Urdu News-Online Urdu Newspaper

Urdu news Online Urdu Newspaper

Urdu News-Online Urdu Newspaper header image 4

مسلم لیگ (ن) نے کرائے کے بجلی گھروں کے منصوبے میں مبینہ کرپشن کے خلاف لانگ مارچ کی دھمکی دے دی

January 29th, 2010 · No Comments

نئے پراجیکٹس سے 45 فیصد بجلی مہنگی ہونے کا خدشہ ہے ،800 میگا واٹ کے رینٹل پاور پراجیکٹس صرف ایک ہی شخص کو دے دیئے گئے ہیں
خواجہ محمد آصف اور انوشہ رحمن کا مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب
اسلام آباد ‘ پاکستان مسلم لیگ (ن) نے کرائے کے بجلی گھروں کے منصوبے میں مبینہ کرپشن کے خلاف لانگ مارچ کی دھمکی دے دی۔ مسلم لیگ (ن) نے کہا ہے کہ نئے پراجیکٹس سے 45 فیصد بجلی مہنگی ہونے کا خدشہ ہے ۔ 800 میگا واٹ کے رینٹل پاور پراجیکٹس صرف ایک ہی شخص کو دے دیئے گئے ہیں۔ فراڈ کی بنیاد پر کنٹریکٹ پر دستخط ہوئے ہیں اور اس مقصد کے لیے کنٹریکٹ کے طریقہ کار کو بھی تبدیل کر دیا گیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما خواجہ محمد آصف نے جمعہ کو اسلام آباد میں پارٹی کی خاتون رکن قومی اسمبلی انوشہ رحمن کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ خواجہ محمد آصف نے کہا کہ رینٹل پاور پراجیکٹس کے بارے میں ہم نے وائٹ پیپر بھی جاری کیا تھا۔ ڈیڑھ سال قبل ہی اپنے موقف سے آگاہ کر دیا تھا۔ ایشیائی ترقیاتی بینک نے اپنی رپورٹ میں ہمارے موقف کی تصدیق کی ہے ۔انھوں نے کہا کہ وفاقی کابینہ کی جانب سے جن 8 پاور پراجیکٹس کا اعلان کیا گیا ۔ حکومت ان کرائے کے بجلی گھروں کے لیے پیشگی کی ادائیگیاں کر چکی ہیں۔ پاور کمیٹی ایندھن چارجز کی مد میں بھی ان کمیٹیوں کو 7 سے 8 فیصد منافع حاصل ہو گا۔انھوں نے کہا کہ نئے پاور پراجیکٹس کے حوالے سے مزید 70 ارب روپے کا بوجھ بڑھے گا۔ حکومت نے اقبال احمد خان جیسے متنازعہ لوگوں کو کرائے کے بجلی گھروں کا منصوبہ الاٹ کیا ہے ۔ فرد واحد کے مفادات کو بچانے کے لیے یہ پراجیکٹس لائے جا رہے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ اپنے نکتہ نظر سے بجٹ بحث میں بھی حکومت کو آگاہ کر دیا تھا۔کرائے کے بجلی گھر مختصر مدت کے لیے لگائے جاتے ہیں جبکہ ان 8 رینٹل پاور پراجیکٹس کو 5 سال کی مدت کا کنٹریکٹ کیا گیا ہے۔خاتون ایم این اے انوشہ رحمن نے کہا کہ حکومت رینٹل پاور پراجیکٹس کے بارے میں ایشیائی ترقیاتی بینک کی رپورٹ ویب سائٹ پر جاری کر نے سے گریز کر رہی ہے۔ معاہدے پر فراڈ کی بنیاد پر دستخط ہوئے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ حکومت خود کہہ رہی ہے کہ گیس بجلی کی کمی ہے ۔ فرنس آئل کے حوالے سے بھی مشکلات کا سامنا ہے ۔ پھر ان نئے کرائے کے بجلی گھروں کے لیے گیس اور فرنس آئل کہاں سے آئے گا۔پہلے سے موجود کرائے کے بجلی گھر بھی مکمل طور پراپریشنل نہیں ہیں۔ انھوں نے کہا کہ بد انتظامی اور کرپشن کی وجہ سے ملک میں ہر سال 1300 سے 1500 ارب ضائع ہو جاتے ہیں۔ خواجہ محمد آصف نے کہا کہ پیپکو کے ای ایف سی، پی ٹی سی ایل، گیس کمپنیوں، سٹیل ملز، پی آئی اے اور دیگر اہم اداروں کو زخمی کر کے ان کا خون نچوڑا جا رہا ہے۔ خواجہ محمد آصف نے کہا کہ کرائے کے بجلی گھروں کے منصوبوں میں اس کرپشن کے خلاف اگر عدالت جانا پڑا تو اس سے بھی گریز نہیں کیا جائے گا۔ ضرورت پڑنے پر انتہائی اقدام کے طور پر لانگ مارچ بھی کیا جا سکتا ہے

Tags: پاکستان

عوام گرمیوں میں بھی لوڈ شیڈنگ کیلئے تیار رہیں۔ وفاقی وزیراطلاعات

January 19th, 2010 · No Comments

٭۔ ۔ ۔ میاں صاحب صدر کے پنجاب کے دورے سے غصے میں ہیں، آصف زرداری کی سیاسی سرگرمیوں پر کسی کو اعتراض نہیں کرنا چاہیئے، ججوں کی تعیناتیاں آئین کے مطابق کی جائیں گی
٭۔ ۔ ۔ گورنر سمیت دونوں جانب سے مخالفانہ بیان بازی نہیں ہونی چاہیئے، گڈ گورننس کے بغیر عوام کے مسائل حل نہیں ہو سکتے
٭۔ ۔ ۔ صدر مملکت کا دورہ پنجاب سیاسی یا بلدیاتی انتخاب کی مہم چلانا نہیں، کارکنوں سے ملاقاتیں اور ان کے مسائل حل کرنا ہے
٭۔ ۔ ۔ فیصل آباد میں پیپلز پارٹی کے بینرز اور پوسٹر جلانے والوں کے خلاف تحقیقات کی روشنی میں کارروائی ہو گی۔ قمر الزمان کائرہ

لاہور۔ وفاقی وزیر اطلاعات قمر الزمان کائرہ نے کہا ہے کہ میاں صاحب آج کل صدر آصف علی زرداری کے پنجاب کے دورے سے غصہ میں ہیں۔صدر کی سیاسی سرگرمیوں پر کسی کو اعتراض نہیں کرنا چاہیئے۔ ججوں کی تعیناتیاں آئین کے مطابق کی جائیں گی۔ بجلی کی لوڈ شیڈنگ گرمیوں میں بھی جاری رہے گی۔ ایشیا ئی بینک کے تعاون سے رینٹل پاور اسٹیشن لگائی گئی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز گورنر ہاؤس کے باہر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ قمر الزما ن کائرہ نے کہا کہ جو لوگ صدر مملکت کے دورہ پنجاب پر اعتراض کر رہے ہیں۔ پہلے وہی کہتے تھے کہ صدر بنکر سے باہر نکلیں ، اب وہ عوام میں نکلے ہیں تو ان پر انگلیاں اٹھائی جارہی ہیں۔ میاں صاحب صدر پنجاب کے دورے سے غصے میں ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ صدر پنجاب کے دورے کے کوئی سیاسی یا بلدیاتی انتخابات کی مہم چلانا کے مقاصد نہیں ہیں۔ فطری بات ہے کہ جب وہ کہیں جائیں گے تو ان کی ملاقات پارٹی کارکنوں سے ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ میاں برادران جب پنجاب یا دورے صوبوں کا دورہ کرتے ہیں تو اپنی جماعت کے کارکنوں سے ملاقاتیں اور جلسے نہیں کرتے انہوں نے کہا کہ حکومت کی اتحادی جماعتوں میں کوئی اختلافات نہیں ہیں۔ پاکستان میں اتحادی سیاست کا تجربہ کم ہونے کے باعث بعض اوقات تلخیاں پیدا ہو جاتی ہیں کچھ لوگ ان مواقعوں سے فائدہ اٹھانے اور دکان داری چمکانے کی کوشش کرتے ہیں لیکن مسلم لیگ (ن) کی جانب سے کوئی محاذ آرائی نہیں کی جارہی، اس کی قیادت کی سو چ مثبت ہے جو ملکی قیادت کیلئے بہتر ہے۔ انہوں نے کہا کہ گورنر سمیت دونوںجانب سے مخالفانہ بیان بازی سے پرہیز کیا جانا چاہیئے۔ اس سوال پر صدر نے کہا کہ و ہ ہر ماہ ایک ہفتہ لاہور میں گزاریں گے۔ قمر الزمان کائرہ نے کہا کہ بعض باتیں علامتی ہوتی ہیں ان کا مقصد یہ تھا کہ وہ اب یہاں آتے جاتے رہیںگے۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ حکومت میثاق جمہوریت سمیت عوام سے کئے گئے وعدوں پر عملدرآمد کر رہی ہے۔ آغاز حکومت بلوچستان این ایف سی ایوارڈ صوبہ سرحد کیلئے رائیلٹی کا طے ہونا اس سلسلے کی کڑیاں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گڈ گورننس کے بغیر عوام کے مسائل حل نہیں ہو سکتے جو مسائل ہمیں ورثہ میں ملے ہیں ان میں سے ایک دو سال میں نہیں نکلا جا سکات۔ انہوں نے کہا کہ جب ہم نے اقتدار سنھبالا تو پہلے سال 30 لاکھ ٹن گندم درآمد کرنا پڑی جبکہ اگلے سال 25 لاکھ ٹن گندم فالتو ہو گئی۔ انہوں نے کہا کہ بجلی کا بحران سیزنل ہے اسے حل کرنے کیلئے جب رینٹل پاور اسٹیشن لانے کا منصوبہ لایا گیا تو میڈیا اور اپوزیشن نے شور مچادیا جس سے سرمایہ کار بھاگ گئے ۔ اب ہم دوبارہ ایشیئن بینک کے تعاون سے ان منصوبوں پر عملدرآمد کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ گرمیوں میں بھی بجلی کی لوڈ شیڈنگ جاری رہے گی تاہم آج کل جو ہائیڈرل بجلی کا 4 ہزار میگا واٹ کا شارٹ فال ہے وہ پانی چھوڑ ے نہ جانے کے باعث ہے کیونکہ آج کل فصلوں کو پانی کی ضرورت نہیں ہوتی۔ آئندہ ماہ لوڈ شیڈنگ میں کمی ہو جائے گی۔ ججوں کی تعیناتی کے حوالے سے سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اس معاملے میں حکومت اور عدلیہ کے درمیان کوئی اختلاف نہیں ہے۔ ججوں کی تعیناتی آئین کے مطابق کی جائے گی۔ فیصل آباد میں صدر کے دورے کے موقع پر پیپلز پارٹی کے جھنڈے بینرز اور پوسٹر جلائے جانے کے واقعات کی مذمت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس بار میں تحقیقات کروائی جائیں گی۔ صدر کے فیصل آباد جانے کے موقع پر موٹر وے کی عام شہریوں کیلئے بندش پر انہوں نے کہا کہ اس کے کچھ حصے تھوڑی دیر کیلئے بند کئے گئے تھے جس کیلئے ہم معذرت خواہ ہیں۔

Tags: پاکستان

بجلی اور گیس کی لوڈ شیڈنگ‘ پانی نہ ملنے پر لاہور کربلا بن گیا

January 12th, 2010 · No Comments

٭۔ ۔ ۔ بوڑھے، جوان اور خواتین بچوں سمیت گھروں سے باہر نکل آئے، جی ٹی روڈ پر دھرنا، ٹریفک کا نظام معطل
٭۔ ۔ ۔ پولیس کے لاٹھی چارج اور ہوائی فائرنگ سے متعدد افراد زخمی، مظاہرین نے شیر جوانوں پر پتھراؤ کیا
٭۔ ۔ ۔ 5 گھنٹے تک احتجاج، حکومت کے خلاف نعرے بازی، منتخب نمائندے گھروں سے باہر نہ نکلے

لاہور ۔ بجلی اور گیس کی لوڈ شیڈڈنگ کے ستائے ہوئے ہزاروں شہری گھروں سے باہر نکل آئے اور شاہدرہ چوک میں حکومت کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا اور دھرنا دیا جس کے باعث 5 گھنٹے تک صوبائی دارالحکومت میں ٹریفک کے آنے اور جانے کا سلسلہ منقطع ہو گیا اور جی ٹی روڈ پر طویل لائنیں لگ گئیں۔ پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے آنسو گیس پھینکنے کے علاوہ لاٹھی چارج بھی کیا جس سے متعدد افراد زخمی ہو گئے۔ تفصیلات کے مطابق شاہدرہ میں بجلی کی طویل بندش کے باعث علاقہ میں پانی نہ ملنے پر خواتین، بچے، بوڑھے اور جوان گھروں سے باہر نکل آئے اور شاہدرہ چوک پر دھرنا دے دیا اور حکومت کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔ مظاہرے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اہلکاروں نے مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے لاٹھی چارج کیا تو مظاہرین مشتعل ہو گئے اور پولیس پر پتھراؤ شروع کردیا۔ جس کے جواب میں پولیس نے مظاہرین پر آنسو گیس کے شیل پھینکے اور ہوائی فائرنگ بھی کی جس کے نتیجے میں بھگدڑ مچ گئی اور متعدد ا فراد زخمی ہو گئے۔ پانچ گھنٹے تک پولیس اور مظاہرین میں پتھراؤ کا سلسلہ جاری رہا۔ لاہور سے باہر جانے ا ور آنے والی گاڑیوں کا سلسلہ جام ہو گیا۔ مظاہرین نے کہا کہ حکومت نے گیس کی لوڈ شیڈنگ کے بعد پانی بھی بند کردیا ہے جس کی وجہ سے علاقہ کربلا بن گیا اور معصوم بچے پانی کیلئے بلک رہے ہیں۔ اس سلسلہ میں متعدد بار ضلعی انتظامیہ سے رابطہ کیا گیا تو وہ ٹس سے مس نہ ہوئے جس وجہ سے وہ اس سردی کے موسم میں گھروں سے باہر نکلنے پر مجبور ہو گئے۔ مظاہرہ کے دوران گوجرانوالہ، شیخوپورہ تک ٹریفک کانظام معطل ہو گیا۔ خواتین اور بچوں نے وفاقی اور صوبائی حکومت کے خلاف سینہ کوبی کرتے ہوئے جھولیاں اٹھا کر بد دعائیں دیں اور کہا کہ جب سے یہ اقتدار میں آئے ہیں عوام سے تمام بنیادی سہولتیں چھین لیں ہیں۔

Tags: پاکستان