Urdu News-Online Urdu Newspaper

Urdu news Online Urdu Newspaper

Urdu News-Online Urdu Newspaper header image 4
Pages: Prev 1 2 3 4 5 6 7 8 9 10 ...60 61 62 Next

وزیر اعلیٰ شہباز شریف سے اٹلی پاکستان بزنس ایسوسی ایشن کے صدر مسٹر ایٹورمارزوچی کی ملاقات

March 13th, 2010 · Comments Off

ملاقات کے دوران تعاون کے حوالے سے تبادلہ خیال ہوا

لاہور۔وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف سے اٹلی پاکستان بزنس ایسوسی ایشن (IPBA) کے صدر مسٹر ایٹورمارزوچی(Ettore Marzocchi)نے آج یہاں ایوان وزیر اعلیٰ میں ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران مختلف شعبوں میں تعاون کے حوالے سے تبادلہ خیال ہوا۔اراکین قومی اسمبلی خواجہ محمد آصف ‘ رانا محمود الحسن ‘ سیکرٹری ایڈوائزی کونسل خواجہ ہارون ‘ وائس چیئرمین پنجاب سرمایہ کاری بورڈ پیر سعد احسان الدین ‘ سیکرٹری زراعت و لائیوسٹاک بھی اس موقع پر موجود تھے ۔ وزیر اعلیٰ محمد شہباز شریف نے اٹلی پاکستان بزنس ایسوسی ایشن کے صدر سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں لائیوسٹاک ‘ زراعت اور دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری کے وسیع امکانات موجود ہیں اور حکومت سرمایہ کاروں کی ہرممکن حوصلہ افزائی کر رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سرمایہ کاروں کے مسائل کے حل اور انہیں سہولتوں کی فراہمی کے لئے پنجاب سرمایہ کاری بورڈ کو متحرک اور فعال کیا گیا ہے اور صوبے میں جامع حکمت عملی کے تحت پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کو فروغ دیا جا رہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میںبہترین آم پیدا ہوتا ہے جو اپنی خوشبو اور ذائقے کی بناء پر دنیا بھر میں مشہور ہے۔پراسیسنگ پلانٹ سے اعلیٰ کوالٹی کا آم بیرون ملک برآمد کر کے نہ صرف بھاری زرمبادلہ کمایا جاسکتا ہے بلکہ کسانوں کو بھی خوشحال بنایا جاسکتاہے۔ انہوں نے کہا کہ اٹلی پاکستان بزنس ایسوسی ایشن کوصوبے میں مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع سے فائدہ اٹھانا چاہیئے اور مختلف شعبوں کی ترقی کے لئے ایسے مشترکہ منصوبے بھی شروع کئے جا سکتے ہیں جن سے دونوں کو فائدہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ اٹلی پاکستان بزنس ایسوسی ایشن فوڈ پراسیسنگ ‘ سلاٹر ہاؤس اور تفریحی مقامات کی ترقی و بہتری کے شعبوں میں سرمایہ کاری کرے اور ایسوسی ایشن کے صدر متعلقہ حکام سے مل بیٹھ کر اس حوالے سے پلان مرتب کر کے پیش کریں۔ ایٹور مارزوچی نے اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ اٹلی پاکستان بزنس ایسوسی ایشن سرمایہ کاری کا اہم گروپ ہے اور پنجاب میں مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کا خواہاں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ گروپ فوڈ پراسیسنگ ‘ سلاٹر ہاؤس اور تفریحی مقامات کی ترقی و بہتری میں تعاون میں دلچسپی رکھتا ہے۔

Tags: پاکستان

فنی تعلیم کے فروغ کے لئے نئی عمارتیں تعمیر کرنے کے بجائے زیادہ فنڈ اساتذہ کی تربیت پر صرف کئے جائیں ۔وزیر اعلی پنجاب

March 13th, 2010 · Comments Off

ٹیوٹا کو صوبے میں ہر سال 5 لاکھ نوجوانوں کو فنی تربیت دینے کا ہدف دیا گیا ہے تاکہ ہنرمندوں کی ایک ایسی فورس تیار کی جا سکے

لاہور۔وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ ہمارا مستقبل فنی تعلیم کے فروغ سے جڑا ہے اور نئی نسل کو جدید فنی علوم سے آرستہ کرکے ہی ملک کو تیزی سے ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن کیاجاسکتا ہے۔انہوںنے کہاکہ ہنر مند افرادی قوت ہی صنعت و حرفت‘ زراعت‘ لائیوسٹاک سمیت دیگر شعبوںمیں انقلاب برپا کرسکتی ہے اور اسی مقصد کے لئے ٹیوٹا کو ایک متحرک اور فعال ادارہ بنایا گیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ فنی تعلیم کے فروغ کے لئے نئی عمارات تعمیر کرنے کی بجائے زیادہ سے زیادہ فنڈز جدید مشینری اور طلباء و اساتذہ کی تربیت پر صرف کئے جائیں ۔انہوں نے کہا کہ فنی تعلیم کے فروغ کے پروگراموں میں سرخ فیتہ کو ختم کر کے ان پروگراموں کو تیزی سے آگے بڑھایا جائے تاکہ صوبے کے بچوں اور بچیوں کو ہنرمند بنایا جا سکے۔ انہوں نے نصاب کو جدید خطوط پر استوار کرنے‘ تربیت ‘ خواتین کے لئے فنی تربیت کے پروگراموں اور ٹیکنیکل انسٹی ٹیوٹس کی بہتری کے حوالے سے دو سب کمیٹیاںبھی تشکیل دینے کی ہدایت کی۔یہ بات انہوں نے آج یہاں ایوان وزیراعلیٰ میں صوبے میں فنی تعلیم کے فروغ اور ٹیوٹا کے منصوبوںکا جائزہ لینے کے حوالے سے منعقدہ اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی جس میں رکن قومی اسمبلی شیریں ارشد خان‘ اراکین صوبائی اسمبلی زیب جعفر‘ صباصادق‘ چیئرمین منصوبہ بندی و ترقیات‘ سیکرٹری خزانہ و مواصلات و تعمیرات اور پرائیویٹ سیکٹر سے تعلق رکھنے والے ماہرین و صنعتکاروں نے بھی شرکت کی۔ چیئرمین ٹیوٹاسعید علوی نے ادارے کی کارکردگی اور آئندہ کے منصوبوں کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ترقی یافتہ ممالک نے فنی تعلیم و تربیت کو فروغ دے کر ہی ترقی کی منازل طے کی ہیں اور وقت آ گیا ہے کہ ہم بھی اپنے باصلاحیت بچوں اور بچیوں کو جدید فنی تعلیم سے آراستہ کر کے ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کریں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں نہ صرف صنعت کی ضروریات کے مطابق ہنرمند افرادی قوت تیار کرنا ہے بلکہ ماسٹر ٹرینرز کے لئے بھی اعلیٰ تربیت کو یقینی بنانا ہے اور فنی تعلیم کے نصاب کو بھی جدید خطوط سے ہم آہنگ کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹیوٹا بین الاقوامی اداروں کی مشاورت سے اپنے فنی تعلیم کے اداروں کی ترقی اور تربیت کے معیار کو بہتر بنائے۔ انہوں نے کہا کہ ٹیوٹا کو صوبے میں ہر سال 5 لاکھ نوجوانوں کو فنی تربیت دینے کا ہدف دیا گیا ہے تاکہ ہنرمندوں کی ایک ایسی فورس تیار کی جا سکے جو نہ صرف ملک کی ترقی اور خوشحالی میں اہم کردار ادا کرے بلکہ بیرون ملک جا کر بھی زرمبادلہ کما سکے۔انہوں نے کہا کہ صوبے کی تیزرفتار ترقی اور بیروزگاری خاتمے کے لئے فنی تعلیم کے فروغ کے خواب کو ہر صورت شرمندہ تعبیر کرنا ہے اور حکومت پنجاب اس ضمن میں ہر ممکن وسائل فراہم کر ے گی۔ انہوں نے کہا کہ فنی تعلیم کے فروغ کے لئے ٹیوٹا ایوان ہائے صننعت و تجارت اور صنعتی شعبے سے قریبی رابطہ رکھے اور ان کی مشاورت سے مارکیٹ کی ضروریات کے مطابق ہنرمند افرادی قوت تیار کی جائے تاکہ ان کی صنعتی اداروں میں کھپت ہو سکے۔ انہوں نے کہا کہ صوبے کے فنی تعلیم کے اداروں کی بین الاقوامی اداروں سے ایکرٹیڈیشن بھی نہایت اہمیت کی حامل ہے تاکہ ہمارے مستند نوجوان بیرون ملک جا کر مختلف شعبوں میں فرائض سرانجام دے سکیں۔انہوں نے کہا کہ معیاری فنی تعلیم کے فروغ کے لئے معروف غیرملکی اداروں کی شراکت کو بھی یقینی بنایا جائے اور فنی تعلیم کے لئے ایک ارب روپے سے انڈومنٹ فنڈ کا قیام بھی عمل میں لایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے 1998ء میں فنی تعلیم کے فروغ کے حوالے سے مختلف سکیموں کا آغاز کیا تھا لیکن بعد ازاں اس اہم شعبے کو یکسر نظرانداز کیا گیا اور بے شمار فنی تعلیم کے منصو بوں کو مکمل نہیں کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت نے صوبے میں فنی تعلیم کے فروغ کے لئے جامع حکمت عملی اپنائی ہے اور اس مقصد پر خطیرفنڈز خرچ کئے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ صوبے میں ٹیوٹا کے نئے منصوبوں کے لئے ایک سٹینڈرڈ ڈیزائن مرتب کیا جائے اور اس میں سادگی کو ہر قیمت پرر ملحوظ خاطر رکھا جائے۔انہوں نے کہا کہ فنی تعلیم میں اپرنٹس شپ کو بھی نہایت اہمیت حاصل ہے اور یہ پروگرام ہمیشہ سے جاری تھا لیکن گزشتہ برسوں سے اس پروگرام پر عملدرآمد نہیں کیا جا رہا۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ اجلاس میں اپرنٹس شپ پروگرام وتربیت اور ان کے حصول کے لئے ٹائم فریم کا تعین کر کے سفارشات پیش کی جائیں۔ وزیراعلیٰ نے دو ذیلی کمیٹیاں بھی تشکیل دیں جو فنی تعلیم کے نصاب و فنی تربیت کو جدید تقاضوں کے مطابق ڈھالنے اور اپرنٹس شپ پروگرام کے حوالے سے جلد اپنی جامع سفارشات پیش کریں گی۔ قبل ازیں چیئرمین ٹیوٹا سعیدعلوی نے ادارے کی کارکردگی اور آئندہ کے منصوبوں کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ اس سال یکم ستمبر سے 30 نئے اداروں میں کلاسیں شروع ہو جائیں گی اور طلباء و طالبات کو دو شفٹوں میں تربیت دی جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ معیاری فنی تعلیم کے فروغ کے لئے مختلف بین الاقوامی فنی تعلیم کے اداروں سے مشاورت کی گئی ہے جبکہ دیگر معروف اداروں سے شراکت کے حوالے سے بات چیت جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ فنی تعلیم کے پروگرام میں طلباء کی تعداد کے اضافے کے ساتھ ساتھ تربیت کی اعلیٰ کوالٹی کو بھی یقینی بنایا جا رہا ہے۔انہوں نے بتایا کہ 38 ڈپلومہ اور ایک سو ووکیشنل ٹریننگ کورسز کو بہتر بنانے کے لئے ان پر نظرثانی کی جا رہی ہے۔ اجلاس کے شرکاء نے فنی تعلیم کے فروغ کے حوالے سے اپنی اپنی تجاویز پیش کیں۔

Tags: پاکستان

پنجاب میں پیپلز پارٹی کے امیدواروں کی شکست ، رپورٹ صدر کو پیش ، آصف زرداری کا دلاسہ

March 13th, 2010 · Comments Off

وفاقی وزراء اور بیگم عابدہ حسین نے انتخابی مہم کے دوران تعاون نہیں کیا ، پیپلز پارٹی کے امیدوار کے خلاف پانچ مقدمات بنائے گئے

لاہور۔پیپلز پارٹی پنجاب نے جھنگ اور بہاولنگر کے ضمنی انتخابات میں پیپلز پارٹی کے امیدواروں کی شکست کی وجوہات سے متعلق رپورٹ صدر مملکت وپیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کو پیش کردی۔ یہ آخری الیکشن نہیں ہے مایوسی کی کوئی بات نہیں۔ صدر مملکت کا دلاسہ۔ تفصیلات کے مطابق پنجاب میں جھنگ وبہاولنگر کے صوبائی اسمبلی کے ضمنی الیکشن میں پیپلز پارٹی کے امیدواروں کی شکست سے متعلق رپورٹ گذشتہ روز ایوان صدر میں منعقدہ اجلاس کے دوران پیپلز پارٹی پنجاب کے صدر رانا آفتاب احمد ، سینئر صوبائی وزیر راجہ ریاض نے پیش کی۔ ذرائع کے مطابق رپورٹ میں پیپلز پارٹی کے امیدواروں کی شکست کے اسباب وفاقی وزراء مملکت افضل سندھ ، چوہدری عبدالغفور اور بیگم عابدہ حسین کی طرف سے انتخابی مہم کے دوران عدم تعاون قرار دیا گیا ۔ رپورٹ میں کہاگی ہے کہ افضل سندھ نے نہ صرف پیپلز پارٹی کے امیدوار سے تعاون نہیں کیکا بلکہ اس کی مخالفت بھی کی ۔ علاوہ ازاں رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا کہ حکومت نے بہاولنگر میں پیپلز پارٹی کے امیدوار کے خلاف پانچ مقدمات بنائے جبکہ جھنگ میں کے امیدوار کو اس وقت عدالتی چکروں کا سامنا کرنا پڑا جب اسے انتخابی مہم کے کے دوران نا اہل قرار دیا گیا اس طرح دونوں امیدوار وں کا بہت سا وقت بھی ضائع ہو گیا ۔ صدر آصف علی زرداری نے پارٹی رہنماؤں کو تسلی دیتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں یہ پیپلز پارٹی کا آخری الیکشن نہیں ہے ۔ پیپلز پارٹی کے امیدواروں نے جو ووٹ حاصل کئے وہ تسلی بخش ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ان حلقوں میں بجلی و گیس کی فراہمی سمیت پیپلز پارٹی نے جو وعدے کئے تھے انہیں پورا کیا جائے گا ۔

Tags: پاکستان

بھارت مسئلہ کشمیر کے حوالے سے پاکستان پر دباؤ بڑھانے کے لئے پانی روک رہاہے ‘ مولانا فضل الرحمان

March 13th, 2010 · Comments Off

بے مقصد مذاکرات میں وقت ضائع نہیں کرنا چاہئے ‘ بھارت سنجیدگی سے مذاکرات شروع کرے

مسئلہ کشمیر طاقت کی بجائے اصولوں اور کشمیری خواہشات کے مطابق ہی حل ہو سکتا ہے

پارلیمانی کشمیر کمیٹی کے چیئرمین کا بیان

اسلام آباد۔ پارلیمنٹ کی کشمیر کمیٹی کے چیئرمین مولانا فضل الرحمان نے کہاہے کہ بھارت کے ساتھ مذاکرات کشمیر اور پانی کے مسئلے کو سرفہرست ہونا چاہئے ۔ 2004 ء سے بھارت کے ساتھ ہونے والے مذاکرات میں مسئلہ کشمیر پر بات نہیں کی گئی ۔ گزشتہ روز جاری ہونے والے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ بھارت ہمیشہ مسئلہ کشمیر پر بات کرنے سے بھاگنے کے لئے کوئی بہانہ تلاش کر لیتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مذاکرات کا مقصد تنازعات کو حل کرنا ہوتا ہے لیکن مذاکرات برائے مذاکرات کا کوئی فائدہ نہیں ۔ مذاکرات کو نتیجہ خیز ہونا چاہئے اس لئے بے مقصد مذاکرات میں وقت ضائع نہیں کرنا چاہئے اور دونوں ممالک کو مسئلہ کشمیر پر سنجیدہ مذاکرات شرواع کرنے چاہئیں تاکہ 62 سال پرانے مسئلہ کشمیر کو حل کیا جا سکے ۔ مولانا فضل الرحمان نے کہا بھارت کے ساتھ پانی کے مسئلہ پر بھی بات کرنی چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی وزیر داخلہ کا یہ بیان کہ پاکستان اپنے حصے سے زیادہ پانی استعمال کر رہا ہے حقائق کو چھپانے کی کوشش ہے ۔ سندھ طاس معاہدے اور بین الاقوامی قانون کے مطابق بھارت چناب ‘ جہلم اور سندھ کا پانی استعمال نہیں کر سکتا ۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کی طرف سے پانی روکنے کا غیر اخلاقی اور غیر انسانی اقدام اچانک نہیں اٹھایا گیا بلکہ یہ سوچی سمجھی سازش ہے ۔ بھارتی وزیر چکروتی نے 2003 ء میں کہا تھا کہ بھارت پاکستان کا پانی روکے گا اور پاکستان پانی کے لئے چلائے گا ۔ چیئرمین کشمیر کمیٹی نے کہا کہ بھارت مسئلہ کشمیر کے حوالے سے پاکستان پر دباؤ بڑھانے کے لئے پانی روک رہا ہے لیکن وہ اس میں کامیاب نہیں ہو گا ۔ کیونکہ مسئلہ کشمیر کو طاقت کے ذریعے حل نہیں کیا جا سکتا ۔ بلکہ مسئلہ کشمیر کو اصولوں اور کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق حل کیا جا سکتا ہے ۔

Tags: پاکستان

پاکستان،بھارت اور کشمیری قیادت مل بیٹھ کر مسئلہ کشمیر کا دیرپا حل تلاش کرے ‘ امریکی کانگریس کی خارجہ تعلقات کمیٹی

March 13th, 2010 · Comments Off

بھارت پاکستان پر حملہ نہیں کرسکتا کیونکہ پاکستان ایک جوہری ملک ہے اور وہ بھارتی جارحیت کی پوری صلاحیت ر کھتا ہے
لشکر طیبہ کا مقصد کشمیر کے مسئلے کا حل نہیں بلکہ کچھ اور ہے، یہ تنظیم مغربی سیکولرازم ‘ اعتدال پسندی اور دیگر قوانین کے خلاف ہے
مسئلہ کشمیر کو حل کر کے لشکرِ طیبہ اور اس طرح کی دیگر مسلح تنظیموں کے خطرات کو کم کیا جا سکتا ہے
لشکر طیبہ اور پاکستان میں مسلح دیگرتنظیموں سے متعلق سماعت کے دوران اراکین کانگریس اور ماہرین کا اظہار خیال
واشنگٹن۔امریکی کانگریس کی خارجہ تعلقات کمیٹی نے مسئلہ کشمیر کے حل پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان،بھارت اور کشمیری قیادت مل بیٹھ کر اس مسئلے کو اولین فرض سمجھ کر اس کا دیرپا حل تلاش کرے کیونکہ کانگریس نہیں سمجھتا کہ کالعدم لشکر طیبہ کا مقصد کشمیر کے مسئلے کا حل ہے بلکہ اس کے مقاصد واضح ہیں یہ تنظیم مغربی سیکولرازم ‘ اعتدال پسندی اور دیگر قوانین کے خلاف ہے اور درحقیقت یہ ان مسلح گروپوں کا ایک حصہ ہے جو 21 ممالک میں اپنی کارروائیوں کیلئے سرگرم ہے۔مسئلہ کشمیر کو حل کر کے لشکرِ طیبہ اور اس طرح کی دیگر مسلح تنظیموں کے خطرات کو کم کیا جا سکتا ہے ۔بھارت پاکستان پر حملہ نہیں کرسکتا کیونکہ پاکستان ایک جوہری ملک ہے اور وہ بھارتی جارحیت کی پوری صلاحیت ر کھتا ہے ۔لشکر طیبہ اور پاکستان میں مسلح دیگرتنظیموں کے حوالے سے کانگریس کی خارجہ تعلقات کمیٹی میں سماعت منعقد کی گئی ۔ سماعت میں امریکہ کے مختلف تھنک ٹینکس سے تعلق رکھنے والے پاکستان اور جنوبی ایشیا کے ماہرین نے شرکت کی۔ کانگریس کی خارجہ تعلقات کمیٹی کے چیر مین گیری ایکر مین نے اپنے ابتدائی کلمات میں اس بات کا عندیہ دیا کہ لشکر طیبہ اپنے نیٹ ورک اور آپریشنز کومقبوضہ کشمیر سے آگے لے جانے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ اور اسے پاکستان میں ہر طرح کی آزادی حاصل ہے۔ چیئر مین کا کہنا تھا کہ ایک اندازے کے مطابق پاکستان کے شہروں اور دیہاتوں میں لشکرِ طیبہ کے تقریباً دو ہزار دفاتر ہیں۔اس کے پاکستانی فوج کے ساتھ بھی روبط قائم ہیں۔اس بات کو سچ نہ ماننے کی کوئی وجہ نہیں کہ پاکستانی فوج ان دہشت گردوں کے خاندانوں کو مالی مدد دے رہی ہے جو ممبئی حملوں میں مارے گئے۔یہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ہمارے اتحادی ہیں۔ کمیٹی کے ایک ممبر کانگریس مین ڈین برٹن کا کہنا تھا کہ مسئلہ کشمیر کو حل کر کے لشکرِ طیبہ اور اس طرح کی دیگر مسلح تنظیموں کے خطرات کو کم کیا جا سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ میں کشمیر کے مسئلے اور پنجاب پر کئی برسوں سے کام کر رہا ہوں ۔ اور میرا خیال ہے کہ ہم یہ مسئلہ اس وقت تک حل نہیں کر سکتے جب تک پاکستان اور بھارت اکٹھے نہ بیٹھیں اور یہ فیصلہ کریں کہ دونوں ملک کشمیریوں کو ان کا حقِ رائے دہی دینے کے لیے کیا کر سکتے ہیں کہ وہ حق جس کا ان سے 1940 ء کی دہائی میں وعدہ کیا گیا تھا۔ اگر ہم ایسا کرنے میں کامیاب ہو جائیں اور کشمیریوں کو ان مذاکرات میں شامل کر لیں تو میرا خیال ہے کہ ہم لشکرِ طیبہ کا ایک بڑا حصہ ختم کر سکتے ہیں جو بڑا خطرہ بنتا جا رہا ہے۔ سماعت میں شرکت کرنے والے تجزیہ کار مارون وائن بام کا کہنا تھا کہ لشکرِ طیبہ اپنے نیٹ ورک اور مہارت کی بنیا د پر القاعدہ کی جگہ لینے کی صلاحیت رکھتی ہے۔انہوں نے کہا کہ عالم اسلام میں عطیات اکٹھے کرنے کے لیے اس جماعت کی اہلیت القاعدہ سے زیادہ ہے۔ القاعدہ کے برعکس لشکرِ طیبہ کو معاشرتی حمائت اور حکومتی اداروں کی طرف سے تحفظ کا حاصل ہے۔ لشکرِ طیبہ عالمی سطح پر امریکی اور مغربی ریاستوں کے مفادات کے خلاف کام کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔ سماعت میں موجود دائیں بازو کے تھنک ٹینک ہیرٹیج فاونڈیشن کی تجزیہ کار لیسا کرٹس نے کمیٹی کو بتایا کہ پاکستان کی سول حکومت لشکر طیبہ سمیت ملک میں کسی بھی مسلح جماعت کوکسی بھی قسم کی حفاظت یا سہولت فراہم نہیں کر رہی۔ اٹلانٹک کونسل کے اسکالر شجاع نواز نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میرا خیال ہے کہ گزشتہ چند برسوں میں پاکستانی عوام نے حکومت اور فوج پر دباو ڈالا ہے۔ اور فوج ملک کے اندر سے اٹھنے والے اس خطرے کو واضح طور پر پہچان چکی ہے۔ اس کا اظہار پاکستانی فوج کی طرف سے سوات اور فاٹا میں ہونے والے آپریشنز کی شکل میں سامنے آیا ہے۔ امریکی کانگریس کے رکن آشلے جے ٹیلس نے کہا کہ اس بات میں کسی قسم کا کوئی شک نہیں کہ اب ہمیں مسئلہ کشمیر کا موثر اور دیرپا حل نکالنا ہو گا ۔ کیونکہ لشکر طیبہ کا مقصد مسئلہ کشمیر کا حل نہیں کچھ اور مقاصد ہیں ۔ مسئلہ کشمیر کا حل ضروری ہو گیا ہے ورنہ اس تنظیم کی کارروائیوں سے بھارت اور مغربی ممالک کو خطرہ لاحق ہو سکتا ہے ۔امریکی اراکین کانگریس نے زور دیا ہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے امریکہ اور دیگر ماہرین اپنا کردار ادا کریں ۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ کشمیری قیادت کو پاکستان ‘ بھارت سمیت مل بیٹھ کر مشترکہ طور پر اس کا حل نکالنا چاہئے ۔ واضح رہے کہ اس سے پہلے بھی امریکی کانگریس کے رکن گہرے آکر مین نے بھی کہا تھا کہ لشکر طیبہ کا مقصد کشمیر نہیں بلکہ یہ اپنی نظریات میں کامیابی کے حصول کے لئے جنوبی ایشیاء میں راج قائم کرنا چاہتی ہے ۔

Tags: پاکستان

امن و امان نافذ کرنیوالے اداروں کی کارکردگی سے مطمئن ہوں تاہم پیشہ وارانہ صلاحیت میں بہتری کی گنجائش موجود ہے: رانا ثناء اللہ خان

March 13th, 2010 · Comments Off

لاہور۔صوبائی وزیر قانون راناء ثناء اللہ خان نے کہا ہے کہ حکومت اور عوام مسلح افواج اور قانون نافذ کرنیوالے اداروں کی کارکردگی سے مطمئن ہیں تاہم پولیس کی پیشہ وارانہ مہارت میں مزید بہتری کی گنجائش موجود ہے۔ حکومت اس کی بہتر ٹریننگ کے ساتھ ساتھ ان کو جدید ہتھیار و دیگر سامان بھی فراہم کر رہی ہے۔ صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ گزشتہ رات علامہ اقبال ٹاؤن میں وقفہ وقفہ سے دھماکوں نے پولیس اور ریسکیو کیلئے پریشانی ضرور پیدا کی لیکن پولیس افسران و اہلکاروں نے صورتحال کا ڈٹ کر مقابلہ کیا جبکہ اس سے قبل کینٹ میں بھی خودکش دھماکوں کے بعد فوج اور امن و امان نافذ کرنیوالے اداروں نے جوانمردی کا مظاہرہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ وہ قطعاً مایوس نہیں ہیں۔ قوم انشاء اللہ حوصلہ ‘ جوانمردی اور کمٹمنٹ کے ساتھ دہشت گردی پر قابو پالے گی۔

Tags: پاکستان

آر اے بازار میں خودکش دھماکے پاکستان کو عدم استحکام سے دوچار کرنے کی سازش ہیں ۔ برطانیہ

March 13th, 2010 · Comments Off

برطانیہ دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خاتمہ کیلئے پاکستان کی امداد جاری رکھے گا

لاہور۔پاکستان میں برطانوی ہائی کمشنر ایڈم تھامسن نے آر اے بازار لاہور میں خودکش بم دھماکے پاکستان کو عدم استحکام کرنے کی سازش ہیں جن کی وہ شدید مذمت کرتے ہیں۔ برطانیہ دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خاتمے کیلئے پاکستان کی امداد جاری رکھے گا۔ اس امر کا اظہار انہوں نے لاہور میں بشپ آف لاہور ڈاکٹر الیگزینڈ جان ملک سے ملاقات کے موقع پر کیا۔ برطانوی ہائی کمشنر نے وزیراعلی پنجاب میاں محمد شہبازشریف اور چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ جسٹس خواجہ محمد شریف سے بھی ملاقات کی۔ برطانوی ہائی کمشنر نے کہا کہ آر اے بازار لاہور میں خودکش بم دھماکے کرکے لاہور کے معصوم شہریوں کے ساتھ درندگی اور بربریت کا مظاہرہ کیا گیا ہے جو اس شہر کی روایات کے خلاف ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں اور انتہا پسندوں سے نجات حاصل کرنے میں برطانیہ اپنا کردار ادا کرتا رہے گا اور اس حوالے سے پاکستان کی امداد جاری رکھی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ان کا دورہ تعارفی نوعیت کا ہے اور پاکستان کے ساتھ اقتصادی ترقیاتی ودیگر شعبوں میں سرماریہ کاری کے مواقعوں کا جائزہ لینے کیلئے آئے ہیں۔

Tags: پاکستان

انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے بے نظیر بھٹو قتل کیس کی سماعت 27 مارچ تک ملتوی کر دی

March 13th, 2010 · Comments Off

راولپنڈی۔انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے بے نظیر بھٹو قتل کیس کی سماعت 27 مارچ تک کے لئے ملتوی کر دی ہے ۔ بے نظیر بھٹو قتل کیس میں گرفتار ملزمان اعتزاز شاہ ‘ قاری عبدالرشید ‘ شیر زمان ‘ حسنین گل اور محمد رفاقت کے خلاف مقدمہ کا ٹرائل اڈیالہ جیل میں ہو رہا تا ۔ ایف آئی اے حکام نے عدالت سے تحریری استدعا کی کہ تحقیقاتی ایجنسی کی ٹیم کیس کی ازسر نو تحقیقات کر رہی ہے لہذا مقدمے کی سماعت ملتوی کی جائے ۔ عدالت کے جج ملک محمد اکرم اعوان نے مقدمے کی سماعت 27 مارچ تک کے لئے ملتوی کرتے ہوئے ایف آئی اے حکام کو جلد تحقیقات مکمل کرنے کی ہدایت کر دی ہے ۔

Tags: پاکستان

شاہد آفریدی کو ٹی ۔ 20 قومی کرکٹ ٹیم کا کپتان بنانے کا فیصلہ کر لیا گیا ‘ اعلان جلد کر دیا جائے گ

March 13th, 2010 · Comments Off

اسلام آباد۔شاہد آفریدی کو ٹی 20 قومی کرکٹ ٹیم کا کپتان بنانے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے جس کا اعلان جلد کر دیا جائے گا ۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین اعجاز بٹ سے ملاقات کے بعد شاہد آفریدی کپتانی کے مضبوط امیدوار کے طور پر سامنے آئے ہیں ۔ تاہم اس دوڑ میں عبدالرزاق اور سلمان بٹ بھی شامل ہیں ۔ ذرائع کے مطابق کرکٹ بورڈ کی جانب سے شاہد آفریدی کو ٹوئنٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے لئے کپتان بنائے جانے کا اعلان آئندہ دو دن میں متوقع ہے ۔

Tags: سپورٹس , پاکستان

افغانستان ، پاکستانا ور ازبکستان میں دہشت گردی کے خلاف جنگ میں 936 امریکی فوجی مارے گئے

March 13th, 2010 · Comments Off

واشنگٹن + کابل۔افغانستان ، پاکستان اور ازبکستان میں 2001 ء سے اب تک دہشت گردی کے خلاف جنگ میں امریکی فوج کے 936 اہلکار ہلاک ہو گئے جن میں 727 فوجی آپریشن کے دوران مارے گئے ہیں36 امریکی فوجی صرف گزشتہ دو ہفتوں میں مارے گئے ہیں۔ امریکی خبررساں ادارے کے مطابق پاکستان اور افغانستان ، ازبکستان میں امریکی اتحادی افواج سال 2001 ء سے تعینات ہے ۔ یہ فوجی اہلکار افغانستان میں طالبان اور دیگر انتہا پسندوں کے خلاف کارروائیوں میں مصروف ہیں لیکن ان افواج کو وہاں پر انتہا پسندوں کی جانب سے مزاحمتوں کا بھی سامنا ہے جس کے باعث اب تک 936 امریکی فوجی اہلکار ہلاک ہو چکے ہیں جبکہ 76 فوجی جن کا تعلق دیگر مغربی ممالک سے بھی ہلاک ہوئے ہیں ۔ گزشتہ 2 ہفتوں میں 36 امریکی فوجی ہلاک ہوئے ہیں امریکی محکمہ دفاع کے حکام کا کہنا ہے کہ جمعہ کو بھی افغانستان میں 4 مزید فوجی ہلاک ہوئے ان فوجیوں سمیت تعداد بڑھ کر 936 ہوگئی ہے ۔ جبکہ 2 سول فوجی بھی ہلاک ہوئے ۔

Tags: افغانستان , پاکستان