Urdu News-Online Urdu Newspaper

Urdu news Online Urdu Newspaper

Urdu News-Online Urdu Newspaper header image 4
Pages: Prev 1 2 3 4 5 6 7 8 9 10 ...60 61 62 Next

سابق وزیر نجکاری ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ کو مشیر خزانہ مقرر کر نے کا حتمی فیصلہ کر لیا گیا

March 17th, 2010 · Comments Off

اسلام آباد۔سابق وزیر نجکاری ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ کو مشیر خزانہ مقرر کر نے کا حتمی فیصلہ کر لیا گیا ہے۔ یہ فیصلہ اعلیٰ سطح مشاورت کے بعد کیا گیا ہے ذرائع کے مطابق ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ سے حکومت کا گزشتہ ایک ہفتہ سے دوبئی میں مسلسل رابطہ تھا ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ نے وزارت خزانہ کے معاملات میں کسی بھی سطح سے مداخلت نہ کر نے کی یقین دہانی پر مشیر خزانہ بننے پر آمادگی ظاہر کی ہے۔ ان کی تعیناتی کا نوٹیفکیشن ایک دو روز میں متوقع ہے۔

Tags: پاکستان

کوئٹہ۔ ۔ ۔ فائرنگ کے 3مختلف واقعات میں ریٹائرڈ ایس پی سمیت 4 افراد جاں بحق، 3 ایف سی اہلکار وں سمیت 4 افراد شدید زخمی ہو گئے

March 17th, 2010 · Comments Off

کوئٹہ ۔کوئٹہ میں فائرنگ کے 3مختلف واقعات میں ریٹائرڈ ایس پی سمیت 4 افراد جاں بحق جبکہ 3 ایف سی اہلکار وں سمیت 4 افراد شدید زخمی ہو گئے ہیں ۔ پہلا واقعہ کوئٹہ کے علاقے اختر آباد میں پیش آیا جہاں نا معلوم مسلح افراد نے مزدوروں پر فائرنگ کر دی جس سے 2 مزدور محمد علی اور زوار شاہ جاں بحق ہو گئے جبکہ وارث شاہ زخمی ہو گیا دوسرا واقعہ بروری کے علاقے اے ون سٹی میں ہوا جہاں نا معلوم مسلح افراد نے بلوچستان کانسٹیبلری کے ریٹائرڈ ایس پی محمد عثمان عرف ٹکا خان ٹر فائرنگ کر دی جس سے وہ موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے جبکہ تیسرے واقعہ میں نا معلوم مسلح افراد نے وحدت کالونی کے تیسرے سٹاپ پر ایف سی کی چیک پوسٹ پر فائرنگ کر دی جس سے تین اہلکار زخمی ہو گئے ہیں ایف سی اہلکاروں کی جوابی فائرنگ سے ایک حملہ آور بھی مارا گیا زخمیوں کو بولان میڈیکل کمپلیکس منتقل کر دیا گیا ہے۔

Tags: پاکستان

وزیر اعلیٰ پنجاب میاں محمد شہباز شریف نے وفاقی کابینہ کے اجلاس میں طالبان کے حوالے سے اپنے بیان کی وضاحت کر دی

March 17th, 2010 · Comments Off

اسلام آباد۔وزیر اعلیٰ پنجاب میاں محمد شہباز شریف نے وفاقی کابینہ کے اجلاس میں بھی طالبان کے حوالے سے اپنے بیان کی وضاحت کر دی ہے ۔ انہوں نے کہا ہے کہ وہ دہشت گردی و انتہا پسندی کے خلاف قومی پالیسی سے متفق ہیں ۔ ذرائع کے مطابق بدھ کو امن و امان کی صورت حال کے حوالے سے وفاق کابینہ کے اجلاس میں وزیر اعلیٰ پنجاب کے طالبان کے حوالے سے حالیہ بیان کا بھی تذکرہ ہوا ۔ وزیر اعلیٰ پنجاب نے کابینہ کو بتایا کہ وہ اس بارے میں وضاحت کر چکے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کا مشترکہ حکمت عملی کے ذریعے ہی مقابلہ کیا جا سکتا ہے ۔ وفاقی کابینہ نے وزیر اعلیٰ پنجاب کے وضاحتی بیان پر اطمینان ظاہر کیا ہے ۔

Tags: پاکستان

سابق وزیر اعلی بھارتی پنجاب کیپٹن امریندر سنگھ 25 مارچ کو لاہور آئیں گے

March 17th, 2010 · Comments Off

لاہور۔بھارتی پنجاب کے سابق وزیراعلی کیپٹن (ر) امریندر سنگھ اپنی کتاب ’’دی لاسٹ سن سائیٹ‘‘ کی تقریب رونمائی کیلئے 25مارچ کو لاہور آئیں گے۔ پیپلز پارٹی کے رہنما عرفان کھوکھر نے بتایا کہ کیپٹن امریندر سنگھ 20رکنی وفد کے ہمراہ واہگہ بارڈر کے راستے پاکستان آئیں گے۔ وہ اپنے دس روزہ دورے کے دوران اسلام آباد بھی جائیں گے اور سرکردہ پاکستانی شخصیات سے ملاقاتیں کریں گے۔

Tags: پاکستان , ہندوستان

صدر زرداری نے ساتویں این ایف سی ایوارڈ پر دستخط کر دیئے

March 16th, 2010 · Comments Off

اسلام آباد۔صدر آصف علی زرداری نے ساتویں این ایف سی ایوارڈ پر دستخط کر دیئے۔ انہوں نے یہ دستخط ایوان صدر میں این ایف سی ایوارڈ کی تقریب کے دورانکیے۔ تقریب میں وزیراعظم یوسف رضا گیلانی اور چاروں صوبائی وزرائے اعلیٰ، چاروں صوبائی گورنرز و دیگر وزراء نے شرکت کی۔ وزیراعظم اور چاروں وزرائے اعلیٰ نے صدر آصف زرداری سے ملاقات کی۔ ملاقات میں این ایف سی ایوارڈ اور دیگر اصلاحات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات کے دوران صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ این ایف سی ایوارڈ جمہوریت کا تحفہ ہے۔ مارچ کے آخر تک آئین کو خرافات سے پاک کر کے قوم کو ایک اور تحفہ دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ قومی مفاہمت کی جو پالیسی اپنائی ہے اسی کے تحت قوم کو ایک متفقہ این ایف سی ایوارڈ ملا ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف اور گورنر سلمان تاثیر این ایف سی ایوارڈ کی تقریب میں اکٹھے بیٹھے رہے۔

Tags: پاکستان

امریکہ توانائی کے بحران کے خاتمے کے لئے پاکستان کو ایٹمی ٹیکنالوجی فراہم کرے۔ ۔ ۔ آصف علی زر داری

March 16th, 2010 · Comments Off

اسلام آباد۔صدر آصف علی زر داری نے امریکہ سے کہا ہے کہ وہ ملک میں توانائی کے بحران کے خاتمے کے لئے پاکستان کو ایٹمی ٹیکنالوجی فراہم کرے اور دونوں ممالک کے درمیان بد اعتمادی کو ختم کر نے کے لئے اقدامات اٹھائے جائیں ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز امریکی انٹیلی جنس کونسل کے عہدیدار نیل ایچ جاک،امریکی سفیر این بلیو پیٹرسن، علاقائی امور کے قونصلر سمیت وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی،وزیر داخلہ رحمن ملک،ڈائریکٹر جنرل آئی ایس آئی احمد شجاع پاشا،صدر آصف علی زر داری کے سیکرٹری سلمان فاروق،سینیٹر صغری امام اور دیگر اعلیٰ حکام شریک تھے۔ بعد ازاں میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے صدر آصف علی زر داری کے ترجمان سینیٹر فرحت اللہ بابر نے بتایا کہ صدر نے امریکی وفد سے کہا ہے کہ توانائی کے حصول کے لئے امریکہ پاکستان کو سول ایٹمی ٹیکنالوجی فراہم کرے اس سے پاکستان میں امریکہ کے خلاف پائے جانے والے منفی تاثر کو کم کر نے میں مدد ملے گی۔صدر آصف علی زر داری نے امریکی حکام سے مطالبہ کیا کہ وہ پاکستان کو ڈرون ٹیکنالوجی فراہم کرے تا کہ اسے پاک فوج خود استعمال کرے صدر نے کہا کہ امریکی ڈرون حملے نہ صرف پاکستان کی خود مختاری کے خلاف ہیں بلکہ ان سے ملک میں دہشت گردی کے خلاف جاری جنگ پر پایا جانے والا اتفاق رائے بھی متاثر ہو تا ہے صدر نے امریکہ کی طرف سے پاکستانیوں کے لئے بنائے گئے سکریننگ کے قانون پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس امتیازی قانون پر نظر ثانی کی جائے کیونکہ اس کی وجہ سے ملک کے عوام میں ناراضگی اور سنگین خدشات پائے جاتے ہیں صدر نے ملازمتوں کے مواقع پیدا کر نے کے لئے زور دیتے ہوئے کہا کہ نوکریوں کے مواقع پیدا کر کے عوام میں پائی جانے والی امیدوں پر پورا اترا جا سکتا ہے۔صدر نے کہا کہ پاکستان کو گزشتہ 8 سال کے دوران دہشت گردی کے خلاف جنگ میں 35 بلین ڈالرز کا نقصان ہوا ہے۔ فرحت اللہ بابر نے کہا کہ صدر مملکت نے دونوں ممالک کے درمیان دہشت گردی کے خلا ف جنگ میں معلومات کے تبادلہ اور متفقہ حکمت عملی اپنانے کی ضرورت پر زور دیا۔صدر نے امریکہ سے مطالبہ کیا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاک فوج کی صلاحیتوں کو بڑھانے کے لئے وقت پر امداد اور ہتھیار فراہم کئے جائیں ۔خطے کی صورت حال پر گفتگو کرتے ہوئے صدر کا کہنا تھا کہ پاکستان افغانستان میں امن و استحکام کو فروغ دینے کا خواہش مند ہے۔

Tags: بریکنگ نیوز , پاکستان

دہشت گردی کا اسلام سے کوئی تعلق نہیں،سلمان تاثیر

March 16th, 2010 · Comments Off

دہشت گردی کے خلاف اور جمہوریت کی بقاء کی خاطر بے نظیر شہید ہوئیں گورنر پنجاب کا صوفی ازم کانفرنس سے خطاب اسلام آباد ۔گورنر پنجاب سلمان تاثیر نے کہا ہے کہ دہشت گردی کا اسلام سے کوئی تعلق نہیں ہے اسلام کو دہشت گردی سے جوڑنا غلط ہے، دہشت گردی کے خلاف اور جمہوریت کی بقائ کی خاطر بے نظیر شہید ہوئیں،برصغیر میں اسلام صوفیائے کرام کی وجہ سے عام ہوا ہے۔ اسلام آباد میں جاری صوفی ازم کانفر نس سے خطاب کرتے ہوئے گورنر پنجاب کا کہنا تھا کہ اسلام امن اور برداشت کا درس دیتا ہے ، دہشت گردی کا اسلام سے کوئی تعلق نہیں ہے ،اسلام آباد کو دہشت گردی سے جوڑنا یا اس طرح کے بیان دینا غلط ہے ، برصغیر میں صوفیائے کرام نے ہمیشہ عدم تشدد اور برداشت کا درس دیا ہے اگر برصغیر میں اسلام کا پرچار ہوا ہے تو اس میں برصغیر کے صوفیائے کرام کا اہم کردار رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی ایک ملک گیر جماعت ہے اور جمہوریت پر یقین رکھتی ہے، پیپلز پارٹی کے منشور میں جمہوریت ہی بہترین انتقام ہے،یہ پیپلز پارٹی کو ہی کریڈٹ جاتا ہے کہ جس کی لیڈر بے نظیر بھٹو نے اپنی جان کا نذرانہ دیکر جمہوریت کی حفاظت کی ۔ انہوں نے کہا کہ ہلاکو خان طالبان تھا اور ظالم تھا جس نے بغداد تباہ کو تباہ کیا تھا۔ کانفرنس میں مختلف سکالرز نے صوفی ازم کے حوالے سے اپنے مکالے بھی پیش کئے جن میں صوفیائ کے کردار کو اجاگر کیا گیا اور کہا گیا کہ صوفیاء کرام کی تعلیمات پر عمل کر کے دنیا میں امن و محبت سے زریعے امن قائم کیا جا سکتا ہے۔

Tags: پاکستان

شراب نوشی اور موٹاپا جگر کی بیماریوں کا باعث بنتے ہیں۔ طبی تحقیق

March 16th, 2010 · Comments Off

اسلام آباد۔موٹاپا اور شراب نوشی کی عادت جگر کیلئے تباہی کا سب سے بڑا ذریعہ ثابت ہوتے ہیں۔ یہ بات یونیورسٹیز آف آکسفورڈ اینڈ گلاسکو نے دو الگ الگ طبی تحقیقات میں برٹش میڈیکل جرنل میں شائع کی ہیں۔ تحقیق کرنے والے طبی ماہرین نے کہا ہے کہ شراب نوشی جگر کی متعدد بیماریوں کا باعث بنتی ہے جبکہ جولوگ شراب نہیں پیتے مگر موٹے ہو چکے ہیں ان کے جگر کی حالت بھی شرابیوں جیسی ہو جاتی ہے۔ برطانیہ میں موٹاپے کے باعث جگر کی خرابی کے لاکھوں مریض موجود ہیں۔ پہلی تحقیق میں آکسفورڈ یونیورسٹی نے 1.2 ملین لوگوں میں موٹاپے او جگر کی بیماری کے درمیان تعلق کو دیکھا جن میں خواتین کی تعداد زیادہ تھی۔ اس تحقیق کو ڈاکٹر بیویٹی لیو نے کیسز آپیڈا مالوجی یونٹ کے تحت مکمل کیا۔ اس کے علاوہ دوسری تحقیق میں موٹے افراد جو شراب پیتے تھے اور جو نہیں پیتے تھے ان کے جگر کا معائنہ کیا گیا تو معلوم ہوا کہ جو لوگ شراب نہیں پیتے وہ بھی جگر کے عارضہ میں مبتلا ہیں۔

Tags: دنیا کی خبریں , صحت , پاکستان

طالبان کی حمایت کے بعد مکرنا منافقت کا منہ بولتا ثبوت ہے: چودھری پرویزالٰہی

March 16th, 2010 · Comments Off

جھوٹ بولا ہے تو قائم بھی رہو اس پر ظفر۔ ۔ ۔ آدمی کو صاحب کردار ہونا چاہئے، اپنے اعلان اور وعدوں سے پھر جانا شریف برادران کی اصل شناخت ہے : جلسہ سے خطاب

گجرات۔ پاکستان مسلم لیگ کے سینئر مرکزی رہنما چودھری پرویزالٰہی نے کہا ہے کہ شریف برادران اپنی بات سے مکر جانے کے عادی ہیں اور وزیراعلیٰ شہباز شریف کا طالبان کی حمایت کے بعد اپنے بیان سے مکر جانا منافقت کا ایک اور منہ بولتا ثبوت ہے۔ اسی طرح یہ آصف زرداری کی مدد حاصل کرنے کیلئے ’’سائیں سائیں‘‘ کہتے ہوئے پہنچ جاتے ہیں اور پھر اچانک آنکھیں پھیر کر ان کی برائیاں شروع کر دیتے ہیں۔ گجرات کے ضمنی الیکشن میں پیپلز پارٹی کا ووٹ حاصل کرنے کیلئے آج کل پھر خاموش ہیں۔ سابق وزیراعلیٰ پنجاب نے یہاں انتخابی اجتماع سے خطاب کر تے ہوئے کیا۔ جس سے P-P111 سے امیدوار میاں عمران مسعود اور دیگر مسلم لیگی رہنماؤں کے علاوہ تاجر نمائندوں اور سابق ناظمین نے بھی خطاب کیا۔ پنجاب کے سابق وزیراعلیٰ نے مزید کہا کہ جاتی امراء والی اپنی ذات سے آگے نہیں سوچتے یہ بات پنجاب کی کرتے ہیں لیکن اقتدار سنبھالتے ہی پورے صوبہ میں ترقیاتی کام بند کرا دیئے۔ جنوبی پنجاب جیسے پسماندہ علاقوں کے فنڈز چھین کر بھی اپنے علاقہ میں خرچ کر رہے ہیں کیونکہ ان کے قول وفعل میں تضاد اور اپنی بات اور وعدوں پر قائم نہ رہنا ہی ان کی اصل شناخت ہے۔ یہ اپنی پارٹی کو بھی بتائے بغیر جنرل پرویز مشرف سے 10 سالہ ڈیل کر کے ملک سے باہر گئے اور الیکشن لڑنے کیلئے وطن واپسی تک اس سے انکار کرتے رہے پھر بھی غلط بیانی کی کہ ڈیل 10 نہیں بلکہ 5 سال کیلئے تھی۔ میاں شہباز شریف اب طالبان کے ساتھ یک جہتی کے اظہار اور ن لیگ و طالبان کی پالیسی کو یکساں قرار دینے کے بعد اس سے مکر رہے ہیں حالانکہ ٹی وی کیمروں نے جو رپورٹ کیا ہے وہ سب کے سامنے ہے اب یہ بوکھلا کر مختلف وضاحتیں کر رہے ہیں۔ چودھری پرویزالٰہی نے ان کی وضاحتوں کو عذرگناہ بدتر از گناہ قرار دیتے ہوئے یہ شعر پڑھا ’’جھوٹ بولا ہے تو قائم بھی رہو اس پر ظفر۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ آدمی کو صاحب کردار ہونا چاہئے‘‘۔ انہوں نے کہا جن کا کردار ہی ذاتی مفادات کیلئے قوم کو دھوکہ دینا ہو وہ اتنے صاحب کردار نہیں ہو سکتے کہ اپنی بات پر قائم رہیں۔ انہوں نے جب سے سیا ست میں قدم رکھا ہے کب کہاں اور کس مرحلہ پر یہ اپنی بات اور اپنے بیان سے منحرف نہیں ہوئے اور غلط بیانی سے کام نہیں لیا؟ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ گجرات کے باشعور اور غیرت مند عوام میاں عمران مسعود کوبھاری اکثریت سے کامیاب بنائیں گے وہ گجرات کے دشمنوں کی چالبازیوں کو خوب سمجھتے اور اہل گجرات کی خدمت کرنے والوں کو اچھی طرح پہچانتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کل تک ن لیگ والے پیپلز پارٹی کو گالیاں دیتے نہیں تھکتے تھے آج یہاں شکست دیکھ کر ان کے پاؤں پکڑ رہے ہیں لیکن پیپلز پارٹی والوں کو ان کی فطرت کو فراموش نہیں کرنا چاہئے یہ 24 مارچ کے بعد پھر ان کو آنکھیں دکھائیں گے۔

Tags: پاکستان

قومی اسمبلی میں 22 مارچ کو 18 ویں ترمیم کا مسودہ پیش کیے جانے کا امکان

March 16th, 2010 · Comments Off

اسلام آباد‘ قومی اسمبلی میں 22 مارچ کو 18 ویں ترمیم کا مسودہ پیش کیے جانے کا امکان ہے ۔ ذرائع کے مطابق پارلیمانی کمیٹی برائے آئینی اصلاحات آئندہ 4,3 روز میں آئینی ترامیم کا پیکج سپیکر قومی اسمبلی کے سپرد کردے گی ۔ قومی اسمبلی سیکرٹریٹ 18 ویں ترمیم کے مسودہ کاپیاں براہ راست اراکین میں تقسیم کردے گی ۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ 18 ویں ترمیم کا سودہ 22 مارچ کو قومی اسمبلی میں پیش کیے جانے کا امکان ہے جس پر قومی اسمبلی میں بحث کا آغاز ہو جائے گا۔ 18 ویں ترمیم کے مسودے کے بارے میں پارلیمانی پارٹیوں کے الگ الگ اجلاس بھی متوقع ہیں ۔ جن میں مسودے کی رسمی توثیق حاصل کی جائے گی ۔

Tags: پاکستان