جو شیر کا سال ہے زیادہ سے زیادہ پیسے بنانا چاہیں گے ۔کیونکہ یہ سال دولت مند بننے کا سال ہے ۔ ریمنڈلو نے جو ہانگ کانگ کے رہنے والے مدرس ہیں ‘ کہا ’’ شیر کافی توانائی اور طاقت کا حامل ہے لہذا شیر کے اس سال کے دوران عوام کی معاشی حالت بہتر سے بہتر ہو جائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ ’’ شیر کا پیدائشی مقام آگ ہے اس کا مطلب یہ ہے کہ سٹاک مارکیٹ میں شیئرز کی خریداری کے سلسلے میں کافی جوش و خروش رہے گا اور اس بازار میں بے شمار خریدار نظر آئیں گے ‘‘۔ 80 سالہ زیاوشووین نے توقع ظاہر کی کہ چین 2010 ء کے دوران عالمی سٹیج پر اپنا موقف بہتر بنائے گا ۔ اس ریٹائرڈ لیڈی سکول ٹیچر نے کہا کہ ’’ ہر سال بہتر سے بہتر رہے گا ۔ ہم زیادہ سے زیادہ کاروبار کریں گے اور ہماری زندگی میں خوشحالی آئے گی ‘‘ ۔ ہم ہر ملک کی صورت حال کو سمجھنے کی کوشش کریں گے اور اسے سمجھیں گے یہ بین الاقوامی مذاکرات اور روابط کے لئے ایک بہتر سال رہے گا ‘‘ ۔ بیجنگ کے طالب علم ژانگ زنگزو نے کہا کہ وہ نئے سال کے آغاز کے ایک مہینہ تک کوئی نئے جوتے خریدنے کی کوشش نہیں کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ ’’ شوز کا لفظ ایسا لفظ ہے جس کی آواز کسی بری چیز کے لفظ جیسی ہے لہذا اگر آپ شوز خریدیں گے تو اس کا مطلب یہ ہو گا کہ آپ بدقسمتی خریدنا چاہتے ہیں ۔

Tags: دنیا کی خبریں

آسٹریلیا اور چین کے درمیان دنیا کی تاریخ کا سب سے بڑا معاہدہ

February 8th, 2010 · No Comments

آسٹریلیا چین کو آئندہ بیس سال تک 60 ارب ڈالر مالیت کا کوئلہ فراہم کرے گا
سڈنی ‘ آسٹریلیا چین کو آئندہ 20سال تک 60ارب ڈالر مالیت کا کوئلہ فراہم کرے گا جو دنیا کی تاریخ کا سب سے بڑا معاہدہ ہے۔ آسڑیلیا کی ریسورس ہاؤس کمپنی کے چیئرمین نے کہا ہے کہ آسڑیلیا کا یہ ایکسپورٹ کے معاہدوں میں سب سے بڑا معاہدہ ہے۔ اس معاہدے کے تحت فرم ایک نیا مائننگ کمپلیکس چین انٹرنیشنل ڈیویلپمنٹ کے لیے تعمیر کر ے گی جس کے مطابق ہر سال 30ملین ٹن کوئلہ 20سال کے لیے فراہم کرے گی۔ تجزیہ کاروں کے مطابق مستقبل میں چین کی یہ طلب آسٹریلیا کی معیشت کو بلند سطح پر پہچانے میں ایک اہم کردار ادا کرے گی۔ چین کے متعدد پاور اسٹیشن کوئلے کی توانائی پر ہی انحصار کرتے ہیں اور اس کی طلب میں اضافہ حکومت کے ترغیبی پیکج کے بعد بھی دیکھنے میں آیا ہے جس میں میعشت کو مستحکم کرنے کے لئے یہ اقدامات کیے گئے ہیں

Tags: دنیا کی خبریں

چین کی 9 سالہ لڑکی دنیا کی کم عمر ترین ماں بن گئی

February 4th, 2010 · 2 Comments

چین میں 14 برس سے کم عمر لڑکی سے ازدواجی تعلقات قائم کرنا قانوناً جرم ہے
بیجنگ ‘چین کے ایک شمال مشرقی قصبے میں اسکول کی ایک 9 برس کی طالبہ ایک بچے کو جنم دے کر دنیا کی سب سے کم عمر ماں بن گئی ہے۔ چینی اخبار کی رپورٹ کے مطابق مقامی اسپتال میں ماں بننے والی اس لڑکی کے بیٹے کا وزن 6 پاؤنڈ ہے۔ اخبار کے مطابق ماں بننے والی اس لڑکی کے اہل خانہ نے اس سلسلے میں کوئی بھی بات کرنے سے انکار کردیا ہے، تاہم ان کا کہنا ہے کہ انہوں نے اس معاملے پر پولیس سے رجوع کرلیا ہے جو اس بچے کے والد کو تلاش کر رہی ہے۔ واضح رہے کہ چین میں 14 برس سے کم عمر لڑکی سے ازدواجی تعلقات قائم کرنا قانوناً جرم ہے، جس کی سخت ترین سزا دی جاتی ہے۔

Tags: دنیا کی خبریں

ایم آئی ۔ 5 نے بیجنگ کو لندن کیلئے جاسوس کا سب سے بڑا خطرہ قرار دیدیا

January 31st, 2010 · No Comments

چینی جاسوس کی طرف سے صنعتی نمائشوں اور تجارتی میلوں کے دوران برطانوی کاروباری شخصیات کو پیش کیے جانے والے تحائف میں جاسوسی آلات نصب ہوتے ہیں
چینی حکام ان کاروباری شخصیات کے ذاتی کمپیوٹروں تک رسائی حاصل کر لیتے ہیں

لندن ‘ چین اور امریکہ کے درمیان تائیوان کو ہتھیاروں کے تنازعہ کے بعد برطانوی خفیہ ایجنسی ایم آئی ۔ 5 نے بیجنگ کو لندن کے لیے بھی جاسوس کا سب سے بڑا خطرہ قرار دیا ہے۔ برطانوی اخبار کے مطابق ایم آئی ۔ 5 کی خفیہ دستاویز ات نے انکشاف کیا ہے کہ چینی جاسوس صنعتی نمائشوں اور تجارتی میلوں کے دوران برطانوی کاروباری شخصیات کو مختلف تحائف پیش کرتے ہیں جن میں جاسوسی کے آلات نصب ہوتے ہیں ان تحائف میں نصب جاسوسی کے جدید آلات کی مدد سے چینی حکام ان کاروباری شخصیات کے ذاتی کمپیوٹروں تک رسائی حاصل کر لیتے ہیں۔ 15 صفحات پر مشتمل ایم آئی ۔ 15 کی رپورٹ میں بترایا گیا ہے کہ چینی حکام نے کس طرح برطانیہ کی دفاعی توانائی اور مواصلات کا ساز وسامان تیار کرنے والی کمپنیوں کے خلاف پیکنگ مہم شروع کر رکھی ہے ایم آئی ۔ 5 کے انکشاف سے چین اور برطانیہ کے تعلقات میں کشیدگی کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے

Tags: دنیا کی خبریں

چین میں زلزلہ، 7 افراد ہلاک

January 18th, 2010 · No Comments

بیجنگ ۔ چین کے جنوب مشرقی صوبے گوانگ لنگ میں زلزلے کے نتیجے میں 7 افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔ چینی صوبے گوانگ لنگ کے ضلعے گوئزھو میں قائم محکمہ ارضیات کے حکام نے فرانسیسی خبرایجنسی کو بتایاکہ زلزلے کے جھٹکوں سے مٹی کے تودے گرنے سے سات افراد دب کر ہلاک ہوگئے۔ حکام کا کہنا تھاکہ جھٹکوں کی شدت ریکٹر اسکیل چار ریکارڈ کی گئی

Tags: دنیا کی خبریں

چین نے جدید میزائل دفاعی نظام کا کامیاب تجربہ کرلیا

January 12th, 2010 · No Comments

تجربے کا مقصد چین کی دفاعی صلاحیتوں میں اضافہ کرنا تھا اوراس کا ہدف کوئی خاص ملک نہیں ہے‘ چین
بیجنگ ۔چین نے جدید میزائل دفاعی نظام کا کامیاب تجربہ کرلیا ہے۔ چین کا کہنا ہے کہ تجربے کا مقصد چین کی دفاعی صلاحیتوں میں اضافہ کرنا تھا اوراس کا ہدف کوئی خاص ملک نہیں ہے۔چین کی سرکاری خبر ایجنسی ’’ ژیہنوا ‘‘ کے مختصر اعلامیے کے مطابق چینی افواج نے زمین سے زمین پر مار کرنے والے والی میزائل شکن Ground-based midcourse missile nterceptionٹیکنالوجی کاکامیاب تجربہ کرلیا ہے۔ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ یہ ایک دفاعی نوعیت کاتجربہ تھا جس سے مطلوبہ نتائج حاصل کرلیے گئے ہیں ۔اس تجربے کا مقصد چین کی دفاعی صلاحیتوں میں اضافہ کرنا تھا اوراس کا ہدف کوئی خاص ملک نہیں ہے ۔ واضح رہے کہ امریکہ نے حال ہی میں ایک ارب ڈالر کا میزائل شکن نظام تائیوان کو فروخت کیا ہے ۔ جس پر چین نے احتجاج کیا ہے ۔

Tags: بریکنگ نیوز , دنیا کی خبریں

چین میں جنسی عدم توازن میں خطر ناک حد تک اضافہ

January 11th, 2010 · No Comments

۔2020 تک دو کروڑ چالیس لاکھ مردوں کو شادی کے لیے عورتیں دستیاب نہیںہوں گی
غریب ترین علاقوں میں مردوں کو تاحیات کنوارا رہنا پڑے گا
بیجنگ ۔چین کی اکیڈمی آف سوشل سائنسز نے انکشاف کیاہے کہ سال2020 تک ممکنہ طور پر چین میں دو کروڑ چالیس لاکھ مردوں کو شادی کے لیے عورتیں دستیاب نہ ہوں گی۔غریب ترین علاقوں میں مردوں کو تاحیات کنوارا رہنا پڑے گا۔اکیڈمی کے مطابق نوزائیدہ بچوں میں پایا جانے والا جنسی عدم توازن اس وقت چین کی ایک ارب تیس کروڑ کی آبادی کو درپیش سب سے بڑا ڈیموگرافک مسئلہ ہے۔چین میں اولاد کے معاملے میں لڑکیوں پر لڑکوں کو ترجیح دینا عام ہے اور اکیڈمی کے مطابق اس عدم توازن کی سب سے بڑی وجہ جنسی بنیاد پر اسقاط کا عمل ہے۔اکیڈمی کے مطابق چین میں جنسی چناؤ کی بنیاد پر اسقاطِ حمل کے واقعات ’بہت عام‘ ہیں۔ اکیڈمی کی نئی کتاب کے مطابق یہ عمل چین کے دیہی علاقوں میں عام ہے اور80 کی دہائی میں الٹراساؤنڈ سکین کے متعارف کروائے جانے کے بعد سے اس عمل میں تیزی آئی۔کتاب میں بتایا گیا ہے کہ تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق چین میں پیدا ہونے والی ایک سو لڑکیوں کے تناسب میں پیدا ہونے والے لڑکوں کی تعداد ایک سو انیس ہے جبکہ کچھ صوبوں میں تو یہ تناسب ایک سو لڑکیوں کے مقابلے میں ایک سو تیس لڑکوں تک پہنچ گیا ہے۔گلوبل ٹائمز اخبار نے محقق وانگ گوانگ زہو کے حوا لے سے کہا ہے کہ اس بات کا امکان بھی ہے کہ چین کے غریب ترین علاقوں میں مردوں کو تاحیات کنوارا رہنا پڑے گا۔ ان کا کہنا ہے کہ ’اگر دیہی علاقوں میں مرد کی عمر چالیس سال ہو جائے تو پھر اس کی شادی ہونے کے امکانات بہت ہی کم ہیں۔ ایسے لوگ اپنی بڑھتی عمر اور اہلِ خانہ کی عدم موجودگی کی وجہ سے سوشل سکیورٹی پر زیادہ انحصار کریں گے۔ .محققین کا یہ بھی کہنا ہے کہ اس عدم توازن کے نتیجے میں چین کے کچھ علاقوں میں انسانی سمگلنگ کے کاروبار میں بھی اضافہ دیکھا گیا ہے

Tags: پاکستان