واز شریف وفادار ہیں تو اپنی دولت پاکستان میں لائیں،بے نظیر کے قاتلوں کو پیپلز پارٹی گرفتار نہیں کرسکی ہم کریں گے
چیئرمین پاکستان تحریک انصاف کا این اے 55میں اعجاز خان جازی کے انتخابی جلسے سے خطاب
راولپنڈی‘چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ مشرف،شوکت عزیزاور زرداری جیسے لوگ عوام سے وفاداری نہیں کرسکتے۔نواز شریف وفادار ہیں تو اپنی دولت پاکستان میں لائیں۔بے نظیر کے قاتلوں کو پیپلز پارٹی گرفتار نہیں کرسکی،ہم کریں گے،چورچور کا احتساب نہیں اس سے مک مکاکرتا ہے۔اعجاز خان جازی پارلیمنٹ میں آکرنورا کشتی نہیں لڑے گا بلکہ حقیقی اپوزیشن کا کردارادا کرے گا۔پارلیمنٹ میں آکر پہلی قرارداد پاس کرائیں گے جس کے مطابق وہ لوگ انتخابات میں حصہ نہیں لے سکیں گے جن کا پیسہ باہرممالک میں ہو۔پاکستان اور پاکستانیوں کا وقاردنیا بھر میں بڑھائیں گے۔امیروں سے ٹیکس لے کر غریبوں پرخرچ کریں گے۔تحریک انصاف تمام بڑے مگرمچھوں کا احتساب کرے گی۔ غربتٗ مہنگائی و بیروزگاری کا خاتمہ تحریک انصاف کا مقدر بن چکا ہے۔NA-55سے احتساب کا انقلاب شروع ہوچکا۔تحریک انصاف کے کارکنان گھرگھرپیغام پہنچائیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کی شام ریلوے ورکشاپ روڈ ڈھوک رتہ ،راولپنڈی میں این اے 55 سے تحریک انصاف کے امیدوار اعجاز خان جازی کے بڑے انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پرتحریک انصاف کے مرکزی نائب صدر عامر محمود کیانیٗ مرکزی ایڈیشنل سیکرٹری جنرل سیف اللہ نیازیٗ میڈیا ایڈوائزر ٹو چیئرمین تحریک انصاف زاہد حسین کاظمیٗ این اے 55 کے امیدوار اعجاز خان جازیٗ تحریک انصاف پنجاب کے نائب صدر رانا سہیلٗ راولپنڈی ڈویژن کے صدر پروفیسر صداقت عباسیٗ ضلعی صدر فیاض الحسن چوہانٗ تحریک انصاف اسلام آباد کے صدر زیاد احمد عباسیٗ پی پی 14 کے صدر حاجی عطاء محمد خانٗ امجد علی خان اور ملک منیر سمیت دیگر عہدیداران اور کارکنان سمیت ہزاروں کی تعداد میں عوام موجود تھے۔ عمران خان نے کہا کہ جس ملک میں بڑے مجرم عہدوں پر بیٹھے ہوں اس ملک میں غریبوں کا بیڑہ غرق ہو جاتا ہے۔ کیونکہ چور چور سے مفاہمت اور مک مکا تو کر سکتا ہے لیکن اس کا احتساب نہیں کر سکتا ۔ آج پاکستان کی جیلوں میں کوئی طاقتور ڈاکو موجود نہیں بلکہ ملک کا سب سے بڑا ڈاکو صدر بن چکا ہے۔ 40 سال قبل پاکستان دنیا میں تیزی سے ترقی کرنے والا ملک تھا لیکن خود غرض،مطلب پرست اور بداعنوان حکمرانوں کی وجہ سے آج ہم دنیا میں ذلیل و رسوا ہوچکے ہیں۔غریب مررہا ہے اور امیر،امیرتر ہوتا جارہا ہے۔ ملک بچانے کے لئے انقلاب کی ضرورت ہے جس کا آغاز این اے 55 سے تحریک انصاف کے امیدوار اعجاز خان جازی کی کامیابی سے ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ اعجاز خان جازی پارلیمنٹ میں پہنچ کر سب سے پہلے یہ قرار داد پیش کرے گا کہ جس شخص کا پیسہ اور جائیداد ملک سے باہر ہو وہ الیکشن لڑنے کا اہل نہیں کیونکہ جس شخص کا اپنا پیسہ اور جائیداد باہر ہو وہ کیسے ملکی مفاد میں فیصلہ کر سکتا ہے۔ہمیں شوکت عزیزسے سبق سیکھناچاہئیے۔ جو بھی اس قرار داد کی مخالفت کرے گا اور پاکستان اور اس کے عوام کا خیر خواہ نہیں ہو گا ۔ اعجاز خان جازی پارلیمنٹ سے پوچھے گا کہ بڑے بڑے سیاسی لیڈر کتنا ٹیکس دیتے ہیں۔مہنگائی روکنے کے لئے امیروں سے ٹیکس لینا ہوگا۔ پیپلز پارٹی کی حکومت بے نظیر کے قاتلوں کو نہیں پکڑ سکی یہ کام بھی تحریک انصاف ہی کا مقدر بن چکی ہے۔ بڑے مگر مچھوں کا احتساب کریں گے۔دوحکمرانوںنے ملک کو امریکہ کا غلام بنا دیاٗ ڈاکٹر عافیہ صدیقی سمیت کئی افراد ڈالروں کی خاطر امریکہ کے حوالے کئے۔ اپنے شہریوں اور لال مسجد میں عورتوں اور بچوں پر بمباری کروائی ۔ ملک کو امریکہ کی غلامی سے نجات بھی تحریک انصاف ہی کے نصیب میں لکھ دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس ملک میں وہی لیڈر تبدیلی لا سکتا ہے جو اپنی کشتیاں جلا کر آئے گا اور اس کا جینا مرنا پاکستان اور پاکستانی عوام کے لئے ہو گا۔تحریک انصاف کے امیدوار اعجاز خان جازی نے اپنے خطاب میں کہا کہ یہ نعروں کا نہیں، ملک بچانے کا وقت ہے۔ این اے 55 انقلاب کا وہ تالا ہے جس کی چابی عوام کے پاس ہے۔ اگر 24 فروری کو دیانتداری اور ایمانداری سے یہ تالا کھولا گیا تو نہ صرف گھروں کے چولہوں کی بدقسمتی بلکہ ملک کی بدقسمتی کا تالا بھی کھل جائے گا۔ ملک اور قوم کو عوام کے سینوں میں پیدا ہونیوالی بیداری اور عمران خان کی جواں ہمت قیادت ہی بچا سکتی ہے۔ ہم ایٹمی طاقت اور بہترین قوم ہیں۔ ہمارے فوجی جوان دنیا کی کسی بھی بڑی فوج کے مقابلے میں لڑنے کی صلاحیت رکھتے ہیںمگر بدقسمتی سے بہترین لیڈر ہمیں نہ مل سکا ۔ انہوں نے کہا کہ اب تبدیلی کا آغاز ہوچکا۔عمران خان کی صورت میں ہمیں وہ قائد مل گیا ہے جس کے سینے میں قوم کا درد ہے۔ عمران خان نہ صرف پاکستان بلکہ سارے اسلامی ممالک کی قیادت کرے گا
Tags: پاکستان
نارووال ‘ پاکستان تحریک انصاف کے چیئر مین عمران خان نے کہا ہے کہ حکومت ناکام ہو چکی ہے تحریک انصاف اقتدار میں آ کر اس نظام کو بدلے گی ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے نارووال بائی پاس پر تحریک انصاف کے کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف ظلم کا نظام نہیں چلنے دے گی ہم اس ملک میں بنیادی تبدیلی لانا چاہتے ہیں عوام مہنگائی اور بے روز گاری کی وجہ سے مر رہے ہیں اور حکمران عیاشیوں میں مصروف ہیں آج کرپٹ افراد بڑے بڑے عہدوں پر فائز ہو گئے اگر حکومت پانچ سال رہی تو ملک میں کچھ نہیں رہے گا عمران خان نے کہا کہ حکمران امریکی غلامی قبول کر چکے ہیں ڈرون حملے اور ڈاکٹر عافیہ صدیقی کا کیس اس کی مثالیں ہیں لیکن ہم امریکہ کے آگے سر نہیں جھکائیں گے ڈاکٹر عافیہ صدیقی پاکستان کی بیٹی ہے ہم حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ جن لوگوں نے اسے امریکہ کے حوالے کیا اسے انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے انہوں نے کہا کہ اس وقت ملک میں پہلی مرتبہ عدلیہ اور میڈیا آزاد ہیں اور پاکستان کو قائد کے خوابوں کی تعبیر بنا کر دم لیں گے
Tags: پاکستان
ڈاکٹر عافیہ صدیقی کا ایشو پوری قوم کا ایشو ہے
حکمران پاکستان کی بیٹی کورہا کروانے کے لئے سنجیدہ اور موثر اقدامات کریں
پاکستان تحریک انصاف شعبہ خواتین کی مرکزی صدر فوزیہ قصوری کا احتجاجی مظاہرے سے خطاب
اسلام آباد‘ ڈاکٹر عافیہ صدیقی کا ایشو سیاسی نہیں ہے پوری قوم کا ایشو ہے حکمران عافیہ صدیقی کی رہائی کے لئے سنجیدہ ہو کر موثر اقدام کریں۔ایسے لگتا ہے یہ جیسے ہمارے حکمرانوں نے چوڑیاں پہن رکھی ہیں جب تک عافیہ صدیقی رہا نہیں ہوتیں ہمارا احتجاج ملک گیر سطح پر جاری رہے گا۔ان خیالات کا اظہار تحریک انصاف شعبہ خواتین کی مرکزی صدر فوزیہ قصوری نے مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔گزشتہ روز نیشنل پریس کلب کے سامنے تحریک انصاف شعبہ خواتین کے زیر اہتمام ڈاکٹر عافیہ صدیقی کے حق میں اور امریکی جیوری کے فیصلے کے خلاف احتجاجی مظاہرہ ہوا تحریک انصاف شعبہ خواتین کی صدر فوزیہ قصوری نے بعد ازاں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی رہائی کوئی سیاسی مسئلہ نہیں بلکہ قومی مسئلہ ہے وہ پوری قوم کی بیٹی ہے لیکن ہمارے حکمرانوں نے امریکیوں کی خوشنودی کے لئے قوم کی بیٹی کو بیج دیا ہے اور موجودہ حکومت جو خود کو جمہوری حکومت کہنے کا دعویٰ کر تی ہے قوم کی بیٹی کے لئے کوئی پیش رفت نہیں کر رہی ہے ایسے لگتا ہے کہ جیسے ہمارے حکمرانوں نے چوڑیاں پہن رکھی ہیں ۔انہوں نے کہا کہ حکومت کا فرض ہے کہ وہ قوم کی بیٹی کو رہا کروائیں۔ہمارے حکمران بھیک مانگنے کے لیے بیرون ملک جاتے ہیں لیکن عافیہ صدیقی کے لئے کچھ نہیں کر رہے ہیں ہمارے حکمران نا اہل ہو چکے ہیں اگر عافیہ صدیقی کو رہا نہ کیا گیا تو ہم ملکی سطح پر بڑے پیمانے پر احتجاجی مظاہرے جاری رکھیں گے اور ریلیاں نکالیں گے ۔انہوں نے کہا کہ ہمارے حکمران اپنے شہریوں کو تحفظ دینے میں ناکام ہو چکے ہیں اور صدر آصف علی زر داری پوری قوم کے لئے بیماری بن چکے ہیں ۔بعد ازاں پاکستان تحریک انصاف کے ترجمان زاہد حسین کاظمی نے بھی مظاہرے سے خطاب کیا۔
Tags: پاکستان
٭۔ ۔ ۔ لندن میں بیٹھا لیڈر حکومت چلارہا ہے‘ حکمرانوں کو ’’میں‘‘ اور ’’خوف‘‘ کے بت سے نکلنا ہوگا
٭۔ ۔ ۔ اگر ڈاکٹر عافیہ کی جگہ کوئی امریکی خاتون ہوتی تو پورا مغرب اس کیلئے اٹھ کھڑا ہوتا‘جس قوم میں خودداری ختم ہو جائے اس میں اور بھیڑ بکریوں میں کوئی فرق نہیںہوتا: چیئرمین تحریک انصاف کی گفتگو
لاہور‘ چیئرمین تحریک انصاف کے عمران خان نے کہا ہے کہ المیہ کی بات ہے کہ حکومت کرپٹ بھی ہے اور نااہل بھی اور اپوزیشن نظام بچانے کے بہانے عوام کی نمائندگی نہیں کر رہی حالانکہ جمہوریت اور سسٹم عوام بچاتے ہیں۔ دونوں جماعتوں میں مک مکا ہوچکا ہے اور ایک دوسرے کو بچا رہے ہیں۔ موجودہ نظام مولانا فضل الرحمن سے بھی زیادہ مک مکا کا ہے۔ ان خیالات کا اظہار نجی کالج کی تقریب سے خطاب اور عبدالقادر حسن کالم نگار کی اہلیہ کی وفات پر فاتحہ خوانی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے لیڈروں کو خوف ہے۔ کوئی قلعہ کے اندر بند ہے اور کوئی اپنی دولت بچانے پر لگا ہوا ہے۔ امریکہ کے خوف سے وہ اپنے لوگوں پر بمباری کر رہے ہیں۔ اگر ڈاکٹر عافیہ کی جگہ کوئی امریکی خاتون ہوتی تو پورا مغرب اس کیلئے اٹھ کھڑا ہوتا۔ صرف کرسی بچانے کیلئے ڈاکٹر عافیہ کو امریکہ کے حوالے کیا گیا۔ ایک بزدل آمر نے امریکہ کے خوف سے اور ڈالروں کے عوض ملک کو دہشت گردی کے حوالے کردیا اور دہشت گردی کے خلاف خوف کی پالیسی اپنائی گئی۔ کوئی دولت بچانے اور کوئی جان بچانے پر لگا ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ لیڈر لندن میں بیٹھا ہوا ہے‘ پارٹی حکومت میں ہے‘ ٹیلیفون پر حکومت چلائی جارہی ہے‘ حکمرانوں کو ’’میں‘‘ اور ’’خوف‘‘ کے بت سے نکلنا ہوگا۔ انہوںنے کہا کہ دولت بچانے کیلئے عدالتوں کو برباد کیا جارہا ہے اور ملک کو غلام بنانے پر تلے ہوئے ہیں۔ بھیک مانگ کر قومیں طاقتور نہیں بنتیں اور نہ ہی فیصلے آزادی سے کئے جاسکتے ہیں اور جو لوگ ڈکٹیشن لیتے ہیں وہ لیڈر نہیں بن سکتے۔ انہوں نے کہا کہ ہم آزاد اور خودمختار پاکستان چاہتے ہیں جبکہ یہاں سب سے غریب جیلوں میں جاتا ہے اور ڈاکو اسمبلیوں میں بیٹھے ہیں۔ انصاف لوگوں کو آزادی دیتا ہے۔ فلاحی ریاست میں تعلیم‘ انصاف‘ روزگار حکومت کی ذمہ داری ہوتی ہے۔ یہاں غریب کیلئے تعلیم‘ روزگار‘ صاف پانی اور انصاف نہیں ہے تو یہ سسٹم کیسے چل سکتا ہے۔ پیسے والے لوگ ٹیکس نہیں دے رہے۔ اربوں روپے کے اثاثے بنائے ہوئے ہیں اور ٹیکس صرف پانچ ہزار روپے دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جس قوم میں خودداری نہیں اس میں اور بھیڑ بکریوں میں کوئی فرق نہیں۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ صورتحال کی (ن) لیگ بھی برابر کی ذمہ دار ہے۔ صدر آصف علی زرداری بھی (ن) لیگ کی حمایت کر رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ نظام فضل الرحمن سے بھی زیادہ مک مکا کا ہے۔
Tags: پاکستان
اسلام آباد ‘ پاکستان تحریک انصاف کے چئیرمین عمران خان نے کہا ہے کہ بمباری سے دہشت گرد وں کو فائدہ ہورہا ہے،ڈرون حملوں کی قیمت پاکستانی عوام کو چکانی پڑتی ہے،ڈرون حملے فوراًبند کئے جائیں،دہشت گردی کے خلاف جنگ سے پاکستان کے ساتھ ساتھ امریکی معیشت بھی تباہ ہو جائے گی۔مذاکرات کی راہ اپنانے کا فیصلہ خوش آئند ہے مگر کامیابی اسی صورت میں ہوسکتی ہے جب لڑائی بند کی جائے۔ ان خیالات کا اظہارانہوں نے جمعہ کی دوپہر اپنی رہائش گاہ پرامریکی کانگرس مین کے وفد سے ملاقات کے دوران گفتگومیں کیا۔امریکی کانگرس مین پرمشتمل وفد میں ریپبلکن کے بوب اینجلیز،ٹوڈپلاٹس اور ڈیموکریٹک پارٹی کے سٹیفن لائن،جو ڈونلیاور بیٹی سوٹن کے علاوہ دیگر نمائندگان شامل تھے۔عمران خان نے کہا کہ پاکستانی علاقوں میں امریکی ڈرون حملوں کے نتیجے میں دہشت گردی اور شدت پسندی میں اضافہ ہو رہا ہے۔بارڈر کے دونوں اطراف بمباری بند کی جائے۔ملٹری آپریشن اوربمباری سے دہشت گردوں کو فائدہ ہورہا ہے۔جب معصوم اور بے گناہ شہریوں کو ڈرون حملوںسے جانی و مالی نقصان پہنچایا جاتا ہے تووہ بدلہ لینے کے لئے دہشت گردوں کے ساتھ مل جاتے ہیں۔اس سے دہشت گرد مضبوط ہوتے ہین۔ڈرون حملوں کے نتیجے میں پیدا ہونے والی دہشت گردی کی وجہ سے پاکستان کو بھاری قیمت چکانی پڑتی ہے۔پاکستان ناکردہ گناہ کی سزا بھگت رہا ہے۔اس سے ہماری معیشت اور امن وامان کی صورتحال پر بہت برے اثرات مرتب ہورہے ہیں۔ فوجی آپریشن اور ڈرون حملے مسائل کا حل نہیں بلکہ اس طرح سے ہم دلدل میں مزید دھنستے چلے جارہے ہیں۔ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ ڈرون حملے،بمباری اور فوجی آپریشن فوراًبند کر کے مذاکرات کی راہ اپنائی جائے۔اتحادی ممالک کی طرف سے مذاکرات کی راہ اپنانے کا فیصلہ خوش آئند ہے مگر یہ تب کامیاب ہوگا جب لڑائی بند کر کے مذاکرات کئے جائیں۔ایسا نہیں ہو سکتا کہ جنگ بھی جاری رہے اور مذاکرات کی کوشش کی جائے۔
Tags: پاکستان
٭۔ ۔ ۔ پاکستان کو موجودہ حالات کا سامنا ناکام لیڈر شپ کیو جہ سے ہے ، وصیت یا کاغذ کے ٹکڑے سے کوئی لیڈر نہیں بن جاتا
٭۔ ۔ ۔ نواز شریف خود کو ننگا ہونے سے بچانے کے لئے زرداری کی حمایت کر رہے ہیں، حکومت اور طالبان کے درمیان پل بننے کی پیش کش کی ہے
٭۔ ۔ ۔ عدلیہ کا راستہ روکا گیا تو لانگ مارچ کریں گے ، دہشت گردی کی جنگ نے معیشت تباہ کر دی ہے
لاہور۔ تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان کو موجودہ حالات کا سامنا ناکام لیڈرشپ کی وجہ سے ہے وصیت سے کوئی لیڈر نہیں بن جاتا ۔ ملک میں ٹیلنٹ موجود ہے اسے صرف پالش کرنے کی ضرورت ہے ۔ نواز شریف خود ننگا ہونے کے ڈر سے آصف علی زرداری کا ساتھ دے رہے ہیں۔ سپریم کورٹ کو کام نہ کرنے دیا گیا تو لانگ مارچ کریں گے جو گوجرانوالہ پہنچ کر نہیں رکے گا ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج سپیریریونیورسٹی رائے ونڈ یں لیکچر دے رہے تھے ۔ عمران خان نے کہا کہ ہمیں موجودہ حالات کا سامنا ناکام لیڈر شپ کی وجہ سے ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کوئی کاغذ کے ٹکڑے پر لیڈر نہیں بن جاتا نہ ہی لیڈر شپ وارثت میں ملتی ہے۔ لیڈر قوم کو اعتماد میں لیتا اور اس کے سامنے جھکتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ عوام کیک سوچ میں میڈیا کی وجہ سے تبدیلی آئی ہے جس نے عوام کو شعور دیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مشرف کہتا تھا اس کو میڈیا نے ڈبودیا ۔ اب زرداری کہتے ہیں میڈیا ان کے خلاف سازش کر رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا کا جن بوتل سے باہر آگیا ہے اب اسے بوتل میں بند نہیں کیا جا سکتا ۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ چھ ماہ کے اندرملک میں کرپشن کے خلاف جنگ چھڑنے والی ہے کرپٹ لوگوں نے عدلیہ کا راستہ روکنے کی کوشش کی تو تحریک چلائیں اور لانگ مارچ ہو گا ۔ انہوں نے کہا کہ زرداری کے خلاف تمام مقدمات نواز نے بنائے تھے اب نواز شریف خود ننگا ہونے کے ڈر سے زرداری کی حمایت کر رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ڈالر لے کر قبائلی علاقوں میں فوج بھجوائی گئی جو اپنے لوگوں کو ہی مار رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ میں نے حکومت کو پیش کش کی ہے کہ قبائلی ، عمائدین سے بات چیت کا موقع دیں کیونکہ یہ مسئلہ ملٹری ایکشن سے حل نہیں ہو گا ملٹری ایکشن نے ملک میں انتہا پسندی کو جنم دیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ بھی افغانستان میں طالبان پر قابو پانے میں ناکام ہو ا ہے اور اس نے طالبان اور حکمت یار کو مذاکرات کی دعوت دی ہے ۔انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے نام پر شروع کی گئی جنگ نے پاکستان کی معیشت کو تباہ کر دیا ہے ۔ پاکستان کا دفاعی بجٹ 450 ارب روپے سے بڑھ کر چھ سو ارب روپے ہو گیا ہے پاکستان نے 60 سال میں 40 ارب قرض لیا جبکہ گذشتہ پونے دو سال کے دوران 15 ارب روپے قرض لئے گئے ہیں پاکستان کو سالانہ 800 ارب روپے قرض کی مد میں ادا کرنے پڑتے ہیں جن کے باعث تعلیم اور صحت کیلئے کچھ بھی نہیں بچتا ہمارے حکمرانوں کو خوف نے ذہنی مریض بنا دیا ہے ۔ اب یہ حکمران امریکی سفیروں کے بھی جوتے پالش کرنے لگے ہیں اور اپنا اقتدار بچانے کیلئے کبھی سندھ کارڈ اور کبھی کوئی دوسرا کارڈ استعمال کرنے کی کوشش کرتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ قوم کی مہنگائی نے زندگی اجیرن بنا رکھ ہے اور وزیر بجلی کہتے ہیں کہ ابھی قوم کو ایک اور کڑوی گولی نگلنا پڑے گی ۔ انہوں نے کہا کہ غریب ملک میں وزیر اعظم میں روزانہ 10 لاکھ روپے خرچ کئے جاتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف اقتدار میں آکر وی آئی پی کلچر اور کرپشن کا اوپر سے نیچے تک خاتمہ کرے گی ۔
Tags: پاکستان
٭۔ ۔ ۔ نئے پاکستان کی ابتداء ہو چکی ہے ، عدلیہ کی آزادی سلب کرنے کی کوشش کی گئی تو عوام چیف جسٹس کے ساتھ ہوں گے
لاہور۔ بڑے چور اسمبلیوں میں اور چھوٹے چور جیلوں میں قید ہیں یہ کہاں کا انصاف ہے ۔ موجودہ نظام نے ظلم اور نا انصافی کے سوا کچھ نہیں دیا ۔ ان خیالات کا اظہار تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے آج اندرون شہر میں پارٹی دفاتر کے افتتاح کے بعد شاہ عالم فوارہ چوک میں کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ عمران خان نے کہا کہ تحریک انصاف تبدیلی کی جماعت ہے اور نیا نظام لانا چاہتی ہے جس میں معاشی ، تعلیمی ، انصاف کے تقاضے پورے کئے جائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ کہاں ا انصاف ہے کہ امیر ٹیکس نہ دیں اور غریبوں سے ٹیکسوں کے ذریعے ریونیو اکٹھا کر کے آپس میں لوٹ مار کی جائے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم آزاد پاکستان چاہتے ہیں جو کسی غیر ملک کا غلام نہ ہو اور اپنی افواج کے ذریعے یا ڈالروں کے عوض اپنے شہریوں کو نہ مروائے ۔ انہوں نے کہا کہ آج میڈیا اور عدلیہ آزاد ہیں ۔سپریم کورٹ نے این آراو کو غیر قانونی قرار دے کر حکومت کے خلاف فیصلہ دیا ۔ یہ بہت بڑی تبدیلی ہے اور ایک نئے پاکستان کی ابتداء ہوچکی ہے ۔ تحریک انصاف کے چیئرمین نے کہا کہ اگر سپریم کورٹ کی آزادی کو ختم کرنے کی کوشش کی گئی تو عوام چیف جسٹس کے ساتھ ہوں گے اور عدلیہ کی آزادی کی تحریک گوجرانوالہ نہیں رکے گی بلکہ سیدھی اسلام آباد اپنی آخری منزل تک پہنچ کر دم لے گی ۔ انہوں نے کہا کہ ان کی پارٹی کمزور طبقے کے لوگوں کو اوپر لائے گی ۔ ہم برابری کا انصاف چاہتے ہیں ۔ ظلم اور نا انصافی کا نہیں ۔ ان کی پارٹی تعلیم ، صحت ، امن وامان اور معاشی صورتحال کو بہتر کرنے کے لئے انقلابی اور عملی اقدامات کرے گی جس میں لوگوں کو انصاف ان کی دہلیز پر مہیا ہو گا۔ عوام کے ووٹوں سے منتخب ہونیو الوں نے لوگوں کو مایوسی کے سواکچھ نہیں دیا ۔ غریب اور مڈل کلاس طبقے نے پاکستان بنایا اور بعد میں ان سے ملک چھین لیا گیا ۔انہوں نے کہا کہ انصاف مرکز کی صورت میں عوام متحد ہو تو کسی فرد یا حکومتی ادارے میں جرات نہیں کہ متحد اہل علاقہ کے سامنے نا جائز رکاوٹ کھڑی کر سکیں ۔ تحریک انصاف پاکستان کو حقیقی معنوں میں ایک آزاد ، خوددار اور خوشحال ملک بنائے گی
Tags: پاکستان
لاہور۔پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے کہا ہے کہ حکمران اپنے اقتدار کی خاطر عوام کو مسائل کی چکی میںڈال رہے ہیں۔ غیر ملکی آقاؤں کی حمایت حاصل کرنے کیلئے حکمران کچھ بھی کرنے کیلئے تیار نظر آتے ہیں۔ اس ا مر کا اظہار انہوں نے تحریک انصاف برطانیہ کے رہنما احمد رضا چوہان سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ آصف علی زرداری خود کو بچانے کیلئے پارٹی اور حکومت کو داؤ پر لگانے کی پالیسی پر عمل پیرا ہیں۔ سپریم کورٹ کے این آر او کیس میں فیصلے سے ملک مضبوط ہوا ہے۔ انہوں نے کہاکہ اب وعدوں کی سیاست کی وقت گذر چکا عوام عملی اقدامات چاہتے ہیں۔ اس وقت ملکی زراعت کا بیڑا غرق کیا جارہا ہے۔ ڈیزل کا ریٹ آسمان سے باتیں کررہا ہے۔ مہنگائی کا یہ عالم ہے کہ لوگ خودکشیاں کرنے پر مجبور ہیں۔ بجلی کے بحران نے صنعتیں بند کردی ہیں اور بے روزگاری بڑھی ہے۔ دہشت گردی نے جلتی پر تیل کا کام کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملکی دولت لوٹنے والے کسی رعائت کے مستحق نہیں۔ سپریم کورٹ کے فیصلے پر عمل کرتے ہوئے لوٹی دولت واپس قومی خزانہ میں جانی چاہئے
Tags: بریکنگ نیوز , پاکستان