ٹرینیڈاڈ‘ ویسٹ انڈیز اور جنوبی افریقہ کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا پہلامیچ ( کل ) جمعرات سے پورٹ آف سپین میں شروع ہوگا۔ اس سے قبل پانچ ایک روزہ بین الاقوامی کرکٹ میچوں کی سیریز میں جنوبی افریقہ نے کلین سویپ کیاتھا ۔ جنوی افریقہ کے کپتان گریم سمتھ ون ڈے سیریزکے بعد ٹیسٹ سیریزمیں بھی کامیابی کے لئے پرعزم ہیں، ان کا کہنا ہے کہ ون ڈے سیریزمیں شاندار کامیابی کے بعد کھلاڑیوں کے حوصلے بلند ہیں اور ٹیسٹ سیریزمیں بھی اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کیلئے بے تاب ہیں۔ ادھر ویسٹ انڈیزکے کپتان کرس گیل نے کہا ہے کہ ٹیم ون ڈے سیریزمیں شکست کو بھلا کرمیدان میں اترے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ ٹیسٹ سیریز میں کامیابی حاصل کرنے کیلئے تمام کھلاڑیوں کو جیت کے جذبہ سے میدان میں اترنا ہوگا۔ دونوں ٹیموں کے درمیان سیریزکا دوسرا میچ 18جون جبکہ تیسرا اور آخری میچ 26 جون کوکھیلا جائے گا۔
ویسٹ انڈیز اور جنوبی افریقہ کے درمیان پہلا ٹیسٹ کل ( جمعرات سے ) سے شروع ہوگا
June 9th, 2010 · No Comments
Tags: سپورٹس
ثانیہ مرزا کی بین الاقوامی ٹینس رینکنگ میں تنزلی جاری
June 9th, 2010 · No Comments
تازہ ترین رینکنگ میں ثانیہ مرزا 91 سے 94 کی پوِزیشن پر چلی گئیں
پیرس ‘ بھارت کی ٹینس سٹار ثانیہ مرزا ٹینس کی عالمی رینکنگ میں تنزلی کا سلسلہ جاری ہے اور وہ کلائی کی انجری اورٹینس کے میدانوں سے دوری کی وجہ سے 94ویں نمبرپر چلی گئی ہیں۔ اس سے قبل ٹینس کی عالمی رینکنگ میں وہ 91ویں نمبرپرتھیں۔ ویمنزڈبلز ایونٹ میں بھی عدم شمولیت کے باعث وہ 83ویں نمبرپرہیں۔ ثانیہ مرزا نے پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شعیب ملک سے شادی کے بعد دوبارہ ٹینس کے میدان میں واپسی کی ہے اور وہ ایگن ٹینس ٹورنامنٹ کے دوسرے راؤنڈ میں پہنچ گئی ہیں۔ ثانیہ مرزا کاکہنا ہے کہ وہ بہت جلد اپنی فارم کو بحال کرلیں گی اور وہ ٹینس کی عالمی رینکنگ میں بھی عمدہ کارکردگی کی بنیاد پرترقی کریں گی۔
Tags: سپورٹس
آئی سی سی نے ٹیسٹ کرکٹ کی نئی عالمی رینکنگ جاری کردی
June 8th, 2010 · No Comments
پاکستان کے محمد آصف کے علاوہ کوئی کھلاڑی ٹاپ ٹین میں نہ آسکے
د ئی ‘ آئی سی سی کی تازہ ٹیسٹ رینکنگ میں پاکستان کے فاسٹ بولرمحمدآصف ٹاپ ٹین میں شامل ہوگئے۔ وہ چوتھی پوزیشن پرہیں جبکہ اسپنر دانش کنیریا17ویں نمبر پر ہیں۔ گزشتہ روز جاری کی گئی رینکنگ میں بھارت کی ٹیم 124پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست ہے۔ بیٹنگ کے شعبے میں پاکستان کے مڈل آرڈر بیٹسمین یونس خان 13ویں پوزیشن پرہیں جبکہ اس شعبے میں بھارت کے سہواگ پہلے،جنوبی افریقا کے ہاشم آملہ، دوسرے اور سری لنکا کے جے وردھنے تیسرے نمبر پر ہیں۔ ٹیسٹ رینکنگ میں بیٹنگ میں بنگلہ دیش کے شمیم اقبال ٹاپ 20 بیٹسمینوں کی صف میں جگہ حاصل کرنے میں کامیاب ہوگئے۔ انگلینڈکے بولرزکی کارکردگی خاصی نمایاں دکھائی دے رہی ہے جس میں اینڈرسن ایک مرتبہ پھرٹاپ ٹین بولرزکی فہرست میں شامل ہوکردسویں نمبر پرہیں۔ انگلینڈکے گریم سوان محمد آصف سے ایک پوزیشن آگے تیسرے نمبر پر ہیں۔ جنوبی افریقا کے ڈیل اسٹائن پہلے،آسٹریلیا کے مچل جانسن دوسرے، سری لنکا کے مرلی دھرن پانچویں اور بھارت کے ظہیرخان چھٹے نمبر پر ہیں۔ بنگلہ دیشی بولر شکیب الحسن 12ویں پوزیشن پر ہیں۔ بیٹنگ میں بھارتی بیٹسمین نمایاں نظرآرہے ہیں۔ ٹاپ ٹین میں اس کے تین کھلاڑی مختلف نمبروں پربراجمان ہیں سہواگ پہلے، گوتھم گمبھیر چھٹے اور سچن ٹنڈولکر ساتویں نمبر پر ہیں۔ جنوبی افریقاکے چیک کیلس، گریم استمھ آٹھویں اور نویں پوزیشن پر ہیں۔ آل راؤنڈرکی فہرست میں جنوبی افریقا کے چیک کیلس پہلے، نیوزی لینڈ کے ویٹوری دوسرے ، بنگلہ دیش کے شکیب الحسن تیسرے، گریم سوان چوتھے اور جانسن پانچویں نمبر پر ہیں۔ ٹیم رینکنگ میں پاکستان چھٹے، جنوبی افریقا دوسرے، آسٹریلیا تیسرے، سری لنکا چوتھے، انگلینڈ پانچویں ، نیوزی لینڈ ساتویں، ویسٹ انڈیزآٹھویں اور بنگلہ دیشن نویں نمبر پر ہے۔
Tags: سپورٹس
فٹ بال ورلڈکپ مقابلے میں شروع ہونے میں 3 دن رہ گئے ‘ شائقین کا جنون عروج پر پہنچ گیا
June 7th, 2010 · No Comments
جوہانسبرگ ‘ ورلڈکپ فٹ بال 2010 ء کے آغاز میں 4 دن رہ گئے ہیں۔ ٹورنامنٹ کے قریب آنے پر شائقین کا جنون عروج پر پہنچ گیا ہے ۔ جنوبی افریقہ میں جشن جاری ہے ۔ سووینو ٹاؤن میں ورلڈکپ کا رنیول ہوا ۔ ہزاروں افراد نے قصبے کی سڑکوں پر ہونے والی پریڈ میں حصہ لیا ۔ اس موقع پر رنگا رنگ فلوٹس اور فنکاروں کی پرفارمنس نے خوبصورت سماں پیدا کردیا ۔ کارنیول میں مقامی لوگوں کے علاوہ سیاحوں کی بھی بڑی تعداد نے شرکت کی ۔ ورلڈکپ فٹ بال گیارہ جون کو جنوبی افریقہ میں شروع ہورہا ہے اور اس سلسلے میں پورے ملک میں جشن کا سلسلہ جاری ہے ۔
Tags: پاکستان
جنوبی افریقہ اور میکسیکو 11 جون کو ٹورنامنٹ کا پہلا میچ کھیلیں گے
June 5th, 2010 · No Comments
جوہانسبرگ ‘ فیفا ورلڈ کپ2010ء کا آغاز11 جون سے میزبان جنوبی افریقا اور میکسیکو کے درمیان میچ سے ہو رہا ہے۔ اس سلسلے میں شائقین اور میزبان ٹیم کے کھلاڑی قومی ترانہ یاد کریں گے۔ جنوبی افریقا کا ترانہ گیارہ آفیشل زبانوں کے الفاظ پر مشتمل ہے جس کے باعث لوگوں کے لئے اسے با آسانی یاد کرنا مشکل ہے۔ جنوبی افریقا فٹ بال ٹیم کے کھلاڑیوں اور شائقین کا کہنا ہے کہ وہ جنوبی افریقا کے ہر میچ سے قبل بجائے جانے والے قومی ترانے کے احترام میں کھڑے ہو کر سنجیدگی سے اپنے سینوں پر ہاتھ رکھ کر پورا ترانہ گائیں گے لیکن بیشتر لوگوں کو ترانے میں موجود ابتدائی الفاظ جو ان کی مقامی زبان اور انگریزی پر مشتمل ہیں تو یاد ہیں اور یہ الفاظ شائقین با آواز بلند گاتے ہیں لیکن جیسے ہی ترانہ مشکل الفاظ والے حصے میں داخل ہوتا ہے تو کھلاڑیوں اور شائقین کی آوازیں مدھم ہو جاتی ہیں اور اسٹیڈیم میں خاموشی چھا جاتی ہے۔ لوگوں کو مکمل ترانہ یاد کرانے کی غرض سے جنوبی افریقا کا نیشنل کلچر ڈپارٹمنٹ سرگرم ہوگیا ہے اور انہوں نے ایسی کتاب مرتب کی ہے جس میں ترانے کے بول اور اس کے مختلف زبانوں میں معنی درج کیے گئے ہیں۔ اس کتاب میں الفاظ کی بناوٹ اور اسے ادا کرنے کا طریقہ بھی درج ہے۔ ڈپارٹمنٹ کا دعویٰ ہے کہ ورلڈ کپ سے قبل جو لوگ مکمل طور پر ترانے پر عبور حاصل کرنا چاہتے ہیں ان کے لئے یہ کتاب بہترین ہے۔ اس کے علاوہ کلچرل ڈپارٹمنٹ نے ترانے کی سی ڈی اور ڈی وی ڈی بھی جاری کی ہیں۔ ساتھ ہی موبائل کے لئے ترانے کی رنگ ٹونز بھی متعارف کرائی گئی ہیں جس سے شائقین جب چاہیں اپنا نیشنل اینتھم سیکھ سکتے ہیں۔ اس بارے میں شائقین کا کہنا تھا کہ قومی ترانہ کسی بھی قوم کی پہچان ہوتی ہے اور یہ شرمناک بات ہے کہ ہمیں اپنا ترانہ یاد نہیں۔
Tags: سپورٹس
فٹ بال ورلڈکپ کے مقابلوں میں 6 ممالک کے بہترین کھلاڑی اپ سیٹ کر سکتے ہیں
June 5th, 2010 · No Comments
پیرس ‘ ہر چار برس بعد دنیائے فٹبال کے بہترین کھلاڑی فٹبال کے سب سے بڑے مقابلوں میں حصہ لینے کے لیے میدان میں اترتے ہیں اور یہی وہ موقع ہوتا ہے جب دنیا بھر کے فٹبال کلبوں کی نظریں اس کھلاڑی کی تلاش میں ہوتی ہیں جو ان کے لیے کارآمد ثابت ہو سکتا ہے۔ فرانس کے تھیئری آنری اور ڈیوڈ پلیٹ ایسے دو نام ہیں جو ورلڈ کپ مقابلوں میں اپنی کارکردگی کی وجہ سے فٹبال ناقدین اور کوچز کی نظروں میں آئے اور یہی مقابلے ان کے پروفیشنل کیرئر کا نقطہ آغاز ثابت ہوئے۔برطانوی نشریاتی ادارے نے سابق کھلاڑی ، کوچ اور فٹبال کھلاڑیوں کی سکاؤٹنگ کرنے والے ڈیرک بریگ کی مدد سے یہ اندازہ لگانے کی کوشش کی ہے کہ سنہ 2010 کے فٹبال عالمی کپ میں ایسے کونسے کھلاڑی ہیں جو چھپے رستم ثابت ہو سکتے ہیں۔ جرمنی سے تعلق رکھنے والا اکیس سالہ میسٹ ورڈن برمن نامی کلب کے لیے کھیلتے ہیں۔ فٹبال سکاؤٹس کے مطابق میسٹ کی شاندار تکنیک، نظر اور آس پاس کے ماحول سے آگاہی ان کے مثبت پوائنٹس ہیں۔ وہ مخالف ٹیم کے دفاع کو تتر بتر کرنے اور اپنی ٹیم کے کھلاڑیوں کو ساتھ لے کر چلنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ میسٹ اوزل جرمن فٹبال ٹیم کے مستقل رکن ہیں اور انہوں نے ورلڈ کپ تک اپنی ٹیم کو رسائی دلوانے کے لیے روس کے خلاف فیصلہ کن گول کیا تھا۔ چھبیس سالہ ڈینی روسی کلب ڈینٹ سینٹ پیٹرزبرگ کے لیے کھیلتے ہیں اور وہ ایک اٹیکنگ مڈ فیلڈر ہیں۔ ماہرین کے مطابق ڈینی کی رفتار، چستی اور اردگرد کے کھلاڑیوں سے تال میل قابلِ دید ہیں۔ انہیں سنہ 2008 میں مانچسٹر یونائیٹڈ کے خلاف سپر کپ مقابلے میں میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا تھا۔ چلی کے اکیس سالہ سٹرائیکر الیکسز یوڈینیس کلب سے کھیلتے ہیں۔ سکاؤٹنگ ماہر کے مطابق الیکسز کی سب سے بڑی خوبی ان کی پھرتی اور پاسنگ کی قابلیت ہے۔ میدان میں انتہائی تیزی سے حرکت کرنے کے لیے مشہور اس کھلاڑی کو چلی میں ’النینو ماراولا‘ یعنی جادوئی لڑکے کے طور پر جانا جاتا ہے۔ الیکسز سانچیز نے سترہ برس کی عمر میں اپنے بین الاقوامی کیرئر کا آغاز کیا تھا۔ چوبیس سالہ الیگزینڈر لازیو کلب کے رکن ہیں اور وہ لیفٹ بیک پوزیشن پر کھیلتے ہیں۔ ماہرین کے مطابق کولاروو طویل القامت اور مضبوط جسم کے مالک دفاعی کھلاڑی ہیں۔ ان میں زمین اور ہوا میں یکساں طور پر گیند پر جھپٹنے کی صلاحیت موجود ہے۔ الیگزینڈر لازیو کو پرسکون طبیعت کا مالک کھلاڑی سمجھا جاتا ہے اور وہ اپنی پاسنگ کے لیے بھی مشہور ہیں۔ بائیس سالہ دومبیا روسی کلب سی ایس کے ماسکو کی ٹیم کا حصہ ہیں اور وہ ایک سٹرائیکر ہیں۔ سکاؤٹنگ ماہرین کا کہنا ہے کہ دومبیا نہ صرف تیزرفتار اور مضبوط ہیڈ مارنے والے کھلاڑی ہیں بلکہ گول کے سامنے ان کی کارکردگی قابلِ دید ہوتی ہے۔ انہوں نے سوئس کلب برن ینگ بوائز کی جانب سے کھیلتے ہوئے پینسٹھ میچوں میں پچاس گول کیے تھے اور انہیں گزشتہ برس سوئس سپر لیگ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا تھا۔وہ آئندہ سیزن میں سی ایس کے ماسکو کی جانب سے مقابلوں میں حصہ لیں گے۔ بائیس سالہ ولندیزی کھلاڑی وین ڈر ویل آئیکس کلب کے رائٹ بیک ہیں۔ماہرین کا کہنا ہے کہ وہ ایک پھرتیلے اور ایک خاص نظم و ضبط کے تحت کھیلنے والے ایسے دفاعی کھلاڑی ہیں جو بطور سینٹر ہاف بھی کھیل سکتے ہیں۔ وہ اس بات کی طاقت رکھتے ہیں کہ دفاعی پوزیشن سے گیند لے کر مخالف ٹیم کے گول پر حملہ آور ہوں
Tags: سپورٹس
قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان یونس خان پر عائد پابندی ختم
June 5th, 2010 · No Comments
لاہور‘ قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان یونس خان پر عائد پابندی ختم کردی گئی۔دورہ آسٹریلیا کے بعد یونس خان پر پابندی لگا د ی گئی تھی۔پی سی بی کے جسٹس ریٹائرڈ عرفان قادر پر مشتمل یک رکنی مصالحتی ٹربیونل نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور میں سابق کپتان یونس خان پر پابندی کی سزا کے خلاف سماعت کی۔ٹربیونل کی طلبی پر کپتان شاہد آفریدی اور اکمل برادرز بھی نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور میں شریک ہوئے۔مصالحتی ٹربیونل نے یونس خان پر عائد پابندی ختم کردی۔جبکہ اکمل بردران کے کیس کی سماعت بھی مکمل کرلی ہے
Tags: سپورٹس
سکواش کی عالمی رینکنگ میں پاکستانی کھلاڑیوں کی تنزلی کا سلسلہ جاری
June 3rd, 2010 · No Comments
اسلام آباد ‘ عالمی اسکواش سرکٹ میں پاکستانی کھلاڑیوں کی رینکنگ میں تنزلی برقرار ہے۔ پروفیشنل اسکواش ایسوسی ایشن کی جانب سے جاری کی جانے والی تازہ رینکنگ میں ٹاپ 20 میں کوئی بھی پاکستانی کھلاڑی شامل نہیں ہے۔ ٹاپ پاکستانی اسٹار عامر اطلس خان رینکنگ میں 22 ویں نمبر پر ہیں۔ عامر کی کیریئر کی بہترین پوزیشن گزشتہ سال ستمبر میں نمبر 14 تھی۔ تازہ رینکنگ کے مطابق انگلینڈ سے تعلق رکھنے والے نک متھیو ٹاپ پوزیشن پر پہنچ گئے ہیں گزشتہ رینکنگ میں وہ نمبر دو تھے جبکہ مصری کھلاڑی رامے آشورنمبر دو پرآگئے ہیں۔ مصر کی ہے امر شبانہ نمبر تین پر ہیں
Tags: سپورٹس
پاک جنوبی افریقہ کرکٹ سیریز کے شیڈول کا اعلان کردیاگیا
June 1st, 2010 · No Comments
اسلام آباد ‘ پاکستان کرکٹ بورڈ نے جنوبی افریقہ کے خلاف متحدہ عرب امارات میں ہوم سیریز کے شیڈول کا اعلان کر دیا۔ پی سی بی کے ترجمان کے مطابق پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان یہ سیریز پچیس اکتوبر سے پچیس نومبر تک دوبئی اور ابوظہبی میں کھیلی جائے گی۔ سیریز کے دوران ایک ٹی ٹوئنٹی، پانچ ون ڈے اور دو ٹیسٹ میچ کھیلے جائیں گے۔دونوں ٹیمیں پچیس اکتوبر کو دوبئی پہنچیں گی۔ سیریز کا واحد ٹی ٹوئنٹی میچ ستائیس اکتوبر کو ابوظہبی میں کھیلا جائے گا۔ پہلا اور دوسرا ون ڈے انتیس اور اکتیس اکتوبر کو ابوظہبی میں ہی کھیلے جائیں گے۔ تیسرا،چوتھا اور پانچواں ون ڈے دو، پانچ اور آٹھ نومبر کو دوبئی میں ہونگے۔ پہلا ٹیسٹ بارہ نومبر کو دوبئی جبکہ دوسرا اور آخری ٹیسٹ بیس نومبر کو ابوظہبی میں ہو گا۔ پاکستان میں سکیورٹی کی خراب صورتحال کے پیش نظر پاکستان کرکٹ بورڈ اپنی تمام ہوم سیریز ملک سے باہر کھیلنے پر مجبور ہے اور اس سے قبل ویسٹ انڈیز آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کے خلاف ون ڈے سیریز دبئی اور ابوظہبی میں کھیلی جاچکی ہیں تاہم دبئی اور ابوظہبی پہلی مرتبہ ٹیسٹ میچوں کی میزبانی کریں گے۔جنوبی افریقہ نے آخری مرتبہ نومبر2007 میں پاکستان کا دورہ کیا تھا اور دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کھیلی تھی۔پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان واحد ٹوئنٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل ستائیس اکتوبر کو ابوظہبی میں کھیلا جائے گا
Tags: سپورٹس
فٹ بال ورلڈکپ کے دلچسپ مقابلوں کا آغاز 11 جون سے ہوگا ‘ 32 ٹیموں کو 8 گروپوں میں تقسیم کردیا گیا
May 30th, 2010 · No Comments
جوہانسبرگ‘ کھیلوں کی دنیا کے سب سے بڑے مقابلے یعنی انیسویں ورلڈ کپ فٹبال ٹورنامنٹ کا آغاز گیارہ جون سے جنوبی افریقہ میں ہو رہا ہے۔رواں برس منعقد ہونے والے فٹبال کے عالمی کپ کے لیے بتیس ٹیمیں عالمی مقابلوں تک پہنچنے میں کامیاب ہوئی ہیں جنھیں آٹھ گروپوں میں تقسیم کیا گیا ہے۔جنوبی افریقہ کے شہر کیپ ٹاؤن میں ہونے والی ایک تقریب میں قرعہ اندازی کے ذریعے اس عالمی مقابلے میں شریک بتیس ٹیموں کے ڈراز کا اعلان کیا گیا ہے۔ڈراز کے مطابق گروپ اے میں میزبان جنوبی افریقہ، میکسیکو، یوراگوائے اور فرانس کی ٹیمیں شامل ہیں اور اسی گروپ کی دو ٹیموں جنوبی افریقہ اور میکسیکو کے درمیان گیارہ جون کو ہونے والے میچ سے فٹبال کے اس عالمی میلے کا آغاز ہوگا۔گروپ بی میں ارجنٹینا، نائجیریا، جنوبی کوریا اور یونان کو رکھا گیا ہے جبکہ گروپ سی انگلینڈ، امریکہ، الجیریا اور سلوینیا پر مشتمل ہے۔گروپ ڈی میں جرمنی، آسٹریلیا، سربیا اور گھانا شامل ہیں۔ گروپ ای میں ہالینڈ، ڈنمارک، جاپان اور کیمرون کو جگہ ملی ہے جبکہ گروپ ایف میں دفاعی چیمپئن اٹلی، پیراگوائے، نیوزی لینڈ اور سلوواکیا شامل ہیں۔ان آٹھ گروپوں میں سے سب سے مشکل گروپ، گروپ جی کو تصور کیا جا رہا ہے اور اس ’گروپ آف ڈیتھ‘ میں پانچ بار کی عالمی چیمپئن برازیل، شمالی کوریا، آئیوری کوسٹ اور پرتگال شامل ہیں۔ آخری گروپ گروپ ایچ ہے جس میں یورپی چیمپئن سپین، سوئٹزرلینڈ، ہنڈارس اور چلی شامل ہیں۔ورلڈ کپ میں اس مرتبہ انگلینڈ کو ایک نسبتاً آسان گروپ ملا ہے۔ اس حوالے سے انگلش ٹیم کے مینیجر فیبیو کپیلو کا کہنا ہے کہ ’یہ برا نہیں ہے۔ ہم حال ہی میں امریکہ اور سلوینیا کے خلاف کھیلے اور جیتے ہیں لیکن جنوبی افریقہ میں ان سے مقابلہ مختلف ہوگا۔‘واضح رہے کہ فٹ بال کی عالمی تنظیم فیڈریشن آف انٹرنیشنل فٹ بال ایسوسی ایشن (فیفا) نے جنوبی افریقہ میں منعقد ہونے والے ورلڈ کپ فٹ بال ٹورنامنٹ کی ریکارڈنگ کے لیے پہلی بار تھری ڈی کیمرے بھی استعمال کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔فیفا کا کہنا ہے کہ ورلڈ کپ فٹبال ٹورنامنٹ کے پچیس میچوں کی ریکارڈنگ تھری ڈائمنشنل کیمروں کے ذریعے کی جائے گی۔ فیفا کے ابتدائی طور پر ان میچوں کی فوٹیج دنیا کے سات شہروں میں عوامی مقامات پر دکھائی جائے گی۔گیارہ جون سے شروع ہونے والے مقابلوں میں کون سی ٹیم جیتے گی اس بارے میں پیش گوئی کرنا بہت مشکل ہے۔ گزشتہ ورلڈ کپ مقابلے جیتنے والی ٹیموں کی تفصیل کچھ اس طرح ہے۔ واضح رہے کہ جرمنی میں منعقد ہونے والے سنہ دو ہزار چھ کے فٹبال عالمی کپ کے فائنل میں اٹلی نے فرانس کو فائنل میں پینلٹی ککس پر تین کے مقابلے میں پانچ گول سے شکست دے کر چوتھی بار یہ اعزاز اپنے نام کیا تھا۔ اٹلی اس سے قبل تین مرتبہ سنہ انیس سو چونتیس، انیس سو اڑتیس اور انیس سو بیاسی میں فٹبال کا عالمی کپ جیت چکا ہے۔ اٹلی برازیل کے بعد دوسری ٹیم ہے جس نے یہ مقابلے چار مرتبہ جیتے ہیں۔ اٹلی کی ٹیم اس مرتبہ اپنے اعزاز کا دفاع کرے گی
Tags: سپورٹس

