Urdu News-Online Urdu Newspaper

Urdu news Online Urdu Newspaper

Urdu News-Online Urdu Newspaper header image 4
Pages: Prev 1 2 3 4 5 Next

وزیر اعظم سید یوسف رضا گیلانی کا چےئرمین نیب کی تقرری کے بارے سوال کا جواب دینے سے انکار

March 1st, 2010 · No Comments

اسلام آباد ۔وزیر اعظم سید یوسف رضا گیلانی نے پیر کو ایف بی آر میں پریس کانفرنس کے بعد صحافیوں سے غیر رسمی بات چیت بھی کی ۔ انہوںنے چےئرمین قومی احتساب بیورو کی تقرری کے بارے میں سوال کا جواب دینے سے گریز کیا ۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ آئندہ کے مشیر خزانہ کا نام ’’ ٹاپ سیکرٹ ‘‘ ہے۔ ڈیرہ اسماعیل خان اور فیصل آباد کے واقعات کے حوالے سے وزیر اعظم نے کہا کہ صوفی ازم کے فروغ سے دہشت گردی پر قابو پایا جا سکتا ہے ۔ وزیر اعظم نے واضح کیا کہ فرقہ وارانہ فسادات کی وجہ سے حکومت غیر مستحکم نہیں ہوتی ۔

Tags: پاکستان

اقتصادی خود مختاری کے لیے ٹیکس وصولیوں میں اضافہ ناگزیر ہے ،گڈ گورننس اور معیشت کی بنیاد ہی محاصل ہیں۔سید یوسف رضا گیلانی

March 1st, 2010 · No Comments

نیٹو اور امریکی افواج کی سپلائی لائن کی وجہ سے پاکستان کا انفراسٹرکچر تبا ہ ہو رہا ہے، امریکہ سے انفراسٹرکچر کی بحالی اور تعمیر نو کا مطالبہ کیا ہے

فرقہ وارانہ فسادات کی وجہ سے حکومتیں غیر مستحکم نہیں ہوتیں ،خسارے میں چلنے والے اداروں اور کارپوریشنوں میں بہتری کے لیے اصلاحات پر غور کررہے ہیں

کوئٹہ میں بچے کی رکشہ میں ولادت کے حوالے سے اپنے بیان پر معذرت کرتا ہوں ، میرے بیان کو سیاق و سباق سے ہٹ کر لیا گیا تھا

شوکت ترین کی مشاورت سے مشیر خزانہ کا تقرر کیا جائے گا

میثاق جمہوریت کے مطابق پارلیمنٹ اور ایوان صدر کے درمیان توازن کے لیے کام ہورہا ہے

وزیراعظم کی ایف بی آر کے ہیڈ کوارٹر کے دورہ کے موقع پر صحافیوں سے بات چیت

اسلام آباد۔وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ اقتصادی خود مختاری کے لیے ٹیکس وصولیوں میں اضافہ ناگزیر ہے ۔گڈ گورننس اور معیشت کی بنیاد ہی محاصل ہیں۔ نیٹو اور امریکی افواج کی سپلائی لائن کی وجہ سے پاکستان کا انفراسٹرکچر تبا ہ ہو رہا ہے ۔ امریکہ سے انفراسٹرکچر کی بحالی اور تعمیر نو کا مطالبہ کیا ہے ۔ فرقہ وارانہ فسادات کی وجہ سے حکومتیں غیر مستحکم نہیں ہوتیں خسارے میں چلنے والے اداروں اور کارپوریشنوں میں بہتری کے لیے اصلاحات پر غور کررہے ہیں۔ کوئٹہ میں بچے کی رکشہ میں ولادت کے حوالے سے اپنے بیان پر معذرت کرتا ہوں کسی کی دل آزاری ہوئی ہے تو وہ اس پر معافی مانگتا ہوں ۔ میرے بیان کو سیاق و سباق سے ہٹ کر لیا گیا تھا۔ وزارت خزانہ میں فی الحال مستعفی وفاقی وزیر خزانہ شوکت ترین کی مشاورت سے مشیر خزانہ کا تقرر کیا جائے گا۔ مستعفی وزیر خزانہ کی ذاتی وجوہات نہ ہوتیں تو انہیں کبھی نہ جانے دیتے ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو اسلام آباد میں فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے ہیڈ کوارٹر کے دورے کے موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا ۔ وزیراعظم کو ایف بی آر ہیڈ کوارٹر میں محاصل کے اہداف ، آئندہ سال کے لیے متوقع اہداف اور دیگر امور کے بارے میں بریفنگ دی گئی ۔ وزیراعظم نے کہا کہ اقتصادی خود مختاری ، گڈ گورننس اور معیشت کی بنیاد ہی یہ محاصل ہیں ۔ اس کے لیے اداروں کو مضبوط کرنا ضروری ہے ۔ ٹیکسوں کے حوالے سے جو سسٹم متعارف کر ا رہے ہیں اس کا تسلسل ضروری ہے ۔ ایف بی آر کو ایک متحرک ادارہ بنا رہے ہیں اصلاحات لائی جا رہی ہیں ماہرین سے بھی اس بارے میں مشاورت کی گئی ہیں ۔ وزیراعظم نے واضح کیا کہ شوکت ترین کو تبدیل نہیں کیا گیا بلکہ وہ ذاتی مسائل کی وجہ سے وزارت خزانہ کو چھوڑ کر گئے ہیں۔ ایسا نہ ہوتا تو ہم کبھی شوکت ترین کو نہ جانے دیتے ۔ انہوں نے کہا کہ وزارت خزانہ میں باصلاحیت ٹیم موجود ہیں یہ ٹیم موجود رہے گی مستعفی وزیر خزانہ شوکت ترین کی مشاورت سے مشیر خزانہ کا کا تقرر کیا جائے گا۔ ہم کرپشن کے خلاف ہیں ۔ پارلیمنٹ میں جلد ہی احتساب ایکٹ لایا جائے گا۔ وزیراعظم نے کہا کہ ہم کسی اور کو بھی کرپشن نہیں کرنے دیں گے۔ بعض اداروں اور کارپوریشنوں میں خامیوں کی نشاندہی ہوئی ہے ان کارپوریشنوں اور اداروںکو خسارے سے نکالنے کے لیے مختلف تجاویز زیر غور ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ قومی اسمبلی سے ویلیو ایڈڈ ٹیکس منظور ہو چکا ہے ۔ سینٹ سے منظوری کے لیے تمام سیاسی جماعتوں کو اعتماد میں لیا جائیگا ۔ پاکستان کے ٹیکس کلچرل کے حوالے سے ہیلری کلنٹن نے صحیح کہا ہے انہوں نے کہا کہ ٹیکس ہی معیشت کی بنیاد ہوتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ میرے اثاثے زرعی زمینیں ہی ہیں ۔ ان میں سے بھی بعض میرے نام پر بھی نہیں ہیں جب مجھے نیب کے مقدمہ کا سامنا تھا تو مقدمے کی پیروی کے لیے کئی زرعی اثاثے فروخت کیے تھے۔ اپنی تنخواہ اور ٹیکس کو ریگولر ظاہر کرتا ہوں ۔ ایک سوال کے جواب میں وزیراعظم نے کہا کہ نیٹو اور امریکی افواج کی سپلائی لائن کی وجہ سے ہمارا انفراسٹرکچر تباہ ہو رہا ہے ۔ ہماری را ہ داری کو استعمال کیا جا رہا ہے ۔ جنرل اشفاق پرویز کیانی کی موجود گی میں جنرل پیٹریاس کے سامنے یہ مسئلہ اٹھا چکے ہیں ۔ انفراسٹرکچر کی تعمیر کے لیے امریکہ سپورٹ کرے ۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ کوئٹہ میں رکشے میں بچے کی ولادت کے حوالے سے میرے بیان کو سیاق وسباق سے ہٹ کر لیا گیا ہے ۔ میرے بیان کا مطلب یہ تھا کہ یہ قسمت کی بات ہوتی ہے کہ دنیا میں بچہ کس جگہ پیدا ہوتا ہے اور میں خود بھی کراچی میںپیدا ہوا تھا ۔ کسی کو میرے بیان سے تکلیف پہنچی ہے تو میں معذرت کرتا ہوں اور اس بچے کا تعلیم مکمل ہونے تک کا خرچہ حکومت برداشت کرے گی ۔ انہوں نے کہا کہ میثاق جمہوریت کے مطابق پارلیمنٹ اور ایوان صدر کے درمیان توازن کے لیے کام ہورہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ ایسی صورت میں وزیراعظم ہی توجہ کا مرکز ہو گا۔ ڈیرہ اسماعیل خان اور فیصل آباد میں 12 ربیع الاول کو رونما ہونے والے ناخوشگوار واقعات کے بارے میں پوچھے گئے سوال کے جواب میں وزیراعظم نے کہا کہ دہشت گردی پر قابو پانے کے لیے صوفی ازم کو فروغ دیا جائے گا۔ فرقہ وارانہ فسادات سے حکومتیں غیر مستحکم نہیں ہوتیں ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ وزیر خزانہ کا نام صیغہ راز میں ہے۔

Tags: پاکستان

خواتین کے بین الاقوامی دن کی مناسبت سے 6 سے 9 مارچ تک برطانیہ کے مختلف شہروں میں کشمیر سیمینار منعقد کئے جائیں گے

March 1st, 2010 · No Comments

برطانوی وزراء ممبران یورپی پارلیمنٹ شرکت کریں گے

مقبوضہ کشمیر میں ہونے والی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سے عالمی برادری کو آگاہ کیا جائے گا

اسلام آباد۔جموں و کشمیر تحریک حق خودارادیت یورپ کے چیئرمین راجہ نجابت حسین نے کہا کہ خواتین کے بین الاقوامی دن کی مناسبت سے 6 سے 9 مارچ تک برطانیہ کے مختلف شہروں بوسٹن ‘ بریڈ فورڈ ‘ نوٹنگھم اور لندن میں جموں وکشمیر تحریک حق خودارادیت شعبہ خواتین کے زیر اہتمام کشمیر سیمینار منعقد کئے جائیں گے جن میں برطانوی وزراء ممبران برطانوی یورپی پارلیمنٹ شرکت کریں گے جبکہ تحریک کے عہدیداران اس موقع پر مقبوضہ کشمیر میں ہونے والے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور بھارتی افواج کے مظالم سے بین الاقوامی برادر ی کو آگاہ کریں گے ۔ اس بات کا فیصلہ اولڈھم میں تحریک کے عہدیداروں کے خصوصی اجلاس میں کیا گیا جس کی صدارت سینیئر وائس چیئرمین سردار عبدالرحمان خان نے کی ۔ اجلاس میں سیکرٹری جنرل کونسلر محمد اعظم ‘ وائس چیئرمین سالار ممتاز چشتی ‘ کونسلر خادم حسین ‘ سابق لارڈ میئر کونسلر گل نواز خان ‘ کونسلر عقیل سلامت ‘ سابق میئر کونسلر شعیب اختر ‘ شعبہ خواتین کی چیئرپرسن کونسلر صبیحہ شہزاد ‘ ڈپٹی لارڈ میئر بریڈ فورڈ ‘ کونسلر نوید اکرام ‘ پارلیمانی امیدوار برائے بولٹن یاسمین قریشی ‘ پارلیمانی امیدوار کونسلر مریم خان ‘ کونسلر محمد معروف آف رادھرم اور مانچسٹر کے سابق لارڈ میئر کونسلر افضل خان ‘ کونسلر فراز بھٹی ‘ کونسلر اعجاز بھٹی ‘ سیکرٹری انفارمیشن چوہدری عبداللہ زید ‘ سابق ممبر کشمیر کونسل چوہدری خورشید احمد اور ڈاکٹر محمد سلیم نے شرکت کر کے مارچ کے تمام پروگراموں کی منظوری دی ۔ تحریک کے مرکزی چیئرمین راجہ نجابت حسین نے اس موقع پر خصوصی پیغام میں دنیا بھر میں مقیم کشمیریوں سے اپیل کی کہ وہ بھارتی افواج کی طرف سے کشمیری خواتین کے خلاف ڈھائے جانے والے مظالم کے خلاف اس بین الاقوامی دن کے موقع پر آواز بلند کریں اور مظلوم کشمیریوں کی نمائندگی کرتے ہوئے بین الاقوامی برادری کو اس بات کا احساس دلائیں کہ وہ اقوام متحدہ کی قرار دادوں پر عملدرآمد کروائیں اور بھارت کی طرف سے بیرونی دنیا کو غلط انفارمیشن مہیا کرنے کی بھی مذمت کریں ۔ راجہ نجابت حسین نے کہا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں خواتین کے خلاف سنگین جرائم میں ملوث ہے ۔ خواتین کے بے حرمی اور گمشدگی عالمی برادری کے لئے لمحہ فکریہ ہے ۔ انہوں نے عالمی برادری سے اپیل کی کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ریاستی دہشت گردی بند کروائے اور کشمیریوں کو بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ حق خودارادیت دلوائے ۔

Tags: پاکستان

گزشتہ دو سالوں کے دوران ملک میں بجلی کے نرخوں میں 19 مرتبہ اضافہ کیا گیا ۔راجہ پرویز اشرف

February 24th, 2010 · No Comments

چین سے شمسی توانائی سے چلنے والے ٹیوب ویلز درآمد کرنے کی کوئی تجویز نہیں ہے
وفاقی وزیر بجلی و پانی کا قومی اسمبلی میں اظہار خیال
اسلام آباد۔وفاقی وزیر پانی وبجلی راجہ پرویز اشرف نے بدھ کو قومی اسمبلی میں وقفہ سوالات کے دوران انکشاف کیا ہے کہ گزشتہ دو سالوں کے دوران ملک میں بجلی کے نرخوں میں 19 مرتبہ اضافہ کیا گیا ہے ایوان میں رانا محمود الحسن کے سوال کے جواب میں وزیر پانی و بجلی راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ چین سے شمسی توانائی سے چلنے والے ٹیوب ویلز در آمد کر نے کی کوئی تجویز نہیں ہے تاہم ورلڈ بینک کی معاونت سے ملک میں اس قسم کے پائلٹ پراجیکٹس شروع کیے جا رہے ہیں ۔ مارچ میں ٹینڈر کھولے جائیں گے۔ یاسمین رحمن کے سوال کے جواب میں وزیر پانی و بجلی نے کہا کہ عالمی بینک کے مقرر کردہ غیر جانبدار ماہرین نے بگلیہار ڈیم کے بارے میں تحفظات کے حوالے سے پاکستان کے حق میں فیصلہ کیا تھا۔سندھ طاس معاہدے کے تحت دو نوں فریق اس کے پابند ہیں۔شکیلہ خانم رشید کے سوال کے جواب میں راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ دریائے جہلم پر نیلم جہلم ہائیڈرو پاور پروجیکٹ زیر عمل ہے۔ اسی طرح چکوٹھی ،ہٹیاں،کوہالہ،آزاد پتن اور کروٹ ہائیڈرو پروجیکٹ بھی زیر عمل ہیں ۔عبدالقادر پٹیل کے سوال کے جواب میں وزیر پانی و بجلی نے کہا کہ دریاؤں اور نہروں میں پانی کی صورت حال بہتر ہو نے کی وجہ سے بجلی کے شارٹ فال میں کمی واقع ہوئی ہے۔ ہم نے لوڈ شیڈنگ کے ٹائم فریم کے ساتھ اس کا روڈ میپ بھی دیا تھا کر ائے کے بجلی گھروں کی تنصیب ناگزیر تھی کوئٹہ اور خضدار میں نئے پاور ہاؤسز لگانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ایران سے مزید ایک ہزار میگا واٹ بجلی حاصل کر نے کا فیصلہ ہو گیا ہے ۔شمشاد ستار بچانی کے سوال کے جواب میں وزیر پانی و بجلی راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ دو سالوں میں نیپرا کی جانب سے نئی متعین کے باعث نرخ میں دو بار بڑھائے گئے اسی طرح قیمت خریداری عمل کے ضمن میں ایک مرتبہ لاگت ایندھن میں تغیر و تبدل کے ضمن میں 16 مرتبہ ماہانہ ایڈجسٹمنٹ کے باعث نرخ بڑھائے گئے خالدہ منصور کے سوال کے جواب میں وزیر پانی و بجلی نے کہا کہ مارچ 2004 سے اب تک پیپکو کے عوام میں 11لاکھ25ہزار انرجی سیور بلا معاوضہ تقسیم کئے گئے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ ایک رپورٹ کے مطابق مارکیٹ میں بعض انرجی سیور بلب دو نمبر تھے۔ جس کی وجہ سے بجلی کی زیادہ بچت نہیں ہوتی تھی۔ آئندہ عالمی معیار کے مطابق انرجی سیور کی خریداری کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ایشیائی ترقیاتی بینک کی معاونت سے ملک میں 3 کروڑ انرجی سیور تقسیم کئے جائیں گے اس ضمن میں تین رکنی بین الوزارتی کمیٹی قائم کی گئی ہے اراکین پارلمینٹ اور سول سوسائٹی کو سیور بلب کی تقسیم کے عمل میں شامل کیا جائے گا۔جن گھروں کو مفت انرجی سیور بلب فراہم کئے جائیں گے وہاں ان کو چیک بھی کیا جائے گا۔

Tags: پاکستان

صدرآصف علی زرداری نے سوئس مقدمات کھولنے کے لیے اٹارنی جنرل اور وزارت قانون کو گرین سگنل دے دیا

February 20th, 2010 · No Comments

اسلام آباد۔صدرآصف علی زرداری نے سوئس مقدمات کھولنے کے لیے اٹارنی جنرل اور وزارت قانون کو گرین سگنل دے دیا ہے ۔ کیسز کے بارے میں سوئٹزر لینڈ کی حکومت کو سپریم کورٹ کے فیصلے سے پیر کو آگاہ کر دیا جائے گا۔ حکومت نے عدلیہ کے ساتھ معاملات حل ہونے کے بعد اپنی سیاسی حکمت عملی تبدیلی کر لی ہے ۔ ایک نجی ٹی وی ذرائع کے مطابق کور کمیٹی کے اجلاس میں صدر آصف علی زرداری نے اپنے خلاف سوئس مقدمات کھولنے کے لیے اٹارنی جنرل اور وزارت قانون کو گرین سگنل دے دیا ہے ۔ اجلاس میں سپریم کورٹ کے احکامات تسلیم کرنے اور مستقبل میں محاذ آرائی نہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ اعلیٰ عدلیہ کو صدر کو آئین کے آرٹیکل 248 کے تحت حاصل استثنیٰ سے آگاہ کیا جائے گا۔ اجلاس میں کئی رہنماؤں نے ججز سے متعلق صدر کو دی گئی ایڈوائس کو غلط قرار دیتے ہوئیے کہا کہ ایسے مشوروں سے حکومت کی پوزیشن کمزور ہو ئی ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ آئندہ تمام اہم فیصلے کور کمیٹی کے پلیٹ فارم سے کیے جائیں گے۔

Tags: پاکستان

اگر کوئی جج عوام کو انصاف فراہم نہ کر سکے تو اسے گھر چلے جانا چاہیے،جج کی کرسی پر بیٹھنے کا اسے کوئی حق نہیں ہے ۔ ۔ ۔ افتخار محمد چوہدری

February 20th, 2010 · No Comments

عدلیہ اپنا بھی احتساب کرے،میڈیا لوگوں کے مسائل کی نشاندہی کر کے اچھے کام کر رہا ہے

فوری انصاف کی فراہمی ججوں کی سوچ ہو نی چاہیے،ججز اچھا کام کر کے مثال قائم کر یں

اگر میڈیا سب اچھا کہے تو مجھے تسلی نہیں ہو گی کمزوریوں کی نشاندہی تک کارکردگی بہتر نہیں ہو سکتی

چیف جسٹس آف پاکستان کا لاہور جوڈیشل اکیڈمی میں ججوں سے خطاب

اسلام آباد ۔چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس افتخار محمد چوہدری نے کہا ہے کہ اگر کوئی جج عوام کو انصاف فراہم نہ کر سکے تو اسے گھر چلے جانا چاہیے ۔جج کی کرسی پر بیٹھنے کا اسے کوئی حق نہیں ہے عدلیہ اپنا بھی احتساب کرے لاہور جوڈیشل اکیڈمی میں ججوں سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جوڈیشل پالیسی میں اس بات کا تعین کر دیا گیا ہے کہ تمام مقدمات جلد از جلد نمٹائے جائیں ۔ انہوں نے کہا کہ عدلیہ اپنا بھی احتساب کرے کہ آیا وہ لوگوں کو انصاف مہیا کر رہی ہے اگر محنت اور ایمانداری سے فرائض سر انجام نہ دئیے گئے تو عدلیہ پر عوام کا اعتماد ختم ہو جائے گا ۔چیف جسٹس نے کہا کہ میڈیا لوگوں کے مسائل کی نشاندہی کر کے اچھے کام کر رہا ہے ۔ اگر جج انصاف فراہم نہیں کر سکتا تو اسے کرسی پر بیٹھنے کا کوئی حق نہیں ہے جج مظلوموں پر افسر نہیں ان کا کام انصاف فراہم کر نا ہے ۔ اگر عوام کوجلد انصاف نہیں ملے گا تو ان میں بددلی اور مایوسی پھیلے گی ججز محنت کریں یہ ان کے امتحان کا وقت ہے عدلیہ کو جو عزت آج ملی ہے اگر کاکردگی بہتر نہ ہوئی تو آئندہ یہ مقام کبھی نہیں ملے گا ۔انہوں نے کہا کہ ضلعی عدالتیں عدلیہ کی ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہیں ۔98 فیصد لوگوں کی داد رسی کی ذمہ داری ضلعی عدالتوں پر ہے ۔چیف جسٹس نے کہا کہ فوری انصاف کی فراہمی ججوں کی سوچ ہو نی چاہیے ۔روزانہ تاریخیں ملنے سے لوگوں میں مایوسی پھیلے گی ۔ چیف جسٹس نے کہا کہ اب ججوں کی تنخواہیں اچھی ہیں اور وہ اپنی کاکردگی بہتر بنانے پر توجہ دیں ورنہ یہ مقام انہیں کبھی نہیں ملے گا نئی جوڈیشل پالیسی پر عملدر آمد کے لئے خصوصی توجہ دینا ہو گی عوام کی عدلیہ سے بڑی توقعات وابستہ ہیں ہمیں ان کی توقعات پر پورا اترنا ہو گا ۔ہم زیادہ محنت اور جلد انصاف کی فراہمی سے ہی ان کی توقعات پر پورا اتر سکتے ہیں ۔چیف جسٹس نے کہا کہ میں نے تمام مقدمات کے جلد فیصلے کا تہہ کر رکھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسائل کی نشاندہی کر نے پر میڈیا کا کردار قابل تعریف ہے تاہم اگر میڈیا سب اچھا کہے تو مجھے تسلی نہیں ہو گی کمزوریوں کی نشاندہی تک کارکردگی بہتر نہیں ہو سکتی۔انہوں نے کہا کہ انصاف کی فراہمی میں ضلعی اور سول عدالتوں کا اہم کر دار ہے وہ اپنا کر دار بھرپور طریقے سے ادا کریں ۔ہمیشہ اچھا کہہ کر چلے جانا اچھا نہیں ججز اچھا کام کر کے مثال قائم کر یں ۔چیف جسٹس نے کہا کہ جوڈیشل پالیسی میں مقدمات کو دوحصوں میں تقسیم کیا گیا ہے مگر ابھی تک پرانے مقدمات کی طرف توجہ نہیں دی جا رہی۔ ہمیں اپنا احتساب خود کر نا چاہیے کہ کیا مسائل کو انصاف مل رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ججز کو کرپشن کے بارے میں سوچنا بھی نہیں چاہیے پنجاب میں ججز کی بہتر سہولیات میسر ہیں وہ اپنے ما تحت عملے کی کرپشن کے خاتمے پر بھی توجہ دیں اور یہ جاننے کی کوشش کریں کہ ان کے نیچے کیا ہو رہا ہے ۔چیف جسٹس نے کہا کہ اب عدلیہ بالکل آزاد ہے ججز پر کوئی دباؤ نہیں ہے ۔ وہ لوگوں کو انصاف کی فراہمی میں سرعت سے کام کریں اور زیادہ محنت اور لگن کو اپنا شکار بنائیں تا کہ عوام کا ن پر اعتماد بڑھے ۔ایسا نہیں ہو نا چاہیے کہ تاریخیں دے کر لوگوں کو مایوس کر دیا جائے ورنہ ججوں کا جو آج مقام اور عزت ہے وہ آئندہ کبھی نہیں ملے گی۔

Tags: پاکستان

جوہری میدان میں ترقی ملکی دفاع ، معاشی ترقی اور قومی خوشحالی کے لیے اہم کردار ادا کرتی ہے ۔ ۔ ۔ سید یوسف رضا گیلانی

February 20th, 2010 · No Comments

پاکستان اٹامک انرجی ملک کے دفاع کو ناقابل تسخیر بنانے کے لیے سر گرم ہے ، جوہری پروگرام مکمل حمایت جاری رکھیں گے

خطے کے حالات اور وقت کے تقاضوں کو مد نظر رکھتے ہوئے پاکستان اٹامک انرجی مناسب منصوبہ بندی کے ذریعے دفاعی ضروریات پوری کرے گی

وزیر اعظم کا خوشاب نیوکلیئر کمپلیکس کے دورے کے موقع پر پاکستان کے ایٹمی سائنس دانوں اور انجینئرز سے خطاب

خوشاب۔وزیر اعظم سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ جوہری میدان میں ترقی ملکی دفاع ، معاشی ترقی اور قومی خوشحالی کے لیے اہم کردار ادا کرتی ہے ۔پاکستان اٹامک انرجی ملک کے دفاع کو ناقابل تسخیر بنانے کے لیے سر گرم ہے ، جوہری پروگرام مکمل حمایت جاری رکھیں گے ۔ خطے کے حالات اور وقت کے تقاضوں کو مد نظر رکھتے ہوئے پاکستان اٹامک انرجی مناسب منصوبہ بندی کے ذریعے دفاعی ضروریات پوری کرے گی ۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے گزشتہ روزخوشاب نیوکلیئر کمپلیکس کے دورے کے دوران پاکستان کے ایٹمی سائنس دانوں اور انجینئرز سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر چیئر مین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل طارق مجید، اسٹریٹجک پلانز ڈویژن کے ڈائریکٹر جنرل لیفٹیننٹ جنرل (ر) خالد احمد قدوائی اور پاکستان ایٹمی توانائی کمیشن کے چیئر مین ڈاکٹر انصر پرویز بھی موجود تھے ۔ وزیر اعظم نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میرے لئے یہ امر باعث مسرت ہے کہ میں اس اہم کمپلیکس کا دورہ کر رہا ہوں۔ خوشاب نیوکلیئر کمپلیکس میں ہونے والی ترقی یہاں پر کام کرنے والے سائنس دانوں، انجینئرز ،انتظامیہ اور کارکنوں کی محنت، عزم اور ولولے کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ پاکستان اٹامک انرجی کمیشن نے محنت، جانفشانی اور عمدہ منصوبہ بندی کے ساتھ بغیر کسی بیرونی امداد کے اس منصوبے کو پایہ تکمیل تک پہنچایا جو کہ ایک قابل فخر کامیابی ہے ۔مجھے یقین ہے کہ آپ مستقبل کے منصوبوں کو بھی بھر پور محنت اور بہترین صلاحیتوں سے مقررہ مدت میں بین الاقوامی معیار کے مطابق مکمل کر لیں گے۔ آپ کی بے پناہ لگن، قابل تعریف محنت اور بے مثال صلاحیتوں کی بدولت نہ صرف ملکی دفاع ناقابل تسخیر بن چکا ہے بلکہ جوہری توانائی کے پر امن استعمال کے فروغ کی وجہ سے ملکی معیشت کی ترقی اور توانائی کے مسئلے کے حل میں بھی مدد ملی ہے ۔ انھوں نے کہا کہ جوہری میدان میں ترقی نہ صرف پاکستان کے دفاع او سالمیت کے لئے اہم ہے بلکہ اس کے مثبت اثرات معاشی ترقی اور قومی خوشحالی کے لئے بھی اہم کردار اد کر سکتی ہے۔دفاع پاکستان ایک مقدس فریقہ ہے اور ملکی سالمیت ایک کٹھن ذمہ داری۔ یہ وہ ذمہ داری ہے کہ جسے پاک فوج تن تنہا انجام نہیں دے سکتی۔ اس کو تسلی بخش طریقہ سے انجام دینے کے لئے پاکستانی عوامی اور بالخصوص سائنس دان برادری کی مدد اور بھرپور شمولیت انتہائی ضروری ہے۔ اگرچہ پاکستان کی دفاعی پالیسی کم سے کم قابل اعتماد دفاعی صلاحیت کم سے کم دفاعی صلاحیت کے بنیادی اصول پر منحصر ہے۔ مجھے امید ہے کہ خطے کے حالات اور آنے والے وقت کے تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے پاکستان اٹامک انرجی کمیشن مناسب منصوبہ بندی کے ذریعے اس دفاعی پالیسی کی ضروریات پوری کرتی رہے گی۔ وزیر اعظم نے کہا کہ یہ امر بھی قابل مسرت ہے کہ پاکستان اٹامک انرجی کمیشن نہ صرف دفاع پاکستان کو ناقابل تسخیر بنانے کے لئے سرگرم بلکہ پاکستان معیشت کے دیگر شعبوں مثلاً توانائی، زراعت ، بائیو ٹیکنالوجی اور صحت کے شعبوں میں بھی اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ انھوں نے کہا کہ ہم سب جانتے ہیں کہ پاکستان ایک ترقی پذیر ملک ہے اس ملک کی کثیر آبادی بنیادی سہولتوں سے محروم ہے لیکن اس کے باوجود ہماری قوم نے دفاع اور ایٹمی پروگرام پر آنے والے اخراجات کے لئے ہر طرح کی قربانی دی ہے ۔ میں امید کرتا ہوں کہ آپ لوگ کمیاب وسائل کا بہترین استعمال کرتے رہیں گے اور ملکی دفاع کو مضبوط بنانے کے ساتھ ساتھ ایسے منصوبوں کا بھی آغاز کریں گے جس سے زراعت،توانائی اور صحت کے شعبوں میں پاکستان اٹامک انرجی کمیشن کی صلاحیت اور استعداد سے نمایاں ترقی ممکن ہوسکے اور ملک معاشی طور پر بھی مضبوط و مستحکم ہو۔ انھوں نے کہا کہ پاکستان کی تمام سابقہ حکومتوں نے مسلسل قومی جوہری پروگرام کی سرپرستی کی ہے اور اس میں گرانقدر سرمایہ کاری کی ہے۔ ہماری حکومت بھی اس پروگرام کی مکمل حمایت کرتی ہے اور اس امر پر یقین رکھتی ہے کہ پروگرام ملکی دفاع کا اہم ترین جزو ہے ۔ میرا یہاں یہ کہنا بے جا نہ ہوگا کہ یہ پاکستان پیپلز پارٹی کی حکومت ہی تھی جس نے شہید ذوالفقار علی بھٹو کے زیر سایہ پاکستان کے جوہری پروگرام کا آغاز1972ء میں کیا تھا ۔ ہماری پارٹی نے ہمیشہ اس پروگرام کی آبیاری کے لئے ہر دور میں بھر پور کردار ادا کیا ۔ میں فخر کے ساتھ اپنی حکومت کے اس عزم کو دہرانا چاہتا ہوں کہ ہم اس جوہری پروگرام اور دفاع پاکستان کو اولین ترجیح دیتے ہیں۔ وزیر اعظم نے کہا کہ میں اپنی حکومت کی جانب سے آپ تمام لوگوں کو متواتر کامیابیوں پر مبارکباد پیش کرتا ہوں ۔ خاص کر آپ کی قیادت اور سرکردہ ملازمین کو کہ جن کی بدولت پاکستان کو اپنی سالمیت اور دفاع کی قابل اعتماد صلاحیت ملی ہے۔ میں اس منصوبے پر تمام کام کرنے والے ملازمین کے لئے ایک ماہ کی اضافی تنخواہ کا اعلان کرتا ہوں۔مجھے یقین ہے کہ ا ٹامک انرجی کمیشن کے ملازمین اپنے تمام اہداف کو اپنی جانثاری ، کام سے وابستگی اور حد درجہ مستقل مزاجی کے ذریعے حاصل کر لیں گے اور پاکستان کے لئے کامیابیوں اور کامرانیوں کی نئی تاریخ رقم کریں گے۔قبل ازیں وزیر اعظم سید یوسف رضا گیلانی کو کمپلیکس کے مختلف منصوبوں پر جامع بریفنگ دی گئی ۔ اس موقع پر وزیر اعظم سید یوسف رضا گیلانی نے اسٹریٹجک پروگرام مزید مضبوط بنانے کے حوالے سے مختلف منصوبوں کی منظوری دی ۔ بریفنگ کے بعد وزیر اعظم سید یوسف رضا گیلانی نے کمپلیکس میں جاری منصوبوں کا دورہ کیا۔وزیر اعظم نے خوشاب نیوکلیئر کمپلیکس کے ملازمین کے لیے ایک ماہ کے بونس کا بھی اعلان کیا۔

Tags: پاکستان

نیب کے ایڈیشنل پر اسیکیوٹر جنرل عبد البصیر قریشی ملازمت سے برطرف

February 20th, 2010 · No Comments

اسلام آباد۔چےئرمین نیب نے ایڈیشنل پر اسیکیوٹر جنرل عبد البصیر قریشی کوان کے عہدے سے ہٹا دیا ہے۔ذرائع نے بتایا کہ سپریم کوٹ کے احکامات کی روشنی میں چےئرمین نیب نوید احسن نے عبد البصیر قریشی کو ہٹادیا ہے جب کے پر اسیکیوٹر جنرل دانشور ملک کو ہٹانے کی سمری وزیراعظم کو بھج دی گئی ہے۔نوید احسن نے سپریم کورٹ کے حکم پر عمل کرتے ہوئے ایڈیشنل پراسیکیوٹر جنرل عبدالبصیر قریشی کو عہدے سے ہٹا دیا ہے۔این آر او کے بارے میں سپریم کورٹ نے اپنے فیصلے میں نیب کے چیئرمین، پراسیکیوٹر جنرل اور ایڈیشنل پراسیکیوٹر جنرل کو تبدیل کرنے کا حکم دیا تھا۔

Tags: پاکستان

وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی کا کندیاں کیمیکل پلانٹ کا دورہ

February 20th, 2010 · No Comments

وزیراعظم کے دورے کو انتہائی خفیہ رکھا گیا تھا
اسلام آباد۔وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی نے ہفتہ کو یہاں سے دو رافتادہ مقام پر واقع کندیاں کیمیکل پلانٹ کا دورہ کیا ۔ وزیراعظم کے دورے کو انتہائی خفیہ رکھا گیا تھا اور پلانٹ کے ملازمین کی ہفتہ کو معمول کی چھٹی کو منسوخ کردیا گیا تھا ۔ دورے کے موقع پر سیکورٹی کے غیر معمولی انتظامات کیے گئے تھے ۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی نے ہفتہ کو پنجاب کے ضلع خوشاب کے قریب گروٹ کے مقام پر کندیاں کیمیکل پلانٹ کا معائنہ کیا اس موقع پر چیئرمین اٹامک انرجی کمیشن اور پراجیکٹ ڈائریکٹر نے وزیراعظم کو بریفنگ دی۔ وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی کے اس دورے کوانتہائی خفیہ رکھا گیا تھا۔ وزیراعظم کے پلانٹ کے معائنہ کے موقع پر علاقے اور اس کے گردونواح میں سیکورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے جبکہ ہفتہ کے روز پلانٹ کے ملازمین کی معمول کی چھٹی بھی منسوخ کی گئی تھی۔ذرائع کے مطابق وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی کا چیئرمین کمانڈ اینڈ کنٹرول اتھارٹی کا عہدہ سنبھالنے کے بعد کسی اہم پراجیکٹ کا یہ پہلا دورہ تھا۔

Tags: پاکستان

آمریت دور کے ورثے میں ملنے والے مسائل کی وجہ سے وعدے پورے نہیں کر سکے ۔صدر آصف علی زر داری

February 19th, 2010 · No Comments

پاکستان پیپلز پارٹی شہید بے نظیر بھٹو کے مشن اور میثاق جمہوریت پر پوری طرح سے عمل کرے گی

صدر مملکت کی پیپلز پارٹی چکوال کے وفد سے ملاقات میں گفتگو

اسلام آباد + چکوال(ثناء نیوز ) صدر آصف علی زر داری نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی اپنی روٹی کپڑے اور مکان کے منشور پر کار بند ہے اور ابتدائی دو سالوں میں پیپلز پارٹی کو آمریت دور کے ورثے میں ملنے والے مسائل کی وجہ سے عوام سے الیکشن میں کئے گئے وعدے پورے نہیں ہو سکے مگر اب دور دراز پسماندہ علاقوں میں بنیادی سہولتوں کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا وہ پاکستان پیپلز پارٹی ضلع چکوال کے ایک بڑے وفد سے ملاقات کررہے تھے جس نے ضلعی صدر شاہ جہان سر فراز راجہ ،ملک عبدالجبار چللہ اورملک عبدالقیوم میانی کی قیادت میں ایوان صدر میں ان سے ملاقات کی وفد میں تحصیل ناظم کلر کہار ملک محمد اشرف ،تحصیل ناظم کلر کہار تصویر حسین ہمداری ،سابق ناظم یونین کونسل نور پور ملک اشرف بھلیال، سابق نائب ناظم نور پور ملک سرور خان، ناظم یونین کونسل بوچھال کلاں ملک اختر شہباز نمایں تھے جبکہ وفد میں تلہ گنگ ،چو آسیدن شاہ ، کلر کہار اور چکوال چاروں تحصیلوں کے کارکن جن کی تعداد سو سے زائد ہے اس موقع پر موجود تھے صدر پاکستان آصف علی زر داری نے کہا کہ پیپلز پارٹی ملک کی سب سے بڑی سیاسی جماعت ہے اور شہید ذوالفقار علی بھٹو نے اس پارٹی کی بنیاد ملک کے غریب اور پسے ہوئے عوام کے حقوق کے لئے رکھی تھی اور یہی وجہ ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی کو جب بھی اقتدار ملتا ہے اس کے خلاف سازشیں شروع ہو جاتی ہیں انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی شہید بے نظیر بھٹو کے مشن اور میثاق جمہوریت پر پوری طرح سے عمل کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ دو سالوں میں پاکستان پیپلز پارٹی ملک کو اندرونی و بیرونی در پیش مشکلات سے نبٹنے کے لئے جدوجہد کر نا پڑی ہے انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کے خلاف لڑائی فیصلہ کن مرحلے میں داخل ہو چکی ہے دہشت گرد ملک سے بھاگنا شروع ہو گئے ہیں اور انشاء اللہ ملک کے سترہ کروڑ عوام کے تعاون اور ان کی دعاؤں سے ملک میں امن ہو گا خوشحالی ہو گی اور عام آدمی کی حالت بہتر ہو گی انہوں نے کہا کہ ملک کا مستقبل جمہوریت کے ساتھ وابستہ ہے اور پاکستان پیپلز پارٹی نے ملک میں جمہوریت کی بحالی کے لئے تین آمروں کے ساتھ ٹکر لی ہے اور ملک کے عوام نے بھی پیپلز پارٹی کا ساتھ دیا ہے جس کی وجہ سے ملک میں آمریت کے طویل ادوار پیپلز پارٹی کی جدوجہد کے بعد ختم ہوئے ہیں اس موقع پر شاہ جہان سر فراز راجہ نے ضلع چکوال کو در پیش متعدد مسائل کے بارے میں آگاہ کیا جس میں گورنمنٹ پوسٹ گریجویٹ کالج چکوال کو بے نظیر بھٹو یونیورسٹی ،ریلوے لائن کی بحالی اور ضلع چکوال کے مختلف دیہاتوں کو سوئی گیس کی فراہمی کے مطالبات کئے صدر پاکستان نے یقین دلایا کہ ضلع چکوال کی تعمیر و ترقی میں بھر پور تعاون کیا جائے گا۔

Tags: بریکنگ نیوز , پاکستان