Urdu News-Online Urdu Newspaper

Urdu news Online Urdu Newspaper

Urdu News-Online Urdu Newspaper header image 4
Pages: Prev 1 2 3 ...7 8 9 10 11 12 13 ...59 60 61 Next

لشکر طیبہ پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ چھیڑ سکتی ہے ، امریکا

March 11th, 2010 · No Comments

امریکا اپنی سرزمین پر کوئی بھی کارروائی روکنے کے لیے اقدامات کر رہا ہے

عسکریت پسند امریکا میں لوگوں کو ہتھیار کے طور پر استعمال کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں ، جنرل فرانسک کےئر

واشنگٹن ۔امریکا نے تشویش ظاہر کی ہے کہ لشکر طیبہ میں انتہا پسند گروپس پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ چھیڑ سکتے ہیں ۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی آپریشن کمانڈ کے ڈپٹی کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل فرانسک کےئر نے آرمڈ سروسز سے متعلق سینٹ کی کمیٹی کو بتایا کہ امریکا کو ایسی کارروائیوں پر تشویش لاحق ہے جو خطے میں خونریزی پھیلا رہا ہے ، امریکا اپنی سرزمین پر دہشت گردی کی کوئی بھی کارروائی روکنے کے لیے اقدامات کر رہا ہے ۔ان کا کہنا تھا کہ لشکر طیبہ کی کارروائیوں سے پاکستان اور بھارت دونوں ممالک کے درمیان تعلقات پر منفی اثرات مرتب ہو سکتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ لشکر طیبہ کے عسکریت پسند امریکا میں لوگوں کو ساتھ شامل کر کے ہتھیار کے طور پر استعمال کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں او رانہیں کسی او رجگہ سے لوگوںکو کارروائیوں کے لیے اسمگل کرنے کی ضرورت نہیں ۔ انہوںنے کہا کہ لشکر طیبہ جیسے بین العلاقائی عناصر خطے میں امن کو سبوتاژ کر سکتے ہیں ۔ اس موقع پر کمیٹی کے چےئرمین بل نلسن اس بات کی نشاندہی کی کہ افغانستان میں القاعدہ ، طالبان اور وسری کالعدم تنظیموں کے خلاف 9 سالہ جنگ کے بعد یہی گروپس دنیا میں کہیں بھی حملے کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں اور اب یہ افریقہ اور بحیرہ عرب تک پھیل رہے ہیں ۔

Tags: دنیا کی خبریں , پاکستان , ہندوستان

سپریم کورٹ کا پولیس کو نجی عقوبت خانے ختم کرنے کا حکم

March 11th, 2010 · No Comments

تشدد کے واقعات میں ڈی آئی جی او رایس پی کو نوٹس جاری کرنے کی ہدایت

برہنہ کر کے چھترول کرنا انسانیت کی تذلیل اورجنگل کے قانون سے بھی بدتر ہے

چھترول کرنے والوں کی ایسی ہی چھترول ہو تو سارے معاملات ٹھیک ہوں جائیں گے ، جسٹس سائر علی

آئی جی پولیس سے پوچھا جائے کہ ایسے واقعات کا احتساب یا نگرانی کیوں نہیں ہوئی

جسٹس جاوید اقبال کے ریمارکس

اسلام آباد۔سپریم کورٹ آف پاکستان نے پولیس کو نجی عقوبت خانے ختم کرنے کا حکم دیتے ہوئے تشدد کے واقعات میں ڈی آئی جی اور ایس پی کو نوٹس جاری کرنے کی ہدایت کی ہے ۔ سپریم کورٹ کے سہ رکنی بینچ نے چنیوٹ کے تھانہ بھوانہ میں ملزمان پر پولیس کے تشدد سے متعلق از خود نوٹس کی سماعت کی ۔ عدالت میں چنیوٹ پولیس کا کوئی بھی اہلکار پیش نہیں ہوا ۔ بینچ نے سماعت کچھ دیر کے لیے موخر کر دی لیکن بعد میں سماعت دوبارہ شروع ہو نے پر عدالت عظمیٰ نے ہدایت کی کہ نجی عمارت میں پولیس کا کوئی عقوبت خانہ نہیں ہونا چاہیے ۔ جسٹس جاوید اقبال نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ آئی جی پولیس سے پوچھا جائے کہ ایسے واقعات کا احتساب یا نگرانی کیوں نہیں ہوتی ۔ سرعام برہنہ کر کے چھترول کرنا انسانیت کی تذلیل ہے۔ یہ جنگل کے قانون سے بھی بدتر ہے ۔پولیس بھرتی میں ارکان اسمبلی کا کوٹہ سامنے لایا جائے گا۔ جسٹس سائر علی کا کہنا تھا کہ چھترول کرنے والوں کی ایسی ہی چھترول ہو تو سارے معاملات ٹھیک ہوں جائیں گے ۔ پنجاب حکومت کی جانب سے ایڈووکیٹ جنرل خواجہ حارث نے اس حوالے سے اقدامات پر رپورٹ پیش کی ۔ انہوںنے بتایا کہ تھانہ بھوانہ کے ایس ایچ او اور ڈی ایس پی کو شوکاز نوٹس جاری کئے جا چکے ہیں ۔ پنجاب حکومت نیا پولیس آرڈر 2010 ء مرتب کر رہی ہے ۔ چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری نے 4 مارچ کو اخباری خبر پر پولیس تشدد پر از خود کارروائی کا آغاز کیا تھا ۔

Tags: پاکستان

یہ ہر زبان میں اپنے مطلب کی بات سمجھتے ہیں، سید یوسف رضا گیلانی

March 11th, 2010 · No Comments

افغانستان میں امن و استحکام کے لیے خارم حرمین شریفین کی رہنمائی چاہتے ہیں، حامد کرزئی

اسلام آباد۔وزیر اعظم سید یوسف رضا گیلانی نے افغان صدر حامد کرزئی کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کے دوران افغان عوام کے لیے پاکستان کو ان کا ’’ دوسرا گھر ‘‘ قرار دیا جبکہ افغان صدر نے پاکستان کو اپنا ’’ بھائی ‘‘ قرار دیا ۔ ایک موقع پر جب افغان صدرایک سوال کا پشتو اور اردو میں جواب دینا چاہتے تھے تو وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ یہ ہر زبان میںاپنے مطلب کی بات سمجھتے ہیں ۔افغان صدر نے ڈرون حملوں اورافغان مہاجرین کی واپسی کے بارے میں سوالات کا جواب پشتو اور انگریزی دونوں میں دیا ۔ وزیر اعظم سید یوسف رضا گیلانی نے افغان مہاجرین کے لیے بھی نیک جذبات کااظہار کیا جب کہ افغان صدر نے دونوں ممالک کو قریب لانے کے سلسلے میں سعودی عرب کے کردار کو ناگزیر قرار دیا ۔ افغان صدر نے کہا کہ افغانستان میں امن و استحکام کے لیے ہم خادم الحرمین شریفین کی راہنمائی چاہتے ہیں ۔

Tags: افغانستان , پاکستان

بھارت کی آبی جارحیت کے خلاف آواز بلند کی جائے گی جو سندھ طاس معاہدے کے تحت حاصل ہیں ۔ لاہور چیمبر آف کامرس کے صدر کی پریس کانفرنس

March 11th, 2010 · No Comments

بھارتی تاجروں نے اپنی حکومت کو مشورہ دیا ہے کہ پانی کو پاکستان کے خلاف بطور ہتھیار استعمال کیا جائے

پانی کے بغیر پاکستان کی بیس ملین ایکڑ زرخیز اراضی ایک ہفتے کے اندر خشک ہوجائے گی

لاہور۔پاکستان واٹر فرنٹ نے ایک موثر حکمت عملی مرتب کرنے کا اعلان کیا ہے جس کے تحت بین الاقوامی سطح پر بھارت کی آبی جارحیت کے خلاف اور پاکستان کے اُن حقوق کے لیے آواز بلند کی جائے گی جو اسے سندھ طاس معاہدے کے تحت حاصل ہیں۔ یہ اعلان گذشتہ روز لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر ظفر اقبال چودھری نے لاہور چیمبر میں ایک میڈیا بریفنگ کے موقع پر کیا۔ لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سینئر نائب صدر اعجاز اے ممتاز، لاہور چیمبر کے سابق نائب صدر شہزاد علی ملک، چیئرمین کسان متحدہ محاذ ایوب میو اور سابق وفاقی وزیر سلطان علی چودھری نے بھی اس موقع پر خطاب کیا۔ ظفر اقبال چودھری نے کہا کہ پاکستان واٹر فرنٹ فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی رضامندگی سے تشکیل دیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارتی تاجروں نے اپنی حکومت کو مشورہ دیا ہے کہ پانی کو پاکستان کے خلاف بطور ہتھیار استعمال کیا جائے جس کا پاکستانی حکومت کو سنجیدگی سے نوٹس لیتے ہوئے اس کے توڑ کے لیے اقدامات اٹھانا چاہئیں ورنہ تباہ کُن نتائج کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ فیڈریشن آف انڈین چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے پاکستان کے بارے میں اپنی تفصیلی ایڈوائزری رپورٹ میں بھارتی حکومت کو مشورہ دیا ہے کہ پاکستان پر اچانک فوجی حملے کرے، پاکستان کو مسافر ہوائی جہازوں کو اپنی فضائی حدود استعمال نہ کرنے دے اور ڈیم تعمیر کرکے پاکستان میں جانے والے دریاؤں کا پانی روک لے کیونکہ پانی پاکستان کے لیے زندگی اور موت کا مسئلہ ہے لہذا اس طرح پاکستان کو گھٹنوں پرجھکایا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا کو فیڈریشن آف انڈین چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی رپورٹ پیش کی اور بتایا کہ یہ رپورٹ فیڈریشن آف انڈین چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی ویب سائٹ سے ڈاؤن لوڈ کی گئی تھی لیکن پاکستان میں شدید احتجاج کے بعد یہ رپورٹ انٹرنیٹ سے غائب کردی گئی۔ انہوں نے کہا کہ اِس رپورٹ نے لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کو بھارتی منصوبوں تک پہنچنے پر مجبور کیا جس سے پتہ چلا کہ جہلم، چناب اور سندھ پر ڈیم تعمیر کررہا ہے جن میں سے بہت سے کام کررہے ہیں جبکہ 100پراجیکٹس تعمیر کے مختلف مراحل میں ہیں۔ انہوں نے کہ کہ ان میں سے بیشتر پراجیکٹس سندھ طاس معاہدے کی خلاف ورزی ہیں جن کی جانب فوری توجہ دینا ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ ان پراجیکٹس کو روکنے کے لیے بھارت پر عالمی دباؤ ڈلوانا اشد ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان واٹر فرنٹ تمام کسان تنظیموں، سول سوسائٹی اور میڈیا کے تعاون اور ان کی تجاویز کا متمنی ہے۔ انہوں نے کہا کہ موثر لائن آف ایکشن مرتب کی جائے گی تاکہ یہ معاملہ انتہائی موثر طریقے سے عالمی سطح پر اٹھایا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی تاجروں کی تجاویز کو مدّ نظر رکھتے ہوئے بھارت سے تجارتی تعلقات منقطع کردینے چاہئیں۔ ایک جامع پریزنٹیشن کے ذریعے میڈیا کو آگاہ کیا گیا کہ پاکستان قحط کے دہانے پر کھڑا ہے کیونکہ اسے صحرا بنادینے کے منصوبے پر عمل درآمد شروع ہوچکا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ 1950ء میں ہمارے ہاں پانی کی فی کس دستیابی 5000کیوبک میٹر فی کس تھی جو سال 2010ء میں کم ہوکر 1000 کیوبک میٹر فی کس رہ گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پانی کے بغیر پاکستان کی بیس ملین ایکڑ زرخیز اراضی ایک ہفتے کے اندر خشک ہوجائے گی جس کی وجہ سے لاکھوں لوگوں کو فاقہ کشی کا سامنا کرنا پڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ عسکری قوت سے پاکستان کو فتح کرنا ممکن نہیں جس کی وجہ سے بھارت پاکستانی دریاؤں کا پانی روک کر اسے تباہ کرنے کی سازش کررہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت 120ارب ڈالر کی لاگت کے بہت سے منصوبوں پر کام کررہا ہے جو 2016ء تک مکمل ہوجائیں گے۔ ان منصوبوں میں 3000آبی ذخیرے تعمیر کرنا اور 14000کلومیٹر لمبی نہریںبناناشامل ہے۔

Tags: پاکستان

پنجاب کے عوام اور پنجاب کی حکومت اپنی جان پر کھیل کر معاشرے کے دشمنوں کا تعاقب کرنے والے پولیس کے افسروں اور اہلکاروں کے ساتھ کھڑے ہیں۔ شہبازشریف

March 11th, 2010 · No Comments

صوبے کو ڈاکوؤں، قاتلوں اور عوام کی عزتیں لوٹنے والے سے پاک کرنے کا تہیہ کررکھا ہے

کامونکی۔وزیراعلی پنجاب محمدشہبازشریف نے کہا ہے کہ حکومت نے صوبے کو ڈاکوؤں ‘ قاتلوں اور عوام کی عزتیں لوٹنے والوں سے پاک کرنے کا تہیہ کر رکھا ہے۔ پنجاب کے عوام اور پنجاب کی حکومت اپنی جان پر کھیل کر معاشرے کے دشمنوں کا تعاقب کرنے والے پولیس کے افسروں اور اہلکاروں کے ساتھ کھڑے ہیں۔اس امر کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز یہاں سادھوکی میںشہید کانسٹیبل محمد یاسین کی رہائش گاہ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ کانسٹیبل یاسین کی شہادت سوموار کی صبح جہانیاں میں گوجرانوالہ کے اشتہاری اور سزا یافتہ انتہائی خطرناک مجرموں کا مقابلہ کرتے ہوئے ہوئی تھی۔ مقابلے میں مارے جانے والے مجرم آصف عرف وڈو اور حمید عرف کالا اغواء برائے تاوان‘ قتل اور ڈکیتیوں کے دو درجن سے زائد واقعات میں ملوث تھے۔ گوجرانوالہ ڈویژن میںدہشت کی علامت سمجھے جانے والے ان مجرموں کے سروں کی قیمت20اور10لاکھ روپے رکھی گئی تھی۔ وزیراعلی نے کہا کہ پوری قوم کو پولیس کے شہیدوں اور غازیوں پر فخر ہے ۔ اگر پولیس میں ایسے فرض شناس افراد نہ ہوں تو مجرم معاشرے میں کھلم کھلا دندناتے پھریں۔ ایسے قابل فخر پولیس اہلکاروں کی حوصلہ افزائی اور ان کے لواحقین کی سرپرستی اتنی ہی ضروری ہے جتنا نااہل اہلکاروں کا احتساب۔قبل ازیں شہید کانسٹیبل کے والد سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعلی نے کہا کہ یاسین شہید صرف پولیس کا نہیں بلکہ پاکستانی قوم کا قابل فخر سپوت ہے۔ شہید کانسٹیبل نے اپنی شہادت کے ذریعے دنیا میں بھی نام پیدا کیا ہے اور اللہ تعالی اسے آخرت میں بھی اعلیٰ مقام دے گا۔ وزیراعلی نے اس موقع پر شہید کے اہل خانہ کے لئے 30لاکھ روپے کی مالی معاونت کا اعلان کیا اور کہا کہ حکومت انہیں15لاکھ روپے کی مالیت کاگھر بھی خرید کر دے گی۔ انہوں نے شہید کے بھائی کے لئے پولیس میں ملازمت اور بیٹے کے لئے مفت تعلیم کا بھی اعلان کیا۔ وزیر اعلی نے مجرموں کے ساتھ مقابلے میں شریک پولیس ٹیم کے دیگر اراکین کے لئے 2۔ لاکھ روپے فی کس انعام کا بھی اعلان کیا ۔

Tags: پاکستان

پاکستان ‘ افراط زر کی شرح 13فیصد سے تجاوز کر گئی

March 11th, 2010 · No Comments

خام مال اور ایندھن کی قیمتوں میں 34فیصد سے زائد اضافہ ہوا،شماریات ڈویژن
حالیہ عرصے میں پٹرولیم ، بجلی کی قیمتوں میں اضافے سے آنے والے دنوں میں افراط زر مزید بڑھے گی، ماہرین

اسلام آباد ‘ رواں مالی سال کے آٹھویں ماہ فروری کے دوران مہنگائی کی شرح 13فیصد سے تجاوز کر گئی ہے جبکہ اس دوران خام مال اور ایندھن کی قیمتوں میں 34فیصد سے زائد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔وفاقی ادارہ شماریات کی جانب سے جاری اعداد وشمار کے مطابق رواں مالی سال کے پہلے آٹھ ما ہ کے دوران افراط زر کی شرح میں 11.08فیصد، اشیاء ضروریہ کی قیمتوںمیں11.84فیصداور ہول سیل میں افراط زر کی شرح میں 8.66فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ سال فروری کی نسبت رواں سال فروری کے دوران افراط زر کی شرح میں 13.04فیصد، اشیاء ضروریہ کی قیمتوںمیں18فیصداور ہول سیل میں افراط زر کی شرح میں19.29فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔اعداد وشمار کے مطابق گزشتہ سال فروری کی نسبت رواں سال فروری کے دوران غذائی اجناس اور مشروبات وغیرہ کی قیمتوں میں 15فیصد، ہاوس رینٹ میں 13فیصد، ایندھن اور روشنی کی قیمتوں میں17ٖفیصد، ٹرانسپورٹ اور مواصلات کی قیمتوںمیں 10فیصداضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے،اس دوران ہول سیل میں افراط زر کی شرح میںغذائی اجناس کی قیمتوں میں15فیصد،خام مال کی قیمتوں میں35فیصد، ایندھن لائٹننگ اور لبریکینٹس کی قیمتوں میں30فیصد، مینوفیکچرنگ کی قیمتوں میں 15فیصداضافہ ریکارڈ کیا گیا تاہم اس دوران تعمیراتی سامان کی قیمتوں میں4.22فیصد کم ہوئی ہیں۔ اعداد و شمار کے مطابق ماہ فروری کے دوران بنیادی افراط زر کی شرح 12.4فیصد ریکارڈ کی گئی ہے جو گزشتہ سال فروری کے دوران 20.8فیصد کی بلند سطح پر بھی۔اس دوران نان فوڈ اور نان انرجی بنیادی افراط زر کی شرح 10فیصد ریکارڈکی گئی جو گزشتہ سال فروری کے دوران 19فیصد تھی۔ماہرین کے مطابق حالیہ عرصے میں پٹرولیم مصنوعات اور بجلی اور گیس کی قیمتوں میں اضافے کے بعد افراط زر ایک بار پھر سخت دباو میں آ گئی ہے اور آنے والے دنوںمیں افراط زر کی شرح میں مزید اضافہ ہو گا کیونکہ اس وقت ہول سیل کی قیمتوں میں افراط زر کی شرح میں زبر دست اضافہ دیکھنے میں آیاہے جس کا اثر آئندہ دنوں میں صارفین پرمنتقل ہو گا،جس کے نتیجہ میں غریب طبقے کے لئے جینا مزید مشکلات کا شکار ہو جائیں گے۔ ماہرین کے مطابق حکومت نے رواں مالی سال کے لئے افراط زر کا ہدف 10فیصد سے کم مقررکیا تھا تاہم بعد میں آئی ایم ایف اور عالمی بنک کے ساتھ کئے گئے معاہدوں کے تحت اس میں دو مرتبہ نظر ثانی کرتے ہوئے 11.5فیصد مقرر کر رکھا ہے ، جبکہ پہلے 8ماہ کے دوران اس کی شرح11فیصد سے تجاوز کر گئی ہے جبکہ توانائی کی قیمتوں میں اضافے کے نتیجہ میں اس میں مزید اضافے کا خدشہ ہے۔

Tags: پاکستان

چیئرمین نیب طویل رخصت پر چلے گئے، عرفان ندیم قائم مقام مقرر

March 10th, 2010 · No Comments

اسلام آباد ۔چیئرین نیب نوید احسن طویل رخصت پر چلے گئے ہیں اور ان کی غیر موجودگی میں ڈپٹی چیئرمین عرفان ندیم قائم مقام چیئرمین نیب کے طور پر کام کریں گے ۔ وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے ابتدائی طور پر عرفان ندیم کو چھ ہفتہ کیلئے نیب کا قائم مقام چیئرمین مقرر کیا ہے ۔ نیب ذرائع کا کہنا ہے کہ چیئرمین نیب نوید احسن نے گزشتہ ہفتہ کو وزیراعظم سے ملاقات کر کے اپنا استعفیٰ پیش کیا تاہم انہیں کام جاری رکھنے کی ہدایت کی گئی ۔بعد ازاں نوید احسن نے طویل رخصت کی درخواست دی جس پر ان کی چھ ہفتے کی چھٹی منظور کرلی گئی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ نوید احسن نے رخصت سے قبل وزیر قانون بابر اعوان سے ملاقات بھی کی ۔

Tags: بریکنگ نیوز , پاکستان

برطانیہ پاکستان سے عسکریت پسندی ،دہشت گردی کے خاتمے ،خطے اور دنیا میں قیام امن کے تناظر میں شراکت داری کرے۔ ۔ ۔ آصف علی زر داری

March 10th, 2010 · No Comments

افغانستان میں عسکریت پسندوں اور دہشت گردوں کے خلاف کاروائی کے اثرات پاکستان پر نہیں پڑنے چاہئیں

منفی اثرات سے بچنے کے لئے پاکستان سے رابطہ ہو نا چاہئیے

دنیا پاکستان میں افغان مہاجرین پر بھی توجہ دے

صدر مملکت کی برطانوی وزیر خارجہ کے افغانستان کے لئے خصوصی نمائندے سرشیررد کو پر کولس سے بات چیت

اسلام آباد۔ صدر آصف علی زر داری نے کہا ہے کہ پاکستان اور برطانیہ کے درمیان شراکت داری، پاکستان سے عسکریت پسندی ،دہشت گردی کے خاتمے ،خطے اور دنیا میں قیام امن کے تناظر میں ہو نی چاہیے۔افغانستان میں عسکریت پسندوں اور دہشت گردوں کے خلاف کاروائی کے اثرات پاکستان پر نہیں پڑنے چاہئیں اور اس کے منفی اثرات سے بچنے کے لئے پاکستان سے رابطہ ہو نا چاہیے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے برطانوی وزیر خارجہ کے افغانستان کے لئے خصوصی نمائندے سرشیررد کو پر کولس سے بات چیت کرتے ہوئے کہی، جنہو ں نے بدھ کو ایوان صدر میں ان سے ملاقات کی۔ملاقات کے دوران صدر آصف علی زر داری نے زور دے کر کہا کہ پاکستان اور برطانیہ کو قریبی دو طرفہ تعلقات خصوصاً تعلیم کے فروغ ،سر مایہ کاری اور تجارت کے شعبوں میں شراکت داری کو بڑھانے کے لئے مزید تعاون اور کام کر نا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان شراکت داری کا یہ سلسلہ پاکستان سے عسکریت پسندی،دہشت گردی کے خاتمے،خطے اور دنیا میں قیام امن کے تناظر میں ہو نی چاہئیے۔دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات پر بات چیت کر تے ہوئے صدر آصف علی زر داری نے پاکستانی مصنوعات کی یورپی منڈیوں تک رسائی علاقائی مسائل،دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کے کر دار اور آئندہ پاک، ای یو کانفرنس پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔صدر آصف علی زر داری نے مزید کہا کہ پاکستان کی خواہش ہے کہ یورپی یونین کی منڈیوں تک رسائی اور آزاد تجارت کے معاہدے کے عمل کے آغاز کے لئے برطانیہ پاکستان کی مدد کرے اور اس سلسلے میں اپنا کر دار ادا کرے۔اس سے پاکستان کے اندر روز گار کے مواقع پیدا ہوں گے اور غربت کے خاتمے میں مدد ملے گی۔افغانستان کے مسئلے پر بات چیت کر تے ہوئے صدر مملکت نے کہا کہ افغانستان کے معاملے میں کوئی بھی اقدام اٹھانے سے پہلے اس بات کو یقینی بنایا جانا چاہیے کہ اس سے افغانستان کی علاقائی سالمیت محفوظ رہے گی اور اس کی سر زمین کسی بھی پڑوسی ملک کے خلاف استعمال نہیں ہو گی۔انہوں نے کہا کہ ایک پر امن ،متحد اور مستحکم افغانستان سب سے پہلے پاکستان کے بہتر مفاد میں ہے اس کے براہ راست اثرات پاکستان پر پڑیں گے۔انہوں نے افغانستان میں عسکریت پسندی کا حوالہ دیتے ہوئے زور دے کر کہا کہ افغانستان میں کسی بھی فوجی کاروائی کے دوران اس کے پاکستان پرپڑنے والے منفی اثرات سے بچنے کے لئے قریبی تعاون ہو نا چاہئیے کیوں کہ اس کے نتیجے میں عسکریت پسند بلوچستان میں داخل ہو سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ افغانستان میں تعمیر نو کا کام اولین ترجیح ہو نی چاہیے اس کے ذریعے یہاں بڑھتی ہوئی عسکریت پسندی اور دہشت گردی کے خاتمے میں مدد حاصل کی جا سکتی ہے۔انہوں نے کہا کہ اس کے لئے پاکستان نے افغانستان کی تعمیر نو کی کوششوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ دنیا کو پاکستان میں موجود30 لاکھ افغان مہاجرین پر بھی توجہ دینی چاہیے جن کا بوجھ پاکستان نے اٹھا رکھا ہے۔ انہوں نے پاکستان میں ترقیاتی منصوبوں میں برطانیہ کی مدد پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ملاقات کے دوران صدر کی سیکرٹری جنرل سلمان فاروقی،سینیٹر صغریٰ امام ،امور خارجہ ،دفاع اور داخلہ کے وفاقی سیکرٹریز اور دیگر اعلیٰ حکومتی عہدیداروں اور پاکستان میں برطانوی ڈپٹی ہائی کمشنر پیٹرتبر بھی شریک رہے ۔

Tags: بریکنگ نیوز , پاکستان

وفاقی کابینہ کا پاکستان سٹیل ملز اور پی آئی اے سمیت تمام خسارے میں چلنے والے اداروں کی تنظیم نو کا فیصلہ ۔ وزیر اعظم گیلانی

March 10th, 2010 · No Comments

ان اداروں کے بورڈ آف گورنرز دوبارہ تشکیل دے کر انہیں منافع بخش بنانے کا ٹاسک دیا جائے گا

ملک و قوم کو اربوں روپے کے نقصان سے بچانے کے لیے فوری اقدامات کرنا ہوں گے

وزیر اعظم سید یوسف رضا گیلانی کی سر براہی میں وفاقی کابینہ کے اجلاس میں اہم فیصلے

اسلام آباد۔ وفاقی کابینہ نے پاکستان سٹیل ملز اور پی آئی اے سمیت خسارے میں چلنے والے اداروں کی تنظیم نو کا فیصلہ کیا ہے ۔ وزیر اعظم سید یوسف رضا گیلانی کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں کیا گیا اجلاس میں جن اداروں کی تنظیم نو کا فیصلہ کیا گیا ان میں پی آئی اے ، پاکستان سٹیل ملز، پیپکو، پاکستان ریلوے، نیشنل ہائی وے اتھارٹی ، پاکستان ایگریکلچرل سٹوریج اینڈ سروسز کو آپریشن ٹریڈنگ کارپوریشن آف پاکستان اور یوٹیلٹی سٹور ز کارپوریشن شامل ہیں۔ ان اداروں کے بورڈ آف گورنرز دوبارہ تشکیل دیئے جائیں گے اور انہیں ان اداروں کو منافع بخش بنانے کا ٹاسک دیا جائے گا ۔کابینہ نے کوریا کے ساتھ ماحولیاتی، تعلیمی شعبے میں تعاون کے لیے ایم آئی او یو پر دستخط کرنے کی بھی منظوری دے دی۔کابینہ اجلاس میں پبلک سیکٹر انٹر پرائزز کی تنظیم نو فنڈز کے استعمال میں بہتری اور گڈ گورننس کو یقینی بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ کابینہ نے کمیٹی کی رپورٹ کا جائزہ لینے کے بعد یہ فیصلہ کیا ہے جس میں سفارشات دی گئی تھیں کہ پبلک سیکٹر کے ان اداروں کو کروڑوں روپے کے خسارے سے بچایا جائے یہ کمیٹی کابینہ کے 16 دسمبر 2009ء کو ہونے والے اجلاس میں تشکیل دی گئی تھی۔ وزیر اعظم سید یوسف رضا گیلانی نے اجلاس کے دوران واضح کیا کہ ناقص مینجمنٹ کو روکنے کے لیے فوری اقدامات کرنا ہوں گے کیونکہ اس سے اربوں روپے کا نقصان ہو رہا ہے اور عوامی فلاح و بہبود کے کام بھی متاثر ہو رہے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ ان اداروں میں بہتر منصوبہ بندی سے عام شہریوں کو ریلیف فراہم کیا جا سکتا ہے ۔ وزیر اعظم سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ ان اداروں کی تنظیم نو سے پبلک سیکٹر انٹر پرائزز کی کارکردگی بہتر ہو گی اور قومی خزانے پر بوجھ کم ہو گا۔ کابینہ نے ان اداروں کی کارکردگی بہتر بنانے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ یہ ادارے ملکی معیشت کو بہتر بنانے میں مدد دینے کے ساتھ ساتھ معاشرے میں لوگوں کا معیار زندگی بہتر بنانے میں مدد دے سکتے ہیں۔کابینہ نے پی آئی اے ، پاکستان سٹیل ملز، پیپکو، پاکستان ریلوے، نیشنل ہائی وے اتھارٹی ، پاکستان ایگریکلچرل سٹوریج اینڈ سروسز کو آپریشن ٹریڈنگ کارپوریشن آف پاکستان اور یوٹیلٹی سٹور ز کارپوریشن کی تنظیم نو کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے قرار دیا کہ ان اداروں میں آزاد و خودمختار اور ماہرین پر مشتمل بورڈ آف ڈائریکٹرز 30 اپریل سے قائم کیے جائیں گے اور بورڈ آف ڈائریکٹر ز کی طرف سے نامزد کیے گئے ماہرین کی خدمات 15 جون تک حاصل کی جائیں گی جبکہ 31 اگست 2010ء تک اس ضمن میں قائم کی گئی کمیٹی اداروں کی تنظیم نو کی باضابطہ منظوری دے گی۔ وزیر اعظم سید یوسف رضا گیلانی نے اپنے خطاب کے دوران کابینہ ڈویژن کو ہدایت کی کہ کابینہ کے گزشتہ اجلاس میں کیے گئے فیصلوں پر عملدرآمد کے حوالے سے رپورٹ آئندہ اجلاس میں جمع کرائی جائے۔ وزیر اعظم نے ہدایت کی ہے کہ کابینہ کی 19 سب کمیٹیوں کی طرف سے دی گئی سفارشات بھی آئندہ اجلاس میں پیش کی جائیں۔ کابینہ نے جنوبی کوریا کے ساتھ ماحولیات اور تعلیمی شعبے میں تعاون کے سلسلہ میںمذاکرات شروع کرنے کی بھی منظوری دی ۔ کابینہ نے چین کے ساتھ جیو سائنسز کے شعبہ میں تعاون کے حوالے سے مفاہمت کی یاداشت پر دستخط کرنے بھی منظوری دی ۔ کابینہ نے میکسیکو کی حکومت کے ساتھ سائنسٹیفک اینڈ ٹیکنالوجیکل تعاون کے لیے مذاکرات شروع کرنے کے حوالے سے اقدامات کرنے کی منظوری دی ۔ اس معاہدے سے ملک میں سائنس و ٹیکنالوجی کے شعبہ کو ترقی دینے میں مدد ملے گی۔ کابینہ نے ’’پاک آسٹریلیا ڈویلپمنٹ پارٹنر شپ ‘‘ منصوبہ کے لیے مفاہمت کی یاداشت پر دستخط کرنے اور تنزانیہ حکومت کے ساتھ تجارتی تعاون بڑھانے کے لیے اقدامات کرنے کی بھی منظوری دی ہے

Tags: پاکستان

لاہوربم دھماکے کی عدالتی سطح پرتحقیقات کرائی جائیں۔

March 10th, 2010 · No Comments

امریکہ، بھارت اسرائیل پاکستان میںدہشت گردی کے واقعات میں ملوث ہیں۔جماعت اسلامی پنجاب

لاہور۔جماعت اسلامی پنجاب کے قائمقام امیرظفرجمال بلوچ نے کہاہے کہ حکومت ملک میںامن وامان قائم کرنے میںناکام ہوچکی ہے۔ لاہور، کراچی، راولپنڈی، اسلام آبادسمیت پاکستان بھرمیںبم دھماکے آئے روزہورہے ہیں۔ عوام غیرمحفوظ ہوچکے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ پاکستان میںحالیہ دہشت گردی میںامریکہ، بھارت اوراسرائیل ملوث ہیں۔ بیرونی قوتیںپاکستان میںحالات خراب کرکے اپنے مذموم اورناپاک عزائم کی کامیابی چاہتی ہیں۔ ملک کے 17کروڑعوام متحدہوکردہشت گردی کوجڑوںسے اکھاڑدیں۔ حکومت پاکستان اپنی خارجہ پالیسی کوازسرنوتبدیل کرے۔ امریکی جنگ سے جب تک باہرنہیںنکلیںگے اس وقت تک پاکستان کے حالات بہترنہیںہوسکتے۔ انہوںنے کہاکہ لاہوربم دھماکے کی اعلیٰ سطح پرعدالتی تحقیقات کرائی جائیں۔ حکومت پاکستان امریکی حصارسے باہرنکلے اورخفیہ ایجنسیوںکے دفاترکوبھی رہائشی علاقوںسے باہرمنتقل کیاجائے۔ انہوںنے کہاکہ امریکہ افغانستان میںذلت ورسوائی کاشکارہوچکا ہے۔ امریکہ کے قبائلی علاقوںمیںڈرون حملے رکوائے جائیں۔

Tags: پاکستان