Urdu News-Online Urdu Newspaper

Urdu news Online Urdu Newspaper

Urdu News-Online Urdu Newspaper header image 4
Pages: Prev 1 2 3 4 5 6 7 8 9 10 ...60 61 62 Next

نواز، شہباز گجرات میں الیکشن تک زرداری کیخلاف نہیں بولیں گے جو کھلی منافقت ہے۔چودھری پرویزالٰہی

March 15th, 2010 · Comments Off

۔24 مارچ تک آصف زرداری بھائی رہیں گے، نواز شریف ضرورت پڑنے پر پیپلزپارٹی کو گلے لگاتے اور بعد میں دھکا دے دیتے ہیں، پنجاب کو دیوالیہ کر دیا

ن لیگ کے وزراء اور غنڈے اہل گجرات کی غیرت کو للکارنے آئے ہیں جو انشاء اللہ منہ کی کھائیں گے یہ کارڈ چور، قبضہ گروپ، جعلی ڈگری ہولڈر اور خواتین کی بے حرمتی کرنے والے ہیں

مہنگائی اور جرائم میں کئی سو فیصد اضافہ ہوا ہے، گجرات کی انتظامیہ غیر جانبدار رہے ورنہ قبر تک نہیں چھوڑوں گا: کامیاب ہڑتال کے بعد تاجروں کے جم غفیر سے خطاب، ہڑتال ختم کروا دی

لاہور۔پاکستان مسلم لیگ کے سینئر مرکزی رہنما چودھری پرویزالٰہی نے کہا ہے کہ نواز شریف اور شہباز شریف گجرات میں ضمنی الیکشن تک صدر آصف زرداری کیخلاف نہیں بولیں گے جو کہ ان کی کھلی منافقت کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ پیپلزپارٹی کے سربراہ آصف زرداری 24 مارچ تک ان کے بھائی رہیں گے کیونکہ نواز شریف ضرورت پڑنے پر پیپلزپارٹی کو گلے لگاتے اور بعد میں دھکا دے دیتے ہیں۔ ن لیگ کے وزراء اور غنڈے اہل گجرات کی غیرت کو للکارنے آئے ہیں لیکن انشاء اللہ انہیں منہ کی کھانی پڑے گی گجرات کے غیرت مند عوام پنجاب کو دیوالیہ کرنے، مہنگائی اور جرائم میں کئی سو فیصد تک اضافہ کرنے والوں کو ووٹ نہیں دیں گے۔ انہوں نے گجرات کی انتظامیہ کو خبردار کیا کہ وہ غیر جانبدار رہے اگر ہمارے کسی کارکن یا تاجر کے خلاف جھوٹا مقدمہ بنایا گیا تو میں سامنے والی مسجد کے میناروں کو گواہ بنا کر اعلان کرتا ہوں کہ ایسا کرنے والوں کو قبر تک نہیں چھوڑوں گا۔ چودھری پرویزالٰہی پاکستان چوک گجرات میں تاجروں کے جم غفیر سے خطاب کر رہے تھے جو شہر میں مکمل ہڑتال کے بعد یہاں جمع ہوئے تھے۔ تاجر رہنماؤں نے اجتماع سے اپنے خطاب میں خبردار کیا کہ اگر تاجروں سے دوبارہ غنڈہ گردی کی گئی تو وہ پہیہ جام ہڑتال کر دیں گے۔ انہوں نے پاکستان مسلم لیگ کے امیدوار میاں عمران مسعود کی بھرپور حمایت اور چودھری پرویزالٰہی کے کہنے پر ہڑتال ختم کرنے کا بھی اعلان کیا جس کے بعد شہر میں تمام دکانیں، مارکیٹیں اور بازار کھل گئے۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ میں جاتی امراء کے محلات میں سازشوں اور منافقت کی سیاست کرنے والوں باالخصوص بلڈ پریشر وزیراعلیٰ کو خبردار کرتا ہوں کہ گجراتی غیرت مند قوم ہیں۔ نشان حیدر حاصل کرنے والوں اور ظہورالٰہی شہید کی سرزمین پر وہ غنڈہ گردی کی غلطی نہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ میں پیپلزپارٹی پر حیران ہوں کہ انہیں ن لیگ کی چالیں سمجھ کیوں نہیں آ رہیں۔ میں چیلنج کرتا ہوں کہ نواز شریف 24 مارچ کو ہونیوالے گجرات کے ضمنی الیکشن تک صدر زرداری کے خلاف منہ نہیں کھولیں گے یہ بات پیپلزپارٹی والوں کیلئے لمحہ فکریہ ہے۔ نواز شریف اور شہباز شریف کو ہم نے 18 سال دیکھا ہے انہوں نے جنرل مشرف سے دس سال کی ڈیل کیوں کی؟ ان کے وزیروں نے صدر مشرف سے حلف کیوں لیا؟ یہ ہر معاملہ میں دوسروں کو بے وقوف بنانے کی کوششیں کرتے ہیں لیکن اب قوم کو دھوکہ نہیں دے سکتے۔ یہ صرف کاغذوں میں ہی اپوزیشن ہیں۔ اپنے مسائل کے حل کیلئے تو یہ اکٹھے ناشتے بھی کرتے ہیں لیکن عوام کے مسائل کیلئے کبھی انہوں نے ملاقات نہیں کی۔ انہوں نے عوامی مسائل بجلی، گیس، پٹرول اور روزمرہ استعمال کی اشیاء کی قیمتوں میں کئی گنا تک اضافہ کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلڈ پریشر وزیراعلیٰ نے جنہیں آمرانہ اختیارات کا بہت شوق ہے پنجاب کو دیوالیہ کر دیا ہے۔ جب آپ لوگوں نے مجھے وزیراعلیٰ بنایا تو پنجاب کا ترقیاتی بجٹ صرف 25 ارب روپے تھا میں نے اس کو 150 ارب روپے تک پہنچایا اور جب چارج چھوڑا تو 40 ارب روپے باقی تھے۔ ہم نے پنجاب کے عوام کو مفت تعلیم، مفت کتابیں، مفت دوائیاں دیں، سڑکوں کا جال بچھایا اور 1122 سروس شروع کی، ہسپتال، اسکول کالج بنائے ن لیگ والوں نے 2 سال کے اندور عوام کو کیا دیا؟ ایک معروف صحافی کے اعداد و شمار کے مطابق شہباز حکومت نے ہماری حکومت کے مقابلے میں مہنگائی میں 300 گنا تک اضافہ کیا ہے۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ ہم نے 50 کالجوں کی بلڈنگیں تیار چھوڑی تھیں نا اہل لوگوں نے ابھی تک ان کے فنڈ بحال نہیں کیے اور نہ ہی عملہ بھرتی کیا ہے۔ تعلیم کے ساتھ ساتھ صحت کے شعبہ کا بھی انہوں نے بیڑہ غرق کر دیا ہے۔ صرف بھوک، افلاس، کرائم اور کرپشن اوپر جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف کی پیپلز چوائس کا آپ لوگ اندازہ لگا سکتے ہیں۔ کوئی کارڈ چور، کوئی قبضہ گروپ، کوئی جعلی ڈگری ہولڈر اور کوئی عورتوں کی بے حرمتی کرنے والا ہے ان کی سیاست کا اصول بھی یہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ گجرات کی انتظامیہ سن لے کہ اگر انہوں نے گجرات کے عوام کو تنگ کیا کوئی زیادتی کی تو جاتی امراء والوں نے چلے جانا ہے لیکن آپ نے یہیں رہنا ہے۔ اجتماع سے میاں عمران مسعود، صدر انجمن تاجران ارشد وحید بٹ، صدر مسلم بازار صرافہ یونین انور علی شاہ، افتخار شاکر اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔

Tags: پاکستان

حکومت کی دانشمندانہ پالیسیوں کی وجہ سے ملکی معیشت بحال ہو رہی ہے ۔ سید یوسف رضا گیلانی

March 15th, 2010 · Comments Off

اسلام آباد ‘ وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ حکومت کی دانشمندانہ پالیسیوں کی وجہ سے ملکی معیشت بحال ہو رہی ہے ۔ پیر کو اسلام آباد میں سرکاری شعبے کے ترقیاتی پروگرام پر عملدرآمد کے بارے میں ایک بریفنگ میں خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس پروگرام سے اس بات کی عکاسی ہوتی ہے کہ حکومت عوام کی بہتری کے ایجنڈے پر عمل پیرا ہے ۔ا نہوں نے کہا کہ منتخب حکومت کو چیلنجوں سے دو چار معیشت اور امن وامان کی خراب صورت حال ورثے میں ملی جبکہ حکومت کو دہشت گردی کے خلاف جنگ اور سرکاری شعبے کے ترقیاتی پروگرام کے لیے مزید رقم کی ضرورت ہے جبکہ اسلام آباد میں گلگت بلتستان کے ممتاز سماجی کارکن ڈاکٹر شمع خالد سے باتیں کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ حکومت گلگت بلتستان کی ترقی کو اولیت دے رہی ہے انہوں نے کہا کہ علاقے کی ترقی سے سیاحت کو فروغ ملے گا اور لوگ خوشحال ہوں گے وزیراعظم نے کہا کہ گلگت بلتستان کے انتخاات علاقے کے عوام کی مکمل سیاست کو قومی دھارے میں لارہے ہیں۔

Tags: پاکستان

پیپکونے گھڑیاں ایک گھنٹہ آگے کرنے کے فیصلے کی مخالفت کردی

March 15th, 2010 · Comments Off

اسلام آباد ‘ پیپکو نے وفاقی حکومت کے بجلی کی بچت کیلئے یکم اپریل سے گھڑیاں ایک گھنٹہ آگے کرنے کے فیصلے کی مخالفت کردی ہے۔ پیپکو حکام کا کہنا ہے کہ حکومت نے گذشتہ سال بھی گھڑیاں ایک گھنٹہ آگے کرنا فیصلہ کیا تھا۔ جس سے بجلی کی کچھ بچت تو ہوئی تاہم لوگوں نے پرانے وقت کے مطابق کام جاری رکھا اور لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری رہا ۔ پیپکو حکام کاکہناہے کہ بڑے شہروں کی مارکیٹوں میں کھولنے اوربند کرنے کے اوقات کار میں ایک گھنٹے کا اضافہ کردیا گیا تھا۔

Tags: پاکستان

ملک میں بھارتی فلموں اور ڈراموں کی نشریات کا معاملہ ایوان بالا میں اٹھانے کا فیصلہ

March 15th, 2010 · Comments Off

بھارتی فلموں کیخلاف قائمہ کمیٹی دو بار متفقہ قرار داد منظور کر چکی ہے
حکومت اگر قائمہ کمیٹیوں کی سفارشات پرعملدرآمد نہیں کر ا سکی تو اس کی افادیت ختم ہوتی چلی جائیگی
ا گر قائمہ کمیٹی ان غیر ملکی نشریات پر پابندی کا فیصلہ کرلے تو حکومت اس پر سختی سے عملدرامد کرے گی ۔قمر زمان کائرہ کا کمیٹی اجلاس سے خطاب
گلگت بلتستان قمر زمان کائرہ نے کہا کہ گلگت بلتستان کے گورنر کی تقرری کے لیے نام کا حتمی فیصلہ نہیں کیا۔ وزیر اطلاعات کی اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو

اسلام آباد ‘ سینٹ کی قائمہ کمیٹی برائے اطلاعات و نشریات نے ملک میں بھارتی فلموں اور ڈراموں کی نشریات کے خلاف مشترکہ حکمت عملی کے لیے یہ معاملہ ایوان بالا میں اٹھانے کا فیصلہ کرلیا ۔ بھارتی فلموں کے خلاف قائمہ کمیٹی دو بار متفقہ قرار داد منظور کر چکی ہے اصلاح احوال نہ ہونے پر یہ معاملہ ایوان میں لے جانے کا فیصلہ کیا گیا قائمہ کمیٹی نے واضح کیا ہے کہ حکومت اگر پارلیمنٹ کی قائمہ کمیٹیوں کی سفارشات پر عمل نہیں کرے گی تو اس کی افادیت کم ہوتی چلی جائے گی ۔ قائمہ کمیٹی نے سرکاری ریڈیو سمیت ٹی و ی چینلز کی جانب سے ایک امریکی چینلز کی نشریات پر تشویش کا اظہار کیا ہے ۔ وزیراطلاعات قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ ا گر قائمہ کمیٹی ان غیر ملکی نشریات پر پابندی کا فیصلہ کرلے تو حکومت اس پر سختی سے عملدرآمد کرے گی قائمہ کمیٹی کا اجلاس کمیٹی کے چیئرمین سینیٹر حاجی غلام کی صدارت میں پارلیمنٹ ہاؤس میں منعقد ہوا مختلف امورکا جائزہ لیا گیا۔کمیٹی کی تشویش پر پیمرا حکام نے کمیٹی کو بتایا کہ ملک میں 15 سو کیبل آپریٹرز کو ان ہاؤس سی ڈی چینل چلانے کی اجازت دی گئی ہے اس مقصد کے لیے ہر کیبل آپریٹر سے سالانہ 2 لاکھ روپے کی فیس لی جاتی ہے ۔ سینیٹر طارق عظیم ‘ سینیٹر گل محمد لاٹ اور دیگر ارکان نے کہا کہ کیبل آپریٹرز دن رات مختلف بھارتی فلمیں اور بیہودہ ڈرامے دکھا رہے ہیں ۔ ملکی مفاد کو زک پہنچائی جا رہی ہے۔ اس کے خلاف قرا رداد بھی منظور کر چکے ہیں مگر حکومت اصلاح احوال کے لیے تیار نہیں ہے ۔ قائمہ کمیٹی نے پرائیویٹ کیبلز آپریٹرز کے ان ہاؤس سی ڈی چینل پر پابندی کی سفارش کرتے ہوئے یہ معاملہ ایوان بالا میں اٹھانے ا ور مشترکہ حکمت عملی وضع کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ قائمہ کمیٹی نے سرکاری میڈیا کے خسارے پر بھی تشویش کا اظہار کیا ۔ چیئرمین حاجی غلام نے کہا کہ چھ کمروں میں پرائیویٹ ٹی وی چینلز اور ایف ایم ریڈیو ماہانہ کروڑوں روپے کما رہے ہیں جبکہ 600 کمروںپر مشتمل سرکاری میڈیا خسارے میں ہے بلکہ ان کے اخراجات بھی بڑھ رہے ہیں ۔ چیئرمین قائمہ کمیٹی نے کہا کہ ہمارے ادارے بے بس ہیں تو مدد اور قانون سازی کے لیے سفارشات لے کر آئیں۔سینیٹر طارق عظیم نے کہا کہ کیبلز آپریٹرز نے اگر کل کو اسرائیل کے پروگرام کی سی ڈیز دکھانا شروع کردیا تو کیا ہو گا۔ آپریٹرز قومی مفاد کی خلاف ورزی کررہے ہیں سخت نوٹس لینا ضروری ہے ۔ قائمہ کمیٹی نے ریڈیو پاکستان اور نجی ٹی وی چینلز کی جانب سے امریکی نشریات دکھانے پر بھی تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ ملک میں سنسنی پھیلائی جا رہی ہے۔ وزیر اطلاعات قمر زمان کائرہ نے کہاکہ وائس آف امریکہ کی پشتو نشریات پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔ کمیٹی اگر مکمل پابندی کا فیصلہ کرلے تو ہم عملدرامد کے لیے تیار ہیں ۔ سینیٹر حاجی عدیل کے استفسار پر قمر زمان کائرہ نے کہا کہ انہوں نے پارلیمانی آئینی کمیٹی کی سفارشات کے ٹائم فریم کے بارے میں امکان ظاہر کیا تھا لیکن حتمی تاریخ نہیں دی تھی۔ اب بھی یہی کہہ رہا ہوں کہ مارچ ہی میں آئینی ترمیم کا پیکج پارلیمنٹ میں آ جائے گا کمیٹی کے اجلاس میں شرکت کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے وزیر اطلاعات و نشریات اور قائم مقام گورنر گلگت بلتستان قمر زمان کائرہ نے کہا کہ گلگت بلتستان کے گورنر کی تقرری کے لیے نام کا حتمی فیصلہ نہیں کیاگیا

Tags: پاکستان

پاکستان نے ڈاکٹر عبد القدیر خان کے حوالے سے واشنگٹن پوسٹ کی رپورٹ کو مسترد کر دیا

March 15th, 2010 · Comments Off

اسلام آباد ‘ پاکستان نے ڈاکٹر عبد القدیر خان کے حوالے سے واشنگٹن پوسٹ کی رپورٹ کو مسترد کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ ڈاکٹر عبدالقدیر خان کا باب بند ہو چکا ہے اس طرح کی خبریں غلط اور بے بنیاد ہیں۔ ترجمان دفتر خارجہ عبد الباسط نے آج واشنگٹن پوسٹ میں ڈاکٹر اے کیو خان نیٹ ورک کے حوالے سے شائع ہونے والی خبر کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے اس طرح کی خبریں پاکستان کے خلاف پروپیگنڈے کے سوا کچھ نہیں ۔ ایٹمی عدم پھیلاؤ کے حوالے سے پاکستان کی کوششیں پوری دنیا کے سامنے ہیں اور پاکستان کے ایٹمی اثاثے محفوظ ہیں ۔

Tags: پاکستان

مینگورہ میں خود کش حملہ 17 افراد شہید،64 سے زائد زخمی ، حکام نے شہید ہونے والوں کے نام جاری کر دیئے اپ ڈیٹ و تفصیل

March 13th, 2010 · Comments Off

مینگورہ÷سوات کے مرکزی شہر مینگورہ ڈسٹرکٹ کورٹس کے باہر سیکورٹی فورسز اور پولیس کے مشترکہ چیک پوسٹ پر خودکش حملہ‘ 17 افراد شہید‘64 سے زیادہ افراد زخمی۔ 3 زخمیوں کو ہیلی کاپٹر کے ذریعے پشاور منتقل کیا گیا دھماکہ اتنا زور دار تھا کہ آس پاس عمارتوں کے شیشے ٹوٹ گئے۔ 6 سے زیادہ گاڑیاں مکمل طور پر تباہ ہو گئیں۔ ایک غیر سرکاری تنظیم کی گاڑی تباہ اور3 اہلکار جاں بحق ہو گئے جاںبحق ہونے والوں میں ایک سیکورٹی فورسز کے اہلکار ‘ 3 پولیس اہلکار شامل ہیں۔ خودکش دھماکے کی تصدیق سوات آئی ایس پی آر نے کی ہے جبکہ ڈی پی او سوات کا کہنا ہے کہ سخت سیکورٹی کی وجہ سے خودکش حملہ آور ٹارگٹ تک نہ پہنچ سکا۔ زخمیوں کو فوری طور پر سیدو گروپ آف ہاسپٹل کے کیجولٹی پہنچا دیا گیا ہے۔ دھماکے کی آواز دور دور تک سنائی دی ۔ واقعات کے مطابق سوات کے مرکزی شہر مینگورہ ڈسٹرکٹ کورٹس کے باہر سیکورٹی فورسز اور پولیس کے مشترکہ چیک پوسٹ پر بروز ہفتہ صبح 9 بج کر 15 منٹ پرنامعلوم خودکش حملہ آور سرکٹ ہاؤس پہنچنے کوشش کر رہے تھے کہ سیکورٹی فورسز نے خودکش حملہ آور پر فائرکھول دی جس کے نتیجے میں خودکش حملہ آور نے اپنے آپ کو دھماکہ خیز مواد سے اڑا دیا جس کے نتیجے میں چیک پوسٹ کے ساتھ کھڑے سوات سکاؤٹس کا کم عمر رضا کار قاری یوسف ‘ایمل خان ولد سمیع اللہ سکنہ گل کدہ ‘خورشید علی مینگورہ ‘ پولیس اہلکار حضرت الیاس ‘ پولیس اہلکار حضر ت اللہ‘ واحد گل ولد نورانی گل اکبر آباد مینگورہ ‘بخت جمال ولد محمد الیاس ملوک آباد مینگورہ‘ زبر خان ولد شاہ جہان چارباغ‘ بخت زرین سپل بانڈئ ‘ نادر شاہ ولد گل شیر بحرین ‘ حضرت حسین ملم جبہ ‘ صفدر علی ‘حضرت یوسف ‘ ایک سیکورٹی اہلکار جبکہ 3 افراد جن کی شناخت نہ ہوسکی۔ خودکش بم دھماکے میں شہید ہوگئے ہیں۔ زخمیوں میں انور ولد عبدالغفوردکوڑک‘سب انسپکٹر بیلزر خان ‘سب انسپکٹر شیر محمد خان ‘جاوید اقبال ‘ کانسٹیبل نظیر‘ زلمے ولد فدا گل ‘ جمعہ راز ولد امام سکنہ درگئی‘ روشن علی ولد ہادی دارمئی مٹہ‘ محمد حسن ولد عبدالحسن ‘ شاہ عادل ولد حسین خان ہزارہ کبل‘ جاوید ولد گل زرین پانڑ‘ محمد گل ولد روغان شاہ ‘ نور جمال ‘عبداللہ ولد محمد علی خان ‘ سجاد ولد عقلمند گل کدہ‘ میاں گل رحیم ولد میاں محمد‘ رشید علی ولد علی محمد ‘ خورشید علی ولد محمد شاہ‘ فضل حیات ولد شاہ محمد‘ بخت نصیر ولد دلارم خان‘ گل رحیم ولد ابراہیم‘ حیدر علی ولد سردار علی ‘ شمشیر خان ولد میراسلم ‘ گل نعیم ولد عبدالرحیم ‘ شاہد اقبال ولد جاوید اقبال‘ محمد قریش ولد محمد درویش ‘ ضیاء الرحمن ولد سیف الرحمن‘ محمد نذیر ولد محمد شیر ‘ روشن علی ولد بہادر ‘ بخت جہان ولد ثابت خان ‘ عجب خان ولد سابق خان ‘ کانسٹیبل محمد شیرین ‘ گوہر سلطانہ زوجہ گل زرین‘ گل بی بی سکنہ دیولئی‘ ضیاء الرحمن قمبر ‘ محمد اکبر رنگ محلہ‘ فاروق خوازہ خیلہ‘ شاہد اقبال برہ بانڈئ ‘ عجب خان ابوہا‘ مظفر اقبال سیالکوٹ‘ نذر محمد شگئی‘ عبدالمستان شموزو‘ عبداللہ قمبر ‘زوجہ گل سعید دیولئی‘ محمد رفیق کوکاری‘ سرتاج اختر حاجی بابا ‘ رفیع اللہ لنڈیکس ‘ روشن اقبال وتکے‘ روشن علی کبل‘ ابراہیم شریف آباد‘ حیدر علی ‘شتہ من خان گلی گرام‘ ایک بچہ نامعلو م اور ایکسپریس نیوز چینل کے ٹیکنیشن انور شامل ہیں۔ دھماکہ اتنا زور دار تھا کہ اس کی آوازیں دور دور تک سنائی دی اور آس پاس تمام عمارتوں کے شیشے ٹوٹ گئے جبکہ 6 سے زیادہ گاڑیاں مکمل طور پر تباہ ہوگئی ہیں۔ خودکش دھماکے میں ایک سرکاری تنظیم کے 3 اہلکار شہیداور گاڑی مکمل طور پر تباہ ہوچکی ہے۔ خودکش دھماکے کے بعد سیکورٹی فورسز نے علاقے کو چاروں طرف سے گھیرے میں لے کر خودکش حملہ آور کی پھیر اور ٹانگیں تحویل میں لے لی ہے۔ خودکش حملہ آور کا ٹارگٹ سرکٹ ہاؤس یا ضلعی کچہری تھا مگر چیک پوسٹ پر موجود پولیس اور پاک فوج کے جوانوں نے حاضر دماغی سے کام لیتے ہوئے خودکش حملہ آور کو ہدف سے پہلے فائرنگ کرکے اڑا دیا ۔ اور بہت بڑی تباہی کے منصوبے کو ناکام بنا دیا۔ خودکش دھماکے کی تصدیق سوات آئی ایس پی آر اور ضلعی پولیس سربراہ نے بھی کی ہے۔ دھماکے کے بعد مینگورہ سیدو شریف روڈ ہر قسم کے ٹریفک کیلئے بند کر دیا اور مینگورہ شہر کے بازار چند منٹوں میں ویران ہوگئے ۔ گزشتہ جمعرات کو کور کمانڈر پشاور مسعود اسلم نے پبلک لائبریری کا افتتاح کیا تھا اور اسی جگہ پر خودکش دھماکہ ہوا۔ اس جگہ پر صبح کے وقت بہت زیادہ لوگوں کا رش رہتا ہے۔ ضلعی کچہری میں داخل ہونے سے پہلے سکینر مشین کے ذریعے عام لوگوں کی چیکنگ ہوتی ہے۔ چیکنگ کی وجہ سے عام شہریوں کیلئے لمبے قطار رہتی ہے اور ٹھیک اسی وقت خودکش دھماکہ ہوا جس وقت اس جگہ پر لوگوں کی بہت زیادہ بھیڑ رہتی ہے۔

Tags: بریکنگ نیوز , پاکستان

بھارتی ریاست اتر پردیش میں ہندو مسلم فسادات مزید شدت اختیار کر گئے 20 کے قریب دکانوں کو نذر آتش کر دیا گیا

March 13th, 2010 · Comments Off

نئی دہلی۔بھارتی ریاست اتر پردیش میں ہندو مسلم فرقہ وارانہ فسادات مزید شدت اختیار کر گئے ہیں ۔ہفتے کے روز کرفیو کے نفاذ کے باوجوضلع بریلی کے علاقے میں 20 کے قریب دکانوں کو نذر آتش کر دیا گیا اطلاعات کے مطابق گزشتہ دونوں ریاست اتر پردیش کے ضلع بریل میں ایک معمول معاملے پر ہندو مسلم فسادات پھوٹ پڑے تھے جس دوران پولیس اہلکاروں سمیت 20افراد زخمی ہو چکے ہیں صورت حال کو کنٹرول کر نے کے لئے حکام نے کرفیو نافذ کر دیا تھا جو تا حال جاری ہے تاہم ہفتے کے روز انتہا پسند ہندوؤں جنونیوں نے بریلی کی ایک مارکیٹ میں داخل ہو کر 20 کے قریب دکانوں کو نذر آتش کر دیا اس کے بعد علاقے میں صورت حال سخت خراب ہو گئی ہے اور حکام نے صورت حال معمول پر آنے تک غیر معینہ مدت کے لئے سخت کرفیو نافذ کر دیا ہے اور اس کے واقعے کے بعد کرفیو مزید علاقوں تک بڑھا دیا ہے جو پانچ تھانوں کے علاقے پر مشتمل ہے ۔ حکام کے مطابق پورے شہر میں بڑے پیمانے پر سیکورٹی دستے تعینات کر کے سیکورٹی سخت کر دی گئی ہے ۔

Tags: پاکستان , ہندوستان

صدرزر داری سے عراقی سفیر کی ملاقات۔پاک عراق تعلقات پر تبادلہ خیال

March 13th, 2010 · Comments Off

اسلام آباد۔صدر آصف علی زر داری سے عراقی سفیر نے ایوان صدر میں ملاقات کی ملاقات میں عراق اور پاکستان کے درمیان تعلقات پر تبادلہ خیال کیا گیا عراقی سفیر نے پاکستان کی طرف سے بغداد میں سفارتخانہ کھولنے کے فیصلے کو سراہا صدر آصف علی زر داری نے ان سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان توقع کر تا ہے کہ بغداد میں پاکستانی سفارتخانے کے کھلنے کے بعد سفارت خانے کی اور پاکستان سے جانے والے زائرین کی سیکورٹی کو عراقی حکومت یقینی بنائے گی ۔صدر نے مزید کہا کہ او آئی سی میں عراق ایک اہم ملک ہے اور ہم توقع کر تے ہیں کہ مسلم دنیا کے مسائل حل کر نے میں عراق بھر پور کر دار ادا کرے گا صد ر نے عراق اور پاکستان کے درمیان فضائی رابطوں پر بھی زور دیا تا کہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کے فروغ اور عوامی سطح پر رابطوں اور خصوصاً زائرین کو سہولتیں بہم پہنچانے کے لئے دونوں ممالک کے درمیان فضائی رابطے ہو نے چاہئیں۔

Tags: پاکستان

وزیر اعظم نے اداروں کی کارکردگی کو بہتر بنانے کے لئے خصوصی کمیٹی قائم کر دی

March 13th, 2010 · Comments Off

پلاننگ کمیشن کے ڈپٹی چیئر مین کمیٹی کے سر براہ ہوں گے

اسلام آباد ۔وزیر اعظم سید یوسف رضا گیلانی نے مختلف حکومتی اداروں کی کارکردگی کو بہتر بنانے کے لئے ڈپٹی چیئر مین پلاننگ کمیشن کی سر براہی میں خصوصی کمیٹی قائم کر دی ۔کمیٹی کے قیام کا بنیادی مقصد سر کاری اداروں کی مدد کے لئے جدید انفارمیشن ٹیکنالوجی متعارف کر انا ہے ۔ کمیٹی کے ارکان میں انفارمینش ٹیکنالوجی، خزانہ اور داخلہ کے وفاقی سیکرٹریز شامل ہوں گے وزیر اعظم نے یہ فیصلہ ہفتہ کو اسلام آباد میں ایمر جنسی رسپانس و سوشل ایڈمنسٹریشن انفارمیشن سسٹم پروجیکٹ کے بارے میں منعقدہ اجلاس میں کیا اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ حکومت شہریوں کے لئے فل پروف سسٹم کے حوالے سے مختلف سر کاری اداروں کے درمیان رابطوں کا موقف میکانیزم قائم کرے گی اس حوالے سے تمام ممکنہ وسائل کو استعمال کیا جائے گا وزیر اعظم نے کمیٹی کو ہدایت کی ہے کہ سیکورٹی اور کمیونیکیشن کے حوالے سے جام موثر اور فعال نظام وضع کرے وزیر اعظم نے کمیٹی کو یہ بھی ہدایت کی ہے کہ وہ منصوبوں کی جانچ پڑتال کرے تا کہ ایک جیسے منصوبوں سے بچا جا سکے ۔ وزیر اعظم نے مختلف اداروں کو کمیٹی کے ساتھ بھرپور تعاون کی ہدایت کی ہے ۔

Tags: پاکستان

امریکہ سے اسٹریٹیجک مذاکرات میں حکمت عملی طے کر نے کے لئے اعلیٰ سطح کا اجلاس

March 13th, 2010 · Comments Off

مذاکرات 24 مارچ کوواشنگٹن میں ہوں گے

اسلام آباد۔وزیر اعظم سید یوسف رضا گیلانی کی زیر صدارت ہفتہ کو اسلام آباد میں پاک امریکہ اسٹریٹیجک مذاکرات میں پاکستان کی حکمت عملی طے کر نے کے لئے اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا پاک امریکہ اسٹریٹیجک مذاکرات 24 مارچ کو واشنگٹن میں ہوں گے۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ پاک امریکہ اسٹریٹیجک مذاکرات اقتصادی و دفاعی، سیکورٹی اور سماجی شعبوں میں تعاون میں اضافے اور عوامی رابطوں میں فروغ کا جائزہ لیا جائے گا وزیر اعظم نے متعلقہ وزارتوں کو ہدایت کی کہ وہ ایجنڈے کے حوالے سے قومی اہمیت کے حامل منصوبوں کو نشاندہی کریں وزیر اعظم نے کہا کہ مذاکرات کا مقصد پاکستان اور امریکہ کے درمیان طویل المدتی تعلقات کے لئے ٹھوس ،پائیدار فریم ورک پر کام کر نا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اک امریکہ اسٹریٹیجک مذاکرات کا مقصد دونوں ملکوں کے درمیان عوامی رابطوں کا فروغ بھی ہے تا کہ امریکہ اور پاکستان کے درمیان اعتماد کی کمی کو دور کیا جا ئے اجلاس میں وفاقی وزیر پانی و بجلی راجہ پرویز اشرف، وزیر اعظم کی معاوئین شہناز وزیر اعلی،کمال مجید اللہ،چیف آف آرمی سٹاف جنرل اشفاق پرویز کیانی،خارجہ امور،پٹرولیم و قدرتی وسائل پانی و بجلی،تجارت ،دفاع ،خوراک و زراعت ،خزانہ، انفارمیشن و ٹیکنالوجی،تعلیم،داخلہ کے سیکرٹریز اور دیگر سول و فوجی حکام نے شرکت کی۔

Tags: پاکستان