بینک آف پنجاب فراڈ کیس میں بھاری رقوم وصول کرنے والے وکلاء کے خلاف کارروائی کا حکم ، رپورٹ طلب
اسلام آباد۔سپریم کورٹ نے امریکہ سے واپس لائے گئے بنک آف پنجاب کے سابق صدر ہمیشہ خان کو 26 مئی کو عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیا ہے ۔ جبکہ بنک آف پنجاب قرضہ فراڈ کیس کے مرکزی ملزم شیخ افضل سے بھاری رقوم وصول کرنے والے وکلاء کے خلاف نیب کو کارروائی کا حکم دیتے ہوئے رپورٹ طلب کرلی ہے ۔ ادھر نیب نے عدالت عظمی کویقین دہانی کرائی ہے کہ ہمیش خان کے ساتھ دیگر قیدیوں جیسا سلوک کیا جائے گا ۔ چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری کی سربراہی میں قائم تین رکنی بینچ نے بینک آف پنجاب قرضہ فراڈ کیس کی سماعت کی۔ نیب کے ڈائریکٹر انویسٹی گیشن صاحبزادہ رفعت رؤف نے عدالت کو بتایا کہ ہمیش خان کو امریکی حکام نے نیب ٹیم کے حوالے کردیا ہے جو اسے لے کر پاکستان آرہی ہے یہ ٹیم مقامی وقت کے مطابق آج شام پانچ بجے لاہور پہنچے گی ۔عدالت نے نیب سے یقین دہانی مانگی کہ ہمیش خان کے ساتھ کوئی زیادتی نہیں ہوگی ۔ راحت رؤف نے یقین دہانی کرائی کہ اس کے ساتھ دیگر قیدیوں جیسا سلوک ہی کیا جائے گا۔ عدالت نے ہمیش خان کووطن واپس لانے پر نیب ایف آئی اے اور وزارت خارجہ کی تعریف کی ۔ ہمیش خان کے وکیل نے درخواست دی کہ مجھے اس تک رسائی دی جائے عدالت نے یہ د رخواست منظور کرلی اور ہدایت کی کہ ہمیش خان نیب کی حراست میں رہے گا اس کے ساتھ قانون کے مطابق سلوک کیا جائے اور آئندہ سماعت پر عدالت پیش کیا جائے ۔بنک کے و کیل خواجہ حارث نے عدالت کو بتایا کہ بنک کو رقم کی ا دائیگی کے لیے ریٹائرجج جمشید علی کی سربراہی میں کمیٹی بنا دی ہے نیب ڈائریکٹر سے عدالت نے استفسار کیا کہ شیخ افضل سے رقوم وصول کرنے والوں کے خلاف کیا کارروائی ہوئی ہے تو انہوں نے بتایا کہ ایک صحافی محسن نقوی نے رضا کارانہ طور پر 35 لاکھ روپے واپس کرنے کی حامی بھری ہے ۔ سرفراز مرچنٹ نے 24 ملین لیے تھے وہ برطانیہ چلا گیا ہے اس کے خلاف مزید کارروائی جاری ہے انہوں نے بتایا کہ سرفراز مرچنٹ نے اس یقین دہانی پر شیخ افضل سے رقم لی تھی کہ معاملہ عدالت سے بات کرکے طے کروا دوں گا چیف جسٹس نے پوچھا کہ بھاری رقوم لینے والے وکلاء کیخلاف کیا کارروائی ہوئی ہے کیا ان کے بیانات لیے گئے ہیں انہوں نے بتایا کہ وکلاء کو بلایا گیاتھا انہوں نے موقف اختیار کیا کہ وکلاء کے حوالے سے فورم بار کونسل ہے ۔ چیف جسٹس نے کہا کہ آپ قانون کے مطابق کارروائی کریں۔ قانون سے کوئی بالاتر نہیں ہے اگر شیخ افضل جھوٹ بول رہا ہے تو اسے پکڑو ہم کسی کی پگڑی اچھالنا نہیںچاہتے قانون کے مطابق جو بھی قصور وار ہے اس کے خلاف کارروائی کی جائے اگر کوئی خود نہیںآتا تو قانونی کارروائی کرو ۔ جائیداد وغیرہ ضبط کرنے کا بھی تو قانون موجود ہے مگریہ معاملہ جلد نمٹا ؤ ہم مقدمے کو اب لمبا نہیں لٹکائیں گے جسٹس خلیل الرحمان رمدے نے کہا کہ سب سے بڑا للہ ہے صرف اسی سے ڈرو کسی اور سے ڈرنے کی ضرورت نہیں۔ انہوں نے یقین د ہانی کرائی کہ تمام ملوث افراد کے خلاف قانون کے مطابق بلا امتیاز کارروائی کی جائے گی عدالت نے مزید سماعت 26 مئی تک ملتوی کردی ۔
Tags: پاکستان
امریکا میں گرفتار پاکستانی کے حوالے سے تحقیقات جاری ہیں ، تکمیل پر امریکا اور پاکستانی عوام کو آگاہ کیا جائیگا ،
پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو
اسلام آباد۔وزیر داخلہ رحمان ملک نے کہا ہے کہ حکومت پاکستان دہشت گردی کے خلاف جنگ کے لیے پر عزم ہے اور کسی بھی صورت میں دہشت گردوں کو برداشت نہیں کیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ امریکا میں گرفتار پاکستانی کے حوالے سے تحقیقات جاری ہیں اور تحقیقات کی تکمیل پر امریکا اور پاکستانی عوام کو اس سے آگاہ کیا جائے گا۔ یہاں پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیرداخلہ نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ کے لیے پاکستان پر عزم ہے اور وہ ہر کسی کے ساتھ اس سلسلے میں تعاون کو تیار ہے ۔ انہوں نے کہا کہ امریکا میں گرفتار پاکستانی کے حوالے سے حکومت پاکستان تحقیقات کررہی ہے اور جب یہ تحقیقات مکمل ہوںگی ان سے امریکا کو آگاہ کیا جائیگا ۔ کالا ڈھاکہ میں آپریشن کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں وزیر داخلہ نے کہا کہ سواتی صاحب نے انہیں خط لکھا تھا کہ کالا ڈھاکہ میںآپریشن کیا جائے کیونکہ وہاں دہشت گرد پہنچ چکے ہیں ۔ جس کے نتیجے میں صوبائی حکومت سے رابطہ کیا گیا ۔ انہوںنے کہا کہ کالا ڈھاکہ میں نہ وفاقی حکومت اور نہ ہی صوبائی حکومت کا کنٹرول ہے اس لیے فیصلہ کیا گیا کہ اس کو حکومتی کنٹرول میں لایاجائے۔ انہوںنے کہا کہ بنیادی طور پر وہاں کسی سے زیادتی نہیں ہورہی بلکہ حکومت اپنی عمل داری کے لیے کارروائی کررہی ہے تاہم انہوںنے کہا کہ علاقے کے راہنماؤں سے صلاح مشورے کے بعد کالا ڈھاکہ آپریشن کا جائزہ لیا جائے گا ۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ حکومت پالیسی ہے کہ دہشت گردوںکو کسی طور پر برداشت نہیں کیا جائے گا اور حکومت کی رٹ بحال کی جائے گی۔
Tags: پاکستان
اسلام آباد۔قومی اسمبلی نے جمعہ کو کثرت رائے سے صدر آصف علی زرداری کے 15 اپریل 2010 ء کو پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے کئے گئے خطاب پر ان کے لئے اظہار تشکر کی قرار داد کو منظور کر لیا ہے ۔ اظہار تشکر کی قرار داد وزیر قانون انصاف پارلیمانی امور ڈاکٹر بابر اعوان نے پیش کی تھی ۔ ڈپٹی سپیکر فیصل کریم کنڈی نے ایوان سے قرار داد کی منظوری حاصل کی۔ ایوان نے صدر مملکت کے لئے کثرت رائے سے اظہار تشکر کی قرار داد منظور کر لی ہے ۔ قبل ازیں وزیر اطلاعات قمر زمان کائرہ نے صدارتی خطاب پر بحث کو سمیٹا تھا ۔
Tags: پاکستان
پاکستانی نژاد خاتون وزیر کو پاکستان کے دورے اور سینٹ سے خطاب کی دعوت دینے کی تجویز دے دی گئی
کشن اور بگلیہار ڈیم پر بھارت ہمارے ساتھ دہشت گردی کر رہا ہے
سینٹ میں صدارتی خطاب پر بحث کے دوران اراکین کا اظہار خیال
اسلام آباد۔سینٹ میں جمعرات کو بھی پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے صدارتی خطاب پر بحث کا سلسلہ جاری رہا جبکہ نکتہ اعتراضات پر برطانیہ کی پہلی خاتون وزیر سعیدہ وارثی کو مبارکباد دیتے ہوئے انہیں پاکستان آنے اور ایوان بالا سے خطاب کی دعوت دینے کی تجویز دی گئی ہے۔ صدارتی خطاب پر بحث میں حصہ لیتے ہوئے سینیٹر طلحہ محمود نے کہا کہ کتنا اچھا ہوتا کہ خیبر پختونخوا کے بجائے صوبے کا نام کوئی اسلامی رکھ دیا جاتا ۔ہفتہ کو چھٹی کا فائدہ کے بجائے نقصان ہو رہا ہے۔کشن اور بگلیہار ڈیم پر بھارت ہمارے ساتھ دہشت گردی کر رہا ہے ۔ آئندہ جنگ پانی پر ہو گی ہم اکیلے نہیں ان کو بھی ساتھ لے کر مریں گے۔ بھارت فاٹا اور بلوچستان میں مداخلت کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے حکمرانوں کے ممبئی حملوں کو خود پر سوار کر لیا ہے۔فیصل شہزاد کو بھی ہمارے اوپر مسلط کیا جا رہا ہے اس کا مقصد پاکستان کو ڈکٹیشن دینا ہے۔ہمیں آبی پالیسی اپنے مفاد میں بنانا چاہیں لوگوں کو انصاف کی ضرورت ہے۔ ایم کیو ایم کے سینیٹر عابد حسین مشہدی نے کہا کہ حکومت عوام کو ریلیف دینے کے لئے اقدامات کرے۔ ملک میں 98 فیصد صرف ایک وقت کی روٹی کھا رہے ہیں سینیٹر گلشن سعید اور سینیٹر نیلوفر بختیار کے برطانیہ کی پہلی مسلمان خاتون وزیر سعیدہ وارثی کو مبارکباد دی وہ پاکستانی نژاد ہے اس پر خوشی منانا چاہیے۔ سینیٹر نیلوفر بختیار نے تجویز دی کہ سعیدہ وارثی کو پاکستان آنے کی اور سینٹ آف پاکستان سے خطاب کی دعوت دی جائے۔سینیٹر نجمہ حمید نے بھی تجویز کی حمایت کی۔سینیٹر ہارون اختر کے نکتہ اعتراض پر کہا کہ پاکستان سٹیل ملز کو ماہانہ ایک ارب روپے کا خسارے کا سامنا ہے۔ چند سال قبل یہی مل 6,5 ارب روپے کا منافع کما رہی ہے۔ سٹیل ملز صرف 26 فیصد پیداوار کر رہی ہے۔سینیٹر افراسیاب خٹک نے بھی برطانوی قدیمہ کنزرویٹو پارٹی کی سر براہ مسلمان خاتون منتخب ہو نے پر انہیں مبارکباد دی۔انہوں نے کہا کہ پورے پاکستان کو اس خاتون پر فخر ہے۔
Tags: پاکستان
بھارت کے ساتھ مذاکرات میں مثبت اور تعمیری سوچ کے ساتھ باہمی احترام اور برابری کی سطح پر کئے جائیں گے
گزشتہ دو سالوں کے دوران پاکستان کی خارجہ پالیسی میں تبدیلی کے قابل ہوئے ہیں
وزیر خارجہ کی سینٹ و قومی اسمبلی کی خارجہ امور قائمہ کمیٹیوں کے مشترکہ اجلاس کو بریفنگ
اسلام آباد۔وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان بھارت کے ساتھ کشمیر سمیت تمام دو طرفہ تنازعات بات چیت کے ذریعے حل کر نا چاہتا ہے۔ بھارت کے ساتھ مذاکرات میں مثبت اور تعمیری سوچ کے ساتھ باہمی احترام اور برابری کی سطح پر کئے جائیں گے۔ گزشتہ دو سالوں کے دوران پاکستان کی خارجہ پالیسی میں تبدیلی کے قابل ہوئے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار وزیر خارجہ نے قومی اسمبلی اور سینٹ کی خارجہ امور قائمہ کمیٹیوں کو مشترکہ بریفنگ دیتے ہوئے کیا۔ کمیٹیوں کی صدارت سینٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خارجہ امور کے چیئر مین سینیٹر سلیم سیف اللہ نے کی۔ کمیٹیوں کا اجلاس وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کے کہنے پر بلایا گیا تھا ۔ جس میں انہوں نے قومی خارجہ پالیسی کے ایشوز پر بریفنگ دی اور اراکین پارلیمنٹ سے مختلف امور پر رہنمائی حاصل کی۔ کمیٹی کو بریفنگ دیتے ہوئے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ بھارتی وزیر خارجہ سے ان کی بات چیت سے دونوں ممالک کے وزرائے خارجہ کی 15 جولائی 2010کو اسلام آباد میں ملاقات طے ہوئی ہے۔اس ملاقات کا ایجنڈا طے کر نے کے لئے دونوں ممالک کے سیکرٹری خارجہ جون میں اسلام آباد میں ہی ملاقات کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں وزرائے خارجہ نے یہ بات بھی طے کی ہے کہ تھمپو میں ملاقات کے دوران دونوں ممالک کے وزراء اعظم کے جذبے کو اس ملاقات میں مد نظر رکھا جائے گا۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان امن عمل کی بحالی اہم پیش رفت ہے اور اب اسے تعطل کا شکار نہیں ہو نا چاہیے۔ پاکستان بھارت کے ساتھ مذاکرات میں مثبت اور تعمیری سوچ کے ساتھ شریک ہو گا۔ جس کے تحت جموں و کشمیر سمیت دو طرفہ تنازعات کو برابری اور باہمی احترام کے ساتھ حل کیا جائے ۔ وزیر خارجہ نے اجلاس کو پاکستان کے افغانستان، ایران،چین،امریکہ اور یورپین یونین کے ساتھ تعلقات کی صورت حال سے بھی آگاہ کیا ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی جمہوری حکومت گزشتہ دو سالوں میں خارجہ پالیسی میں اہم تبدیلیاں کر نے کے قابل ہوئی ہیں پاکستان کی خارجہ پالیسی اس وقت ملک کے مفادات اور ترقی کو مد نظر رکھ کر بنائی گئی ہے ۔ قبل ازیں اجلاس کی ابتداء میں سینیٹر سلیم سیف اللہ خان نے تمام ہمسائیہ ممالک کے ساتھ پر امن اور بہتر تعلقات قائم کر نے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ اب ملک میں جمہوریت بحال ہو چکی ہے ۔پارلیمنٹ خصوصاً خارجہ امور کی قائمہ کمیٹیاں دفتر خارجہ کے ساتھ مل کر کام کر رہی ہیں اور تعطل کے ساتھ اپنی رائے دے رہی ہیں۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اپنی رائے دینے پر دونوں قائمہ کمیٹیوں کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ کامیاب خارجہ پالیسی کے لئے اراکین پارلیمنٹ کی رائے نہایت اہمیت کی حامل ہے۔
Tags: پاکستان
ممبئی۔بھارتی وزیر خارجہ ایس ایم کرشنا نے کہا ہے کہ ان کے دورہ پاکستان سے دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی کم ہوگی پاک بھارت حکام کے درمیان ملاقاتیں اعتماد کی بحالی کیلئے دوا کا کام انجام دیں گی۔قازقستان کے دورہ سے واپسی کے دوران صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے بھارتی وزیر خارجہ ایس ایم کرشنا نے دورہ پاکستان کی دعوت کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ پاک بھارت حکام کے دوروں سے تعمیری مذاکرات میں پیشرفت ہوگی۔ بھارتی وزیر خارجہ نے کہا کہ دورہ پاکستان کے موقع پرپاکستانی ہم منصب شاہ محمود قریشی کو دورہ بھارت کی دعوت دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ نیپال میں ہونے والی ملاقات میں پاک بھارت وزرائے اعظم نے محسوس کیا کہ دونوں ممالک کے درمیان اعتماد کے قیام کیلئے مثبت اقدامات کی ضرورت ہے
Tags: پاکستان , ہندوستان
ہماری معاشی ترقی کی رفتار بہت سست ہے ،جمہوریت کی گاڑی کو اس طرح چلایا جاتا رہا تو کوئی بھی حادثہ ہو سکتا ہے
متحدہ قومی موومنٹ سچ کا ساتھ دینے کے لئے حکومت کو چھوڑ کر اپوزیشن کا ساتھ دے
حکومت کے پاس کچھ نہیں ہے تو ہم سے طاقت کا ٹیکہ لے لیں کم از کم پاکستان کی خود مختیازی کا تحفظ کر سکیں گے
پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما کا قومی اسمبلی میں اظہار خیال
اسلام آباد۔پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما احسن اقبال نے جمعرات کو قومی اسمبلی میں صدارتی خطاب پر بحث میں حصہ لیتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت نے پرویز مشرف کی طرح بھیگی بلی بن کر خوف پر مبنی خارجہ پالیسی اختیار کر رکھی ہے۔ جمہوریت کی گاڑی کو اس طرح چلایا جاتا رہا تو کوئی بھی حادثہ ہو سکتا ہے۔متحدہ قومی موومنٹ سچ کا ساتھ دینے کے لئے حکومت کو چھوڑ کر اپوزیشن کا ساتھ دے ۔احسن اقبال نے کہا کہ ہماری حکومت جو پروگرام 2010 شروع کیا تھا اس پر کام جاری رہتا تو ملک کا یہ حال نہ ہوتا جو آج ہے۔ کم از کم لوڈ شیڈنگ نہ ہوتی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے مستقبل کے بارے میں عالمی تجزیہ نگار اچھا نہیں لکھ رہے ہیں اور اسے ناکام ریاست کہا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈھول بجانے کی سیاست کو ختم ہو نا چاہیے۔ ہماری معاشی ترقی کی رفتار بہت سست ہے اگر سانس چل بھی رہی ہے تو ہم بھارت کے مقابلے میں بہت پیچھے چلے جائیں گے۔80 رکنی کابینہ کی ضرورت نہیں ہے۔ صدر نے اپنے خطاب میں توانائی کے بحران کے حل کے لئے کوئی ویژن پیش نہیں کیا تھا ملک کی کوئی ورثہ پالیسی نہیں ہے گڈ گورننس نام کی کوئی چیز نہیں ہے ملک اداروں کے تصادم کی طرف بڑھ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 18 ویں ترمیم کے ذریعے جمہوریت کی گاڑی کو مکمل طور پر فٹ کر دیا گیا مگر ڈرائیونگ کا مسئلہ ہے اگر گاڑی کو اس طرح ڈرائیور کیا جاتا رہا تو کوئی بھی حادثہ ہو سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکی الزامات کے حوالے سے حکومت کو سانپ سونگھ گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ خود مختیاری کوئی خیرات میں پلیٹ میں رکھ کر نہیں دے گا۔ اگر حکومت کے پاس کچھ نہیں ہے تو ہم سے طاقت کا ٹیکہ لے لیں کم از کم پاکستان کی خود مختیازی کا تحفظ کر سکیں گے۔ پرویز مشرف کو بھیگی بلی بن کر خوف کی خارجہ پالیسی کیوں بنائی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ صدارتی خطاب پر حیدر عباس رضوی کی باتیں سچی ہیں تو ایم کیو ایم حکومت کا ساتھ کیوں نہیں چھوڑتی وہ ہمارے ساتھ مل جائے۔
Tags: پاکستان
اسلام آباد۔سپریم کورٹ آف پاکستان میں بینک آف پنجاب و حارث سٹیل ملز کرپشن کیس کی سماعت آ ج جمعہ کو ہوگی چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری کی سربراہی میں جسٹس غلام ربانی اور جسٹس خلیل الرحمن رمدے پر مشتمل تین رکنی بینچ کرے گا۔مقدمہ کی سماعت کے لیے اٹارنی جنرل جسٹس (ر)مولوی انوارالحق ،ڈی جی ایف آئی اے، چیرمین نیب نوید احسن، پراسیکیوٹر جنرل نیب، ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل پنجاب ،معروف وکلاء خواجہ حارث، اے کے ڈوگر، وسیم سجاد، ڈاکٹر عبدالباسط،طالب حسین سمیت دیگر وکلاء عدالت میں پیش ہوں گے۔ واضح رہے ،کہ عدالت نے بینک آف پنجاب کو بھی عدالت میں طلب کر رکھا ہے جنہیں آج گرفتار کرکے امریکہ سے پاکستان لایا جارہاہے
Tags: پاکستان
اسلام آباد۔صدر آصف علی زر داری نے برطانوی وزیر اعظم ڈیوڈ کیمرون کو فون کر کے وزارت عظمیٰ کا عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دی اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا اور کہا کہ ان کے دور اقتدار میں دونوں ممالک کے تعلقات مزید مستحکم ہوں گے اور مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ ملے گا اس پر برطانوی وزیر اعظم ڈیوڈ کیمرون نے صدر آصف علی زر داری کا شکریہ ادا کیا اور اپنے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔
Tags: پاکستان
اسلام آباد۔اسلام آباد : وزیر اعظم سید یوسف رضاگیلانی نے سیکریٹری قانون جسٹس ریٹائرڈ عاقل مرزا کا استعفیٰ منظور کر لیا ۔ رواں ماہ کی سات تاریخ کو عاقل مرزا نے خراب صحت کے باعث اپنا استعفیٰ وزیر اعظم کو پیش کیا تھا ۔ گزشتہ روز سپریم کورٹ نے این آر او فیصلے پر عملدرآمد سے متعلق سیکریٹری قانون کو طلب کیا تاہم عدالت میں ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے بتایا کہ وہ مستعفی ہو چکے ہیں جس پر چیف جسٹس نے پوچھا تھا کہ کیا ان کا استعفیٰ منظور ہو چکا ہے ۔عدالت کو بتایا گیا تھا کہ ان کا استعفیٰ منظور نہیں ہوا جس پر عدالت نے انہیں (کل) جمعہ کے روز طلب کیا تھا ۔ 16دسمبر 2009کو این آر او کو کالعدم قرار دیئے جانے کے بعد سے پہلے اٹارنی جنرل انور منصور خان مستعفی ہوئے اور اب جسٹس ریٹائرڈ عاقل مرزا بھی گھر کو چل دیئے۔
Tags: پاکستان