کولمبو‘ دنیا میں ٹیسٹ اور ایک روزہ میچوں میں سب سے زیادہ وکٹیں حاصل کرنے والے سری لنکن سپنر مرلی دھرن نے ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائر ہونے کا فیصلہ کر لیا ہے۔18 جولائی کو بھارت کے خلاف گال میں کھیلا جانے والا ٹیسٹ میچ مرلی دھرن کے کیریئر کا آخری ٹیسٹ ہوگا۔مرلی دھرن کے ریٹائر ہونے کا اعلان سری لنکن کرکٹ بورڈ کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کیا گیا۔ بیان میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ اس سلسلے میں مزید معلومات وقت آنے پر ایک پریس کانفرنس میں سامنے لائی جائیں گی۔کرکٹ ویب سائٹ کرک انفو کا کہنا ہے کہ مرلی دھرن نے ریٹائرمنٹ کا فیصلہ سری لنکن سلیکشن کمیٹی کے سربراہ اروندا ڈی سلوا اور کپتان کماراسنگاکارا سے ملاقات کے بعد کیا ہے۔مرلی دھرن نے اپنے ٹیسٹ کیریئر کا آغاز سنہ 1992 میں کولمبو میں آسٹریلیا کے خلاف کیا تھا اور اٹھارہ سالہ ٹیسٹ کیرئر میں انہوں نے ایک سو بتیس ٹیسٹ میچ کھیل کر سات سو بانوے وکٹیں لی ہیں جبکہ ایک روزہ میچوں میں ان کی وکٹوں کی تعداد پانچ سو پندرہ ہے۔خیال رہے کہ گزشتہ برس مرلی دھرن نے یہ اعلان کیا تھا کہ وہ ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کے بارے میں غور کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا تھا کہ میں سینتیس برس کا ہو گیا ہوں اور اب ابتدائی دنوں کی طرح بولنگ نہیں کر سکتا۔ میں پندرہ، سولہ اوورز کے بعد تھک جاتا ہوں۔مرلی دھرن نے کہا تھا کہ وہ 2011 کے ورلڈ کپ تک ایک روزہ کرکٹ کھیلنا چاہتے ہیں اور اس کے بعد ان کی مکمل توجہ ٹوئنٹی ٹوئنٹی کرکٹ پر ہوگی۔
سری لنکن کرکٹر مرلی دھرن کا کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان
July 7th, 2010 · No Comments
Tags: سپورٹس
پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان پہلا ٹی ۔ 20 میچ کل ( پیر کو ) کھیلا جائے گا
July 4th, 2010 · No Comments
لندن ‘ پاکستان اور آسٹریلیا کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان دو میچز پر مشتمل سیریز کا پہلا ٹوئنٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچ کل ( پیر ) کو برمنگھم میں کھیلا جائے گا۔ جبکہ دوسرا ٹی ۔ 20 میچ 6 جولائی کل (منگل ) کو کھیلا جائے گا واضح رہے کہ دونوں ٹیموں کے درمیان ٹیسٹ سیریز کا 13 جولائی سے آغاز ہو گا۔ پہلا ٹیسٹ 13 تا 17 جولائی لارڈز میں کھیلا جائے گا جبکہ دوسرا ٹیسٹ 21 تا 25 جولائی کو کھیلاجائے گا
Tags: سپورٹس
کامن ویلتھ گیمز کی مشعل پاکستان پہنچ گئی ‘مشعل کل ( جمعہ کو ) بھارت کے حوالے کی جائے گی
June 24th, 2010 · No Comments
پاک بھارت کھیل کے ذریعے ایک دوسرے کے قریب آ سکتے ہیں
کامن ویلتھ گیمز کے موقع پر پاکستانیوں کے لیے ویزا پالیسی میں نرمی کرنا چاہیے
بھارتی وفد کے سربراہ کی بات چیت
لاہور(ثناء نیوز ) نئی دہلی میں ہونے والی کامن ویلتھ گیمز کی مشعل بنگلہ دیش سے پاکستان پہنچ گئی، بھارتی وفد کے سربراہ اجے سنگھ چوٹالا نے کہا کہ وہ پاکستانیوں کے لئے دوستی کا پیغام لے کر آئے ہیں۔ کوئینز بیٹن ریلے گزشتہ رات ڈھاکہ سے نئی دہلی کے راستے لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پہنچی، جسے بھارتی وفد کے سربراہ اجے سنگھ چوٹالا نے پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے صدر عارف حسن کے حوالے کیا۔ پرواز تکنیکی وجوہات کے باعث دو گھنٹے تاخیر سے لاہور پہنچی۔ اس موقعے پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے۔ میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے چوٹالا کا کہنا تھا کہ پاکستان اور بھارت کھیل کے ذریعے ایک دوسرے کے قریب آسکتے ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ کرکٹ کی طرح کامن ویلتھ گیمز میں پاکستان اور بھارت کے ایتھلیٹ عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے۔پی او اے کے صدر عارف حنس کا کہنا تھا کہ کامن ویلتھ گیمز کی کوئینز بیٹن ریلے پاکستان میں وصول کرنا ان کے لئے اعزاز ہے۔ آج ( جمعہ کو ) کامن ویلتھ کے گولڈ میڈلسٹ واہگہ بارڈر پر کوئینز بیٹن ریلے بھارتی اولمپک ایسوسی ایشن حکام کے حوالے کریں گے۔ بھارتی وفد کا کہنا تھا کہ وہ کامن ویلتھ گیمز کے موقعے پر پاکستانیوں کے لئے نرم ویزہ پالیسی چاہتے ہیں اور اس سلسلے میں اپنی حکومت پر زور دیں گے۔
Tags: سپورٹس
ون ڈے رینکنگ بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان مہندرسنگھ دھونی نے ٹاپ پوزیشن پرقبضہ جمالیا
June 23rd, 2010 · No Comments
دبئی ‘ بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان مہندرسنگھ دھونی نے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی ون ڈے رینکنگ میں ٹاپ پوزیشن پرقبضہ جمالیا۔ بھارتی ٹیم رینکنگ میں دوسرے نمبرپرآگئی۔سری لنکا میں جاری ایشیا کپ میں پاکستان اوربنگلہ دیش کیخلاف کامیابی کی بدولت بھارتی ٹیم آئی سی سی ون ڈے رینکنگ میں ایک سوانیس پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبرپرآگئی۔ آسٹریلیاپہلے جبکہ پاکستان بدستورساتویں نمبرپرہے۔ ایشیا کپ کے دومیچوں میں چورانوے رنزاسکورکرنے کی بدولت بھارتی کپتان مہندردھونی بیٹسمینوں کی رینکنگ میں دودرجے بہتری کے بعد دوبارہ ٹاپ پوزیشن پربراجمان ہوگئے ہیں۔ مائیک ہسی کی رینکنگ میں دودرجے تنزلی ہوئی ہے۔ ٹاپ ٹوئنٹی بیٹسمینوں میں کوئی پاکستانی کھلاڑی شامل نہیں ہے۔ بالرزرینکنگ میں ڈینئیل ویٹوری بدستورپہلے، شکیب الحسن دوسرے اورنووان کلاسیکاراتیسرے نمبرپرہیں۔ پاکستان ٹیم کے کپتان شاہد آفریدی بدستور ساتویں جبکہ سعید اجمل چاردرجے بہتری کے بعد چودہویں نمبرپرآگئے ہیں۔ ایشیا کپ میں عمدہ کارکردگی کی بدولت شاہد آفریدی آل راؤنڈرزرینکنگ میں دودرجے بہتری کے بعد تیسرے نمبرپرآگئے۔
Tags: سپورٹس
چین میں انسان نما روبوٹس کے بین الاقوامی ہیورو اولمپکس مقابلے جاری
June 22nd, 2010 · No Comments
ہربن ‘ چین میں انسان نما روبوٹس کے بین الاقوامی ہیورو اولمپکس جاری ہیں ۔ شمالی چین کے شہر ہربن میں ہونے والے انٹرنیشنل ہیورو اولمپک گیمز میں کئی انسانی اوصاف کے حامل روبوٹس کی 19 بین الاقوامی ٹیمیں مختلف کھیلوں میں حصہ لے رہی ہیں ۔ یہ روبوٹس عام روبوٹس کے مقابلے میں زیادہ با صلاحیت ہیں اور ان سے کہیں بہتر انداز میں ہاتھوں اور پاؤں کی حرکات سے کام لے سکتے ہیں ۔ اولمپک گیمز کے دوران 17 شعبوں میں مقابلے ہو رہے ہیں ۔ جس میں دوڑ ، کنگ فو ، باکسنگ اور ڈانس شامل ہیں ۔ دوڑ کے مقابلے میں ایک روبوٹ نے 5 میٹرکا فاصلہ 20 سیکنڈ میں طے کر کے پہلی پوزیشن حاصل کر لی ۔ کھیلوں کے یہ مقابلے کل تک جاری رہیں گے جس کے اختتام پر جیتنے والوں میں انعامات تقسیم کئے جائیں گے ۔
Tags: دنیا کی خبریں , سپورٹس
بھارت کے خلاف میچ ہارنے کا کوئی افسوس نہیں ‘ شاہد آفریدی
June 20th, 2010 · 1 Comment
بھارت کے خلاف میچ ہارنے کا انہیں اس لیے افسوس نہیں کہ یہ میچ خاصا دلچسپ رہا اور سب اس سے لطف اندوز ہوئے
خوشی اس بات کی ہے کہ ٹیم میں فائٹنگ سِپرٹ نظر آئی ہے۔ کپتان کی تبدیلی اور ٹیم کی تشکیل نو کے بعد اس میں بتدریج بہتری آ رہی ہے
دمبولا ‘ پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان شاہد آفریدی کہتے ہیں کہ بھارت کے خلاف میچ ہارنے کا انہیں اس لیے افسوس نہیں کہ یہ میچ خاصا دلچسپ رہا اور سب اس سے لطف اندوز ہوئے۔میچ کے بعد پریس کانفرنس میں شاہد آفریدی نے کہا کہ انہیں خوشی اس بات کی ہے کہ ٹیم میں فائٹنگ سِپرٹ نظر آئی ہے۔ کپتان کی تبدیلی اور ٹیم کی تشکیل نو کے بعد اس میں بتدریج بہتری آ رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستانی ٹیم کو ایک اچھے آغاز کے بعد دو سو اسی دوسو نوے رنز کرنے چاہئیں تھے۔شاہد آفریدی نے اس بات سے اتفاق نہیں کیا کہ شاہ زیب کو ڈراپ کرنے کا مطلب نوجوان کرکٹر پر عدم اعتماد ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس وکٹ پر سہواگ اور گمبھیر جیسے اٹیکنگ بیٹسمین بھی مشکل میں کھیلے لہذا وہ ایک نوجوان کرکٹر کو کسی پریشانی میں ڈالنا نہیں چاہتے تھے۔ شاہ زیب کے مقابلے میں عمران فرحت سیدھے بلے سے کھیلتا ہے لہذا اسے موقع دیا گیا ۔شاہد آفریدی نے کہا کہ شعیب اختر نے پہلے سپیل میں اچھی بولنگ کی لیکن بعد میں ان کی بولنگ اچھی نہیں تھی اس کی وجہ شاید یہ ہے کہ وہ کافی عرصے کے بعد کرکٹ میں آئے ہیں تو انہیں دائرے کا اندازہ نہیں تھا کہ کس طرح بولنگ کرنی ہے۔بھارتی کپتان مہندر سنگھ دھونی نے کہا کہ جب وہ اور گمبھیر بیٹنگ کر رہے تھے تو میچ بھارت کے حق میں تھا لیکن دونوں کے آؤٹ ہونے کے بعد ایک وقت ایسا بھی آیا تھا جب میچ دونوں ٹیموں کے لیے یکساں موقع لیے ہوا تھا ظاہر ہے کہ یہ کوئی اچھی بات نہیں کہ لوئر آرڈر پر میچ جتوانے کی ذمہ داری آجائے تاہم ہر بھجن سنگھ نے بہت ہی عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔بھارتی کپتان نے کہا کہ چیمپئنز ٹرافی میں پاکستان کے خلاف شکست پر انہیں بہت مایوسی ہوئی تھی اور انہیں اس میچ کے جیتنے کی خوشی ہے۔
Tags: سپورٹس
فٹ بال ورلڈ کپ:ہالینڈ نے جاپان کو 1-0سے ہرا دیا
June 19th, 2010 · No Comments
ڈربن ‘ فٹ بال ورلڈ کپ میں ہالینڈ نے جاپان کو ایک گول سے شکست دے دی۔ ڈربن میں گروپ ای کے میچ میں آغاز سے ہی جاپان اور ہالینڈ کی ٹیموں نے جارحانہ کھیل پیش کیا۔ لیکن پہلے ہاف کے اختتام تک کسی بھی ٹیم کو کامیابی حاصل نہ ہو سکی وقفے کے بعد ہالینڈ نے جاپانی گول پوسٹ پر مسلسل حملے کئے۔ جس کا پھل انہیں 53ویں منٹ میں اس وقت ملا جب سنچر نے گیند کو جال میں پھینک کر ڈچ ٹیم کو برتری دلائی۔اس کے عبد کوئی بھی ٹیم گول نہ بنا سک یاور میچ ہالینڈ نے ایک صفر سے جیت لیا
Tags: سپورٹس
عالمی کپ فٹبال ٹورنامنٹ میں شمالی کوریا کے چار کھلاڑی غائب ہو گئے
June 19th, 2010 · No Comments
جوہانسبرگ ‘عالمی کپ فٹبال ٹورنامنٹ کا پہلا بڑا تنازعہ سامنے آیا ہے جب شمالی کوریا کے چار کھلاڑی غائب ہو گئے ہیں۔میونگ وان، این چول، کم کیونگ اور پاک سنگ شمالی کوریا کے برازیل کے خلاف میچ سے قبل غائب ہیں۔ فٹبال کی عالمی فیڈریشن فیفا کے مطابق ان کھلاڑیوں کے بارے میں اسے کوئی علم نہیں البتہ شمالی کوریا کی ٹیم کے ترجمان نے ان خبروں کی تردید کی ہے کہ یہ کھلاڑی ملازمت کی تلاش میں جوہانسبرگ میں چھپ گئے ہیں۔ ترجمان کے مطابق ان کھلاڑیوں کے بارے میں جلد معلوم کرلیا جائیگا۔
Tags: سپورٹس
فٹ بال ورلڈ کپ ‘ گولڈن بوٹ حاصل کرنے کے لیے 7 کھلاڑیوں کے درمیان سخت مقابلے کی توقع
June 12th, 2010 · No Comments
ٹورنامنٹ میں سب سے زیادہ گول کرنے پر گولڈن بوٹ ایوارڈ دیا جائے گا
جوہانسبرگ‘ جنوبی افریقہ میں جاری ورلڈ کپ کے دوران میسی ، رونالڈو، ٹوریز ، رونی، کاکا، فیبیانو اور ویلا انیس مقابلوں میں شریک ہونے والے وہ کھلاڑی ہیں جن پر آسانی سے شرط لگائی جا سکتی ہے کہ وہ سب سے زیادہ گول کرنے والے کھلاڑی کا گولڈن بوٹ کا ایوارڈ حاصل کریں گے۔گولڈن بوٹ کے لیے اس ورلڈ کپ کے دوران بھی کھلاڑیوں میں شدید مقابلہ متوقع ہے اور کوئی یقین سے نہیں کہہ سکتا کہ یہی کھلاڑیوں میں سے کوئی گولڈن بوٹ کا ایوارڈ حاصل کرنے میں کامیاب ہو گا۔فٹبال کے عالمی کپ کی یہ روایت رہی ہے کہ ان میں ایسے کھلاڑی ابھر کر سامنے آتے ہیں جن کو ٹورنامنٹ شروع ہونے سے پہلے کوئی نہیں جانتا جیسا کہ انیس سو نوے میں سیلواتورو توتو شیلاکی اور انیس سو چورانے کے ٹورنامنٹ میں اولیگ سالینکو نے نام پایا تھا۔تاہم یہ کوئی اچھنبے کی بات نہیں ہو گی کہ اگر یوسیبیو، ماریو، کیمپس، پالو روسی، گرڈ ملر اور رونالڈو کے نقشے قدم پر چلتے ہوئے میسی، ٹوریز یا رونی میں سے کوئی کھلاڑی اس مقام پر نہ پہنچ جائے۔اس ٹورنامنٹ میں شرکت کرنے والی ٹیموں میں شامل چند باصلاحیت کھلاڑیوں کے بارے جائزہ رپورٹ کے مطابق ڈیویڈ ویلا (سپین) کی جانب سے اٹھاون بین الاقوامی میچوں میں اڑتیس گول یہ ثابت کرنے کے لیے کافی ہیں کہ وہ اس ٹورنامنٹ کے سب سے خطرناک کھلاڑی ہیں۔ زخمی ہونے کے سب یورو دو ہزار آٹھ اور بہت سے سیمی فائنل مقابلوں میں حصہ نہ لینے کے باوجوداس اٹھائیس سالہ کھلاڑی نے چار میچوں میں چار گول کرکے سپین کو ٹرافی جیتنے میں اہم کردار ادا کیا۔ آئندہ برس بارسلونہ میں شامل ہونے والے کھلاڑیوں میں سب سے آگے ہوں گے اور گزشتہ موسم گرما میں انھیں ویلنسیا سے خریدنے کے لیے تین کروڑ چالیس لاکھ پاونڈ قیمت ادا کی گئی تھی۔ لاونل میسی (آرجنٹینا) کی جانب سے گزشتہ برس برسلونا کی طرف سے پینتیس میچوں میں انھوں نے چونتیس گول کرکے انھوں نے دنیا کے بہترین کھلاڑی ہونے کا ثبوت دیا ہے۔ لیکن اپنی قومی ٹیم کی طرف سے کھیلے گئے میچوں میں ان کا ریکارڈ کچھ بہتر نہیں ہے اور انھوں نے پینتالیس میچوں میں تیرہ گول سکور کیئے۔ لیکن اگر ان کے مینیجر ڈیاگو میراڈونا ان کی صلاحتیوں کو بروئے کار لانے میں کامیاب ہوتے ہیں تو گولڈن بوٹ اس بائیس سالہ کھلاڑی کے پیر میں بالکل فٹ آئے گا۔وائن رونی (انگلینڈ) کی جانب سے بین الاقوامی میچوں میں رونی کا ریکارڈ سپین کے کھلاڑی ویلا جیسا تو نہیں ہے اور انھوں نے ساٹھ میچوں میں صرف پچیس گول سکور کیئے ہیں۔ انگلینڈ کے اس کرشماتی کھلاڑی نے گزشتہ فٹبال سیزن میں مانچسٹر یونائٹڈ کی طرف سے کھیلتے ہوئے اپنی صلاحیتوں کے بھرپور جوہر دکھائے۔ کرستانو رونالڈو کے کلب سے چلے جانے کے بعد یونائٹڈ کے مینیجر سر ایلکس فرگوسن نے ان کا پورا فائدہ اٹھایا اور انھیں ٹیم میں مرکزی سٹرائیکر کا کردار دے دیا اور پھر اس کا خوب فائدہ اٹھایا اور چوبیس سالہ اس کھلاڑی نے اس ٹورنامنٹ کے دوران چونتیس گول کیے۔لوئس فیبیانو (برازیل) کی جانب سے فیبیانو نے برازیل کی طرف سے اڑتیس میچوں میں پچیس گول کرکے قومی ٹیم میں اپنی جگہ مستحکم کر لی ہے۔ اس سال کنفیڈریشن کپ میں کھیلتے ہوئے انھوں نے پانچ گول کرکے سب سے زیادہ گول کرنے والے کھلاڑی کا اعزاز حاصل کیا جس میں امریکہ کے خلاف فائنل میں دو کے مقابلے میں تین گول سے کامیابی میں ان کے دو گول شامل تھے۔ سنہ دو ہزار پانچ سے سیویلا کی طرف سے کھیلتے ہوئے انھوں نے لیگ کے ایک سو باؤن میچوں میں نوے گول کرکے اپنے کلب کے لیے سب سے کامیاب کھلاڑی ثابت ہوئے ہیں۔روبن وین پرسی (ہالینڈ) کی جانب سے قومی ٹیم کی طرف سے کھیلتے ہوئے چوالیس میچوں میں اٹھارہ گول سکور کا ان کا ریکارڈ ان کی صلاحیتوں کی بھرپور عکاسی نہیں کرتا۔ اب تک جن بین الاقوامی مقابلوں میں انھوں نے حصہ لیا ہے ان میں وہ زیادہ تر ونگز یا پھر پیچھے کھیلتے ہوئے نظر آیے ہیں لیکن جنوبی افریقہ میں فاروڈ لائن میں نظر آئیں گے۔ اٹلی کے خلاف ایک دوستانہ میچ میں ان کی ایڑھی میں چوٹ آ گئی تھی اور وہ گزشتہ سیزن میں زیادہ تر میچوں سے باہر رہے لیکن انگلینڈ کے کلب آرسنل کی طرف سے کھیلنے والے کھلاڑی فٹبال کپ میں کھیلنے کے لیے بالکل فٹ ہو گئے ہیں۔مائروسلوا کلوز (جرمنی) کی جانب سے گزشتہ ورلڈ کپ میں پانچ گول کرکے انھوں نے گولڈن بوٹ کا ایوارڈ حاصل کیا تھا۔ ورلڈ کپ کی تاریخ میں اس سے پہلے کبھی ایک کھلاڑی نے دو مرتبہ گولڈن بوٹ کا ایوارڈ حاصل نہیں کیا ہے۔ لیکن اگر جرمنی کی ٹیم چل گئی تو پھر اس ورلڈ کپ میں نئی روایت قائم ہوسکتی ہے۔ جرمنی کے کلب برائن میونخ سے کھیلنے والے یہ کھلاڑی سنہ دو ہزار دو کے فٹبال ورلڈ کپ میں بھی رونالڈو کے بعد سب سے زیادہ گول کرنے والے کھلاڑی تھے
Tags: سپورٹس
ایشیا کرکٹ ٹیم ٹورنامنٹ ‘ قومی کرکٹ ٹیم کل (ہفتہ ) کو سری لنکا روانہ ہوگی
June 11th, 2010 · No Comments
کراچی + اسلام آباد ‘ ایشیا کپ کرکٹ ٹورنامنٹ میں شرکت کے لئے قومی کرکٹ ٹیم (کل) ہفتے کو کراچی سے براستہ دبئی، کولمبو روانہ ہو گی۔ ٹورنامنٹ میں پاکستان کا پہلا میچ15 جون کو پاکستان اور میزبان سری لنکا کے درمیان کھیلا جائے گا۔ کپتان شاہد آفریدی کا کہنا ہے کہ قومی ٹیم اچھے شیپ میں دکھائی دے رہی ہے۔ جس طرح لڑکوں نے کیمپ میں محنت کی ہے مجھے امید ہے کہ ہم ٹورنامنٹ میں کامیابی حاصل کریں گے۔ پاکستانی کرکٹرز نے جمعرات کو اپنے گھروں پر آرام کرنے کے بعد گزشتہ روز کراچی میں اکٹھے ہو گئے ۔ شاہد آفریدی نے کہا کہ نوجوان کھلاڑی شاہ زیب حسن، عمر امین اور اسد شفیق دلیر کھلاڑی ہیں۔ میں تینوں کھلاڑیوں کی کمٹمنٹ سے متاثر ہوا ہوں۔ تینوں بیٹسمین جس طرح فیلڈ میں جان مار رہے ہیں مجھے ان کا انداز پسند آیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ شعیب اختر کی بولنگ رفتار میں بھی اضافہ ہوا ہے۔ یہ بھی ٹیم کے لئے اچھا سائن ہے۔ شاہد آفریدی نے کہاکہ پاکستان ٹیم ایشیا کپ جیتنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے۔ ٹیم کو شائقین اور میڈیا کی حمایت کی بھرپور ضرورت ہے۔ پاکستانی کرکٹرز بھارت کے میچ کا شدت سے انتظار کر رہے ہیں، ہم بھارت کو ہرانا چاہتے ہیں۔
Tags: سپورٹس

