میر پور ‘ سابق گورنر سرحد لیفٹیننٹ جنرل (ر) علی جان محمد اورکزئی نے کہا ہے کہ پاکستان سے دہشت گردی کا خاتمہ وقت کی اہم ترین ضرورت ہے ۔ مسئلہ کشمیر ہر پاکستانی کا اولین مسئلہ ہے کشمیر کی آزادی و پاکستان سے الحاق ہر پاکستانی کا خواب ہے شدت پسندوں نے پاکستان کے امیج کو بری طرح نقصان پہنچایا ہے ۔ بھارت افغانستان میں پراسرار سرگرمیوں میں مصروف ہے ۔ افغانستان کے ساتھ پاکستان کے تعلقات اچھے ہونے چاہئیے ۔ پاکستان اس وقت مشکل ترین حالات سے دو چار ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز یہاں صحافیوں کے ایک گروپ سے باتیں کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر چوہدری بشیر شریف ایڈووکیٹ ، ہمایوں زمان مرزا و حلقہ کھڑی سے تعلق رکھنے والی سیاسی شخصیات بھی موجود تھیں ۔ سابق گورنر علی جان محمداورکزئی نے کہا کہ مسئلہ کشمیر حل کیے بغیر خطہ میں پائیدار امن کی گنجائش نہ ہے ۔ بھارت مقبوضہ کشمیر میں نہتے و بے گناہ کشمیریوں پر مظالم کی انتہا کیے ہوئے ہے ۔ پاکستان کے عوام کا ایمان ہے کہ کشمیر پاکستان کی شہہ رگ ہے اور پھر قائدا عظم محمد علی جناح کی تعلیمات بھی کشمیریوں و پاکستان کے رشتہ کو مضبوط بنانے کے لیے انتہائی اہم ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ افغانستان میں بری طرح پھنس چکا ہے اور وہ افغانستان سے جانے کا ٹائم فریم بھی دے چکا ہے آئندہ 18 ماہ انتہائی کٹھن ہیں ۔ ہمیں شدت پسندوں و عام پٹھانوں میں تفریق کرنی چاہیئے ۔ قبائلی علاقے کے عوام پاکستان کے بلا معاوضہ سپاہی کا کردار ادا کررہے تھے مگر بدقسمتی سے ایسے حالات پیدا کردئیے گئے کہ قبائلیوں کے دل میں نفرت پیدا ہو رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کا ایک ہی دشمن ہے جوکہ بھارت ہے ۔ مزید دشمن پیدا کرنے کی ہرگز گنجائش نہ ہے حکومت پاکستان کو اپنی صفوں کا از سرنو جائزہ لیتے ہوئے پاکستان کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لیے اپنا کردار ادا کرنا چاہیئے
بھارت افغانستان میں پراسرار سرگرمیوں میں مصروف ہے۔ سابق گورنر سرحد لیفٹیننٹ جنرل(ر) علی جان محمد اورکزئی
February 28th, 2010 · 2 Comments
Tags: پاکستان



