اغواء کار گروہ کے سر براہ کا گرفتاری کے بعد احمد نگر میں 2 اور سعودی عرب میں ایک قتل کر نے کا انکشاف
اسلام آباد۔تھانہ انڈسٹریل ایریا پولیس اسلام آباد نے 17 سالہ عبداللہ کو دو کروڑ روپے تاوان کی خاطر اغواء کر نے والے گروہ کا سر براہ گرفتار کر کے مغوی کو بازیاب کروالیا ابتدائی تفتیش میں ملزم نے تھانہ احمد نگر کے ایریا میں دو اور سعودی عرب میں بھی ایک قتل کر نے کا انکشاف کیا ہے۔تفصیلات کے مطابق مورخہ 23-02-2010 مسمی چوہدری محمد ایوب سکنہ مکان نمبر 139 گلی نمبر 34 سیکٹر آئی ایٹ فور اسلام آباد رپورٹ درج کرائی ہے کہ مورخہ 3-2-10 کو میرا بیٹا عبداللہ ایوب بعمر17 سال جو کہ اپنے موٹر سائیکل ICT-KL-0362پر رات تقریباً ساڑھے 9ابوہریرہ مارکیٹ میں گیا جو تاحال تک واپس نہ آیا اور اس کا موبائل فون بھی بند ہے جبکہ اس کا موٹر سائیکل مارکیٹ میں کھڑا ہے وہ اپنے بیٹے کو اپنے طور پر تلاش کر تا رہا جو نہ ملا بعد ازاں ملزمان اسی کے موبائل فون سے کالیں کر کے دو کروڑ روپے تاوان مانگنے لگے اس سنگین نوعیت کے وقوعہ کے پیش نظر ایس ایس پی اسلام آباد طاہر عالم خان نے مغوی کو ٹریس کر نے کے لئے عبدالغفار قیصرانی ،ایس ایس پی انڈسٹریل ایریا کی زیر نگرانی، خان خورشید خان ڈی ایس پی انڈسٹریل ایریا،فیاض احمد رانجھا ایس ایچ او انڈسٹریل ایریا، راجہ راحت انسپکٹر تھانہ کوہسار،ہیبت اللہ خان سب انسپکٹر اور نعیم یوسف اے ایس آئی پر خصوصی ٹیم تشکیل دی جنہوں نے دن رات محنت کر کے ملزم عامر ریاض عرف روشی ولد محمد ریاض قوم چٹھہ سکنہ وریال تحصیل وزیر آباد ضلع گوجرانوالہ کو گرفتار کر لیا اور 17 سالہ مغوی کو بازیاب کرا لیا گیا ملزم نے دوران انٹروگیشن بتایا کہ اس نے مغوی عبداللہ کو ورغلا کر آئی ایٹ ٹو سے پی ڈبلیو ڈی کا لونی بلایا اور اسے گوجرانوالہ میں لے جا کر ملزمان فیاض کے ڈیرہے میں جا کر بند کر دیا اور مغوی کے والد سے دو کروڑ روپے کا تاوان مانگا۔ملزم عامر ریاض نے دوران انٹروگیشن تھانہ احمد نگر کے ایریا میں دو قتل کر نے کا انکشاف کیا مقامی پولیس سے رابطہ کر نے پر پایا گیا کہ یہ ملزم دوہرے قتل کا مجرم اشتہاری ہے اس کے علاوہ ملزم نے انکشاف کیا کہ مورخہ 16-01-2010 کو اس نے اس دیگر ساتھیوں نے تھانہ منڈی بہاؤالدین سے ایک شخص نظام دین جو کہ مشہور کاروباری شخص ہے کو بھی اغواء برائے تاوان اغواء کیا ہے اور اس کی گاڑی پشاور میں فروخت کر دی ہے اس انکشاف کے متعلق بھی منڈی بہاؤالدین پولیس کو آگاہ کر دیا ہے ملزم عامر ریاض نے ایک قتل سعودی عرب میں کیا اور وہاں سے فرار ہو کر پاکستان آ گیا تھا اس کے متعلق بھی تصدیق جاری ہے ملزم کا ریمانڈ جسمانی حاصل کر کے تفتیش کی جا رہی ہے مزید سنسنی خیز انکشاف کی توقع ہے۔
Tags: پاکستان
اقتدار کو خدمت خلق کا ذریعہ سمجھتے ہیں، تمام وسائل غریب عوام کی معاشی حالت بدلنے پر صرف کئے جار ہے ہیں
لاہور۔وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے پنجاب حکومت پاکستان مسلم لیگ (ن)کے قائد میاں محمد نواز شریف کی قیادت میںعوام کی زندگیوں میں بہتری لانے اور انہیں بنیادی سہولتوں کی فراہمی کے لئے مخلصانہ کاوشیں کررہی ہے۔ انہوںنے کہاکہ حالیہ ضمنی انتخابات میں پارٹی کی شاندار کامیابی پاکستان مسلم لیگ (ن) کی عوامی خدمت کی سیاست کا نتیجہ ہے۔ انہوںنے کہاکہ ہم اقتدار کو خدمت خلق کا ذریعہ سمجھتے ہیں اور تمام وسائل غریب عوام کی معاشی حالت بدلنے اور محروم معیشت طبقات کو ترقی کے دھارے میں لانے پر صرف کئے جارہے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ اراکین اسمبلی عوام سے قریبی رابطہ رکھیں اور ان کے مسائل کے حل کے لئے اپنی تمام تر صلاحیتوں کو بروئے کار لائیں۔یہ بات انہوںنے یہاں مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے اراکین اسمبلی سے ایوان وزیراعلیٰ میں ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ اراکین اسمبلی نے اپنے اپنے علاقے میں جاری ترقیاتی منصوبوں پر پیش رفت سے وزیراعلیٰ کو آگاہ کیا۔وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے عوام کے منتخب نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی سیاست کا محور عوام کی خدمت ہے اور وہ ملک میں جمہوریت‘ جمہوری اقدار کی پاسداری اور اداروں کے استحکام کے لئے اپنا موثر کردار ادا کررہی ہے۔ انہوںنے کہا کہ آمرانہ دور حکومت میں عوام کی ترقی کے نام پر قومی وسائل کو بے دردی سے لوٹا گیااوراگر وسائل لوٹ مار کی بجائے عوام کی فلاح و بہبود پر خرچ کئے جاتے تو ان کی حالت یہ نہ ہوتی اور ملک اندھیروں میں نہ ڈوبا ہوتا۔ انہوںنے کہا کہ موجودہ حکومت نے وسائل کا رخ غریب عوام کی طرف موڑ دیا ہے اور دوردراز و پسماندہ علاقوں کو ترقی یافتہ علاقوں کے برابر لانے کے لئے ان علاقوں میں ترقیاتی منصوبے ترجیحی بنیادوں پر مکمل کئے جارہے ہیں۔ انہوںنے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں میں لوٹ مار اور کرپشن کو ہمیشہ ہمیشہ کے لئے دفن کردیاگیاہے اور تمام منصوبوں کی بروقت اور معیاری تکمیل کو یقینی بنایاجارہاہے اور تمام ترقیاتی منصوبوں میں شفافیت کے لئے تھرڈ پارٹی آڈٹ کو لازمی قرار دیاگیاہے۔ شالیمار انٹر چینج‘ سگیاں پل اور لاہور رنگ روڈ پیکیج 6‘آئی ٹی لیبز کا قیام اور دیگر ترقیاتی منصوبوں کی بروقت ‘معیاری اور شفاف تکمیل اس کی شاندارمثالیں ہیں۔ انہوںنے کہا کہ صوبے سے غربت‘ جہالت‘ بے روزگاری کا خاتمہ اور عوام کو انصاف کی فراہمی ہمارا مشن ہے جس کی تکمیل تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔وزیراعلیٰ پنجاب سے ملاقات کرنے والوں میں عبدالمجید خان خانان خیل‘ سردار محمد افضل ‘حاجی غلام جعفر سرگانہ‘ میاں غلام سرور اور شیخ علاؤالدین شامل ہیں۔
Tags: پاکستان
لاہور۔گورنر پنجاب سلمان تاثیر کی اہلیت کو لاہور ہائی کورٹ میں چیلنج کر دیا گیا ۔ درخواست گزار میاں وقاص نے موقف اختیار کیا ہے کہ سلمان تاثیر گورنر کے عہدہ پر تعیناتی کے باوجود اپنا کاروبار چلا رہے ہیں جبکہ آئین کے تحت گورنر کے عہدہ پر تعیناتی کے بعد وہ کوئی منافع بخش کاروبر نہیں کر سکتے ۔ علاوہ ازیں گورنر سلمان تاثیر پنجاب کو پیپلز پارٹی کا گڑھ بنانے کی باتیں کرتے ہیں اور پیپلز پارٹی کے انتخابی جلسوں میں بھی شرکت کرتے ہیں حالانکہ آئین کے تحت گورنر کا منصب غیر جانبدار ہے اس لئے عدالت ان وجوہات کی بنا پر سلمان تاثیر کو گورنر کے عہدہ کے لئے نا اہل قرار دے اور عدالت کے فیصلہ تک انہیں بطور گورنر کام کرنے سے روکا جائے۔
Tags: پاکستان
انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے ملزمان کو 14، 14 سال قید کی سزا سنائی تھی
لاہور۔لاہور ہائی کورٹ نے سابق صدر پرویز مشرف پر حملہ کے الزام میں 14 ، 14 سال سزا پانے والے دو ملزمان کو بری کر دیا ۔ تفصیلات کے مطابق سابق صدر پرویز مشرف پر حملہ کیس میں راولپنڈی کی انسداد دہشت گردی کی عدالت نے ملزمان آصف سہیل اور عبدالرحمن کو 14، 14 سال قید کی سزا سنائی تھی جس کے خلاف ملزمان نے لاہور ہائی کورٹ میں اپیل دائر کررکھتی تھی ۔ ملزما ن نے اپنی درخواست میں موقف اختیار کیا تھا کہ پرویز مشرف پر حملہ کے فورا بعد انہیں راولپنڈی سے گرفتار کر لیاگیا تھا لیکن ان کے خلاف کوئی ثبوت نہیں ملا تھا۔ چار سال بعد حملہ کے اصل ملزمان کی گرفتاری کے باوجود بھی انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے انہیں 14، 14سال کی سزا سنا دی ۔ لاہور ہائی کورٹ نے تمام ریکارڈ کا جائزہ لینے کے بعد دونوں ملزمان کو بری کر دیا۔
Tags: پاکستان
پاکستانی امن پسند محبت کرنے اور انتہائی مہمان نواز لوگ ہیں۔ گورنر پنجاب سے 80 رکنی وفد کی ملاقات و گفتگو
پاکستان میں کوئی سیاسی پابندی نہیں، میڈیا مکمل آزاد ہے، پاک فوج نے سوات میں دہشت گردوں کا خاتمہ کر دیا ۔
لاہور۔گورنر پنجاب سلمان تاثیر نے کہا ہے کہ پاکستانی امن پسند، محبت کرنے والے اور انتہائی مہمان نواز لوگ ہیں۔ دہشت گردی کے خلاف پوری قوم متحد ہے۔ دہشت گردوں کے گھناؤنے عزائم سے پوری دنیا واقف ہے۔یہ اسلام کا نام بدنام کرنا چاہتے ہیں ۔ان کا مذہب سے کوئی تعلق نہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز گورنر ہاؤس لاہور میں کمانڈ اینڈ سٹاف کالج کوئٹہ سے دوسست ممالک کے تربیت حاصل کرنے والے آفیسرز کے 80رُکنی وفد سے خطاب میں کیا۔ وفد کی قیادت لیفٹیننٹ کرنل عمران رضا نقوی نے کی۔ وفد میں سعودی عرب، بنگلہ دیش، برونائی ،آسٹریلیا، کینیڈا، چائنا، مصر،جرمنی، انڈونیشیاء، عراق، جارڈن ، قازقستان، لبنان ، نیپال، اومان، سری لنکا، سوڈان، ترکمانستان، متحدہ عرب امارات،برطانیہ، اور امریکہ کے افسران شامل تھے۔گورنر نے وفد کی پنجاب آمد پر انہیں خوش آمدید کہا۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں تمام سیاسی قوتوں نے پاک افواج کو سپورٹ کیا جس کی وجہ سے ان کے خلاف پاکستان کو واضح کامیابی حاصل ہو رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سوات سے ان دہشت گردوں کا خاتمہ کر دیا گیا ہے اور وزیر ستان میں بھی ہماری افواج کو ان کے خلاف شاندار کامیابی حاصل ہو رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سوات آپریشن میں دنیا کی دوسری بڑی ہجرت ہوئی جس میں 30لاکھ کے قریب لوگوں کو اپنے گھر بار چھوڑنے پڑے۔ انہوں نے کہا حکومت کی بہترین حکمت عملی اور افواج کی شاندار کارکردگی کی وجہ سے بغیر کسی جانی نقصان کے صرف 3ماہ کے مختصر مدت میں یہ سب لوگ اپنے گھروں میں واپس چلے گئے۔ انہوں نے کہا کہ سوات میں شرح خواندگی تقریباً 100%ہے اور یہ لوگ شدت پسندوں کے سخت خلاف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سوات میں حالات اب معمول کے مطابق ہیں۔ گورنر نے ملکی سیاسی صورتحال کے بارے میں بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں جمہوری نظام دنیا کے لئے مثال بن گیا۔ 2سال قبل قومی الیکشن ہوئے جس میں پیپلز پارٹی نے چاروں صوبوں سے واضح کامیابی حاصل کی۔ پیپلزپارٹی کی قیادت نے مظبوط جمہوری نظام کو تقویت دینے کے لئے دوسری جماعتوں سے تمام اختلافات بھلا کر سب کو گلے لگا یا اور وفاق سمیت چاروں صوبوں میں مخلوط حکومتیں قائم کیں۔ جنرل پرویز مشرف کو سیاسی پریشر سے ان کے عہدے سے ہٹا یا گیا۔ پاکستان میں کوئی سیاسی پابندی نہیں، میڈیا مکمل آزاد ہے۔ پارلیمنٹ انتہائی متحرک انداز میں اپنا کردار ادا کر رہی ہے۔ تمام ادارے خود مختاری سے اپنے فرائض انجام دے رہے ہیں۔ صدر پاکستان چاروں صوبائی اسمبلیوں ، سینٹ اور قومی اسمبلی سے دو تہائی اکثریت سے کامیاب ہوئے۔ وزیر اعظم، سپیکر قومی اسمبلی اور چئیرمین سینٹ بلا مقابلہ منتخب ہوئے۔ بلکہ اکاؤنٹس کمیٹی کا چئیر مین اپوزیشن لیڈر کو منتخب کیا گیا۔ گلگت بلتستان کے لوگوں کو خود مختاری دی اور ایک نیا صوبہ بنا یا گیا جہاں پیپلز پارٹی نے عام انتخابات میں کامیابی حاصل کی اور وہاں پر بھی وزیر اعلیٰ ، سپیکر اور ڈپٹی سپیکر بلا مقابلہ منتخب ہوئے ہیں۔ گورنر نے کہا کہ پاکستانی پروفیشنلز پوری دنیا میں اپنی کار کردگی سے ملک کا نام روشن کر رہے ہیں۔ لاکھوں ڈاکٹرز، انجینئرز دنیا کے بڑے بڑے اداروں میں کام کر رہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ سیلی کون ویلی میں ایک لاکھ سے زائد پاکستانی انجینئر ز کام کر رہے ہیں۔ گورنر نے کہا کہ تعلیم کا فروغ حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے وفد کو بتایا کہ اس وقت پنجاب میں 17سرکاری یونیورسٹیاں ہیں جس میں تقریباً 60%خواتین اوپن میرٹ پر تعلیم حاصل کر رہی ہیں جو کہ انتہائی خوش آئند بات ہے۔ انہوں نے کہا کہ کوئی بھی معاشرہ اس وقت تک ترقی نہیں کر سکتا جب تک خواتین مردوں کے شانہ بشانہ کام نہ کریں۔ گورنر نے کہا کہ دہشت گردی اور بین الاقوامی منڈیوں میں کساد بازاری کے باوجود پاکستان کا کوئی بنک ڈیفالٹ نہیں ہوا جبکہ ہماری معشت بہتری کی طرف گامزن ہے ۔
Tags: پاکستان
دونوں ممالک ایک دوسرے کی سرحدوں ،خود مختاری اور آزادی کا احترام کریں گے
2015تک دونوں ممالک کے درمیان تجارت کا حجم 5 ارب ڈالر تک کیا جائے گا
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور افغان وزیر خارجہ زلمے رسول کی ملاقات کے بعد جاری مشترکہ اعلامیہ
اسلام آباد۔پاکستان اور افغانستان نے دو طرفہ تعلقات کے فروغ اور ایک دوسرے کی خود مختاری ،آزادی اور سرحدوں کا احترام کر نے پر اتفاق کیا ہے ۔2015 تک دونوں ممالک کے درمیان تجارت کا حجم 5 ارب ڈالر تک بڑھایا جائے گا ۔پاکستان تعلیمی اداروں میں افغان طلباء کے لئے کوٹے میں اضافہ کیا جائے گا۔ پاکستان اور افغانستان کے درمیان بہتر تعلقات کے فروغ، خطے میں امن و استحکام ،کلچرل اور تاریخی ،تجارتی اور سر مایہ کاری،تعلیم و توانائی، عوامی روابط،زراعت اور ماحولیات ، اعتماد کی فضاء اور دیگر شعبوں میں باہمی تعاون کے لئے مشترکہ اعلامیہ جاری کیا گیا ہے ۔یہ اعلامیہ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور ان کے افغان ہم منصب زلمے رسول کی ملاقات کے بعد جاری کیا گیا ہے اعلامیہ کے مطابق دونوں ممالک کے درمیان بہتر تعلقات کو فروغ دیا جائے گا۔ عوام اور حکومتوں کے درمیان مضبوط تعلقات استوار کئے جائیں گے اور ایک دوسرے کے ملک کے خود مختاری آزادی اور سرحدوں کا احترام کیا جائے گا۔ اعلامیہ میں دونوں ممالک نے زور دیا کہ دونوں ممالک کے درمیان مضبوط تعلقات بہت اہم ہیں۔ اعلامیے میں مزید کہا گیا ہے کہ دونوں ممالک عوامی وروابط کی مضبوطی کے لئے ٹرانسپورٹ سوسز،ریلوے لائن اور فضائی راستوں کو بھی بہتر بنائیں ۔ اس سلسلے میں جلال آباد اور پشاور کے درمیان ریلوے کے رابطوں کی سٹڈی کو مکمل کر نے اور بس سروس کو چلانے پر اتفاق کرلیا گیا ہے۔ اعلامیے میں دونوں ممالک کے درمیان تجارتی حجم اور سر مایہ کاری کے فروغ کے لئے قدرتی وسائل کے فروغ پر بھی زور دیا گیا دونوں ممالک نے باہمی تجارت کے لئے سال2015 تک 5 ارب ڈالر تک بڑھانے پر اتفاق کیا ہے اور کسٹم اور تجارتی سہولیات پر خرچ کی ضرورت پر زور دیا ہے دونوں ممالک کے درمیان بحالی کے اس ترقیاتی پراجیکٹس سے خطے میں ترقی حاصل ہو گی اور صنعتی اور اقتصادی زونز کو بھی فروغ حاصل ہو گا۔ تعلیم کے حوالے سے اعلامیہ میں کہا گیا کہ افغان طلباء و طالبات کے لئے پاکستان تعلیمی اداروں میں کوٹے میں اضافہ کیا جائے گا اور خصوصاً طالبات کے لئے خاص انتظامات کئے جائیں گے ۔ اعلامیے میں زراعت اور ماحولیات کے حوالے سے دونوں ممالک میں فوڈ بنک کے قیام کی ضرورت اور اہمیت پر زور دیا گیا تا کہ خوراک کی قلت سے بچا جا سکے ۔ عوامی روابط کے حوالے سے مشترکہ اعلامیے میں کہا گیا کہ عوام کا عوام سے رابطہ ضروری ہے صحافی برادری،پارلیمانی اراکین ،تعلیمی حصول کے لئے دیگر طلباء اور طالبات ایک دوسرے ملک جا سکیں۔ اعلامیے کے مطابق دونوں ممالک اعتماد کی فضاء کو بر قرار رکھتے ہوئے ہر سطح پر تعاون کو فروغ دیں گے اعلامیے پر وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور افغان وزیر خارجہ زلمے رسول کے دستخط ہیں ۔
Tags: پاکستان
پاکستان میں صورتحال پر حکومت کو کنٹرول حاصل ہے، ہمارے افغانستان اور پاکستان کے ساتھ دوستانہ تعلقات ہیں
بیجنگ۔چینی وزیرخارجہ ینگ جیچی نے کہا ہے کہ ان کا ملک پاکستان میں استحکام، ترقی اور خوشحالی کی حمایت جاری رکھے گا اور مساوات اور باہمی فائدے کی بنیاد پر مختلف شعبوں میں عملی تعاون کو وسعت دے گا ۔ گیارہویں قومی پیپلز کانگریس کے تیسرے سیشن کے موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میں سمجھتا ہوں کہ پاکستان میں صورتحال پر حکومت کو کنٹرول حاصل ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ہمارے افغانستان اور پاکستان کے ساتھ دوستانہ تعلقات ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میں سمجھتا ہوں افغان عوام اور حکومت نے اپنے ملک میں امن اور تعمیر نو کا عمل جاری رکھنے پر پیش رفت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بیک وقت یہ بھی ہے کہ افغانستان کو کئی مسائل درپیش ہیں جن میں دہشتگردی اور منشیات کی سمگلنگ شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے افغانستان میں ہسپتالوں کی تعمیر اور پانی کے تحفظ کے مختلف پروجیکٹس میں مدد دی ہے اور ہم نے پروفیشنلز کو بھی تربیت دی ہے انہوں نے کہا کہ مختلف کانفرنسز میں نمائندوں کا یہ خیال تھا کہ فوجی حل افغان مسئلے کا حل نہیں ہے انہوں نے کہا کہ ہم سمجھتے ہیں کہ آخرکار پاکستان پرامن اور مستحکم ملک کے طور پر ابھرے گا۔
Tags: دنیا کی خبریں , پاکستان
نئی دہلی۔بھارت نے ایک بار پھر لاہور دھماکے میں بھارتی ہاتھ کے ملوث ہونے کے پاکستانی الزام کو سختی سے مسترد کر دیا ہے۔ نئی دہلی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بھارتی وزیر مملکت برائے دفاع پائم راجو کا کہنا تھا کہ پاکستان کا الزام حقائق پر مبنی نہیں ہے۔ان کا کہنا تھا کہ یہ بدقسمتی کی بات ہے کہ دھماکے کے بعد پاکستان اس قسم کے الزامات لگا رہا ہے انہوں نے کہا کہ پاکستان بھی دہشتگردی سے متاثرہ ملک ہے اور ہم سے ہمدردی کا اظہار کرتے ہیں ہمیں دہشتگردی کا مل کر مقابلہ کرنا چاہئے۔
Tags: پاکستان
افغانستان میں عسکریت پسند گروپوں کے ساتھ مذاکرات کو سبوتاژ نہیں ہونے دیا جائے گا
بات چیت کو نتیجہ خیز بنانے کے لیے کوئی دقیقہ فروگزاشت اٹھا نہیںرکھا جائے گا
قائمہ کمیٹی کے اراکین کی اسفند یار ولی کی قیادت میں افغان صدر سے ملاقات میں گفتگو
اسلام آباد۔قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے امو رخارجہ نے جمعرات کو اسلام آباد میں افغان صدر حامد کرزئی سے ملاقات میں اس توقع کا اظہار کیاہے کہ افغانستان میں عسکریت پسند گروپوں کے ساتھ مذاکرات کو سبوتاژ نہیں ہونے دیا جائے گا اور بات چیت کو نتیجہ خیز بنانے کے لیے کوئی دقیقہ فروگزاشت اٹھا نہیںرکھا جائے گا۔ افغان صدر حامد کرزئی سے گزشتہ روز قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی خارجہ امور کے چےئرمین اسفندیار ولی خان کی قیادت میں کمیٹی کے اراکین نے ملاقات کی ۔ افغانستان میں سیاسی استحکام جمہوری اداروں کے درمیان رابطوں باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بھی گفتگو ہوئی ۔ ملاقات کے دوران اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ افغانستان میں قیام امن کے لیے سیاسی و جمہوری عمل کو مضبوط بنانا ضروری ہے ۔ اس مقصد کے لیے عسکریت پسند گروپوں سے بات چیت کو با معنی بنانا ضروری ہے ۔قائمہ کمیٹی کے متعلقہ فریقوں سے اپیل کی ہے کہ وہ افغان حکومت اور عسکریت پسندوں کے درمیان بات چیت کے عمل کو کامیاب بنائیں ۔ مذاکراتی عمل کو سبوتاژ نہیں ہونا چاہیے ۔ تمام فریقوں پر زور دیا گیا ہے کہ وہ مسئلے کے سیاسی حل کے لیے اپنی اپنی سطح پر بھی کردار ادا کریں ۔قائمہ کمیٹی نے حالیہ دنوں میں پاک افغان تعلقات میں مزید پیشرفت کو افغانستان میں قیام امن اورسیاسی استحکام کے لیے خوش آئند قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ حالیہ رابطے دونوں ممالک کو مزید قریب غلط فہمیوں کے ازالے اور ترقی ، خوشحالی کے لیے مشترکہ کوششیں کا پیش خیمہ ثابت ہو سکتے ہیں ۔قائمہ کمیٹی نے جنگجوؤں اور افغان حکومت کے درمیان رابطوں اور بات چیت کے سلسلے میں سعودی عرب کے کردار کی بھی تعریف کی ہے ۔ ملاقات میں اس بات پر بھی اتفاق کیا گیا دونوں ممالک کو پڑوسیوں کے ساتھ اپنے تعلقات کو زیادہ اہمیت دینا چاہیے ۔ عوامی سطح پر رابطوں کو مزید فروغ دینے پر بھی اتفاق کیا گیا ۔
Tags: پاکستان
سپریم کورٹ نے سمندری آلودگی اور صنعتی فضلہ کیس میں حکام کو طلب کر لیا
نیٹوٹینکروں سمیت کسی کو غیر قانونی پارکنگ کی اجازت نہیں دی جاسکتی ‘چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری
کراچی ۔چیف جسٹس آف پاکستان افتخار محمد چوہدری نے سمندری آلودگی سے متعلق مقدمے کی سماعت کے دوران متعلقہ اداروں کے سربراہوں کو بیانات ریکارڈ کرنے کیلئے طلب کرلیا ہے۔جب کہ غیر قانونی پارکنگ کیس کی سماعت کے دوران چیف جسٹس نے کہا ہے کہ نیٹوٹینکروں سمیت کسی کو غیر قانونی پارکنگ کی اجازت نہیں دی جاسکتی ۔جمعرات کو سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں سماعت کے دوران چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری نے سمندری آلودگی اور صنعتی فضلے کو محفوظ طریقے سے ٹھکانے نہ لگائے جانے پر برہمی کا اظہار کیا۔ انہوں نے ریمارکس میں کہا کہ بڑی بڑی صنعتیں لگائی گئی ہیں لیکن فضلے کی ٹریٹمنٹ کا کوئی بندوبست نہیں کیا گیا۔ انہوں نے تمام متعلقہ اداروں ڈی ایچ اے، کے پی ٹی، سائٹ ایسوسی ایشن کے سربراہوں کو طلب کرلیا ہے۔اس سے قبل سائیٹ میں صنعتی فضلے سے ایک بچے کے جاں بحق ہونے اور دیگر کے زخمی ہونے کے مقدمے کی سماعت کے دوران چیف جسٹس نے ریمارکس میں سائیٹ ایسوسی ایشن کے عہدیداروں سے کہا کہ پیسے دے کر بچے کی لاش خرید لی جاتی ہے۔ جبکہ مجبور لوگ سمجھوتہ کرتے ہیں۔ انہوں نے بچے کے والدین اور سائیٹ ایسوسی ایشن کے حکام کو طلب کیا ہے۔جب کہ شیرین جناح آیل ٹینکرز کی غیر قانونی پارکنگ کی سماعت کے دوران چیف جسٹس نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ نیٹوٹینکروں سمیت کسی کو غیر قانونی پارکنگ کی اجازت نہیں دی جاسکتی ۔ درخواست کالونی کی رہایشی شگفتہ بانو نے دائر کی تھی۔
Tags: پاکستان