Urdu News-Online Urdu Newspaper

The 3rd Largest Online Urdu Newspaper

Urdu News-Online Urdu Newspaper header image 4
Pages: Prev 1 2 3 ...55 56 57 58 59 60 61 ...178 179 180 Next

حکومت دہشت گردی اور انتہاء پسندی کے خاتمے کے لیے جدوجہد جاری رکھے گی ۔وزیر اعظم گیلانی

May 5th, 2010 · No Comments

خیبر پختونخوا اور فاٹا کے عوام نے دہشت گردی کے خلاف مثالی قربانیاں دیں

صوبائی حکومتیں اور سیکورٹی ادارے عوام کی جان و مال کے تحفظ اور حکومتی عملداری کو یقینی بنائیں

وزیر اعظم کا اسٹرٹیجک کمیٹی کے اجلاس سے خطاب

اسلام آباد۔وزیر اعظم سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ حکومت دہشت گردی اور انتہاء پسندی کے خاتمے کے لیے جدوجہد جاری رکھے گی ۔خیبر پختونخوا اور فاٹا کے عوام نے دہشت گردی کے خلاف مثالی قربانیاں دیں۔ صوبائی حکومتیں اور سیکورٹی ادارے عوام کی جان و مال کی تحفظ اور حکومتی عملداری کو یقینی بنائیں۔ ان خیالات کا اظہار وزیر اعظم نے سٹرٹیجک کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے خطاب کے دوران کیا ۔ وزیر اعظم گیلانی نے سرحد حکومت کو ہدایت کی وہ صوبے میں امن وامان کی عملدرآمد اور شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کے لیے فوری اقدامات کرے ۔وزیراعظم نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں خیبر پختونخوا کے عوام ، افواج پاکستان اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی قربانیوں پر انہیں خراج تحسین پیش کیا۔اجلاس میں خیبر پختونخوا میں جاری ترقیاتی کاموں اور امن وامان کی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا ۔اجلاس میں وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا امیر حیدر خان ہوتی ، گورنر سرحد اویس احمد خان غنی اور چیف سیکرٹری نے وزیر اعظم کو صوبے میں جاری ترقیاتی کاموں اور امن وامان کی صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی ۔

Tags: پاکستان

سپریم کورٹ میں پاکستان سٹیل ملز کرپشن کیس کی سماعت کل ہو گی

May 5th, 2010 · No Comments

اسلام آباد۔سپریم کورٹ آف پاکستان میں پاکستان سٹیل ملز کے سابق چیئرمین معین آفتاب کی جانب سے سٹیل ملز میں کرپشن کے حوالے سے لئے گئے از خود نوٹس کی سماعت آج جمعرات کو ہو گی ۔ چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری کی سربراہی میں جسٹس غلام ربانی اور جسٹس خلیل الرحمن رمدے پر مشتمل عدالت اعظمیٰ کا تین رکنی بینچ از خود نوٹس کی سماعت کرے گا ۔ واضح رہے کہ پاکستان سٹیل ملز میں کروڑوں روپے کی کرپشن کے خلاف چیف جسٹس نے از خود نوٹس لیا تھا جس کی سماعت عدالت عظمیٰ میں جاری ہے اور سابق چیئرمین معین آفتاب کو گرفتار کیاگیا ہے جبکہ عدالت نے کرپشن میں ملوث تمام ملزمان کو گرفتار کرنے کیلئے ایف آئی اے حکام کو ہدایت کر رکھی ہے مقدمہ کی سماعت کے لئے ڈی جی ایف آئی اے ،سیکرٹری وزارت انڈسٹری و کامرس،اٹارنی جنرل آف پاکستان ،ڈپٹی اٹارنی جنرل،سپریم کورٹ کے وکلاء،ڈاکٹر اسلم خاکی، عبدالمجیب پیرزادہ،سلمانبٹ،منصور العارفین،ایم جی دستگیر و دیگر کو نوٹس جاری کئے گئے ہیں ۔

Tags: پاکستان

انسداد دہشت گردی راولپنڈی کی عدالت نے میریٹ ہوٹل پر خود کش حملہ کی سازش میں گرفتار چار ملزمان کو بری کر دیا

May 5th, 2010 · No Comments

راولپنڈی۔انسداد دہشت گردی راولپنڈی ڈویژن کی خصوصی عدالت کے جج ملک اکرم اعوان نے وفاقی دار الحکومت میں واقع میریٹ ہوٹل پر خود کش حملہ کی سازش میں گرفتار چار ملزمان ڈاکٹر عثمان ،تحسین اللہ،رانا الیاس اور محمد حمید افضل کو استغاثہ کی جانب سے ٹھوس شواہد پیش نہ کر نے پر شک کا فائدہ دیتے ہوئے مقدمہ سے بری کر دیا۔ فاضل عدالت نے اپنے فیصلہ میں کہا ہے کہ متذکرہ بالا ملزمان کے خلاف استغاثہ ٹھوس شواہد پیش کر نے میں ناکام رہا جس کے باعث ان ملزمان پر کوئی جرم ثابت نہیں ہو سکا لہذا ان ملزمان کو عدم ثبوت بری کیا جاتا ہے یاد رہے کہ میریٹ ہوٹل اسلام آباد پر 21 ستمبر 2008 کو خود کش حملہ کے دوران ہوٹل مکمل تباہ ہو گیا تھا جبکہ اس حملہ میں متعدد غیر ملکیوں سمیت 60 لوگوں کی جانیں ضائع ہوئی تھیں عدالت کے فیصلہ کے مطابق اگر یہ ملزمان کسی اور کیس میں زیر حراست نہ ہوں تو انہیں رہا کر دیا جائے ۔

Tags: پاکستان

وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے نواز شریف کے ڈیل کر کے جانے کو عوامی خدمت کہہ کر اپنی پارٹی کے قائدین کا مذاق اڑایا ہے۔ ۔ ۔ تحریک انصاف

May 4th, 2010 · No Comments

اسلام آباد۔پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات عمرسرفرازچیمہ نے کہا ہے کہ نوازشریف اور شہبازشریف کے خلاف مقدمات کی فائلوں پر چئیرمین نیب کے دستخط نہ کرنے کے بعد شریف برادران کاانصاف اور آزاد عدلیہ کا شور ان کی منافقانہ پالیسی کو ظاہر کرتا ہے۔انہوں نے کہا کہ نواز شریف شہبازشریف کو چاہئیے تھا کہ وہ مقدمات ختم کرنے کے لئے حکومتی امداد لینے کی بجائے عدالتوں میں سامنا کرتے۔وزیراعظم نے بھی نواز شریف کے ڈیل کرکے باہر جانے کو عوامی خدمت قراردے کرحکومت اور اپوزیشن کے ڈرامے کو بے نقاب کردیا ہے۔عوام کو پتا چل گیا ہے کہ ۔’’انجمن ستائش باہمی‘‘مل کر لوٹ کے مال کو ہضم کررہی ہے اور ان پر مظالم ڈھانے والوں میں حکومت اور اپوزیشن دونوں برابر کے شریک ہیں۔عمرچیمہ نے ایک بیان میں کہا کہ نواز اور شہباز شریف اگر قانون کے پابند ایماندار حکمران ہوتے تو چئیرمین نیب کے دستخطوں کا خلاء کبھی نہ رکھواتے۔جو انہیں کرپشن کیسوں سے بچانے کے لئے حکومتی ہدایت پر رکھا گیا ہے اور NROکی تاریخ دھرائی گئی ہے۔عدالتوں میں ان کے خلاف مقدمات ناقابل سماعت بنائے گئے ہیں جبکہ ان مقدمات میں منی لانڈرنگ جیسا ملک کو نقصان پہنچانے والا سنگین نوعیت کا مقدمہ بھی شامل ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے نواز شریف کے ڈیل کر کے جانے کو عوامی خدمت کہہ کر اپنی پارٹی کے قائدین کا مذاق اڑایا ہے جو1999میں نواز شریف حکومت سے جان چھڑانے کے لئے مقتدر قوتوں کو اپنے بیانات میں اپیلیں کرتے تھے اور نواز شریف حکومت کے خاتمے پر انہوں نے مارشل لاء کے قیام کا خیرمقدم کیاتھا۔انہوں نے کہا کہ لائبریریوں میں موجود اس وقت کے اخبارات کا فائلیں ان تاریخی واقعات کی گواہ ہیں۔

Tags: پاکستان

محرومیوں کے خاتمہ کیلئے جنوبی پنجاب کو صوبہ بنانے کی تحریک کل شروع کریں گے: چودھری پرویزالٰہی

May 4th, 2010 · 1 Comment

جنوبی پنجاب کے عوام کے دل کی آواز کو ہم اپنی آواز سمجھتے ہیں، سوچ سمجھ کر قدم آگے بڑھایا ہے، مشکلات

سے گھبرانے والے نہیں: میڈیا سے گفتگو

ملتان۔پاکستان مسلم لیگ کے سینئر مرکزی رہنما چودھری پرویزالٰہی نے کہا ہے کہ جنوبی پنجاب کے عوام کی محرومیوں کے خاتمہ کیلئے صوبہ بنانے کی تحریک ہم کل (بدھ) کو شروع کر رہے ہیں کیونکہ جنوبی پنجاب کے عوام کی دل کی آواز کو ہم اپنی آواز سمجھتے ہیں اور ہر طرح سے سوچ سمجھ کر قدم آگے بڑھایا ہے۔ وہ لاہور سے ملتان ایئرپورٹ پہنچنے پر صحافیوں سے گفتگو کر رہے تھے۔ پاکستان مسلم لیگ پنجاب کے جنرل سیکرٹری اور پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر چودھری ظہیرالدین اور سینئر نائب صدر محمد بشارت راجہ بھی ان کے ہمراہ تھے۔ انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب کی عوام کے ساتھ ہماری کمٹمنٹ ہے کہ جنوبی پنجاب کو صوبہ بنائیں گے اور اسی کمٹمنٹ کو پورا کرنے کیلئے ہم ملتان سے تحریک کا آغاز کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب کی محرومیوں کو ختم کرنے کیلئے ہم نے سب سے پہلے سینیٹ میں آواز بلند کی اور اب پنجاب اسمبلی میں جنوبی پنجاب کو صوبہ بنانے کیلئے قرارداد جمع کرا دی ہے۔ جنوبی پنجاب کے صوبہ کے قیام کیلئے ہم جس تحریک کا آغاز کر رہے ہیں اس کو عملی شکل دینے تک ہماری جدوجہد جاری رہے گی۔ اس راستے میں دکھ، تکلیفیں اور مشکلات بھی آئیں گی مگر ہم گھبرانے والے نہیں۔ ہم نے سوچ سمجھ کر قدم آگے بڑھایا ہے۔ مسلم لیگ نے پاکستان بنایا تھا اب پاکستان مسلم لیگ ہی جنوبی پنجاب کا الگ صوبہ بنائے گی یہ ہمارا عزم ہے۔ چودھری پرویزالٰہی کا ملتان پہنچنے پر سکندر حیات بوسن، احمد یار ہراج، راجن بخش گیلانی اور دیگر رہنماؤں سمیت سینکڑوں مسلم لیگی کارکنوں نے شاندار استقبال کیا۔ اس موقع پر ’’جنوبی پنجاب کا محسن پرویزالٰہی، جنوبی پنجاب کا قائد پرویزالٰہی، جنوبی پنجاب کی آواز اٹھائی، شکریہ تیرا پرویزالٰہی‘‘ کے پرجوش نعرے لگائے گئے۔ چودھری پرویزالٰہی نے استقبال کیلئے آنیوالے رہنماؤں اور کارکنوں کا دلی طور پر شکریہ ادا کیا۔

Tags: پاکستان

وزیر اعلی سے ملاقات کا وقت نہ ملنے اور سیکرٹری کی جانب سے بیت المال کی رپورٹ میں جعل سازی پر امین بیت المال نے استعفی دے دیا

May 4th, 2010 · No Comments

شہباز شریف سے مل کر حقائق سے آگاہ کرنا چاہتا تھا، سیکرٹری سوشل ویلفیئر نے رپورٹ میں تبدیلی کے لئے دباؤ ڈالا انکار پر خود ہی کر ڈالی ۔ جسٹس (ر) میاں نذیر اختر

لاہور۔بیت المال پنجاب کے امین جسٹس (ر) میاں نذیر اخترنے محکمہ سوشل ویلفیئر کے افسران کی جانب سے سالانہ رپورٹ میں ردوبدل کرنے اور وزیر اعلی پنجاب میاں شہباز شریف سے ملاقات کا وقت نہ ملنے پر عہدہ سے استعفے دے دیا ۔ اپنے استعفے کی وجوہات بتاتے ہوئے جسٹس (ر) میاں نذیر اختر نے کہا کہ انہوں نے بیت المال پنجاب کی صورتحال سے آگاہ کرنے کے لئے وزیر اعلی پنجاب سے ملاقات کی بہت کوشش کی اور وزیر اعلی کے پی ایس او سے دو ہفتوں سے رابطہ میں رہے لیکن انہیں ملاقات کا وقت نہ دیا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ سیکرٹری سوشل ویلفیئر اور ایک اور افسر بیت المال پنجاب کی سالانہ رپورٹ میں تبدیلیوں کے لئے دباؤ ڈالتے رہے جس بارے وہ وزیر اعلی کو آگاہ کرنا چاہتے تھے ۔ انکار پر ان افسران نے خود ہی ردوبدل کر کے رپورٹ گورنر پنجاب کو بھجوا دیجبکہ سیکرٹری سوشل ویلفیئر طارق فیروز نے ان الزامات کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ رپورٹ میں تبدیلی پہلے سے طے شدہ تھی انہوں نے کہا کہ بیت المال پنجاب کے تمام معاملات احسن طریق سے چل رہے ہیں ۔

Tags: پاکستان

دہشت گردی کے خلاف جنگ،صوبہ خیبرپختونخواہ ،پشاورکے عوام کا کردار مثالی ہے،وزیراعلیٰ

May 4th, 2010 · No Comments

انسانیت اور امن دشمنوں کا قلع قمع کرنے کا تہیہ کر رکھا ہے ،حکومت متاثرین کو تنہا نہیں چھوڑے گی

پشاور۔صوبہ خیبر پختونخوا کے وزیر اعلیٰ امیر حیدر خان ہوتی نے کہا ہے کہ دہشت گردوں کے ہاتھوں بڑے پیمانے پر جانی و مالی نقصان اور بے پناہ تباہی کا پامردی کے ساتھ مقابلہ کرنے پر خیبر پختونخوا کے عوام خصوصاً پشاور کے لوگوں کا کردار پوری قوم کیلئے باعث فخر ہے۔ انسانیت اور امن کے دشمنوں کا قلع قمع کرنے کیلئے سیاست اور نظریات سے قطع نظر اجتماعی جدوجہد ناگزیر ہے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار منگل کے روز وزیراعلیٰ ہاؤس پشاور میں منعقدہ ایک سادہ مگر پر وقار تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا جس کا اہتمام گزشتہ ماہ قصہ خوانی میں دہشت گردی کے واقعہ میں شہداء کے ورثاء اور زخمی ہونے والے افراد میں مالی امداد کی تقسیم کیلئے کیا گیا تھا۔ متاثرین سے سینئر صوبائی وزیربشیر احمد بلور نے بھی خطاب کیا۔ اس موقع پر صوبائی وزیر صحت سید ظاہر علی شاہ اورکان صوبائی اسمبلی عالمگیر خان، ملک طہماش، کمشنر پشاور محمد اعظم، ڈی سی او سراج احمد اور متعلقہ حکام بھی موجود تھے۔ تقریب میں قصہ خوانی اور شمع چوک (حیات ایونیو) کے واقعات کے شہداء کے ورثاء اور زخمیوں کو بالترتیب تین لاکھ اور ایک لاکھ روپے کے چیک دیئے گئے 22شہداء کے ورثاء اور 17زخمیوں میں مجموعی طور پر 83لاکھ روپے تقسیم کئے گئے۔ امیر حیدر خان ہوتی نے کہا کہ انسانی جان کا نعم البدل ممکن نہیں۔ حکومت کی طرف سے امداد کا مقصد صرف اور صرف متاثرہ خاندانوں کے ساتھ اظہار یکجہتی اور ان کی مالی مشکلات و تکالیف میں ہاتھ بٹانا ہے جو نہ صرف حکومت کی بنیادی ذمہ داری ہے بلکہ مسلمان، انسان اور پختون ہونے کے ناطے ہمارا فرض بھی ہے انہوں نے کہا کہ اپنے پیاروں کی ہمیشہ کے لئے بے وقت جدائی ایک ایسا اندوھناک صدمہ اور سانحہ ہے جس کی شدت کا اندازہ کوئی اور نہیں لگا سکتا اس کے باوجود پشاور کے عوام کا حوصلہ، ہمت اور صبر لائق تحسین ہے۔ جنہوں نے غیر معمولی تباہی اور نقصان کا سامنا کرتے ہوئے معمول کی زندگی کو جاری و ساری رکھا۔ انہوں نے کہا کہ صرف اللہ تعالیٰ کی ذات ہی ہے جو دکھوں اور غموں کا مکمل مداوا کر سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ زندہ قومیں آزمائشوں کا مقابلہ ہمت اور حوصلے سے کرتی ہیں۔ اس موقع پر شہداء کے درجات کی بلندی، زخمیوں کی صحت یابی، متاثرہ خاندانوں کے لئے صبر و استقامت ، قیام امن اور دہشت گردی کے خاتمے کے لئے اجتماعی دعا کی گئی۔ صوبائی سینئر وزیربشیر احمد بلور نے کہا کہ معصوم اور بے گناہ شہریوں کو بم دھماکوں میں اڑانے والے لوگ انسان نہیں درندے ہیں وہ کسی بھی صورت مسلمان کہلانے کے قابل نہیں ۔ ان عناصر کو کیفر کردار تک پہنچانے کے لئے پوری قوم متحد اور متفق ہے۔ انہوں نے مصیبت کی گھڑی میں تحمل ، برداشت اور صبر کا مظاہرہ کرنے پر اہلیان پشاور کو خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے لوگوں پر زور دیا کہ وہ اپنے اردگرد ماحول پر کڑی نظر رکھیں اور کسی بھی مشکوک شخص کی نشاندہی میں انتظامیہ سے تعاون کریں۔ قبل ازیںڈی سی او پشاور سراج احمد خان نے کہا کہ وزیراعلیٰ امیر حیدر خان ہوتی کی خصوسی ہدایات کی روشنی میں متاثرین کی مدد کیلئے فوری اقدامات کئے گئے اور دو ہفتے کی مختصر مدت میں اس پراسس کو مکمل کیا گیا ہے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ دہشت گردی کے خلاف انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مکمل تعاون کریں۔

Tags: پاکستان

لوڈشیڈنگ اور مہنگائی پر قابو پانے کیلئے حخومت نے ضروری اقدامات نہ کئے تو ہم عوامی مظاہروں میں شرکت پر مجبور ہوں گے۔ نوازشریف

May 4th, 2010 · No Comments

بجلی کی پیداواری صلاحیت میں اضافہ کرنے کے لیے تاحال کوئی ٹھوس منصوبہ شروع نہیں کیا جا سکا

حکمرانوں کی کرپشن اور مالی بدعنوانیوں سے جمہوریت بدنام ہورہی ہے

حکومت کی عوام دوستی کادعویٰ اُس وقت سچا ثابت ہوگا جب حکمران ہر سطح پر سادگی اور کفایت شعاری کو فروغ دیں اور خود احتسابی پر مبنی ٹھوس اقدامات یقینی بنائے جائیں

حکومت نے میری جمہوریت کیلئے ساری قربانیوں پر پانی پھیر دیا اور ملک کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا جب آئین کی دھجیاں بکھیرنے والے جنرل مشرف کو گارڈ آف آنر دیکر رخصت کیا

کارکنوں کی جدوجہد اورقربانیوں کی وجہ ملک میں جمہوریت قائم اور آمریت ختم ہوئی

لاہور۔پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد محمد نوا ز شریف نے کہا ہے کہ اگر لوڈ شیڈنگ اور مہنگائی پر قابو پانے کے لیے مناسب ،بر وقت اور ضروری اقدامات نہ کیے گئے تو ہم بھی عوام کے ساتھ مظاہروں میں شرکت کرنے پر مجبور ہو جائیں گے۔میں آج بھی مسائل کے خلاف لانگ مارچ کا اعلان کر دوں تو عوام 15مارچ 2009ء کا جذبہ لیکر میرے شانہ بشانہ ہونگے اور پوری قوم محض ایک پکار پر اٹھ کھڑی ہوگی لیکن میں چاہتا ہوں کہ ہم دانشمندی کے ساتھ آگے بڑھیں اور ملک کو درست سمت میں درست انداز سے آگے کی جانب لیکر چلا جائے۔ بجلی کے نرخوں میںبار بار اضافے سے ملک میں کمر توڑ مہنگائی کا نہ ختم ہونے والا سلسلہ جاری ہے اور عام آدمی کے لیے دو وقت کی روٹی کا حصول بھی مشکل سے مشکل تر ہوتا جا رہا ہے۔ رہی سہی کسر لوڈ شیڈنگ نے پوری کر دی ہے ،جس کی وجہ سے ملکی صنعت کا پہیہ جام ہو کر رہ گیا ہے اوربے روزگاری میں اضافہ ہوتا چلا جا رہا ہے۔انہوںنے کہا کہ یوں محسوس ہوتا ہے کہ حکومت بنیادی مسائل کے حل ،لوڈ شیڈنگ کے خاتمے اور مہنگائی کے مسئلے پر قابو پانے اور حالات بہتر بنانے کے لیے واضح روڈ میپ اور جامع پالیسی اختیار کرنے میں ناکام ہوتی جا رہی ہے ۔اگر خدانخواستہ یہی حال رہا تو ملک اقتصادی لحاظ سے بد حالی کا شکار اور مہنگائی سے مارے عوام کی زندگیاں مزید اجیرن ہو جائیںگی۔انہوںنے اس امر پر افسوس کا اظہار کیا کہ لوڈ شیڈنگ پر قابو پانے کے لیے بجلی کی پیداواری صلاحیت میں اضافہ کرنے کے لیے تاحال کوئی ٹھوس منصوبہ شروع نہیں کیا جا سکا البتہ آئے روز بجلی کے نرخ اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ معمول بنتا جا رہا ہے جو کہ غریب کش اور خطرناک ترین رجحان ثابت ہو سکتا ہے۔ وہ گذشتہ روز یہاں صوبہ بھر سے آنے والے پارٹی کارکنان کے اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔ یہ اجلاس صوبے میں تنظیم سازی کے امور پر خصوصی مشاورت کیلئے بلایا گیا تھا۔ اجلاس میں سینئر مشیر وزیر اعلیٰ پنجاب سر دار ذوالفقار کھوسہ ،اراکین قومی اسمبلی خواجہ سعد رفیق ،حمزہ شہباز ،خرم دستگیر خان،صوبائی وزیر قانون رانا ثناء اللہ ،وزیر تعلیم پنجاب مجتبیٰ شجاع الرحمن اور دیگر پارٹی رہنماؤںنے شرکت کی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے قائد (ن) لیگ نے کہا کہ اگر حکومت نے لوڈشیڈنگ کے مسئلے کے مستقل حل کیلئے دُورَس اقدامات کرنے میں سنجیدہ رویہ اختیار نہ کیا توا س سے لوگوں کی ذاتی زندگیوں اور تمام شعبہ ہائے زندگی پر نہایت ہی خطرناک اثرات مرتب ہونگے اور بڑھتی ہوئی مہنگائی وبے روزگاری کسی نئے بحران کو جنم دے ڈالے گی۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کے دور حکومت میں شرح نمو جو10فیصد تھی آج گرتے گرتے 3فیصد تک پہنچ چکی ہے۔ مجھے حکومت کی پالیسیوں سے سخت اختلاف ہے اور آئے روز کرپشن اور مالی بدعنوانیوں کے سیکنڈلز کا سن کر دل خون کا آنسو روتا ہے۔ ان سکینڈلز کی وجہ سے جمہوریت بدنام ہو رہی ہے ۔ ہمیں اس رجحان کو پوری طاقت کے ساتھ کچلنا ہو گا۔انہوں نے کہا کہ اگر حکومت نے شروع سے ہی اپنی ترجیحات کا درست انداز سے تعین کیاہوتااور مہنگائی اور لوڈشیڈنگ جیسے مسائل کو حل کرنے کے لئے عملی اقدامات اٹھائے گئے ہوتے تو آج عوام ان بنیادی مسائل کے حل کیلئے سڑکوں پر نہ نکل آتے۔انہوں نے کہاکہ 18ویں ترمیم کی منظوری اورقوم کے منتخب نمائندوں کواختیارات کی منتقلی کے بعد حکومت کے پاس عوامی مسائل سے چشم پوشی کی کوئی گنجائش باقی نہیں رہ گئی اور اب وقت آ گیا ہے کہ تمام تر توجہ عوام کے مسائل کے حل کی جانب دی جائے۔ نوازشریف نے کہاکہ حکومت کا فرض ہے کہ وہ تمام تر وسائل ،صلاحیتیں اور قوتیں عوام کو ریلیف دینے کیلئے وقف کردے۔جب تک ملک کے تمام وسائل کا رُخ ملک میںرہنے والے عوام کی جانب پھیر نہیںدیاجاتااُس وقت تک معیشت میں بہتری اور خوشحالی کے دعوے کھوکھلے اور بے بنیاد ہیں۔وسائل کے درست استعمال کو یقینی بنانے کیلئے کرپشن کے ناسور سے آہنی ہاتھوں سے نمٹنا ہوگا۔آج بھی خود احتسابی کا موثر نظام نہ ہونے کی وجہ سے ترقیاتی منصوبوں کے نام پر اربوں روپے غصب کیے جا رہے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ حکومت کی عوام دوستی کادعویٰ اُس وقت سچا ثابت ہوگا جب بہترین اصول حکمرانی پر عمل پیرا ہو کر حکمران ہر سطح پر سادگی اور کفایت شعاری کو فروغ دیں اور وسائل کے درست استعمال کو یقینی بنانے کیلئے خود احتسابی پر مبنی ٹھوس اقدامات یقینی بنائے جائیں۔ نواز شریف نے کہا کہ مسلم لیگ ن کا اپنا ایک کلچر ہے جو قائد اعظم اور ہمارے بزرگوں کی تعلیمات کا حامل ہے ۔ ہم صاف ستھری اور شرافت کی سیاست پر یقین رکھتے ہیں۔ہم نے کبھی اصولوں پر سمجھوتہ نہیں کیا او ر جب مجھے جنرل مشرف کو محفوظ رستہ دینے کے لیے کہا گیا تو میںنے اس کی سخت مخالفت کی اور کہا کہ بار بار آئین کی دھجیاں بکھیرنے والے آمر مطلق کو معاف کرنے سے بہتر ہے کہ سیاست چھوڑ کر گھر بیٹھ جایا جائے۔انہوںنے کہا کہ میں نے پاکستان ،عوام اور جمہوریت کی خاطرہتھکڑیاں، جیل کی کال کوٹھڑیاں ،مالی نقصانات اور جلا وطنی تک کی پرواہ نہ کی اور جنرل مشرف کے سامنے جھکنے اور اس کے ساتھ کسی بھی قسم کا سمجھوتہ کرنے سے انکار کر دیا ۔لیکن حکومت نے میری ساری قربانیوں اور محنتوں پر پانی پھیر دیا اور ملک کو ناقابل تلافی نقصان پہنچانے والے اور آئین کی دھجیاں بکھیرنے والے جنرل مشرف کو گارڈ آف آنر دیکر رخصت کیا ۔نواز شریف نے کہا کہ ہم لسانی یا فرقے کی بنیاد پر نہیں بلکہ ہماری سیاست کی بنیاد پاکستانیت،پاکستان اور پاکستانیوں کی خوشحالی ہے۔ ہم تمام تر لسانی اور علاقائی تعصبات سے بالاتر ہو کر پوری قوم کو ساتھ لیکر چل رہے ہیں یہی وقت کی پکار اور قومی قیادت کی پہچان ہو ا کرتی ہے کہ وہ سب کو ساتھ لیکر چلے۔ آج ہمیں پاکستان کی تقدیر بدلنے کے لیے 14اگست1947ء اور 15مارچ 2009ء کا جذبہ لیکر ایک بار پھر میدان عمل میں اترنا ہو گا۔انہوںنے کہا کہ ہم نے ہمیشہ ذاتی مفادات کی بجائے قومی مفادات کو ترجیح دی یہی وجہ تھی کہ جب گوجرنوالہ پہنچنے کے بعد معلوم ہوا کہ تمام ججز کو بحال کر دیا گیا تو ہم نے لانگ مارچ ختم کرنے کا فیصلہ کر لیا ۔ اگر حکومت کی بحالی پیش نظر ہوتی تو ہم اسلام آباد کی طرف اپنا مارچ جاری رکھ سکتے تھے۔ ہم اپنے اسلاف کے نقشے قدم پر چلتے ہوئے ان کے خوابوں کی تعبیر 17کروڑ عوام کو پیش کریں گے اور سیا سی، اقتصادی، تعلیمی، صحت اور روزگار کے مسائل پر قوم کو ایک نیا وژن دیں گے۔ انہوں نے کہاکہ مسلم لیگ(ن) انصاف ، امن اور خوشحالی کی بنیاد پر ،بدعنوانی سے پاک معاشرے کے قیام کیلئے کوشاں ہے اور ہماراعوام سے وعدہ ہے کہ ہم کرپشن ،نااہلی اور بے عملی کی سیاست کو ہر گزبرداشت نہیں کریں گے۔اس سے نہ صرف سیاستدانوں کی بدنامی ہو رہی ہے بلکہ انہی عوامل کے بدولت جمہوریت کا مستقبل بھی خطرات سے دوچار ہوسکتا ہے۔نوازشریف نے کہاکہ آمر کے مقابلے میں ڈٹ جانے والے پارٹی کارکنان مسلم لیگ(ن) کا عظیم سرمایہ ہیں جن پر ہمیں فخر ہے ،انہی کی مستقل جدوجہد کے باعث ملک میں جمہوریت قائم ہوئی اور آمریت کا خاتمہ ممکن ہوا۔اب وقت آ گیا ہے کہ جمہوریت کے استحکام اور بقاء کیلئے ایک بار پھر اپنا بھرپور کردارادا کیاجائے۔انہوںنے کہاکہ مسلم لیگ(ن) کوعظیم ورکرمیسر آئے ہیں جن کی شبانہ روزکاوشوں کی بدولت مخالفین کی ضمانتیں تک ضبط ہوئیں ۔ یہ جمہوری حقدار کی پاسداری اور اصولی سیاست کی وجہ سے ممکن ہوا ہے اور اسی وجہ سے مسلم لیگ(ن) ایک مضبوط اور مقبول جماعت بن کر اُبھری ہے۔انہوں نے کہاکہ آئین کی پاسداری اور عدلیہ کی آزادی کیلئے مسلم لیگ(ن) کی خدمات ناقابل فراموش ہیں۔انہوں نے کہاکہ مشاورت ہماری پارٹی کا بنیادی اصول ہے اور پارٹی امور میں کارکنان کی مشاورت سے ہی تنظیم نو کی جائے گی۔نوازشریف نے کہاکہ ہمارے کارکنان نے پارٹی سے غداری کرنے والوں کو دفن کردیا ہے ، ہم نے سچ کی سیاست کی بنیاد رکھی ہے اور ہمارا ماضی اس بات کا گواہ ہے کہ ہم نے حاکم کی حیثیت سے نہیں بلکہ حکومت میں رہتے ہوئے بھی خادم کی حیثیت سے عوام کی امنگوں اور خواہشات کی تکمیل کیلئے دن رات ایک کئے رکھا ہے۔ ہمیں پاکستان کے مسائل کے حل اوربرائیوں کے خاتمے کے خلاف جنگ کرنا ہے ،ہمارے پاس ضائع کرنے کیلئے مزید وقت نہیں۔نوازشریف نے کہاکہ آج ملک کو مسائل درپیش ہیں پہلے کبھی نہ تھے۔ہم ایک بار پھر قیام پاکستان جیسا جذبہ لے کر میدان میں اُتریں گے اور ہم استحکام پاکستان کے اداروں کی سربلندی اور وطن کی خوشحالی کیلئے دوسری تحریک پاکستان شروع کریںگے تاکہ آمر اور حکمرانوں کی نااہلی کی وجہ سے قوم کے بکھرے ہوئے شیرازے کوپھر سے سمیٹاجاسکے اور ملک و قوم کی تعمیر کی جائے۔نواز شریف نے اس بات پر زور دیا کہ نوجوانوں اور خواتین کو خاص طورپر پارٹی میں شامل کرنے کیلئے پارٹی کو قریہ قریہ اور گلی گلی منظم اور فعال بنایاجا ئے اور اس مقصد کے لیے جدید ٹیکنالوجی پر مبنی رسل و رسائل اور زرائع کا موثر استعمال کیا جائے ۔انہوں نے کہاکہ پارٹی میں نئے خون کی شمولیت سے پرانے لوگوں کی حق تلفی ہر گز نہیں ہونے دی جائے گی۔ مسلم لیگ(ن) قائداعظم کے افکار کی وارث جماعت ہے اور ہمیں یہ چیلنج بھی قبول کرنا ہے کہ اسے ایک مضبوط تنظیم اور عوامی جماعت بنا کر ایک انقلابی تحریک کی صورت میں ڈھالیں تاکہ ملک کو گھمبیر مسائل سے نکالا جاسکے۔

Tags: بریکنگ نیوز , پاکستان

پاکستان دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خلاف جنگ جاری رکھے گا۔ ۔ ۔ وزیر اعظم

May 4th, 2010 · No Comments

دہشت گردی کے خلاف جنگ میں افواج پاکستان کی قربانیاں نا قابل فراموش ہیں

حکومت دہشت گردی پر قابو پانے کے لئے افواج کی ہر طرح کی ضروریات کو پورا کرے گی

وزیر اعظم سید یوسف رضا گیلانی کا چیف آف آرمی سٹاف جنرل اشفاق پرویز کیانی سے ملاقات کے دوران اظہار خیال

اسلام آباد۔وزیر اعظم سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ پاکستان دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خلاف جنگ جاری رکھے گا۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں افواج پاکستان کی قربانیاں نا قابل فراموش ہیں ۔ حکومت دہشت گردی پر قابو پانے کے لئے افواج کی ہر طرح کی ضروریات کو پورا کرے گی۔ ان خیالات کا اظہار وزیر اعظم سید یوسف رضا گیلانی نے چیف آف آرمی سٹاف جنرل اشفاق پرویز کیانی سے گفتگو میں کیا جنہوں نے وزیر اعظم ہاؤس میں ان سے ملاقات کی اس موقع پر آرمی چیف نے قومی سلامتی اور قبائلی علاقوں میں دہشت گردوں کے خلاف جاری آپریشن پر وزیر اعظم کو بریفنگ دی۔ اس موقع پر وزیر اعظم گیلانی نے کہا کہ حکومت افواج پاکستان کی استعداد کار کو بڑھانے کے لئے اور دہشت گر د ی اور انتہا پسندی پر قابو پانے کے لئے ہر طرح کے وسائل فراہم کر تی رہے گی۔ وزیر اعظم نے مزید کہا کہ پاکستان دہشت گردی کے خاتمے تک دہشت گردوں کے خلاف جنگ جاری رکھے گا۔

Tags: پاکستان

طالبان کو امریکہ کے حوالے کرنے سے روکنے کی درخواست کی سماعت 11 مئی تک ملتوی۔لاہور ہائیکورٹ

May 4th, 2010 · No Comments

خالد خواجہ لال مسجد کے واقعہ میں ملوث ہوتے تو مولانا عبدالعزیز ان کی نماز جنازہ نہیں پڑھاتے: چیف جسٹس

لاہور۔لاہور ہائیکورٹ نے گرفتار طالبان کو امریکہ کے حوالے کرنے سے روکنے کی درخواست پر سماعت 11 مئی تک ملتوی کردی۔ خالد خواجہ لال مسجد کے واقعہ میں ملوث ہوتے تو مولانا عبدالعزیز ان کی نماز جنازہ نہیں پڑھاتے‘ چیف جسٹس کے ریمارکس۔ تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ نے پاکستان کے مختلف علاقوں سے گرفتار طالبان کو امریکہ کے حوالے کرنے سے روکنے سے متعلق خالد خواجہ مرحوم کی درخواست کی سماعت کے دوران خالد خواجہ کے وکیل طارق اسد نے عدالت عالیہ سے استدعا کی کہ خالد خواجہ کے قتل ہو جانے کے باعث یہ مقدمات ختم نہ کئے جائیں۔ وہ خود ان مقدمات کی پیروی کریں گے جس پر چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس خواجہ محمد شریف نے طارق اسد سے کہا کہ وہ بھی اپنی جان کی حفاظت کریں جبکہ سرکار کے وکیل نے اپنے دلائل میں کہا کہ خالد خواجہ کو طالبان نے ہی قتل کیا ہے۔ اس موقع پر چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ یہ صرف اندازہ ہی لگایا جاسکتا ہے لیکن حتمی طور پر کچھ نہیں کہا جاسکتا۔ منظرعام پر آنے والے ویڈیو میں اگرچہ خالد خواجہ نے تسلیم کیا ہے کہ وہ لال مسجد کے واقعہ میں ملوث ہیں۔ اگر ایسا ہوتا تو مولانا عبدالعزیز ان کی نماز جنازہ نہیں پڑھاتے

Tags: پاکستان