دونوں ممالک کے خارجہ سیکرٹریز سطح کی ملاقات میں جامع مذاکرات کے آغاز کی جانب کوئی پیش رفت نہیں ہو گی
بھارت حافظ سعید کے نام پر مذاکرات روک رہا ہے، خود اس کے اندر پاکستان کے خلاف تعصبات پائے جاتے ہیں
بال ٹھاکرے اور بھارتی آرمی چیف کے بیانات دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کی فضا خراب کر رہے ہیں
سیکرٹری خارجہ کا نجی ٹی وی کو انٹرویو
اسلام آباد۔پاکستان نے واضح کیا ہے کہ بھارتی آرمی چیف اور انتہا پسند ہندو رہنما بال ٹھاکرے کی جانب سے پاکستان مخالف بیانات سے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات خراب ہو سکتے ہیں،بھارت جامع مذاکرات کاآغاز نہ کر کے 2004سے پیچھے کی پوزیشن پر جانا چاہتا ہے ۔ایک نجی ٹی وی انٹرویو میں سیکرٹری خارجہ سلیمان بشیر نے کہا کہ پاک بھارت سیکرٹری خارجہ سطح کی بات چیت میں دونوں ممالک کے موجودہ حالات پر اچھے طریقے سے تبادلہ خیال ہوا مگر اس میں بھارت کے موقف میں کوئی خاص تبدیلی نظر نہیں آئی،بھارتی سیکرٹری خارجہ اور شیوشنکر مینن پر واضح کر دیا ہے کہ ہم اس بات کو قبول نہیں کریں گے کہ مذاکرات کا سلسلہ آپ اپنی مرضی سے شروع کر تے رہیں۔اگر آپ اس میں سنجیدہ ہیں تو ہم اس کے لئے تیار ہیں اگر آپ مذاکرات شروع کر نے کی پوزیشن میں نہیں ہیں تو یہ آپ کا مسئلہ ہے اور آپ جس وقت سنجیدہ اور با معنی گفتگو کے لئے تیار ہوں گے تو ہمیں بالکل تیار پائیں گے۔ہم چاہتے ہیں کہ مذاکرات کا سلسلہ وہیں سے شروع ہو جہاں سے ٹوٹا تھا،دونوں ممالک کے مابین مذاکرات کے آٹھ دور ہونے تھے جن میں سے تین ہی ہو سکے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت سے کہا ہے کہ مذاکرات کا سلسلہ دوبارہ شروع کیا جائے مگر بھارت اس میں دلچسپی نہیں لے رہا۔انہوں نے کہا کہ اگر دہشت گردی بھارت کے لئے بڑا ایشو ہے تو اس سے بڑا یہ ہمارے لئے ایشو ہے ،بھارتی حکام ایک دو باتیں لے کر بیٹھے ہوئے ہیں ان یہ رویہ ہمارے لئے ناقابل قبول ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت اپنے اندرونی معاملات کے باعث جامع مذاکرات کی طرف جانے کے لئے تیار نہیں ہے۔سلیمان بشیر نے کہا کہ پاک بھارت سیکرٹری سطح کی ملاقات میں کوئی پیش رفت نہیں ہوئی اس میں ہم نے ایک دوسرے کی پوزیشن کو سمجھنے کی کوشش کی ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ میرے نئی دہلی آنے کا مقصد یہ تھا کہ بھارتی حکام کو اس بات کا دوبارہ یقین دلایا جائے کہ ہم مذاکرات کاعمل آگے بڑھایا جائے اور اگر وہ ممبئی کے واقعات کو لے کر بیٹھیں رہیں گے تو دونوں ممالک کے تعلقات میں مزید خرابی پیدا ہو گی۔جو دونوں ممالک کے حق میں نہیں ہے ۔انہوں نے کہا کہ دورے کے دوران ہم نے بھارت پر واضح کر دیا ہے کہ جس طرح وہ دفاعی بجٹ بڑھا رہے ہیں اس سے علاقائی استحکام کو نقصان پہنچ رہا ہے۔ سیکرٹری خارجہ کا کہناتھا کہ مذاکرات کے حوالے سے پاکستان اپنی بات سے کبھی پیچھے نہیں ہٹا البتہ بھارت پیچھے جا رہا ہے جس سے مجھے خدشہ ہے کہ وہ 2004سے پیچھے جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ ضروری ہے کہ دونوں ممالک مذاکرات کو بحال کر یں۔انہوں نے کا کہ دورے کے دوران میں نے بھارتی آرمی چیف کے بیان کی طرف میں نے بھارتی حکام کی توجہ دلائی اور کہا کہ ان کا یہ بیان انتہائی غیر ذمہ دارانہ ہے،انہوں نے کہا کہ بال ٹھاکرے کے بیانات پاک بھارت تعلقات کو معمول پر لانے کی راہ میں رکاوٹ بن سکتے ہیں ۔ایسے بیانات غیر ذمہ دارانہ ہیں جو فضا کو خراب کر رہے ہیں۔ بھارت کی جانب سے حافظ سعید کا کوئی بیان اٹھا کر پاکستان سے جوڑنا نا مناسب ہے ہم بھی بال ٹھاکرے کے بیانات پر ایسا کر سکتے ہیں مگر ہم دونوں ممالک کے تعلقات کو مثبت رخ دینا چاہتے ہیں۔سیکرٹری خارجہ نے کہا کہ ہم نے بھارت پر واضح کر دیا ہے کہ اس وقت تک کوئی ڈیم نہ بنایا جائے جب تک پاکستان کے اعتراضات نہ ہو جائیں۔ایک سوال پر سلیمان بشیر نے کہا کہ جب ہم بھارت سے ممبئی حملوں کے بارے میں کوئی شواہد مانگتے ہیں تو کئی ہفتے گزر جاتے ہیں کوئی جواب نہیں آتا بھارت کی جانب سے دہشت گردوں کی حمایت کے ہمارے پاس ٹھوس شواہد موجود ہیں ہم انہیں کہہ رہے ہیں کہ ایسا نہ کریں اگر آپ اسی طرح کرتے رہیں گے تو اس کے نتائج اچھے نہیں نکلیں گے۔
بھارت 2004سے پیچھے کی پوزیشن پر جانا چاہتا ہے۔ سلیمان بشیر
March 2nd, 2010 · 1 Comment
جنرل طارق مجید سے اٹلی کے سفیر ونسینز وپراتی کی ملاقات
March 2nd, 2010 · No Comments
راولپنڈی۔چئیرمین جائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل طارق مجید سے پاکستان میں متعین اٹلی کے سفیر ونسینزو پراتی نے ملاقات کی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق راولپنڈی میں ملاقات میں دو طرفہ امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ ملاقات کے دوران دونوں ممالک کے درمیان تعاون اور خطے کی مجموعی سیکورٹی صورتحال پر بھی غور کیا گیا۔
Tags: پاکستان
ضلعی عدالتوں نے نیشنل جوڈیشل پالیسی اور قانون کی حکمرانی کی ذمہ داری احسن طریقے سے نبھائی ہے۔ جسٹس افتخار محمد چوہدری
March 2nd, 2010 · No Comments
بدقسمتی سے عدلیہ کو ایک ادارے کے طورپر پھلنے پھولنے کا موقع نہیں دیاگ یا
پوری قوم سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی طرح عدلیہ کے سا تھ کھڑی ہے جس میں میڈیا نے بھی بہت اہم کردارادا کیا
چیف جسٹس آف پاکستان کا پشاور کی ضلعی عدلیہ سے خطاب
پشاور۔چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس افتخار محمد چوہدری نے کہاہے کہ ضلعی عدالتوں نے نیشنل جوڈیشل پالیسی اور قانون کی حکمرانی کی ذمہ داری احسن طریقے سے نبھائی ہے۔ ڈسٹرکٹ عدلیہ کی مثال ادارے کیلئے ریڑھ کی ہڈی جیسا ہے۔ پاکستان میں عام لوگوں کو انصاف کی فراہمی میں ڈسٹرکٹ عدلیہ کا بہت اہم رول ہے کیونکہ پچانوے فیصد مقدمات ضلعی لیول نمٹائے جاتے ہیں ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز پشاور ہائی کورٹ میں ڈسٹرکٹ جوڈیشری کے افسران سے خطاب کے دوران کیا انہوں نے کہاکہ بدقسمتی سے عدلیہ کو ایک ادارے کے طورپر پھلنے پھولنے کا موقع نہیں دیاگیا لیکن پچھلے دو سال کی انتھک محنت اور جستجو کے بعد آج عدلیہ ایک مضبوط ادارے کے طورپر ابھر آئی ہے اور ملک میں آئین اور قانون کا بول بالا ہے انہوں نے کہا کہ آج پوری قوم سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی طرح عدلیہ کے سا تھ کھڑی ہے جس میں میڈیا نے بھی بہت اہم کردارادا کیا اور خدا کے فضل و کرم سے آج عدلیہ کو کوئی بھی نقصان نہیں پہنچ سکتا انہوں نے کہاکہ عدلیہ کو اپنی جدوجہد تیز کرنا ہو گی تاکہ لوگوں کو آسان اور فوری انصاف فراہم کیا جا سکے انہوں نے جوڈیشل افسران پر زور دیا کہ انصاف کی فراہمی میں کوئی کسر نہ چھوڑیں کیونکہ اللہ تعالیٰ نے سولہ کروڑ عوام میں سے ان کو انصاف کیلئے چناہے اور انصاف ایسا ہونا چاہیے کہ دونوں فریقین کو محسوس ہو سکے نیشنل جوڈیشل پالیسی کے نفاذ میں ڈسٹرکٹ عدلیہ کے کردار کو سراہتے ہئے چیف جسٹس ، جسٹس افتخار محمد چوہدری نے کہاکہ اس پالیسی کے نفاذ میں ماتحت عدلیہنے کوئی کسر نہیں چھوڑی لیکن یہ منزل نہیں ، منزل اس وقت ملے گی جب ہم اس نظام کو آگے لے کر آئندہ نسلوں کو منتقل کریں گے انہوں نے کہاکہ وہ ماتحت عدلیہ کیلئے سروس کنڈیشنز کی بہتری کیلئے بھی بھرپور اقدامات کریں گے ۔ بعد ازاں ججز کی طرف سے مختلف سوالات کا جوابات دیتے ہوئے چیف جسٹس نے ججز کو ہدایت کی کہ وہ قانون اور آئین کے مطابق فیصلے کریں اور نچلی سطح پر جو مقدمات دس دس سال سے زیر التواء ہیں اسے جوڈیشل پالیسی کے تحت جلد از جلد نمٹا دیں انہوں نے کہاکہ طویل المعیاد مقدمات عدلیہ کیلئے باعث شرمندگی ہیں قبل ازیں چیف جسٹس پشاور ہائی کورٹ جسٹس اعجاز افضل خان نے اپنے استقبالیہ کلمات میں چیف جسٹس کا پشاور آمد پر خصوصی شکریہ ادا کیا اور ان کو نیشنل جوڈیشل پالیسی پر مکمل عملدر آمد کی یقین دہانی کرائی
Tags: پاکستان
طلباء و طالبات کو تعلیم کے بہترین مواقع فراہم کر نے کے لئے حکومت عملی اقدامات کر رہی ہے۔ ۔ ۔ میاں شہباز شریف
March 2nd, 2010 · No Comments
اعلیٰ تعلیمی درسگاہوں کے قیام اور تعلیمی ماحول سے ترقی کے دروازے کھلتے ہیں
دانش سکولوں کا قیام پسماندہ علاقوں میں تعلیمی انقلاب کا پیش خیمہ ہو گا
وزیر اعلیٰ پنجاب کی بہاولنگر میں دانش سکول کے دورے اور چشتیاں میں زیر تعمیر کالجز کے دورے کے موقع پر گفتگو
بہاولنگر+چشیاں۔وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ دانش سکولوں کا قیام پسماندہ علاقوں میں تعلیمی انقلاب کا پیش خیمہ ہو گا اور وسائل سے محروم علاقوں کے بچے بھی ایچیسن کے معیار کی تعلیم حاصل کر سکیں گے۔ یہ بات انہوں نے چشتیاں میں دانش سکول اور چشتیاں میں گرلز اوربوائز کے زیر تعمیر ڈگری کالجز کے دوروں کے موقعہ پر کہی انہوں نے کہا کہ دانش سکول کے تعمیراتی کام میں کوالٹی کی شکایت نہیں آ نی چاہیے اور معیاری کام کر نے پر شاباش دی جائے گی وزیر اعلیٰ پنجاب نے دانش سکول میں ڈبل شفٹ شروع کر نے ،ہار ٹیکلچر کا علیحدہ کمپوننٹ بنانے اور چھٹی کلاس سے تعلیم شروع کر نے کی ہدایت کی انہوں نے متعلقہ حکام سے کہا کہ وہ لینڈ سکیپنگ کے لئے پی ایچ اے کے کنسلٹنٹ لائیں۔ اس موقعہ پر ڈی سی او بہاولنگر نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ دانش سکول چشتیاں 70 کروڑکی لاگت سے تعمیر کیا جا رہا ہے اور یہ سکول اعلیٰ معیارات کا حامل ہو گا اور اس وقت روڈ نیٹ ورک ،واٹر سپلائی،گرلز و بوائز پرائمری سیکشن،ہاسٹل اور پلے گراؤنڈ پر کام تیزی سے جاری ہے اور 20 کروڑ سے زائد رقم خرچ کر دی گئی ہے اور آئندہ 9 ماہ میں دانش سکول کا پروجیکٹ مکمل کر لیا جائے گا وزیر اعلیٰ پنجاب نے دانش سکول چشتیاں کے گرلز و بوائز پرائمری سیکشن اور تعمیراتی کام کا بھی جائزہ لیا بعد ازاں وزیر اعلیٰ پنجاب نے بہاولنگر میں وائلڈ پارک سے ملحقہ پرامیڈیک لائیوسٹاک سکول کا سنگ بنیاد رکھا جس پر پانچ کروڑ روپے کی لاگت آئے گی او یہ دس ایکڑ پر محیط ہو گا ضلع میں لائیو سٹاک سکول کے قیام سے بہترین ہنر مند افرادی قوت میسر آنے کے ساتھ ساتھ کاشت کاروں کی تربیت سے لائیو سٹاک کا شعبہ تیزی سے ترقی کرے گا اس سکول میں پچاس سٹوڈنٹس کے لئے سالانہ ویٹرنری ڈپلومہ ہو گا جبکہ 100 کاشت کاروں کے لئے سالانہ فارمرٹریننگ ہو گی اور لائیو سٹاک کے 100 ملازمین کے لئے ان سروس ٹریننگ بھی ہو گی لائیو سٹاک سکول کی تعمیر مین بلڈنگ کے علاوہ پچاس سٹوڈنٹس کے لئے ہاسٹل اور سکیل1 سے 18 تک 19 رہائش گاہیں بھی تعمیر کی جائیں گی۔ یہ منصوبہ 24 ماہ میں مکمل ہو گا وزیر اعلیٰ پنجاب نے ڈی سی او بہاولنگر کو صحافیوں کے مطالبہ پر بہاولنگر اور چشتیاں میں پریس کلبز کی بلڈنگ فراہم کر نے کی ہدایت کی۔بعد ازاں محمد شہباز شریف نے چشتیاں ڈگری الج اور ڈگری کالجز فار گرلز کے دورے کے موقع پر گفتگو کر تے ہوئے کہا کہ طلباء و طالبات کو تعلیم کے بہترین مواقع فراہم کر نے کے لئے حکومت عملی اقدامات کر رہی ہے اور تعلیمی شعبہ کی بہتری ،اعلیٰ تعلیمی درسگاہوں کے قیام اور تعلیمی ماحول سے ترقی کے درازے کھلتے ہیں وزیر اعلیٰ پنجاب کو بتایا گیا کہ گورنمنٹ گرلز ڈگری کالج ڈاہرانوالہ کی عمات کی تعمیر کا تخمینہ 66.236ملین روپے ہے اور 27 ملین روپے کے فنڈز جاری ہو چکے ہیں اور کالج کی تعمیر کا کام تیزی سے جاری ہے گورنمنٹ بوائز ڈگری کالج ڈاہرانوالہ پر 71.73 ملین روپے خرچ اور اس منصوبے کو بھی تیزی سے مکمل کر نے کے احکامات جاری کر دئیے ہیں۔
Tags: پاکستان
ججوں کی تقرری کے بارے وزیراعظم کا کردار یکسر ختم کرنے کی سفارش
March 2nd, 2010 · No Comments
اسلام آباد۔پارلیمانی کمیٹی برائے آئینی اصلاحات نے اعلیٰ عدلیہ میں ججوں کی تقرری کیلئے وزیراعظم کے کردار کو بھی یکسر ختم کرنے کی تجویز دے دی ۔ منگل کو پارلیمانی کمیٹی کی جاری سفارشات میں کہاگیاہے کہ جوڈیشل کمیشن اپنی سفارشات پارلیمانی کمیٹی کو بھجوائے گا۔ پارلیمانی کمیٹی سفارشات کے بارے میں چودہ دنوں میں فیصلے کی پابند ہو گی اس طرح پارلیمانی کمیٹی برائے آئینی اصلاحات نے ججوں کی تقرری کے بارے میں وزیراعظم کے اختیارات کو یکسر ختم کرنے کی سفارش کی ہے۔ موجودہ طریقہ کار کے مطابق وزیراعظم ججوں کی تقرری کیلئے سپریم کورٹ کی سفارشات پر مبنی سمری صدر مملکت کو بھجواتے ہیں۔
Tags: پاکستان
سیکورٹی فورسز نے باجوڑ ایجنسی میں شدت پسندوں کا صفایا کر کے مکمل کنٹرول حاصل کر لیا
March 2nd, 2010 · No Comments
علاقے میں امن قائم ہو جانے کے بعد عوام نے خوشیاں منائیں اورڈھول کی تھاپ پر روایتی رقص
شدت پسندوں اور انکے کمانڈروں کو ہلاک کردیا گیا ہے۔ میجر جنرل اطہر عباس
خار۔سیکورٹی فورسز نے باجوڑ ایجنسی میں شدت پسندوں کا صفایا کر کے مکمل کنٹرول حاصل کر لیا ہے اور حکومت کی عملداری قائم کر دی ہے علاقے میں امن قائم ہو جانے کے بعد علاقے کے عوام نے خوشیاں منائیں اور ڈھول کی تھاپ پر روایتی انداز میں رقص کرتے ہوئے اپنے روایتی ہتھیاروں کو فضا میں بلند کیے رکھا ۔ باجوڑ کا علاقہ خاصی اہمیت کا حامل ہے افغان سرحد کے قریب ہو نے کی وجہ سے شدت پسندوں کی نقل حمل جاری تھی اس علاقے میں سیکورٹی فورسز نے پہلی بار آپریشن 2007 میں شروع کیا مگر علاقے کے عمائدین کی اس یقین دہانی کے بعد کہ شدت پسندوں کو اس علاقے سے نکال باہر کیا جائے گا جس پر آپریشن گزشتہ سال روک دیا گیا مگر جب ایسا نہ ہوا تو آپریشن دوبارہ شروع کیا گیا اور ایک ماہ کے قلیل وقت میں آپریشن مکمل کر لیا گیا اس وقت باجوڑ ایجنسی کے تحصیل ہیڈ کوارٹر خار سے افغان سرحد تک تمام کا تمام علاقہ دہشت گردوں سے پاک کر کے سیکورٹی فوسز نے مکمل کنٹرول حاصل کر لیا ہے ڈمہ ڈولہ میں ملکی اور غیر ملکی شدت پسند بڑی تعداد میں موجود تھے مگر سیکورٹی فورسز نے آپریشن کر کے کچھ دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا اور باقی بچ جانے والے فرار ہو نے میں کامیاب ہو گئے ۔ڈی جی آئی ایس پی آر میجر اطہر عباس نے بریفنگ کے دوران بتایا کہ آپریشن کے دوران شدت پسندوں اور ان کے کمانڈروں کو ہلاک کر دیا گیا ہے جبکہ اورنگ زیب نامی ایک شخص پنجاب میں ہو نے والے 21 خود کش حملوں کا ماسٹر مائنڈ تھا اسے بھی باجوڑ میں ہی ہلاک کیا گیا ہے اورملک کے باقی علاقوں میں ہو نے والے واقعات میں بھی باجوڑ میں موجود دہشت گرد ملوث تھے ۔ میڈیا کو اس علاقے کا دورہ کرایا گیا جس میں بڑی تعداد میں غاریں دکھائی گئیں جن کے اندر بڑے بڑے کمپلیکس بنے ہوئے ہیں اور ایک ایک کمرے میں بیک وقت 40 سے 50 افراد رہ سکتے ہیں جہاں ان کے لئے باقاعدہ خوراک اور رہائش کا انتظام تھا اور ان کے زخمی ہو نے کی صورت میں علاج معالجے کی سہولت بھی دستیاب تھی میڈیا کو اس مدرسے کا بھی دورہ کرایا گیا جہاں 2006 میں پہلا ڈرون حملہ کیا گیا اس وقت اس مدرسے میں شدت پسندوں کو تربیت دی جا رہی تھی اس ڈرون حملے میں 80 افراد ہلاک ہوئے تھے۔ میڈیا کو ماموند قبائل کے لشکر سے بھی ملایا گیا اور لشکر نے بتایا کہ اب کسی بھی صورت میں شدت پسندوں کو علاقے میں نہیں آنے دیا جائے گا لشکر کے لوگ ڈھول کی تھاپ پر ہتھیار لہرا کر روایتی رقص کر رہے تھے مقامی قبائلیوں کا کہنا تھا کہ شدت پسندوں کی وجہ سے انہیں خاصی مشکلات کا سامنا تھا جس نے بھی شدت پسندوں کے مظالم کے خلاف بات کی اسے قتل کر دیا گیا لیکن اب یہاں سیکورٹی فورسز موجود ہیں اور امن بحال ہو چکا ہے میڈیا کے بازاروں کے دورے کے دوران لوگوں کی چہل پہل تھی سکول کھلے ہوئے تھے ۔ ایک عرصے کے بعد باجوڑ میں امن قائم ہوا ہے۔
وزیر اعلی کا چولستان کے علاقے نور سر بلوچاں میں’’ شاد باد‘‘ جدید کو آپریٹو لائیو سٹاک فارمنگ کے منصوبے کا افتتاح ، 47کروڑ92لاکھ روپے لاگت آئے گی
March 2nd, 2010 · No Comments
چولستان میں زمینوں کی لیز کی توسیع پر عائد سود کی رقم معاف ، جدید لائیو سٹاک فارمنگ کے تمام اخراجات حکومت پنجاب برداشت کرے گی جبکہ حقوق ملکیت چولستان کے باسیوں کے نام ہوں گے۔وزیر اعلی کا جلسہ عام سے خطاب
لاہور۔وزیر اعلیٰ پنجاب میاں محمد شہباز شریف نے چولستان کے علاقے نور سر بلوچاں میں’’ شاد باد‘‘ جدید کو آپریٹو لائیو سٹاک فارمنگ کے منصوبے کا افتتاح کیا جس پر 47کروڑ92لاکھ روپے لاگت آئے گی۔ انہوں نے اس موقع پر جلسہ عام سے خطاب کر تے ہوئیلاہورر02مارچ :۔وزیر اعلیٰ پنجاب میاں محمد شہباز شریف نے چولستان کے علاقے نور سر بلوچاں میں’’ شاد باد‘‘ جدید کو آپریٹو لائیو سٹاک فارمنگ کے منصوبے کا افتتاح کیا جس پر 47کروڑ92لاکھ روپے لاگت آئے گی۔ انہوں نے اس موقع پر جلسہ عام سے خطاب کر تے ہوئے انہوں نے چولستان میں زمینوں کی لیز کی توسیع پر عائد سود کی رقم معاف کرنے کاا علان کیا۔ انہوں نے کہا کہ میں اس اعلان کے بدلے میں صرف آپ سے ایک یہ مطالبہ کرتا ہوں کہ آپ اپنی زمینوں پر دل لگا کر محنت کریں اور چولستان کو پاکستان کا سر سبز خطہ بنا دیں۔انہوں نے کہا کہ جدید لائیو سٹاک فارمنگ کے تمام اخراجات حکومت پنجاب برداشت کرے گی جبکہ حقوق ملکیت چولستان کے باسیوں کے نام ہوں گے۔ وزیر اعلی نے کہا کہ جدید کوآپریٹو فارمنگ کے پانچ فارم اگلے دو ماہ میں مکمل کر لئے جائیں گے اور ہم نے عوام سے جو وعدے کئے ہیں وہ پورے کررہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب اس پسماندہ علاقے کے عوا م کے حقوق کیلئے خلوص نیت سے کوشاں ہے اور حکومت جدید لائیو سٹاک فارمنگ سمیت چولستان میں تعلیم ،صحت اور دیگر بنیادی سہولتوں کی فراہمی کو بھی یقینی بنارہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ جدید لائیو سٹاک فارمنگ سے اہل چولستان کی معاشی حالت بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔اس موقع پروزیر اعلی کو بتایا گیا کہ پانچ ’’شاد باد‘‘ کو آپریٹو لائیو سٹاک فارم کے لئے 2500ایکڑ اراضی چولستان میں مختص کر دی گئی ہے جہاں میٹھے پانی سمیت دیگر سہولیات کو یقینی بنایا گیا ہے ۔قبل ازیں انہوں نے ٹیلی نار موبائل کمپنی کے یوایس ایف چولستان منصوبہ کا افتتاح کیا جس پر 70کروڑ روپے لاگت آئے گی اور چولستان کے 23000مربع کلومیٹر میں عوام کو موبائل فون کی سہولت میسر آئے گی۔ اس موقع پرسینیٹر پرویز رشید، صوبائی وزیر برائے سپیشل ایجوکیشن ملک محمداقبال چنڑ ،ایم این اے و سیاسی مشیر وزیر اعلیٰ پنجاب میاں بلیغ الرحمن ایم این اے چوہدری سعود مجید،ایم پی اے و صوبائی پارلیمانی سیکرٹری تعلیم ممتاز ججہ، چیئر مین ٹاسک فورس وزیر اعلیٰ پنجاب سمیع اللہ چوہدری سمیت سیکرٹری انفارمیشن ،ایم ڈی چولستان ڈویلپمنٹ اتھارٹی اور دیگر اعلی افسران بھی موجود تھے۔
Tags: پاکستان
پیپلز پارٹی میثاق جمہوریت پرلیکن مسلم لیگ ن اپنی من پسند شقوں پر عمل کرنے کی خواہاں ہے
March 2nd, 2010 · No Comments
شیخ رشید کو جو چالیس ہزار ووٹ ملے ہیں یہ پنجاب حکومت اور مسلم لیگ ن کی غلط پالیسیوں کا نتیجہ ہے ۔ وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات سید صمصام علی بخاری
چھانگا مانگا۔وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات سید صمصام علی بخاری نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی میثاق جمہوریت پر من و عن عمل کرنا چاہتی ہے مگر مسلم لیگ ن اپنی من پسند شقوں پر عمل کرنے کی خواہاں ہے ۔انہوں نے کہا کہ این اے 55 راولپنڈی اگر پیپلز پارٹی اپنا امیدوار کھڑا کرتی تو ن لیگ کو مانسہرہ جیسی صورتحال کا سامنا کرنا پڑتا ۔ شیخ رشید کو جو چالیس ہزار ووٹ ملے ہیں یہ پنجاب حکومت اور مسلم لیگ ن کی غلط پالیسیوں کا نتیجہ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پرویز الہی نے وزارت اعلی سے فارغ ہوتے ہوئے آٹھ ارب روپے چھوڑے تھے مگر اب دو سال کی مدت میں اکیاسی ارب روپے کا پنجاب مقروض ہو چکا ہے یہ بات انہوں نے فاریسٹ ریسٹ ہاؤس چھانگا مانگا میں مرکزی پریس کلب کے عہدیداران کی تقریب حلف برداری کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیں۔ انہوں نے کہا کہا کہ وفاق نے اپنے وسائل صوبوں کو منتقل کر دیئے ہیں اب صوبوں پر منحصرہے کہ وہ عوام کو ریلیف مہیا کریں ۔ مرکزی پریس کلب 2010 ء کے عہدیداران سرپرست محمد افضل مجاہد، چیئرمین حاجی محمد ریاض منج، صدر محمد وارت ہوتی، جنرل سیکرٹری ارشد جاوید ، سینئر نائب صدر یاض احمد قریشی ، نائب صدر رانا محمد عارف ، خزانچی افتخار حسین شاہ اور پریس سیکرٹری ملک ارشد گڈو سے وزیر مملکت برائے اطلاعات نے حلف لیا ۔
Tags: پاکستان
صدرزرداری نے سندھ بار کونسل کا الیکشن جیتنے والے ممبران کواسلام آباد طلب کیا ہے۔۔۔وزیر قانون سندھ
March 2nd, 2010 · No Comments
کراچی۔صوبائی وزیر قانون وپارلیمانی اموراورسندھ بارکونسل سندھ کے وائس چیئرمین محمد ایاز سومرو نے کہا ہے کہ صدرپاکستان اور پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے سندھ بار کونسل کا الیکشن جیتنے کی خوشی میں سندھ بار کونسل کے وائس چیئرمین کی سربراہی میں کونسل کے تمام ممبران کو مارچ کے پہلے ہفتے میں اسلام آباد طلب کیا ہے۔ ایاز سومرو نے مزید کہا ہے کہ سندھ بار کونسل میں ٹوٹل18ہزار وکیل رجسٹرڈ ہیں جو کہ اپنی ذمہ داریاں بہتر طریقے سے ادا کررہے ہیں لیکن ان کے مسائل حل کرنے کے لئے پہلے کبھی کسی نے سوچا نہیں تھا۔ انہوں نے کہا کہ شہید بے نظیربھٹو کے دور میں سندھ بار کونسل کی مالی مدد کے لئے ایک بڑی رقم دی گئی تھی اس کے بعد کسی حکمران نے سندھ بار کونسل کی کوئی مالی مدد نہیں کی ہے۔ وزیرقانون اور سندھ بار کونسل کے وائس چیئرمین نے مزید بتایا کہ میں صدر پاکستان سے ملاقات کے دوران وکیل برادری کے مسائل پیش کرکے ان کو حل کروانے کی کوشش کروں گا اوروکیلوں کے لئے ہر ضلع میں رہائشی اسکیم اور دوسرے منصوبوں پر بھی صدر پاکستان سے تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
Tags: پاکستان
میاں نوازشریف کے جلسہ میں بجلی چوری کے واقعہ پر لائن سپرنٹنڈنٹ معطل، ٹی ایم او کو تین ہزار روپے جرمانہ
March 2nd, 2010 · No Comments
داتا گنج بخش ٹاؤن کی انتظامیہ نے واپڈا سے اجازت لینے کی بجائے ڈائریکٹ تاریں لگائیں لائن سپرنٹنڈنٹ مہدی حسن بے خبر رہے
مسلم لیگ (ن) کو بجلی چور کہنا مناسب نہیں،چور رقم نہ دے تو ایف آئی آر درج کرائی جاتی ہے، چیف لیسکو اظہر اقبال
لاہور۔لیسکو حکام نے میاں نوازشریف کے جلسہ میں بجلی چوری کے واقعہ میں مسلم لیگ (ن) کو بری الذمہ قرار دیتے ہوئے لائن سپرنٹنڈنٹ کو معطل جبکہ داتا گنج بخش ٹاؤن کو تین ہزار روپے جرمانہ کردیا ہے۔ صحافیوں سے گفتگو لیسکو کے چیف اظہر اقبال نے کہا کہ ڈائریکٹ تاریں لگا کر بجلی استعمال کرنے کے واقعہ کا علم ہوتے ہی دو سپرنٹنڈنٹ انجنیئرز کو موقع پر بھیجا گیا جن کی رپورٹ کی روشنی میں لائن سپرنٹنڈٹ مہدی حسین کو معطل کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس واقعہ میں مسلم لیگ (ن) کو بجلی چوری کرنا کہنا مناسب نہیں۔ ٹی ایم او داتا گنج بخش ٹاؤن نے سیکورٹی کے لئے زیادہ لائٹس لگائیں جس کیلئے انہوں نے ہم سے باقاعدہ اجازت لینے کی بجائے ڈائریکٹ تاریں لگالیں۔ انہوں نے کہا کہ ٹی ایم او نے غلط طریقہ کار اختیار کیا انہیں ہماری مدد لینی چاہئے تھی ہم مناسب طریقہ کار اختیار کرتے ہوئے انہیں جلسہ گاہ کے علاوہ بھی لائٹس دے دیتے۔ انہوں نے کہاکہ ان پر مسلم لیگ (ن) سمیت کسی کا دباؤ نہیں اور نہ ہی اس واقعہ کے حوالے سے کسی نے ان سے رابطہ کیا ہے۔ انہوں نے کہ لائن سپرنٹنڈنٹ کو فرائض میں غفلت برتنے کی پاداش میں معطل کیا گیا ہے۔ اگر ایک کیمرہ مین ڈائریکٹ تاریں دیکھ سکتا ہے تو لائن سپرنٹنڈنٹ کو یہ کیوں نظر نہیں آئیں۔ تین ہزار روپے جرمانہ کے سوال پر انہوں نے کہا کہ ڈیٹکشن بل ایس او پی کے حساب سے چارج کیا جاتا ہے۔ ہم نے زیادہ سے زیادہ جرمانہ کیا ہے۔ جلسہ گاہ میں لائٹس کیلئے عارضی کنکشن فراہم کیا گیا تھا ۔ ڈائریکٹ تاریں لگا کر پانچ پانچ سو واٹ کے چار بلب لگائے گئے تھے۔ لوڈ کے حساب سے جو زیادہ سے زیادہ بل بنتا تھا ہم نے وہ چارج کیا ۔ چیف لیسکو نے کہا کہ ڈائریکٹ تاریں لگا کر ٹی ایم او نے لوگوں کی جانوں کو خطرہ میں ڈالا۔ بجلی چوری کی ایف آئی آر درج نہ کرانے کے سوال پر لیسکو چیف نے کہا کہ ایف آئی آر صرف اس کے خلاف درج ہوتی ہے جو پیسے دینے سے انکار کرے یا جس کے بھاگ جانے کا خدشہ ہو۔دریں اثنائلاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی ( لیسکو) کے ترجمان نے اپنے بیان میں کہا کہ وی وی آئی پی موومنٹ اورسیکورٹی کے پیش نظرٹی ایم اوداتاگنج بخش ٹاؤن نے ایمرجنسی میںمین روڈکی ایل ٹی لائن پر500واٹ کی چارعددلائٹس ڈائریکٹ لگائیںتھیںتاکہ امن وامان کاکوئی مسئلہ پیدانہ ہوجس کی لیسکوکوبروقت اطلاع نہیں دی گئی ۔ترجمان نے کہا کہ قواعدکے مطابق مذکورہ ٹاؤن میونسپل ایڈمنسٹریشن سے 3000روپے بل چارج کرلیا گیا ہے اور انہیںوارننگ بھی دی گئی ہے کہ آئندہ ایسے اقدامات نہ کریں۔ترجمان نے کہا کہ فرائض سے غفلت برتنے پرانجیئنرنگ یونیورسٹی سب ڈویژن کے لائن سپرٹینڈنٹ حسنین مہدی کومعطل کردیا گیا ہے ۔ترجمان نے مزید کہاکہ جلسے کی لائٹس اورساؤنڈسسٹم کے لئے بجلی میٹرسے حاصل کی جارہی تھی لہٰذاشازولیبارٹریز کے احاطے کے اندربجلی چوری کاسوال ہی پیدانہیںہوتا۔
Tags: پاکستان



